ممبئی کے غریبوں کا ’روٹی بینک‘
21ویں صدی کا ایک بہت بڑا چیلنج دنیا بھر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو خوراک فراہم کرنا ہے۔ یہ مسئلہ نہ صرف دنیا کے بڑے بڑے شہروں کو درپیش ہے بلکہ کئی ممالک میں دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگ بھی خوراک کی قلت کا شکار ہیں۔
بات کھانا کھلانے کی ہو تو ممبئی کے مشہور ڈبے والوں کے ذکر کے بغیر کہانی مکمل نہیں ہوتی۔ یہ ڈبے والے روزانہ ہزاروں افراد کو ان کے دفاتر وغیرہ میں کھانا پہنچاتے ہیں۔
اب چار سو ڈبے والوں نے ’روٹی بینک‘ کے نام سے ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہے جس کا مقصد شہر میں بچے ہوئے کھانے کو نہ صرف ضائع ہونے سے بچانا ہے بلکہ اسے مستحق افراد تک پہنچانا ہے۔
اس کے لیے ڈبے والوں نے ممبئی کے شادی ہالوں اور کیٹرنگ کمپنیوں کے ساتھ مل کر ایسا نظام ترتیب دیا ہے جس سے وہ روزانہ سینکڑوں افراد کی بھوک مٹا رہے ہیں۔
یہ ’بدلتی سوچ، بدلتے انداز‘ کے سلسلے کی 12ویں مختصر وڈیو ہے اور 16 وڈیوز پر مشتمل اس سلسلے کے لیے ہم سکول فاؤنڈیشن (Skoll Foundation ) کے تعاون کے مشکور ہیں۔