آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’مجھے کھلانا ہے تو میران شاہ والے بولرز بھی بلانے پڑیں گے‘
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی بذلہ سنجی کسی سے چھپی نہیں ہے۔ وہ اپنے برجستہ جملوں سے اسی طرح سب کو لاجواب کر دیتے ہیں جیسے اپنی بیٹنگ سے حریف بولرز کو کیا کرتے تھے۔
انضمام الحق اس وقت دبئی میں ہیں یہاں دسمبر میں ٹی ٹین لیگ ہونے والی ہے اور وہ اس لیگ کے برینڈ مینٹور ہیں۔
ٹی ٹین کی تقریب میں بی بی سی اردو کے اس سوال پر کہ جس طرح انھوں نے میران شاہ میں برطانوی میڈیا الیون کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کی کیا یہ توقع رکھی جائے کہ وہ ٹی ٹین لیگ میں بھی میدان میں اتریں گے؟ تو انضمام الحق نے کہا کہ 'میرا دل بھی بہت کرتا ہے کہ میں کھیلوں اور لیکن میرا جسم مجھے اس کی اجازت نہیں دیتا اور اگر آپ لوگ مجھے ٹی ٹین لیگ میں چوکے چھکے مارتے دیکھنا چاہتے ہیں تو پھر آپ کو میران شاہ والے بولرز بھی بلانے پڑیں گے۔'
نامہ نگار عبدالرشید شکور سے بات کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا ہے کہ یہ ٹی ٹین ایک تفریح ہے جس طرح ٹی ٹوئنٹی آئی تھی تو کسی کی سمجھ میں نہیں آیا تھا کہ یہ کیا ہے لیکن ٹی ٹوئنٹی بڑی تیزی سے مقبول ہوگئی تو یہ ٹی ٹین اس سے ایک قدم آگے ہے۔
ان کے مطابق یہ ٹی ٹین بھی فٹبال کی طرح نوے منٹ کی کرکٹ ہے۔ آج کل لوگوں کے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ وہ ٹیسٹ میچ یا ون ڈے پورا دیکھ سکیں ان کے لیے یہ ایک اچھی تفریح ثابت ہوگی۔