
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوا نے کہا ہے کہ ملالہ یوسفزئی کی حالت بہتر ہوئی لیکن ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ابھی بھی اگلے چھتیس سے اڑتالیس گھنٹے بڑے اہم ہیں۔
راولپنڈی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے آئی ایس پی آر نے کہا کہ چودہ سالہ ملالہ کے کئی ٹیسٹ کئیے گئے ہیں اور اگلے چھتیس سے اڑتالیس گھنٹے ان کی زندگی کے لیے بہت اہم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ایک میجر جنرل سطح کے سرجن کی سربراہی میں ایک طبی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو ملالہ کا علاج کر رہی ہے۔
ملالہ کو علاج کے لیے ملک سے باہر بھیجنے کا فیصلے کے بارے میں انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ میڈیکل بورڈ کی سطح پر کیا جائے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ سردست ملالہ کا علاج کرنے والی طبی ٹیم میں تمام ڈاکٹر پاکستانی ہیں لیکن دو غیر ملکی ڈاکٹروں سے بھی مستقل مشورہ کیا جا رہا ہے۔
فوج کے ترجمان نے کہا کہ حملہ آووروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انھوں نے قوم سے کہا کہ وہ ملالہ کے لیے دعا کریں۔






























