آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان اب دوبارہ لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا: وزیر اعظم عمران خان
دنیا میں اس وقت 66 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر ہیں جبکہ پاکستان میں متاثرین کی تعداد 90 ہزار کے قریب ہے۔ لاہور میں لوگوں کی جانب سے ماسک نہ پہننے پر ٹریفک وارڈن کو چالان کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے جبکہ حکام کے مطابق ملک بھر میں قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ہزاروں کاروباری مراکز بند کیے جا چکے ہیں۔
لائیو کوریج
یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا
پاکستان اور دنیا بھر کی تازہ ترین صورتحال کے لیے ہمارے نئے صفحے پر آئیے
ٹِک ٹاک سٹارز اور کورونا آگاہی مہم: ’اگر کچھ کر نہیں سکتے تو دوسروں سے جلتے کیوں ہو‘
’جارج فلائیڈ کی احتجاجی ریلی میں شرکت نہ کریں‘
برطانیہ میں کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے روزانہ ہونے والی پریس کانفرنس میں آج وزیرِ صحت میٹ ہینکوک نے حصہ لیا۔ یہ پہلی مرتبہ تھا کہ اس بریفنگ میں کوئی اور حکومتی سائنسدان شامل نہیں تھا۔
وزیرِ صحت نے مندرجہ ذیل نکات پر بات کی:
- جن لوگوں کو کورونا وائرس ہو چکا ہے وہ اپنا بلڈ پلازما دے کر ان لوگوں کی مدد کر سکتے ہیں جو ابھی ہسپتالوں میں ہیں۔ اس پلازما میں اینٹی باڈیز موجود ہوتی ہیں۔ وزیرِ صحت نے کہا کہ انھوں نے آج صبح ہی خود یہ کیا ہے۔
- 15 جون سے ہسپتال میں جانے والے سبھی وزیٹرز اور آؤٹ پیشنٹس میں آنے والوں کو منہ پر ماسک پہننا لازمی ہو گا، سرجیکل ماسک کی ضرورت نہیں۔)
- انھوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ بڑے اجتماعات بشمول امریکی پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے جارج فلائیڈ کے لیے کی جانے والی احتجاجی ریلیوں میں شرکت نہ کریں۔
- آر نمبر انگلینڈ کے جنوب مغرب اور جنوب مشرق میں زیادہ ہے لیکن 1 سے کم ہے۔ قومی آر نمبر 0 اعشاریہ 7 اور 0 اعشاریہ 9 کے درمیان ہے۔
’گلگت بلتستان میں نظر آنے والے ایک بڑے وبائی بحران سے نمٹنے کی کوئی تیاری نہیں کی گئی‘, محمد زبیر خان، صحافی
محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق جون کے پہلے ہفتے میں کورونا کے متاثرین کی بڑھتی تعداد انتہائی پریشان کن ہے اور جون کے ابتدائی چند دونوں میں متاثرین کی تعدادتقریباً اپریل کے پورے ماہ جتنی ہے۔
محکمہ گلگت بلتستان کے مطابق مارچ کے مہینے یہ تعداد 184 تھی، اپریل میں 155، مئی میں یہ تعداد 372 اور جون کے پہلے چار دونوں میں یہ تعداد 141 تھی۔
گلگت بلتستان کے صوبائی وزیر ڈاکٹر محمد اقبال نے بی بی سی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ رمضان کے آخر سے شروع ہوچکا تھا جب وفاق نے لاک ڈاون پر کوئی متفقہ بیان نہیں دیا اور اس کے بعد عوام بھی ابہام کا شکار ہوئے اور پھر اعلان کردہ ایس او پیز پر کون عمل کرتا ہے۔
’ہمارے کئی ڈاکٹر اور دیگر ساتھی متاثر ہوچکے ہیں۔ ہمارا محکمہ صحت موجودہ صورتحال سے شدید پریشان ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں صوبائی حکومت نے دو وینٹیلیڑز خود خریدے ہیں، دس وفاق نے دیے ہیں جبکہ آٹھ پہلے کے موجود تھے۔
’اب جو صورتحال بن رہی ہے اس میں یہ انتہائی ناکافی ہیں کیونکہ ایک ایک مریض کی جان بچانے کے لیے اس کو کئی دونوں تک وینٹیلیٹر پر رکھنا پڑتا ہے اور گلگت بلتستان میں سامنے نظر آنے والے ایک بڑے وبائی بحران سے نمٹنے کی کوئی تیاری نہیں کی گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ وزارت صحت اسلام آباد کے مطابق گگلت بلستان میں کل 26وینٹیلیٹرز دستیاب ہیں۔ جن میں سے پانچ کو کورونا مریضوں کے لیئے مختص کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ گلگت بلستان میں آئی سی یو میں مریضوں کی دیکھ بھال اور ضروری مشنیری استعمال کرنے والے تربیت یافتہ سٹاف موجود نہیں ہے۔
