
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں کسی حلقے میں خواتین کے دس فیصد سے کم ووٹ ڈالنے کی صورت میں وہاں دوبارہ انتخاب کروانے کی تجویز دی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس تجویز پر مشتمل بِل بدھ کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخرالدین جی ابراہیم کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں پیش کیا گیا۔
بیان کے مطابق کمیشن کے ارکان نے متفقہ طور پر اس بل کی منظوری دی جسے اب وزارتِ قانون کو بھیجا جار ہا ہے تاکہ وہ اسے قانون سازی کے لیے پارلیمان کو بھیج سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بل کا مقصد انتخابی عمل میں خواتین کی شرکت یقینی بنانا اور کسی مخصوص علاقے میں امیدواروں، جماعتوں یا گروہوں کی جانب سے اتفاقِ رائے سے خواتین کو پولنگ سے روکنے کے واقعات کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس اجلاس میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا اور اب اس پر ستائیس ستمبر کو سیاسی جماعتوں سے مشاورتی اجلاس میں بات ہوگی۔






























