
ڈاکٹرز عاشورے پر بھی نجی کلینک بند رکھیں گے
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت میں ڈاکٹروں نے اعلان کیا ہے کہ وہ احتجاج کے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے تمام نجی کلینک بند کر رہے ہیں۔
یہ اعلان بلوچستان کی پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں ڈاکٹر ایک ماہ قبل کوئٹہ سے لاپتہ ہونے والے مشہور ماہر چشم ڈاکٹر سعید احمد خان کی بازیابی کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر سعید احمد خان کو سولہ اکتوبر کو کوئٹہ کی سریاب روڈ سے سے اغوا کیا گیا تھا۔
پی ایم اے نے پیر کو پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ انہوں نے احتجاج کے دائرے کو نجی کلینک تک وسیع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاشورے پر بھی نجی کلینک بند رکھیں گے۔
اس سے قبل ڈاکٹروں نے احتجاجی مارچ کیا اور زرغون روڈ پر دھرنا دیا۔ تاہم پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا اور دو سو ڈاکٹروں کو حراست میں لے لیا۔
چالیس مزید ڈاکٹروں نے سول لائنز تھانے میں جا کر گرفتاری دی۔






