’ ہمارا صحت کا نظام امریکہ اور یورپ کے مقابلے میں زیرو بھی نہیں ہے۔ اب اگر چند دونون میں ویسی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو پھر کیا کرئیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس وبا شروع ہونے سے ابتک کا وقت تھا کہ ہم اپنے صحت کے نظام کو مضبوط کرلیتے، انسانی جانیں بچانے کے لیئے بنیادی تیاریاں کرتے مگر بدقسمتی سے ابھی تک ایسا نہیں ہوا۔ صرف زبانی جمع خرچ ہوئے، ٹاک شوز میں بیٹھ کر بڑے بڑے دعوی کیئے گے۔
ویکیسن سمٹ میں 5.5 ارب ڈالر کا فنڈ جمع
برطانیہ کے زیر اہتمام ورچوئل گلوبل ویکسین سمٹ میں30 کروڑ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لیے تقریباً 5.5 بلین ڈالر اکٹھے کیے گئے ہیں۔
’اس سربراہی اجلاس میں 50 سے زائد ممالک اور ارب پتی بل گیٹس جیسے افراد نے وعدے کیے ہیں۔ بل گیٹس نے اپنی فاؤنڈیشن سے 1.6 ارب ڈالر دیے ہیں۔
برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے اگلے پانچ سالوں میں 1.65 ارب ڈالر کا وعدہ کیا۔
برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ ان کوششوں کے نتیجے میں آٹھ لاکھ تک جانیں بچائی جاسکیں گی۔
اس رقم سے پانچ برس میں بچوں کو پولیو، ملیریا اور خسرہ جیسی بیماریوں سے حفاظتی ٹیکے لگانے میں مدد ملے گی۔
اسلام آباد میں ہفتہ، اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان
اسلام آباد میں انتظامیہ نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق شہر میں ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔
اس کے علاوہ بیوٹی پارلر، سپا، جم، مزارات اور کاروباری مراکز کو دوبارہ بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر کھلی رہے گی اور کریانے کی دکانیں ساتوں دن صبح نو سے چھ اور گرجا گھر ساتوں دن صبح سات سے شام پانچ بجے تک کھلے رہیں گے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی نے ہائیڈروکسی کلوروکوین کا ٹرائل روک دیا
سائنسدانوں نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف آکسفورڈ نے اینٹی ملیریل دوا ہائیڈروکسی کلوروکوین پر ٹرائل فوری طور پر روک دیا ہے۔ انھوں نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب انھیں معلوم ہوا کہ اس کا کووڈ۔19 کے مریضوں پر کوئی اثر نہیں ہو رہا۔
ریکوری ٹرائلز میں، جو کہ کورونا وائرس کے ممکنہ علاج کے متعلق تھا، کئی لائسنسڈ ادویات کو شامل کیا گیا جو دوسری بیماریوں کے لیے استعمال کی جاتی تھیں۔ ان ہی میں ہائیڈروکسی کلوروکوین بھی شامل تھی۔
لیکن جمعرات کو ڈیٹا کا از سرِ نو جائزہ لینے کے بعد، چیف ریسرچرز نے فیصلہ کیا کہ ہائیڈروکسی کلوروکوین کے ٹرائل کو روک دیا جائے کیونکہ ان کے مطابق وہ ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کو بچانے میں کارآمد ثابت نہیں ہو رہی۔
تحقیق کاروں کو پتہ چلا کہ 25 اعشارہ 7 فیصد مریض جنھیں ہائیڈروکسی کلوروکوین کی دی گئی دوا لینے کے 28 دن بعد ہلاک ہو گئے۔ اس کے مقابلے میں دوسری عام کیئر کی ادویات دینے کے بعد ہلاک ہونے والوں کی شرح 23 اعشاریہ 5 فیصد تھی۔
گزشتہ مہینے طبی امور کے جریدے لانسٹ میں چھپنے والے مضمون کے لیے دنیا بھر میں کورونا وائرس کے 96 ہزار مریضوں اور 671 ہسپتالوں پر تحقیق کی گئی۔ تقریباً 15 ہزار مریضوں کو ہائیڈروکسی کلوروکوین یا اس کی دوسری قسم کلوروکوین دی گئی۔ مریضوں کو یا تو صرف یہ دوا دی گئی یا اینٹی بایوٹک کے ساتھ دی گئی۔
تحقیق کے نتیجے کے مطابق دوا سے کورونا وائرس کے مریضوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا اور ان میں دل کی دھڑکن بے قاعدہ ہونے اور مرنے کے خطرے میں اضافہ ہوا۔
بریکنگ, خیبر پختون خوا میں مزید 569 متاثرین کی شناخت، 541 مجموعی ہلاکتیں
صوبہ خیبر پختون خوا میں وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 2642 ٹیسٹس کے نتیجے میں 569 مزید متاثرین سامنے آئے ہیں۔ اس طرح کُل متاثرین کی تعداد اب 12459 ہو گئی ہے۔
