انتخابی مہم پر حملے، نواز اڈیالہ میں اور فضائیہ کا جہاز برطانیہ میں

الیکشن کے قریب انتخابی جلسوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ میاں نواز شریف اڈیالہ جیل میں اور بلاول نے مستونگ سانحہ کے بعد ایک روز تک انتخابی مہم معطل کیوں کی؟

ندیم کشش

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں ندیم کشش نامی خواجہ سرا بھی حصہ لے رہی ہیں۔ وہ اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔ اس حلقے میں ان کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ہے۔ ندیم کشش کا کہنا ہے کہ وہ االیکشن میں حصہ طاقت کے لیے نہیں لے رہیں بلکہ خواجہ سراؤں کے حق کے لیے لے رہی ہیں۔
عمران خان

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس ہفتے پارٹی کے منشور کا اعلان کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کا ’نیا پاکستان کا سفر‘ ابھی جاری ہے، اس بات کا اندازہ جماعت کے اسی نام سے انتخابی منشور کے اعلان سے ہوتا ہے۔ تحریک انصاف کے سنہ 2013 اور سنہ 2018 کے منشور کے جائزے سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ عوامی ضروریات سے متعلق مشکل ترین اہداف مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ کیسے ’تبدیلی‘ کی داعی اس جماعت نے کیا کچھ خاموشی سے حذف بھی کر دیا ہے۔ پارٹی منشور میں تبدیلی کا عنصر لہٰذا کافی حاوی ہے۔
ہارون بلور

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنمنگل کو رات 11 بجے کے قریب یکہ توت کے علاقے میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ جاری تھی جس میں شرکت کے لیے ہارون بلور پہنچے تو انھیں خودکش حملہ آور نے نشانہ بنایا۔ اس خود کش دھماکے میں ہارون بلور سمیت 20 افراد ہلاک ہوئے اور اے این پی نے اس واقعے پر تین دن تک سوگ منانے اور سیاسی سرگرمیاں معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جلسے کے دوران جیسے ہی ہارون بلور کو تقریر کے لیے سٹیج پر بلایا گیا تو دھماکہ ہو گیا۔ ہارون بلور عوامی نیشنل پارٹی کے سینیئر رہنما بشیر بلور کے بیٹے ہیں جو دسمبر 2012 میں پشاور میں ہی پارٹی کے ایک جلسے پر ہونے والے خودکش حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
نواز اور مریم

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنسابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ انھیں سزا دینے کا فیصلہ عدالت میں نہیں کہیں اور ہوا، تاہم اب جیل جانا پڑے یا پھانسی دے دی جائے ان کے قدم نہیں رکیں گے۔ بدھ کی شام لندن میں مریم نواز کے ہمراہ ایک پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ 'میری سیاسی پناہ لینے کی خبریں دینے والے سن لیں، میں واپس پاکستان آ رہا ہوں۔' 'احتساب عدالت کا فیصلہ آپ نے سن لیا ہے، میں نے یہ مقدمہ اس لیے نہیں لڑا کہ انصاف کی توقع تھی، میں نے یہ مقدمہ اس لیے لڑا کہ عوام کو میرے جرائم کی حقیقت کا پتہ چل جائے۔‘
پنڈی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشناحتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ کیس میں مریم نواز کے شوہر محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے اپنی گرفتاری راولپنڈی میں نیب حکام کو دی۔ تاہم اس سے قبل وہ راولپنڈی پہنچے تو وہ ایک ریلی کی صورت میں راولپنڈی میں مسلم لیگ نواز کے دفتر تک پہنچے اور پھر گرفتاری دی۔ ان کو نیب حکام نے کئی بار گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوئے۔ پارٹی کے دفتر کے سامنے انھوں نے کارکنان سے کہا کہ وہ اب گرفتاری دینے جا رہے ہیں لہٰذا کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالیں۔ اس کے بعد نیب نے گرفتاری میں مداخلت کرنے پر مسلم لیگ نواز کے کئی کارکنان کو گرفتار کیا۔
شہباز

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنسابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور مریم نواز لندن سے لاہور پہنچے تو مسلم لیگ نواز کے کارکنان ان کے استقبال کے لیے لاہور ایئر پورٹ کی جانب روانہ ہوئے۔ مسلم لیگ نواز کے صدر میاں شہباز شریف نے ریلی کی قیادت کی تاہم ابو ظہبی سے جہاز لاہور پنچ گیا اور نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کر کے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا لیکن یہ شہباز شریف کا کارروان ایئرپورٹ کے قریب بھی نہ پہنچ سکا۔
فضائیہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبرطانیہ کے علاقے گلوسٹرشر میں رائل ایئر فورس بیس فیئرفورڈ پر پاکستان فضائیہ کا سی 130 ہرکولیز کھڑا ہے۔ یہ سی 130 فیئر فورڈ میں رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو میں حصہ لے رہا ہے۔
مستونگ

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنصوبہ بلوچستان میں مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں جمعہ کو انتخابی جلسے پر ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت کم از کم 128 افراد ہلاک ہوئے۔ درینگڑھ میں جس جگہ پر انتخابی جلسہ ہورہا تھا وہ جگہ انتہائی چھوٹی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق لوگوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث وہ قریب قریب بیٹھے تھے جس کی وجہ سے دھماکے کی زد میں بہت زیادہ لوگ آئے۔
مریم

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے میاں نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور ان کے داماد کو کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو سزائیں سنائی ہیں۔ نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور آمد پر نیب نے گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کیا۔ امریکہ، انڈیا اور برطانیہ کے تقریباً تمام اہم اخبارات نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی وطن واپسی پر گرفتاری کو شہ سرخیوں میں شائع کیا ہے۔ انڈیا کے تین اہم اخبارات دی انڈین ایکسپریس، دی ہندو اور دی ہندوستان ٹائمز نے اسے پہلی خبر کے طور پر شائع کیا ہے۔ اسی کے ساتھ مستونگ میں ہونے والے دھماکے کا بھی ذکر ہے جس میں 125 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بلاول

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سنیچر کو اعلان کیا کہ وہ ایک دن کے لیے اپنی انتخابی سرگرمیاں معطل کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مستونگ میں 120 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہر ایک فرد کا ایک خاندان ہوتا ہے۔ وہ خاندان کیا کہیں گے مجھے ٹی وی پر دیکھتے ہوئے جب میں نعرے مار رہا ہوں گا۔ ہاں شاید سیاستدان کر سکتے ہیں لیکن میں یہ نہیں کر سکتا۔ بلاول کے اس بیان کو عوام نے بہت سراہا ہے۔
کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنزمبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 201 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ جمعے کو کھیلے جانے والے اس میچ میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیے گئے 309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 35 اوورز میں 107 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