یومِ عشقِ رسول پر ہلاکتیں انیس ہو گئیں

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 21 ستمبر 2012 ,‭ 18:49 GMT 23:49 PST

لائیو اپ ڈیٹس

  • پشاور

    بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق شہر میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد پانچ تک پہنچ گئی ہے۔
  • کراچی

    جناح ہسپتال کے میڈیکولیگل افسر ڈاکٹر جگدیش نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے ہسپتال میں پانچ افراد کی لاشیں موجود ہیں۔
  • کراچی

    جناح ہسپتال کے ذرائع کے مطابق وہاں کم از کم پچپن افراد زخمی حالت میں لائے گئے ہیں جن میں سے اکثر کی حالت نازک ہے۔
  • کراچی

    کراچی پولیس کے افسر احمد حسن کے مطابق مسلح مظاہرین کی پولیس پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔
  • کراچی

    شہر میں اب تک کم از کم تین پولیس موبائل گاڑیوں، تین بینکوں کی شاخوں اور تین سینما گھروں پر حملہ کر کے ان املاک کو آگ لگا دی گئی ہے۔
  • کراچی

    ہمارے نامہ نگار کے مطابق امریکی قونصل خانے کی جانب جانے والے راستے سےگولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں اور جھڑپوں کے دوران کم از کم ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے۔
  • اسلام آباد

    بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق پولیس مظاہرین پر قابو پانے میں بے بس دکھائی دے رہی ہے
  • اسلام آْباد

    مظاہرین نے پولیس کی جانب سے ریڈ زون کے باہر قائم کیا گیا پہلا حفاظتی حصار عبور کر لیا ہے اور پولیس نے ہوائی فائرنگ شروع کر دی ہے
  • اسلام آباد

    مظاہرین میں سے بیشتر کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے اور وہ تین جانب سے ریڈ زون میں واقع سفارتی علاقے کی طرف بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
  • اسلام آباد

    نمازِ جمعہ کے بعد آبپارہ کے علاقے سے نکالے جانے والے بڑے احتجاجی جلوس میں دو ہزار کے قریب افراد موجود ہیں اور اس تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
  • اسلام آباد

    پولیس نے ریڈ زون کی جانب بڑھنے والے مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی ہے۔مظاہرین پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد پولیس کو پنجاب پولیس کی مدد بھی حاصل ہے
  • اسلام آباد

    امریکی قائم مقام سفیر رچرڈ ہوگ لینڈ کو دفترِ خارجہ طلب کر کے متنازع فلم پر احتجاج کیا گیا ہے۔
  • پشاور

    پولیس اور مظاہرین کے مابین فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کی ڈی ایس این جی کا ڈرائیور ہلاک۔
  • پشاور

    شہر میں پرتشدد کارروائیوں میں تیرہ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں چار پولیس اہلکار ہیں۔
  • اسلام آباد

    جمعے کی نماز کے وقت مظاہرین سڑکوں سے غائب ہو گئے اور کچھ دیر کے لیے ماحول بظاہر پر سکون نظر آیا۔
  • لاہور

    امریکی قونصلیٹ جانے والے تمام راستوں کو ایک ایک کلومیٹر کے فاصلے ہی پر کنٹینر رکھ کر بلاک کر دیا گیا ہے۔
  • اسلام آباد

    کشمیر روڈ پر مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگائی تھی جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔
  • راولپنڈی

    آئی جے پرنسپل روڈ پر ٹول پلازہ کو مظاہرین نے آگ لگا دی۔ مظاہرین نے کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔ تاہم پولیس نے مظاہرین کو منتشر کردیا۔
  • لاہور

    تمام بازار بند اور ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔ مذہبی جماعتوں نے اعلان کیا ہے کہ مال روڈ پر واقع مسجد شہداء کے باہر مظاہرے کیے جائیں گے۔
  • راولپنڈی

    شہر کے بیچ سے گزرنے والے بڑی شاہراہ مری روڈ کو کئی مقامات پر جلتے ٹائروں اور بڑے بڑے پتھروں کے ذریعے بند کر دیا گیا تھا۔
  • اسلام آباد

    ریڈیو پاکستان کے مطابق پی ٹی اے نے امریکہ میں بنائی گئی پیغمبرِ اسلام کے بارے میں توہین آمیز فلم کے خلاف مظاہروں میں دہشت گردی کے پیش نظر پندرہ شہروں میں موبائل سروس بند کردی ہے۔
  • پشاور

    امریکی قونصلیٹ کی جان جانے والی تمام سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ملحقہ چھوٹی سڑکوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کیا گیا ہے۔
  • کراچی

    پریس کلب کے باہر بڑی تعداد میں ایمبولینسیں کھڑی ہیں۔ گورنر ہاؤس، وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں۔
  • سکردو