جبکہ 20 اموات کے بعد اب صوبے میں مجموعی تعداد 541 ہو چکی ہے اور 145 مریضوں کے صحتیاب ہونے سے کل تعداد 3366 ہو گئی ہے۔
برطانیہ سے تازہ ترین
برطانیہ میں آج کیا ہوا:
برطانیہ میں ہلاک ہونے والے ان لوگوں کی تعداد 40,000 سے تجاوز کر گئی ہے جن میں کورونا وائرس کی مثبت تشخیص ہوئی تھی۔ صرف امریکہ ہی 108,000 اموات کے ساتھ برطانیہ سے اوپر ہے۔
ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ پر منہ ڈھانپنے کے قوانین کو ان تمام ان ڈور جگہوں پر بھی نافذ کر دینا چاہیئے جہاں سماجی فاصلہ ممکن نہ ہو۔
او این ایس سروے کے ڈیٹا کے مطابق انگلینڈ میں روزانہ نئے کیسز کی تعداد اب کم ہو کر 5,600 ہو گئی ہے۔
خیبر پختون خوا میں متاثرین کے لیے 5473 بستر، 508 وینٹی لیٹرز موجود
صوبہ خیبر پختون خوا کے ترجمان اجمل وزیر نے بتایا کہ صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کے لیے 5473 بیڈز موجود ہیں اور وینٹی لیٹرز کی تعداد 508 ہے۔
اجمل وزیر نے بتایا کہ صوبے میں وزرا، چیف سیکریٹری سمیت دیگر افسران کو کورونا ہوا جبکہ محکمہ اطلاعات کے بھی دو اہلکار کورونا سے ہلاک ہوئے۔
ایس او پیز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ وزیراعلی محمود خان کی تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایات کے تحت مختلف اضلاع میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پلازے اور مارکیٹس سیل کیے جارہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی ایس او پیز پر عمل درآمد سے مشروط تھی اس لیے ایس او پیز پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔
اجمل وزیر نے بتایا کہ صوبے کے سیاحتی مقامات کے لیے ایس او پیز کابینہ نے منظور کی ہے اور ان پر عمل سختی سے کیا جائے گا۔
اجمل وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی محمود خان خود کورونا کی صورتحال مانیٹر کررہے ہیں اور ہسپتالوں اور قرنطینہ سینٹرز کے دورے کررہے ہیں اور روزانہ تمام متعلقہ محکموں سے بریفنگ لیتے ہیں۔
وکٹوریاز سیکریٹ نے ایڈمنسٹریشن کی درخواست دے دی
عورتوں کے انڈر گارمنٹس یا زیرِ جامہ فروخت کرنے والی کمپنی وکٹوریاز سیکریٹ کی برطانوی شاخ نے ایڈمنسٹریشن کے لیے درخواست دے دی ہے اور اس کے 800 سے زائد ملازمین کی نوکریوں کو خطرہ ہے۔
وہاں فوری طور پر نوکریاں نہیں ختم کی جائیں گی کیونکہ ایڈمنسٹریٹرز اس کے لیے نیا خریدار ڈھونڈ رہے ہیں۔
یہ کورونا وائرس کا شکار ہونے والی ہائی سٹریٹ کمپنیوں میں تازہ ترین کمنی ہے۔ اس سے پہلے ڈیبینہمز، کیتھ کڈسٹن اور لورا ایشلے بھی اڈمنسٹریشن میں چلے گئی تھیں۔
وکٹوریاز سیکریٹ کا آن لائن کاروبار وکٹوریاز سیکریٹ یوکے کا حصہ نہیں ہے اس لیے اس میں کاروبار پہلے کی طرح چلتا رہے گا۔
ننھی بچی کو چلتی ٹرین میں دودھ پہنچانے والے اِندر یادو کی ویڈیو وائرل
بریکنگ, سندھ میں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات کا نیا ریکارڈ، 40 افراد ہلاک
سندھ کے وزیر اعلی مراد علی شاہ نے آج پریس کانفرنس میں بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 40 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جو کہ ایک دن میں سب سے زیادہ ہے۔
انھوں نے بتایا کہ صوبے میں 7377 ٹیسٹس کیے گئے جس میں سے 1353 نئے متاثرین کی شناخت ہوئی ہے۔
مراد علی شاہ کے مطابق اب تک کُل 215860 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس میں 34889 مریضوں کی شناخت ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اب تک کورونا کے باعث 615 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ آج 1005 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی مجومعی تعداد 17787 ہو چکی ہے۔
امریکہ میں بے روزگاری میں کمی، معیشت کے لیے ’اچھی‘ خبر
