آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ٹیسٹ سیریز میں بہتر پرفارمنس کے لیے پرامید ہوں: بابر اعظم
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ جمعرات سے ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔
اس میچ کے لیے پاکستان کو اپنے تجربہ کار مڈل آرڈر بلے بازوں مصباح الحق اور یونس خان کی خدمات حاصل نہیں اور ان کا پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا دونوں کے لیے یہ سخت سیریز ہے۔
ان کے مطابق پاکستان کے لیے یہ چیلنج اس لیے بھی سخت ہے کہ مصباح الحق اور یونس خان کے جانے کے بعد ایک نئی نوجوان ٹیم میدان میں اترے گی۔
پاکستان نے ان تجربہ کار کھلاڑیوں کے متبادل کے طور پر جن بلے بازوں کو اس سیریز میں آزمانے کا فیصلہ کیا ہے ان میں بابر اعظم بھی ہیں۔
بی بی سی اردو کے عبدالرشید شکور سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق اور یونس خان کے ساتھ کھیل کر جو کچھ سیکھا ہے وہ اس سیریز میں کام آئے گا۔
پاکستانی ٹیم منیجمنٹ نے اگرچہ گیارہ رکنی ٹیم کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن ٹیم کو حتمی شکل دی گئی ہے اور بابر اعظم پانچویں نمبر پر کھیلیں گے۔
ان کے علاوہ شان مسعود اور سمیع اسلم اننگز کا آغاز کریں گے جبکہ اظہر علی کو ون ڈاؤن پر کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اسد شفیق نمبر چار پر بیٹنگ کریں گے۔
متحدہ عرب امارات پاکستانی کرکٹ ٹیم کا مضبوط قلعہ رہا ہے جسے ابھی تک کوئی بھی ٹیم فتح نہیں کرسکی ہے۔
سنہ 2010 سے متحدہ عرب امارات میں اپنی ہوم سیریز کھیلتے ہوئے پاکستانی کرکٹ ٹیم یہاں کوئی ٹیسٹ نہیں ہاری ہے۔
ان سات برسوں میں پاکستانی ٹیم نے نو ٹیسٹ سیریز کھیلی ہیں جن میں اس نے پانچ میں کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ چار سیریز ڈرا ہوئی ہیں۔ یہ تمام کی تمام نو ٹیسٹ سیریز پاکستانی ٹیم نے مصباح الحق کی قیادت میں کھیلی تھیں۔