روہنگیا بحران
روہنگیا بحران کیسے شروع ہوا
لاکھوں روہنگیا کی اپنے گھروں سے بےدخلی کو دنیا کا سب سے تیزی سے پھیلتا پناہ گزینوں کا بحران قرار دیا جا رہا ہے۔
اہم واقعات کی ٹائم لائن:
- 24 اگست2017
شمالی رخائن، برما
ایک روہنگیا تنظیم اراکان روہنگیا سالویشن آرمی نے شمالی رخائن صوبے میں میانمار کی سرحدی پولیس پر حملہ کیا، جس میں 11 اہلکار مارے گئے۔ میانمار کی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس رات پولیس کے 20 کیمپوں پر بیک وقت حملہ کیا گیا۔ - 25 اگست2017
کوکس بازار
ہزاروں روہنگیا پناہ گزینوں نے کوکس بازار کے اکھیا اور تیکناف علاقوں میں پناہ لی۔ انھوں نے بتایا کہ میانمار کی فوج لوگوں کو قتل کر رہی ہے۔ - 26 اگست2017
بنگلہ دیش
بنگلہ دیش نے میانمار کے ڈھاکہ میں سفیر کو وزارتِ خارجہ میں طلب کر کے بحران پر تشویش ظاہر کی۔ اسی دن بنگلہ دیش کی سرحدی فوج نے بنگلہ دیش میں داخل ہونے والے متعدد روہنگیا پناہ گزینوں کو گرفتار کر لیا۔ اس وقت ہزاروں روہنگیا سرحد کے اُس پار پھنس کر رہ گئے۔ - 31 اگست2017
بنگلہ دیش
اقوامِ متحدہ کے مطابق 27 ہزار کے قریب روہنگیا ایک ہفتے کے اندر اندر بنگلہ دیش پہنچ گئے - 3 ستمبر2017

میانمار کے لیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی یانگ ہی لی نے رخائن کی صورتِ حال کو 'ہولناک‘ قرار دیا۔ لی نے میانمار کی رہنما آنگ سان سو چی پر بھی تنقید کی - 5 ستمبر2017

میانمار کی رہنما آنگ سان سو چی نے ترک صدر اردوغان سے فون پر بات کرنے کے بعد کہا کہ رخائن کی صورتِ حال کو میڈیا توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے۔ اسی دن انڈونیشیا کی وزیرِ خارجہ روہنگیا کے مسئلے پر بات کرنے کے لیے میانمار سے ہوتی ہوئی بنگلہ دیش پہنچیں۔ - 6 ستمبر2017

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے سلامتی کونسل کو خط لکھ کر روہنگیا بحران پر تشویش کا اظہار کیا۔ - 7 ستمبر2017

ترک خاتونِ اول اور وزیرِ خارجہ نے کوکس بازار پہنچ کر روہنگیا کیمپوں کا معائنہ کیا۔ - 11 ستمبر2017

اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل نے روہنگیا کے استحصال کو 'نسل کشی کی نصابی مثال‘ قرار دیا - 12 ستمبر2017
کوکس بازار
بنگلہ دیش کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے کوکس بازار میں اکھیا کے پناہ گزین کیمپ کا دورہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انھیں پناہ دے رکھی ہے۔ - 13 ستمبر2017
کوکس بازار
40 کے قریب سفارت کاروں اور تنظیموں کے نمائندوں نے بنگلہ دیش کی وزارتِ خارجہ کے زیرِ اہتمام کوکس بازار کا دورہ کیا۔ اس کا مقصد میانمار حکومت پر زور ڈالنا تھا کہ وہ پناہ گزینوں کو واپس وطن جانے دے۔ اس وفد میں امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین، روس، چین اور انڈیا کے سفیر شامل تھے۔ - 21 ستمبر2017

بنگلہ دیش کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے روہنگیا بحران کے حل کے لیے پانچ نکاتی سفارشات پیش کیں۔ ان میں روہنگیا کا قتلِ عام روکنا، ان کی واپسی، اور ریاست رخائن میں ان کے گھروں کی تعمیرِ نو شامل تھے۔ - 27 ستمبر2017

اقوامِ متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے کے مطابق بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کی تعداد پانچ لاکھ ہو گئی۔ - 28 ستمبر2017
نیویارک
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے آٹھ برسوں بعد روہنگیا کے بحران کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے میانمار پر تنقید کی۔ - 6 نومبر2017
نیویارک
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک بیان جاری کیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ روہنگیا بحران ختم کیا جائے۔ اقوامِ متحدہ نے میانمار کی حکومت پر زور دیا کہ وہ روہنگیا پر ظلم و ستم اور نسلی تفریق ختم کرے۔ چین نے بھی اس بیان کی تائید کی۔ - 18 نومبر2017
ڈھاکہ
چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی نے ڈھاکہ کا دورہ کر کے بنگلہ دیش کے وزیرِ خارجہ محمود علی سے روہنگیا کے بحران پر بات کی۔ - 23 نومبر2017
نیپیادو
بنگلہ دیش اور میانمار نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے جس میں کہا گیا تھا کہ روہنگیا کو واپس وطن میں آباد ہونے دیا جائے گا۔ میانمار نے کہا کہ وہ شناخت کی تصدیق کے بعد ایسا کرے گا۔ فیصلہ ہوا کہ میانمار ہر روز 300 پناہ گزینوں کو واپس لے گا۔ حکام کے مطابق یہ عمل اگلے دو برسوں میں مکمل ہو گا۔ - 30 نومبر2017
ڈھاکہ
پوپ فرانسس نے ڈھاکہ کا دورہ کیا۔ اس موقعے پر انھوں نے ڈھاکہ کے ایک چرچ میں روہنگیا بحران کے بارے میں بات کی۔ اس سے قبل انھوں نے میانمار کے دورے کے دوران لفظ روہنگیا استعمال نہیں کیا تھا۔ - 16 فروری2018
ڈھاکہ
بنگلہ حکومت نے برمی حکومت کو آٹھ ہزار روہنگیا کی فہرست فراہم کی جنھیں واپس میانمار بھیجا جانا تھا۔ بعد میں میانمار نے فہرست میں سے صرف 374 لوگوں کو قبول کرنے پر رضامندی دی۔ - 29 اپریل2018
بنگلہ دیش
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک وفد نے روہنگیا کیمپوں کا دورہ کیا۔ سلامتی کونسل نے کہا کہ یہ بحران جلد حل نہیں کیا جا سکتا۔ وفد میں شامل روسی نمائندے نے کہا کہ روہنگیا بحران کا کوئی جادوئی حل نہیں ہے۔ - 2 جولائی2018
کوکس بازار
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش اور ورلڈ بینک کے صدر جم ینگ نے کوکس بازار کا دورہ کیا۔ گوتیرش نے کہا: 'روہنگیا انصاف چاہتے ہیں اور بحفاظت وطن واپس جانا چاہتے ہیں۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ ان کا دل روہنگیا کی حالتِ زار دیکھ کر ٹوٹ گیا ہے۔
کریڈٹس
ہدایات: شاداب نظمی
ڈیویلپمنٹ: اولاویل مالومو، دھرو نینوانی
فوٹو کریڈٹ: اے ایف پی، گیٹی امیجز
