پاکستان کی وزارتِ داخلہ نے اسلام آباد پولیس سے کہا ہے کہ وہ قرآنی صفحات کو جلانے کے مقدمے میں گرفتار ہونے والی عیسائی لڑکی رمشا کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کریں۔
اس کے علاوہ اُنہیں یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ قرانی صفحات جلانے کے واقعے کے خلاف مظاہرہ کرنے والے افراد کو بھی فی الوقت گرفتار نہ کیا جائے۔
وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ انٹیلیجنس بیورو اور اسلام آباد پولیس کے ادارے سپیشل برانچ کی جانب سے بھیجی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رمشا کی ضمانت ہونے کی صورت میں اُس کی اور اُس کے اہلخانہ کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