انڈیا کا شہر احمدآباد عالمی ثقافتی ورثے میں شامل

    • مصنف, مرزا اے بی بیگ
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی

اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے یونیسکو نے انڈیا کے معروف شہر احمدآباد کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

یونیسکو کی کمیٹی نے گذشتہ روز احمد آباد کے علاوہ کمبوڈیا میں سمبور پیری کک کے ٹمپل زون کے علاوہ چین کے کلانگسو کو بھی عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

خیال رہے کہ احمدآباد انڈیا کا پہلا شہر ہے جسے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس دوڑ میں ہندوستانی دارالحکومت دہلی اور اقتصادی دارالحکومت کہا جانے والا شہر ممبئی بھی شامل تھا۔

ادارے نے اپنی سائٹ پر اس بارے میں لکھا ہے کہ 'احمدآباد کے قلع بند شہر کو سلطان احمد شاہ نے 15ویں صدی میں دریائے سابرمتی کے کنارے بسایا تھا۔ یہ شہر عہد سلطنت کے زمانے کی فن تعمیر کا اعلیٰ نمونہ پیش کرتا ہے جس میں بھدر کا چھوٹا قلع، قلع بند شہر کی دیواریں اور دروازوں کے ساتھ بہت سی مساجد اور مقبرے اہمیت کے حامل ہیں۔'

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ 'اس میں بعد میں تعمیر شدہ ہندو اور جین مذہب کے منادر بھی شامل ہیں۔ یہ شہر چھٹی صدی سے اب تک گجرات کے دارالحکومت کے طور پر آباد ہے۔'

دارالحکومت دہلی میں نیشنل میوزیم کے نائب کیوریٹر خطیب الرحمان نے بی بی سی کو بتایا کہ احمدآباد کے قلع بند شہر کو یونیسکو کی فہرست میں شامل کیا جانا عہد وسطی کی مسلم تعمیرات کو محفوظ کرنے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس کی عدم موجودگی میں دہلی میں عہد وسطی کی بہت ساری عمارتیں ماضی کا حصہ ہو گئیں ہیں اور بہت سی دوسری عمارتیں رفتہ رفتہ ختم ہوتی جا رہی ہیں جو کہ عالمی ثقافت کے ورثے کے طور پر محفوظ کی جا سکتی تھیں۔

ان کے خیال میں دہلی کو بھی عالمی ثقافت کی وراثت میں شامل کیا جانا چاہیے۔ ایک دوسرے شخص نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ انڈیا کے جنوبی شہر میسور کو بھی عالمی وارثت میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

بی جے پی کے صدر امت شاہ نے ٹویٹ کے ذریعے اس خبر پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور اسے 'ہندوستانیوں کے لیے لمحۂ افتخار قرار دیا۔'

سوشل میڈیا پر اس کے بارے میں باتیں ہو رہی ہیں اور لوگ احمدآباد کی تصویریں پوسٹ کر رہے ہیں اور اس خبر پر ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اس خبر کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ انڈیا کے لیے انتہائی خوشی کا مقام ہے۔'