پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور میں ایک سکول کی خاتون استاد اور سکول کے مالک کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
لاہور کے ایس پی سٹی ملتان خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کریم پارک میں واقع فاروقی سکول کی ایک برانچ میں تعینات ایک خاتون استاد پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک طالبہ کو توہین آمیز کلمات لکھ کر توہین مذہب کی۔
اس سکول میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں میں سے ایک کے والد فیاض احمد نے بی بی سی کے نامہ نگار عباد الحق کو بتایا کہ سکول کے مالک عاصم فاروقی کی عمر ستر برس کے قریب ہے اور وہ گذشتہ تینتیس برس سے یہ سکول اپنی اہلیہ کے ہمراہ چلا رہے ہیں۔
ان کے مطابق سکول کے مالک عاصم فاروقی کو جب سکول میں موجود استاد کی جانب سے کی گئی مبینہ گستاخی کا پتہ چلا تو انہوں نے فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے متعلقہ استاد کو فارغ کردیا۔