
ایشیائی ترقیاتی بینک نے رواں برس پاکستانی معیشت کی ممکنہ ترقی کے متعلق اپنا اندازہ تین اعشاریہ چھ فیصد سے بڑھاکر تین اعشاریہ سات فیصد کردیا ہے۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق بینک نے اپریل میں سنہ دو ہزار بارہ کے دوران پاکستانی معیشت کی شرح نمو تین اعشاریہ چھ فیصد رہنے کا اندازہ ظاہر کیا تھا لیکن اب بینک نے ایشیائی معیشت کی ممکنہ ترقی کے متعلق اپنے تازہ ترین جائزے میں کہا ہے کہ پاکستان کی شرح نمو اس سال تین اعشاریہ سات فیصد تک ہوسکتی ہے۔
تاہم بینک نے اگلے سال یعنی سنہ دو ہزار چودہ کے دوران بھی پاکستان کی شرح نمو تین اعشاریہ سات ہی رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جو چار فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
بینک نے بھارتی معیشت کے بارے میں اپنی پیش گوئی میں کہا ہے کہ پچھلے سال سنہ دو ہزارگیارہ میں چھ اعشاریہ پانچ فیصد کے مقابلے سنہ دو ہزار بارہ اور سنہ دو ہزار تیرہ میں بھارت کی شرح نمو پانچ اعشاریہ چھ فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کا یہ بھی کہنا ہے کہ یورپی ملکوں کے قرضوں کے بحران اور امریکہ کی مالی مشکلات کے تباہ کن اثرات باقی ماندہ دنیا خاص طور پر ترقی پذیر ایشیائی ملکوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔






























