ہبل ٹیلی سکوپ کے 25 سال، ’پرانے دوستوں کی نئی تصاویر‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ہبل ٹیلی سکوپ رواں سال مدار میں اپنے 25 سال پورے کرے گی اور اس دوران اس نے دو مشہور آسمانی اشیا کی تصاویر کھینچی ہیں۔
اس دور بین کی سب سے مشہور فوٹو ایگل نبیولا کی ہے جس میں ’پلرز آف کریئیشن‘ (Pillars of Creation) کی تفصیلات زیادہ نمایاں ہیں۔
اس کی ایک اور تصویر بہت اہم ہے اور وہ اینڈرومیڈا کہکشاں (Andromeda Galaxy) کی تصویر ہے۔ اس ٹیلی سکوپ نے اینڈرومیڈا کی 13 ہزار تصاویر کھینچیں۔
’پلرز آف کریئیشن‘ اور ’اینڈرومیڈا کہکشاں‘ کی تصاویر کی رونمائی سیئیٹل میں امیریکن ایسٹرنومیکل سوسائٹی میں کی گئی۔
ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے ڈاکٹر پال نے ان تصاویر کو ’پرانے دوست کی نئی تصاویر‘ کہا۔
ایگل نبیولاکی تصاویر صحافیوں کو دکھائی گئیں اور اس کے ساتھ اسی حصے کی انفرا ریڈ لائٹ کی بھی تصاویر دکھائیں۔
ایگل نبیولا کی 1995 کی تصویر بہت مشہور ہوئی تھی اور لاتعداد کتابوں، فلموں اور ٹی شرٹس پر چھپیں۔
ہبل ٹیلی سکوپ کی جدید ٹیکنالوجی کے باعث اس کی نئی تصویر کا زاویہ بھی بڑا ہے اور کوالٹی بھی دگنی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس نئی تصویر کے ذریعے ڈاکٹر پال جیسے ماہرِ فلکیات صاف طور پر 20 سالوں میں ہونے والی تبدیلیاں دیکھ سکتے ہیں جو دراصل سات ہزار سال قبل رونما ہوئی تھیں۔
اگرچہ ڈاکٹر پال اور ان کے ساتھی ان تصاویر کو چند ہفتے ہی دیکھ سکے ہیں لیکن ڈاکٹر پال کا کہنا ہے ’کچھ چیزیں تبدیل ہوئی ہیں۔‘
ہبل ٹیلی سکوپ کی دوسری شاندار تصویر Panchromatic Hubble Andromeda Treasury ہے جو صحافیوں کو دکھائی گئی۔
اس تصویر میں اینڈرومیڈا کہکشاں کی تفصیلات صاف دیکھی جا سکتی ہیں۔
واشنگٹن یونیورسٹی کی پروفیسر جولیئن ڈیلکینٹن نے بتایا کہ اینڈرومیڈا زمین سے دیکھے جانے کے لحاظ سے کہکشاں چاند سے بڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 39 ماہ میں ہزاروں تصاویر آئیں جن سے 20 لاکھ نوری سال دور اس کہکشاں کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہوئیں۔
ان تصاویر کی کوالٹی بہت اچھی ہے اور کئی تصاویر میں تو دس کروڑ ستارے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service







