BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 19 July, 2004, 16:03 GMT 21:03 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
'گاڈ بلیس بش‘

News image
صدر بش اپنی پٹاری سے کونسا سانپ نکالیں گے! کیا وہ اسامہ ہوگا!
کل شام بس اسٹاپ پر کوئی پیپر بیک کتاب پڑھتی ہوئی (کام پر سے گھر جاتے ہوئے) اس عورت کے بیک پیک ( پیٹھ پر لٹکے تھیلے) پر جو اسٹکر چسپاں تھا، وہ یہ تحریر لیے ہوئے تھا: ’مشن کی تکمیل ابھی نہیں ہوئی۔ آئیے دو ہزار چار کے انتخابات میں بش کو شکست فاش دیں۔‘

ہم مقامی سینما میں مائیکل مور کی فلم ’فارن ہائیٹ نائین الیون‘ دیکھنے گئے جس کے لیے بہت سارے رپبلیکن پارٹی کے حامیوں کی طرح میری بیوی سیما کا بھی کہنا ہے ’ ہو نا ہو یہ فلم جارج ڈبلیو بش کو نومبر میں آنیوالے انتحابات میں ہروانے کے لیے بنوائی گئی ہے‘۔

’مائیکل مور اور اس کی یہ فلم ایک ہی ساتھ ہنسانے اور رلانے پر قدرت رکھتی ہے۔ میں نے فلم ختم ہونے پر ایک شخص کو کہتے سنا کہ اب تک ساٹھ ملین ڈالر سے زیادہ کمانے والی یہ پہلی دستاویزی فلم ہے جو باکس آفس پر ہٹ گئی ہے۔ امریکی سینما کے اسکرین پر صدر بش اور اس کے ساتھیوں اور پالیسوں پر لگتی پھبتیوں یا بش کی اپنی ہی باتوں پر فلم بینوں کو سینما ہال میں ہنسی کے پھوٹتے فوارے اور عراقی بچوں اور امریکی فوجیوں کی لاشوں پر لوگوں کو رونا آ جانا، یہ سب الیکشنوں میں ’کون ہارا، کون جیتا‘ سے بہت آگے کی بات ہے۔

مائیکل مور کا نام اس وقت سے زبان زد عام ہو گیا جب سے اس نے گزشتہ اکیڈمی فلم ایوارڈ کی تقسیمِ انعامات والی تقریب میں اپنی دستاویزی فلم ’باؤلنگ فار کولمبائن‘ پر ایوارڈ لینے کے کے بعد کہا کہ ہم نے اس شخص (بش) کا انتخاب کیا ہے جس نے عراقی جنگ کے نام پر ہم سے دھوکا کیا۔ایوارڈ کی تقسیم کی تقریب میں ایک اداکار نے آسکر ایوراڈ والی مورتی پر کہا تھا’ اگر یہ ایوارڈ طالبان کے افغانستان میں ہوتا تو کب کا توڑا جا چکا ہوتا‘۔

یہ صرف مائیکل مور اور اسکی فلم فارن ہائیٹ نائین الیون کی بات نہیں آج کل کتاب گھروں میں بش مخالف کتابوں کی بہت ہی شگوفے کھلے ہوئے ہیں۔’ بش سے نفرت کرنے کے لیے ایک ہزار ایک وجوہات ہیں‘ ’بش کا دماغ‘ ’بش کو گھر واپسی کا دروازہ دکھائیے‘ ’جارج ڈبلیو بش کے جھوٹ‘ بش سے نفرت کا ریڈر ان درجنوں کتابوں میں سے چند ہیں۔

لیکن صدر بش کی بغیر معاشقوں والی خشک زندگی چالیس کے پیٹے میں شراب سے توبہ کر لینا، راسخ العقیدہ کرسچین ہونا، گے شادیوں کا مخالف ہونا، اور عراق پر فوجی چڑھائی اسے آج بھی امریکہ کے مڈوسٹ ( وسط مغرب) اور ایسٹ کوسٹ (مشرقی ساحل) کے بہت سارے چھوٹے بڑے شہروں میں مقبول رکھے ہوئے ہے۔ ان ہی علاقوں کو امریکی صدارتی انتخابات کا میدان جنگ کہا جاتا ہے۔ اس علاقے کو امریکہ کا یو پی کہا جاتا ہے۔ وہاں اپنے گھروں اور گاڑیوں پر امریکہ پرچم لہراتے ہوئے لوگ نہ صرف ’گاڈ بلیس امریکہ‘ کہتے ہیں بلکہ وہ ’گاڈ بلیس بش‘ بھی کہتے ہیں۔

ان ہی علاقوں میں گندم اور مکئی کی میلوں دور تک لہلہاتی فصلوں میں سے کسی سانپ کی طرح بل کھاتی ہوئی سڑک پر ڈرائیو کرتے میرے دوست مرتضی سولنگی نے اس لینڈ اسکیپ کو وسطی سندھ سے تعبیر کیا تھا۔ اور بوب ڈیلن کہ جس کی سی ڈی ہم نے کچھ دن پہلے خریدی تھی کو ڈھول فقیر۔ اس امریکی ڈھول فقیر کی سی ڈی پر اس کا یہ مشہور گانا بج رہا تھا جو اس نے جنگ ویتنام مخالف تحریک کے دنوں میں گایا تھا۔ خدا ان کے ساتھ ہے، بندوق ان کے ہاتھ ہے۔

اسی امریکی یوپی سے صدر بش نے اپنی صدارتی انتخابات کی مہم کا غیر رسمی آغاز کیا۔ یہاں کے لوگوں نے تقریباً ایک سو سال کے بعد امریکی صدر کو پہلی بار دیکھا ہے۔ آخری بار امریکی صدر اس علاقے میں 1911 میں آیا تھا۔

قطعہ نظر اس کے کہ لیوی فلینٹ کے مشہور زمانہ میگزین ہسلر میں یہ کارٹون شائع ہوا ہے جس میں رپبلکن رہنماؤں کو مجسمہ آزادی کے ساتھ گروپ سیکس یا زنا با جماعت کرتے دکھایا گیا ہے۔ امریکہ میں لیوی فلنٹ کو آزادیِ تحریر و تقریر کا ایک بڑا حمایتی کہا جاتا ہے۔ آپ اسے امریکی پرنٹ میڈیا کا سعادت حسن منٹو کہہ سکتے ہیں۔

عراق، افغانستان، اقتصادیات، روزگار، ٹیکس کٹوتیاں، صحت عامہ، امیگریشن، ہم جنس شادیاں اور اسقاط حمل جیسے معاملات یہاں نومبر میں آنیوالے صدارتی انتخابات کے بڑے موضوع بنے رہیں گے۔

لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہ صدر بش جیسے بین بجاتے جوگی کی پٹاری میں آنیوالے انتخاب میں دکھانے کیلیے پکڑا ہوا کونسا سانپ ہوگا! کیا یہ سانپ اسامہ ہوگا!

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد