
ہیکرز کا کہنا ہے کہ یہ ایک پر امن احتجاج ہے
میکسیکو میں کمپیوٹر ہیکروں نے ملک کے یومِ آزادی کے موقع پر احتجاجاً کم از کم دس سرکاری اور دیگر ویب سائٹس کو ہیک کر لیا ہے۔
خود کو ’میکسیکو کے سائبر پروٹیسٹ‘ کہنے والے ہیکروں نے اس موقع پر سیاسی پارٹیوں، میڈیا کی تنظیموں اور سرکاری ایجینسیوں کو اپنا نشانہ بنایا۔
ویب سائٹس کے صفحات کو ہیک کر کے ان پر پیغام لکھےگئے ہیں جن میں حالیہ صدارتی الیکشن کو فراڈ قرار دیا گیا ہے۔
ہیکروں نے ملک میں بدعنوانی، منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق تشدد اور معیشت کے بارے میں شکایات لکھی ہیں۔
ہیکروں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ’یہ ایک پر امن احتجاج ہے اور ہم کوئی مجرم نہیں بلکہ طالبِ علم اور مزدور اور محنت کش میکیسن شہری ہیں جو حالات سے تنگ آچکے ہیں اور اپنی ناراضگی اور مایوسی دکھانا چاہتے ہیں۔‘
پیغام میں یہ بھی لکھا گیا کہ ’جولائی میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ملک کی آزادی اور جمہوریت کا گلا گھونٹا گیا ہے‘۔
ہیکروں نے سبکدوش ہونے والے صدر فلپ کیلڈرن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر معیشت کو بگاڑنے اور ڈرگ مافیا کے ساتھ نمٹنے میں تشدد کے استعمال کی مذمت کی گئی۔






























