
سپریم کورٹ نے مبینہ طور پر دوہری شہریت رکھنے والے منتخب نمائندگان کو دو اکتوبر کو عدالت میں طلب کیا ہے
عدالت نے وزیر داخلہ رحمان ملک کو دوہری شہریت رکھنے والے ارکانِ پارلیمان کے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے دو اکتوبر کو طلب کیا ہے۔
اے پی پی نے سپریم کورٹ کی طرف سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم شہناز شیخ کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کردیے گئے ہیں اور ان کو صحافی عمر چیمہ کی طرف سے عدالت میں جمع کردہ جواب نامہ اور دوسرے کاغذات بھی بھیج دیے گئے ہیں۔
قومی اسمبلی کے ممبر غلام مجتبٰی رائے کو بھی سپریم کورٹ نے یہ وضاحت کرنے کے لیے طلب کیا ہے کہ آیا ان کے پاس کینیڈا کی شہریت ہے یا نہیں۔
اے پی پی کے مطابق عدالت نے صحافی عمر چیمہ کو طلب کیا ہے کہ وہ دوہری شہریت رکھنے والے منتخب نمائندوں کے مطلق کیے گئے اپنے دعوؤں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کریں تاکہ عدالت ایسے منتخب نمائندگان کے خلاف برابری کی بنیاد پر قانونی کارروائی کر سکے۔
اے پی پی کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ رحمان ملک نے بیس اکتوبر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ کہ اگر سپریم کورٹ یا حکومت نے ان سے پوچھا تو وہ انھیں وفاقی پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں کے دوہری شہریت رکھنے والے ممبران کے نام فراہم کر دیں گے۔
سپریم کورٹ نے سیکریٹری انفارمیشن کو وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس کا متن دو اکتوبر یا اس پہلے عدالت میں جمع کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ بہ وقتِ ضرورت اسے استعمال کیا جا سکے۔






























