کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ایک اہم رہنما اور باجوڑ طالبان کے کمانڈر مولوی فقیر محمد نے کہا ہے کہ ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں کہ تحریک کے مرکزی امیر حکیم اللہ محسود کو تبدیل کرکے ان کی جگہ سوات طالبان کے سربراہ مولوی فضل اللہ کو امیر بنایا جا رہا ہے۔
اتوار کو بی بی سی سے کسی نامعلوم مقام سے گفتگو کرتے ہوئے مولوی فقیر محمد نے اس بات کی وضاحت کی کہ حکیم اللہ محسود کو تحریک کے مرکزی شوری نے متفقہ طورپر امیر نامزد کیا تھا لہذا ایسی اطلاعات میں کوئی حقیقت نہیں کہ ان کو تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے اور ان کی جگہ مولوی فضل اللہ کو تحریک کا نیا امیر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکیم اللہ محسود تحریک کے مرکزی امیر ہیں اور رہیں گے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے ملالہ یوسف زئی پر حملے کے چند دن بعد سوات کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے یہ بیان دیا تھا کہ تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کو تبدیل کرکے ان کی جگہ فضل اللہ کو امیر بنایا جا رہا ہے۔