برطانیہ کے ہسپتال میں جراثیم سے پاک ’ڈسپوزیبل‘ حجاب متعارف

برطانیہ کے ایک ٹرسٹ ہسپتال کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے عملے کے لیے آپریشن تھیٹرز میں استعمال کے لیے پہلے ڈسپوزایبل (جنھیں استعمال کے بعد تلف کیا جا سکے) اور جراثیم سے پاک سکارف متعارف کروائے ہیں۔

مسلمان جونیئر ڈاکٹر فرح روسلان کو یہ خیال رائل ڈربی ہسپتال میں اپنی تربیت کے دوران آیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ انھیں یہ خیال اپنے روایتی حجاب میں موجود جراثیم کے خدشات کے پیشِ نظر آیا جو وہ سارے دن پہنے رکھتی ہیں۔

امید ہے کہ اسے قومی سطح پر متعارف کروایا جا سکتا ہے لیکن انگلینڈ کی نیشنل ہیلتھ سروسز کا کہنا ہے کہ اس کو استعمال کرنے کا اختیار انفرادی طور پر ہسپتالوں پر منحصر ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ڈاکٹر فرح جو برطانیہ کے علاقے لنکن شائر میں کام کرتی ہیں کا کہنا ہے انھیں اس کا خیال تب آیا تھا جب وہ یونیورسٹی سے منسلک ڈربی اور برٹن کے ہسپتالوں میں ایک میڈیکل سٹوڈنٹ تھیں۔

انھوں نے بی بی سی ریڈیو ڈربی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں سارا دن (ایک ہی سکارف) پہنے رکھتی تھی جو یقینناً مناسب اور صاف نہیں تھا۔‘

’میں اسے اتارنے میں اچھا محسوس نہیں کرتی تھی اور مجھے جراثیم کنٹرول کرنے کے پیش نظر آپریشن تھیٹر سے باہر جانے کو کہا جاتا تھا۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ایسے میں کوئی بیچ کا راستہ تلاش کرنے کی ضرورت تھی جہاں آپ ’اپنے عقیدے کے تحت اپنا لباس پہن‘ سکیں اور اپنے پیشے کے جنون کو پورا کرنے کے لیے آپریشن تھیٹر میں بھی جا سکیں۔

ڈاکٹر فرح نے اس سکارف کو ڈیزائن کرنے کے تجربے سے قبل اس بارے میں آئیڈیا لینے کے لیے ملائیشیا سے مدد لی جہاں وہ پیدا ہوئی تھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ’میں سچ میں بہت خوش ہوں اور امید کرتی ہوں کہ اگر ہم اس کو پورے ملک میں رائج کروا سکیں گے۔‘

کنسلٹنٹ سرجن گل ٹیرنی، جو ڈاکٹر فرح کی سرپرست ہیں، کا کہنا ہے ان کا ہسپتال برطانیہ میں اس ہیڈ سکارف کو متعارف کروانے والا پہلا ملک ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’ہم جانتے ہیں کہ ملک بھر میں آپریشن تھیٹر میں یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے لیکن میرے خیال میں اس پر کبھی باقاعدہ توجہ نہیں دی گئی۔‘

’اس (سکارف) کی لاگت زیادہ نہیں ہے اور میں امید کرتا ہوں اس کے نتائج شاندار ہوں گے۔‘

برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروسز ٹرسٹ کے یونیورسٹی کے ساتھ منسلک ڈربی اور برٹن کے ہسپتالوں کا کہنا ہے کہ یہ نئے ہیڈ سکارف پہلی مرتبہ رواں برس دسمبر کے آغاز سے استعمال کے لیے دستیاب ہوں گے۔