پاکستان: مردم شماری میں ’فوج کا کردار آئینی نہیں ضرورت‘

    • مصنف, عبداللہ فاروقی
    • عہدہ, بی بی سی اردو، ڈاٹ کام، اسلام آباد

جنوبی ایشیا میں اہم ملک سمجھے جانے والے پاکستان کو موجودہ صورتحال میں جب بھی کسی بڑے منصوبے پر کام شروع کرنا ہوتا ہے تو وہ اپنی فوج کی مدد ضرور حاصل کرتا ہے۔ چاہے معاملہ ملک میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کا ہو یا چین پاکستان اقتصادی راہداری کی سکیورٹی کا، ملک میں کرکٹ کی لیگ کا فائنل منعقد کرانا ہو یا پھر خانہ و مردم شماری، غرض فوج ہر چیز کا علاج ہے۔

بارہ مارچ کو پاکستان کی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران اِس بات کو تسلیم کیا کہ 'مارچ 2016 میں افواجِ پاکستان ملک میں دہشتگردی کے خلاف تاریخی جنگ میں خاصی مصروف تھی، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد ہو رہا تھا اور کراچی آپریشن جاری تھا اِس لیے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں مردم شماری کو ملتوی کیا گیا۔'

بدھ سے شروع ہونے والی خانہ و مردم شماری 25 مئی تک جاری رہے گی اِس دوران گھر گھر جا کر معلومات جمع کرنے والے فرد کو ایک فوجی اہلکار کی مدد بھی حاصل ہوگی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اِس مردم شماری میں گھر گھر جاکر معلومات حاصل کرنے والے سویلئن عملے کے مقابلے میں فوجی اہلکاروں کی تعداد زیادہ ہے۔

افواجِ پاکستان کی مدد سے کرائی جانے والی یہ پہلی مردم شماری نہیں ہے بلکہ 1998 میں بھی پاکستانی فوج کے ڈھائی لاکھ اہلکاروں نے اِس کام میں مدد فراہم کی تھی لیکن وہ مردم شماری ایک ہی مرحلے میں کرائی گئی تھی۔

اِس مرتبہ جب مردم شماری کی بات چلی تو یہ تجویز بھی افواجِ پاکستان کے متعلقہ حلقوں کی جانب سے پیش کی گئی کہ موجودہ صورتحال میں اِس پورے عمل کو دو مرحلوں میں کرایا جائے۔ اِس بات کی تصدیق بھی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کر چکے ہیں۔رواں سال مردم شماری میں جیسے پاکستان ادارہ برائے شماریات کا انتظامی ڈھانچہ ہے ویسے ہی افواجِ پاکستان نے اپنا بھی ایک علیحدہ انتظامی ڈھانچہ بنایا ہے۔ گھر گھر جاکر معلومات حاصل کرنے والے فرد کے ساتھ ایک فوجی اہلکار تعینات کیا جا رہا ہے۔ اِس کے علاوہ سرکل کی سطح پر فوج کا ایک سینسس سپورٹ آفیسر، اِس سے اوپر چارج سپورٹ ٹیم ہوگی اور اِس سے اوپر ضلعی سطح پر سینسس سپورٹ سیل قائم کیا جا رہا ہے جس کی نگرانی ڈویژن اور صوبائی سطح پر کی جایے گی۔ اِن سب کا مرکز ہوگا ہیڈ کوارٹر آرمی ایئر ڈفینس کمانڈ راولپنڈی۔ اِن تمام پرتوں کا مقصد مردم شماری کے عمل کو رواں رکھنا، اُس کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانا اور پورے عمل کو شفاف بنانا ہے۔

گھر گھر جاکر معلومات اکھٹی کرنے کے عمل میں فوجی اہلکار کا کردار یہ ہوگا کہ وہ براہ راست معلومات تو نہیں لے گا لیکن عملے کے جس فرد کو معلومات دی جا رہی ہوں گی وہ اُن معلومات کا اندراج فوج کے علیحدہ فارم میں بھی کرائے گا اور اُس فوجی اہلکار کا نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی یا نادرا سے مستقل رابطہ قائم ہوگا۔ وہ اہلکار جن معلومات کی پڑتال کرنا چاہے گا فوری کر سکے گا۔

اگر یہ کہا جائے کہ دراصل معلومات کا اندراج ایک نہیں بلکہ دو فارمز پر ایک ہی وقت میں ہو رہا ہوگا تو غلط نہ ہوگا۔ فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ یہ کہہ چکے ہیں کہ ’دیکھنے میں یہ آپ کو ایک سپاہی نظر آئے گا لیکن حقیقت میں وہ پوری فوج کی سپورٹ کے ساتھ ہوگا۔ جو ہمارا ایک چین سسٹم ہے سپاہی سے لے کر اوپر تک وہ پورا وہاں موجود ہوگا۔‘

پاکستان کے چیف سینسس کمشنر آصف باجوہ کے مطابق مردم شماری کے لیے فوج کی موجودگی آئینی نہیں بلکہ وقت کی ضرورت ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے جن پانچ بیماریوں کو اِس مردم شماری میں شامل کرنے کی تجویز دی تھی اُسے اور معذوری سے متعلق انداراجات کو بھی صرف اِس لیے مردم شماری کا حصہ نہیں بنایا گیا کہ زیادہ سوالات کی صورت میں وقت زیادہ لگتا اور اتنے طویل وقت کے لیے افواجِ پاکستان کے اہلکاروں کو اِس کام میں مصروف نہیں رکھا جاسکتا البتہ معذوری اور زبانوں اور بیماریوں کا شمار آئندہ سروے کی صورت میں کیا جائے گا جس کا ذکر فارم ٹو اے میں کیا گیا ہے۔