
بونیر کے علاقے ڈگر میں خودکش حملے میں مقامی امن کمیٹی کے سربراہ اپنے تین محافطوں سمیت ہلاک ہوئے ہیں۔
صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع بونیر میں ڈگر کے مقام پر حکام کے مطابق ایک خود کش حملے میں مقامی امن کمیٹی کے سربراہ اور ان کے تین محافظوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ڈگر میں ہسپتال کے قریب ایک نامعلوم خود کش حملہ آور نے اپنی موٹر سائیکل امن کمیٹی کے سربراہ فاتح خان کی گاڑی سے ٹکرا دی۔
بونیر کے ضلع رابطہ افسر محمد ایاز خان نے بی بی سی کو بتایا کہ اس حملے میں فاتح خان اور ان کے تین محافظوں سمیت چھ افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہیں۔ زحمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈگر داخل کرا دیا گیا ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں فاتح خان کے دو محافظ سلطان زیب اور مومن خان بتائے جا رہے ہیں۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب فاتح خان اپنے پیٹرول پمپ پر جار ہے تھے جہاں ان کا دفتر بھی ہے۔
طالبان نے ا س حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
فاتح خان کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی سے تھا اور امن کمیٹی کی قیادت بھی کر رہے تھے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین پر ان ساڑھے چار سالوں میں متعدد حملے ہو چکے ہیں جن میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخارحسین کے اکلوتے بیٹے کو ہلاک کر دیا گیا تھا جبکہ سنیئر صوبائی وزیر بشیر بلور اور دیگر اس طرح کے حملوں میں محفوظ رہے تھے۔
ایاز خان نے بتایا کہ فاتح خان امن کمیٹی کے سربراہ تھے اور ملاکنڈ ڈویژن میں امن کمیٹیوں کے سربراہ اور کارکن شدت پسندوں سے مقابلہ کرتے ہیں اس لیے وہ ان کے نشانے پر ہوتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ چند روز پہلے سوات میں بھی امن کمیٹی کے مقامی سربراہ کے گھر پر فائرنگ کی گئی تھی۔
ملاکنڈ ڈویژن میں امن کمیٹیوں سے وابستہ افراد پر ایک ہفتے کے دوران یہ تیسرا حملہ ہے۔
دو حملوں میں فائرنگ کرکے نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ حالیہ خود کش حملہ کر کے پانچ افراد کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
ایاز خان کے مطابق ملاکنڈ ڈویژن ایک آپریشنل ایریا ہے اور یہاں اس طرح کی کارروائیا ہوتی رہتی ہیں لیکن یہ حملہ ایک بڑی کارروائی تھی۔
اس کے علاوہ ادھر پشاور کے مضافات میں وڈپگہ کے مقام پر ایک دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے جبکہ پولیس نے اس مقام سے بھاری مقدار میں بارود اور گولے برآمد کیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسلحہ اور بارود ایک گودام میں رکھا گیا تھا جہاں ایک گولہ پھٹنے سے عمر خان نامی ایک شخص زخمی ہوا اور بعد میں ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا شخص گودام مالک کا بیٹا تھا۔






























