
کراچی میں بدامنی کے حوالے سے پاکستان کی سپریم کورٹ میں بھی ایک مقدمے کی سماعت جاری ہے
کراچی کے ضلع وسطی میں دو شہریوں کے قتل کے بعد انہیں ڈاکو قرار دینے اور مقابلے میں ہلاک کر دینے کا دعویٰ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
علاقے میں پولیس کے سربراہ ایس ایس پی عامر فاروقی کے مطابق علاقہ ایس ایچ او کو معطل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تھانہ نارتھ ناظم آباد کی حدود میں جمعہ کو علی الصبح دو افراد نعیم اور عدنان کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا جن کی لاشوں کے قریب سے اسلحہ بھی ملا۔
ہلاکت کے بعد علاقے میں تعینات پولیس اہلکاروں نے دعویٰ کیا کہ دونوں ہلاک ہونے والے افراد ڈاکو تھے جن کے مشتبہ انداز پر پولیس نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا مگر وہ نہیں رکے جس کے بعد انہیں تعاقب کرکے للکارا گیا اور مقابلے کے بعد مار دیا گیا۔
لیکن پولیس کا یہ دعویٰ اس وقت مشکوک ثابت ہوا جب ہلاک ہونے والوں کا تیسرا ساتھی آصف سامنے آیا اور اس نے دعویٰ کیا وہ اپنے دونوں ساتھیوں عدنان اور نعیم کے ساتھ نیو کراچی میں رہتا ہے اور تینوں قصائی ہیں۔
آج وہ ان گھروں سے پیسے لینے آئے تھے جن کے جانوروں کو بقر عید پر انہیں نے ذبح کیا تھا۔ پیسے لے کر واپس جارہے تھے کے اس کے دونوں ساتھی گولی لگنے سے ہلاک ہوگئے۔
اس واقعے کے بعد مشتعل ہجوم نے نارتھ ناظم آباد تھانے کا گھیراؤ کیا اور دونوں افراد کی ہلاکت پر زبردست احتجاج اور توڑ پھوڑ کی اور تھانے میں سرکاری املاک اور گاڑیوں کو آگ لگانی چاہی۔
بی بی سی کے نامہ نگار کے رابطہ کرنے پر علاقے میں پولیس کے سربراہ ایس ایس پی عامر فاروقی نے جن کے پاس فی الحال ڈی آئی جی غربی کا چارج بھی ہے، کچھ اور دعویٰ کیا۔
ایس ایس پی عامر فاروقی نے کہا کہ دونوں ہلاکتیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہوئی ہیں۔ جس کے بعد علاقے میں تعینات پولیس اہلکاروں نے انعام اور تقرری کے لالچ میں یہ دعویٰ کر دیا کہ دونوں ڈاکو تھے اور پولیس مقابلے میں مارے گئے مگر حقیقت بالکل مختلف تھی۔
ہلاک ہونے والوں کے ساتھی آصف کے سامنے آنے پر پولیس نے ان کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔
ایس ایس پی عامر فاروقی نے بتایا کہ انہوں نے نارتھ ناظم آباد کے تھانے دار (ایس ایچ او) راجہ طارق کو معطل کردیا ہے اور پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اس سوال پر کہ جن پولیس اہلکاروں کے خلاف شہریوں کے قتل کے دعوے پر کارروائی ہو رہی ہے انہیں گرفتار کیا گیا ہے یا نہیں تو ایس ایس پی عامر فاروقی نے کہا کہ کسی اہلکار کو گرفتار نہیں کیا گیا اور ابھی اس معاملے کی مزید تفتیش ہورہی ہے۔






























