انٹیلیجنس ناکامیوں کی طویل تاریخ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں انٹیلیجنس کی ناکامی انٹیلیجنس کی ناکامیوں کی تاریخ میں ایک ممتاز مقام پر رکھی جائے گی۔ انٹیلیجنس کی ناکامیوں کی اس تاریخ میں ٹرائے کے لکڑی کے گھوڑے سے لے کر سٹالن کی انیس سو اکتالیس میں یہ خوش فہمی کہ جرمنی سوویت یونین پر حملہ نہیں کرے گا اور برطانیہ کا انیس سو بیاسی میں یہ خیال کہ ارجنٹائن فاک لینڈ پر حملے سے پہلے اطلاع دے گا، شامل ہیں۔ انٹیلیجنس کی ناکامیوں کی اس داستان میں امریکہ کے خلاف انیس سو اکتالیس میں پرل ہاربر اور گیارہ ستمبر، دو ہزار ایک کے حملے بھی شامل ہیں۔ انٹیلیجنس کی ناکامیوں کی مختلف صورتیں ہو سکتی ہیں۔ اصل سے زیادہ تخمینہ لگانا اس میں مبہم معلومات پر بہت زیادہ زور دیا جاتا ہے جس سے غلط نتیجہ نکل سکتا ہے۔ اس کی ایک مثال عراق کی جنگ ہے۔ اس کی ایک اور مثال ’ریان آپریشن ‘ ہے جس کی وجہ سے سرد جنگ کے دوران عالمی جنگ چھڑتے چھڑتے رہ گئی۔ ریان اسی کی دہائی میں ایک کے جی بی آپریشن تھا جس کی بنیاد یہ روسی خوف تھا کہ امریکہ روس پر میزائل حملہ کرنے والا تھا۔ خوش قسمتی سے مغرب کو ایک روسی منحرف اولیگ گوڈیوسکی کے ذریعہ اس کی بھنک پڑ گئی اور انہوں نے فوراً روس کو حملہ نہ کرنے کے پیغام بھیجے جس سے جنگ کا خطرہ ٹل گیا۔ اصل سے کم تخمینہ لگانا اس میں انٹیلیجنس انتظامیہ اور سیاسی قیادت دشمن کے ارادوں اور نیت کو پڑھنے میں ناکام رہتے ہیں۔
انیس سو اکتالیس میں سٹالن کو جرمنی کے طرف سے حملے کے اشاروں اور امریکہ اور برطانیہ کی وارننگ کے باوجود یہ یقین تھا کہ جرمنی سوویت یونین پر حملہ نہیں کرے گا لیکن سٹالن یہ ماننے کو تیار نہیں تھا۔ اس کے بعد جو ہوا وہ تاریخ کا حصہ ہے۔ اعتماد کی زیادتی اس میں ایک فریق کو اپنی قابلیت کے بارے میں اتنا زیادہ اعتماد ہوتا ہے کہ اس غلط فہمی میں مبتلا ہو جاتا ہے کہ دوسرا فریق اس پر حملے کی جرات نہیں کر سکتا۔ اس کی بہترین مثال اکتوبر انیس سو تہتر کی جنگِ کپور ہے جب اسرائیل کو یہ یقین اور اعتماد تھا کہ مصر اپنی کمزور پوزیشن کی بناء پر اس پر حملہ نہیں کر سکتا۔ لیکن مصر نے اسرائیل پر حملہ کیا اور انٹیلیجنس کی اس ناکامی پر اسرائیل کی وزیر اعظم کو استعفی دینا پڑا۔ عدم توجہی یہ اس وقت ہوتا ہے جب آپ کو یہ پتہ ہوتا ہے کہ دشمن آپ کے خلاف کچھ کر سکتا ہے لیکن یہ پتہ نہیں ہوتا کہ یہ کب اور کیسے ہو گا اور اس علم کے باوجود آپ کچھ نہیں کرتے۔
اس کی ایک مثال انیس سو بیاسی میں ارجنٹائن کا فاک لینڈ پر حملہ ہے جب ارجنٹائن کی فوجی حکومت کے واضح عزائم اور مذاکرات میں تعطل کے باوجود برطانیہ نے حملے سے بچاؤ کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ لاعلمی انٹیلیجنس اطلاعات کی عدم موجودگی میں آپ حالات کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔ اس کی مثال امریکہ کے خلاف انیس سو اکتالیس میں پرل ہاربر پر حملہ ہے۔ امریکہ کو اس حملے کا نہ تو علم تھا اور نہ ہی توقع۔ معلومات سے اخذ کرنے کی صلاحیت بکھری ہوئی مختلف النوع معلومات سے نتیجہ اخذ کرنے میں ناکامی بھی انٹیلیجنس کی ناکامی کی ایک قسم ہے لیکن عام طور اس کا انکشاف واقع کے وقوع پذیر ہونے کے بعد ہوتا ہے۔ اس کی مثال امریکہ کے خلاف گیارہ ستمبر، دو ہزار ایک کا حملہ ہے جب سی آئی اے اور ایف بی آئی موجود معلومات سے حملے کے بارے میں کوئی نتیجہ نکالنے میں ناکام رہے۔ تاریخ کی ان مثالوں سے سبق سیکھنا چاہیے لیکن مشکل یہ ہے کہ تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھتا۔ یہی وجہ ہے کہ انٹیلیجنس کی ناکامیوں کی اس فہرست میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||