    ریڈیو پاکستان کے مطابق سکردو کے دونوں اضلاع میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔
  • کراچی

    مائی کولاچی میں واقع امریکی قونصلیٹ کی جانب جانے والے تینوں راستے بند کردیے گئے ہیں۔
  • پشاور

    مظاہرین نے شمع سینما پر بھی دھاوا بولا اور سینما گھر کو آگ لگا دی۔ اس کے بعد مظاہرین چیمبر آف کامرس کی عمارت میں بھی پہنچ گئے ہیں۔
  • راولپنڈی

    سیدپور روڈ پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
  • پشاور

    شہر میں صبح سے ہی چھوٹی چھوٹی احتجاجی ریلیاں نکلنی شروع ہو گئیں۔ مظاہرین نے جی ٹی روڈ پر واقع شبستان سینما المعروف فردوس سینما پر دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کی۔
  • راولپنڈی

    اسلام آباد سے متصل اس شہر میں صبح دس بجے سے ہی بعض علاقوں میں مظاہرین سڑکوں پر آنا شروع ہو گئے تھے۔
  • لاہور

    پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے لاہور پریس کلب کے قریب امن مارچ کیا گیا۔ لاہور پریس کلب کے قریب ہی امریکی قونصلیٹ واقع ہے۔

پیغمبرِ اسلام کے بارے میں امریکہ میں بنائی گئی توہین آمیز فلم کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور پرتشدد واقعات میں ایک پولیس اہلکار سمیت کم از کم انیس افراد ہلاک اور متعدد پولیس اہلکاروں سمیت سو سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

حکومتِ پاکستان نے جمعہ کو ’یومِ عشقِ رسول‘ منانے کے لیے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم سیکریٹیریٹ میں ایک کانفرنس بھی منعقد کی گئی جس میں وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف بھی شریک ہوئے۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ جمعہ کی صبح سے ہی شروع ہو گیا تھا اور نمازِ جمعہ کے بعد ان میں شدت آ گئی۔ لاہور، کراچی اور دارالحکومت اسلام آباد میں نکالی جانے والی احتجاجی ریلیوں میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

صوبہ خیبر پختون خوا کے شہر مردان میں مشتعل مظاہرین نے سینٹ پال چرچ کو آگ لگا دی جس سے چرچ کو کافی نقصان پہنچا۔ مظاہرین نے چرچ کے گیٹ کو توڑا اور اندر داخل ہو کر چرچ میں توڑ پھوڑ کرنے کے بعد آگ لگا دی۔ اسی طرح ایک موبائل فون کے دفتر کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے بعد آبپارہ کے علاقے میں بڑا احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ان افراد کا رخ ریڈ زون میں واقع سفارتی علاقے کی طرف تھا۔

ہمارے نامہ نگار کے مطابق مظاہرین نے ریڈ زون کے باہر پولیس کی جانب سے قائم کیا گیا پہلا حفاظتی حصار عبور کر لیا تاہم اس کے بعد پولیس نے ہوائی فائرنگ کر کے انہیں مزید آگے بڑھنے سے روک دیا۔

مظاہرین میں سے بیشتر کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے اور وہ تین جانب سے سفارتی علاقے کی جانب بڑھنے کی کوشش کرتے رہے۔ سرینا چوک کے علاقے میں ان مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا اور پولیس نے ان پر آنسو گیس پھینکی۔

دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز ہونے والے مظاہروں کے بعد جمعہ کو سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور اسلام آباد کی انتظامیہ نے ریڈ زون کی سکیورٹی کے لیے پاکستانی فوج کو طلب کیا۔

ریڈ زون میں ایوانِ صدر، وزیر اعظم ہاؤس، سیکرٹیریٹ، پارلیمان اور سپریم کورٹ کے علاوہ ڈپلومیٹک انکلیو بھی واقع ہے۔

کراچی

کراچی میں حکام نے ہلاکتوں کی تعداد چودہ ہو جانے کی تصدیق کردی ہے۔

سندھ کے پولیس سرجن ڈاکٹر جلیل کے مطابق جناح ہسپتال میں لاشوں کی تعداد چھ ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

ڈاکٹر جلیل نے بتایا کہ شہر کے کئی علاقوں سے مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والے پانچ افراد کی لاشیں جناح ہسپتال لائی گئیں جبکہ وہاں دوران علاج ایک زخمی چل بسا جس سے ہلاکتوں کی تعداد چھ اور زخمیوں کی تعداد چوّن ہو گئی ہے۔

ڈی آئی جی کراچی ویسٹ نعیم اکرم بروکا نے بتایا کہ ان کے علاقے میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔ ان میں منگھو پیر تھانے پر حملے میں ٹریفک پولیس کے ایک سب انسپیکٹر سمیت دو دیگر پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو دن بھر کی جھڑپوں میں ہلاک ہوئے۔

ناظم آباد میں واقع سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ہستپال عباسی شہید کے ایم ایل او ڈاکٹر یوسف کے مطابق ہسپتال میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد کی لاشیں لائی گئیں۔

اس سے قبل سندھ کے وزیر صحت ڈاکٹر صغیر انصاری نے بھی تصدیق کی تھی کہ سول ہسپتال میں بھی پانچ لاشیں لائی گئی تھیں۔

کراچی میں دن بھر جاری رہنے والے احتجاج اور پرتشدد واقعات کے دوران ہلاکتوں کی تعداد چودہ ہو گئی ہے۔

اس سے پہلے کراچی میں احتجاج کے دوران بوٹ بیسن سے بلاول ہاؤس اور امریکی قونصل خانے کی جانب جانے والی سڑکیں کئی گھنٹے میدان جنگ بنی رہیں۔

شہر میں تین پولیس موبائل گاڑیوں، تین بینکوں کی شاخوں اور شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر بھی دو سینما گھروں سمیت تین سینماؤں پر حملہ کر کے ان املاک کو آگ لگا دی گئی۔ اس کے علاوہ پی آئی ڈی سی چوک پر نیشنل بینک اور فائیو اسٹار ہوٹل کی دکانوں میں توڑ پھوڑ کی گئی۔

اسلام آباد میں پولیس نے مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے فائرنگ کی

کراچی میں مظاہروں کے آغاز پر ابتدائی طور پر مشتعل افراد نے بلاول ہاؤس کی جانب مارچ کیا جہاں پولیس نے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کر کے انہیں منتشر کیا۔

مظاہرین کا اگلا نشانہ امریکی قونصل خانہ تھا جہاں پولیس نے شدید فائرنگ کی اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔

پولیس کی فائرنگ سے کچھ لوگ زخمی ہوئے جبکہ کراچی پولیس کے افسر احمد حسن نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ مسلح مظاہرین کی پولیس پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کی سڑک کو بھی دونوں اطراف سے کنٹینروں کی مدد سے بند کیا گیا تھا اور مظاہرین یہاں جمع ہو کر نعرے لگاتے رہے اور انہوں نے پولیس اور رینجرز پر پتھراؤ کیا۔

سندھ رینجرز کے ایک سینیئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ شہر میں زخمیوں کی تعداد تیس سے چالیس تک ہوسکتی ہے مگر ان میں براہ راست گولی سے زخمی کوئی نہیں ہوا۔

رینجرز کے افسر کے مطابق ان میں آنسو گیس کا گولہ لگنے سے، کنٹینر پر چڑھنے کی کوشش میں گرنے، پتھراؤ یا توڑ پھوڑ کے دوران زخمی ہونے والے افراد شامل ہیں۔

پشاور/راولپنڈی

پشاور میں بھی گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج کے موقع پر مظاہرین نے دو سنیما گھروں کو آگ لگا دی جبکہ بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ بھی کی۔

اس موقع پر فائرنگ سے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کی ڈی ایس این جی ویگن کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات میں مزید چار افراد ہلاک اور سات پولیس اہلکاروں سمیت چالیس زخمی ہوگئے۔

پشاور میں امریکی قونصلیٹ کی جانب جانے والی تمام سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر جبکہ ملحقہ چھوٹی سڑکوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کیا گیا تھا۔

راولپنڈی میں سیدپور روڈ پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔ مظاہرین نے آئی جے پرنسپل روڈ پر واقع نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ٹول پلازہ کو آگ لگا دی اور وہاں موجود گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔

اس کے علاوہ راولپنڈی کی بڑی شاہراہ مری روڈ کو کئی مقامات پر جلتے ٹائروں اور بڑے بڑے پتھروں کے ذریعے بند کر دیا گیا۔

گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج کے موقع پر پشاور میں مظاہرین نے دو سنیما گھروں کو آگ لگا دی

راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے فیض آباد انٹرچینج پر بھی پولیس اور دارالحکومت میں داخلے کی کوشش کرنے والے مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور پولیس نے اشک آور گیس کا استعمال کیا۔

لاہور

لاہور میں تمام بازار بند اور ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہی۔ مال روڈ پر واقع مسجد شہداء کے باہر مظاہرے ہوئے۔

لاہور میں بھی امریکی قونصل خانوں کی جانب جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے تھے لیکن مظاہرین نے رکاوٹیں عبور کر لیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی سمیت پندرہ شہروں میں موبائل سروس بند کر دی تھی جسے بعد ازان جزوی طور پر بحال کر دیا گیا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>