امریکہ کی معیشت نے کئی تجزیہ کاروں کو حیرت زدہ کر دیا ہے، گذشتہ ماہ جبکہ کورونا وائرس کا بحران بھی تھا، اس کی جاب مارکیٹ بہتر ہوئی ہے۔
مئی میں کل 25 لاکھ نئی نوکریوں کا اضافہ ہوا اور اپریل میں بے روز گاری کی شرح 14 اعشاریہ سات سے گر کر 13 اعشاریہ 3 پر آ گئی۔
اس طرح خدشات تھے کہ بے روز گاری 20 فیصد تک بڑھ جائے گی، لیکن شاید کئی ریاستوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی لانے سے اسے فرق پڑا ہے۔
تاہم یہ نئے اعداد و شمار وبا سے پہلے کے اعداد و شمار سے پھر بھی کہیں زیادہ ہیں۔ اس سال کے آغاز میں بے روز گاری انتہائی کم سطح پر آ گئی تھی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوراً اس کا کریڈٹ لیا اور ٹویٹ کیا: ’بہت اچھا صدر ٹرمپ (مذاقاً کہہ رہا ہوں پر ٹھیک بھی ہے۔)
امرکہ میں کووڈ۔19 کی وجہ سے اموات اور انفیکشنز دنیا میں سب سے زیادہ ہیں۔
جکارتہ میں مسجدیں تین ماہ بعد کھول دی گئیں
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جمعہ کو مسجدیں اور دیگر عبادت خانے تین مہینے بند رہنے کے بعد کھول دیے گئے ہیں۔
ایسا شہر کے گورنر کے جمعرات کو دیے گئے اس بیان کے بعد کیا گیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے تناظر میں آنے والے ہفتوں میں دفاتر، ریستوران، شاپنگ مالز اور سیاحتی مراکز بھی کھول دیے جائیں گے۔
نمازیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے جائے نماز ساتھ لے کر آئیں اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔ مسجدو کے دروازوں پر درجہ حرارت چیک کرنے کا بھی انتظام ہے۔
انڈونیشیا میں کورونا وائرس کے 29,000 تصدیق شدہ مریض ہیں جبکہ اب تک اس وائرس سے 1,770 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جکارتہ وبا کا مرکز ہے اور یہاں 7,766 تصدیق شدہ مریض ہیں اور 523 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
کورونا فنڈ: بولیویا کا تین وزارتیں اور ایران اور نکاراگوا میں سفارتخانے بند کرنے کا اعلان
بولیویا کی صدر جینائن اینز کا کہنا ہے کہ ان کے ملک نے نکاراگوا اور ایران میں اپنے سفارت خانوں کو بند کر دیا ہے جبکہ کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے تین وفاقی وزارتوں کو بھی بند کر دیا ہے تاکہ اس وبا کے لیے زیادہ سے زیادہ بجٹ اکھٹا کیا جا سکے۔
بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ملک کے سابق صدر ایوو مورالز جنھوں نے ملک میں پرتشدد مظاہروں کے بعد گذشتہ سال نومبر میں استعفی دے دیا تھا نے ان دو ممالک کے ساتھ قریبی سیاسی اور معاشی تعلقات قائم کر رکھے تھے۔
بولیویا کی صدر جینائن اینز نے ٹی وی پر اپنے بیان میں دونوں ممالک میں سفارت خانے بند کرنے کے اعلان کے ساتھ واضح کیا کہ انھیں دونوں ممالک سے کوئی شکوہ نہیں ہے، دونوں ممالک کے عوام بہت اچھے ہیں، جن کی ہم بہت قدر کرتے ہیں اور وہ ہمارے دوست ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان طریقوں سے بچائی گئی تمام رقم صحت کے شعبے کو دی جائے گی جسے کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے خرچ کی جائے گا۔
تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان اقدامات سے کتنی رقم بچ سکتی ہے۔
بولیویا میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 12 ہزار سے زائد بنتی ہے جبکہ 400 سے زائد افراد اس وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
مصر: جامعۃ الازہر میں دو ماہ کی پابندی کے بعد جمعے کی نماز
مصر میں قاہرہ کی جامعۃ الازہر نے اعلان کیا ہے کہ مسجد میں جعمے کی نماز کی ادائیگی کی جائے گی۔ اس میں 20 تک امام اور مقتدی موجود رہیں گے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایم ای این اے کے مطابق جامعۃ الازہر کے حکام نے واضح کیا ہے کہ اس نماز کی ادائیگی کے دوران تمام احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا جائے گا۔
جعمے کا خطبہ مصر کی سرکاری ٹی وی اور سوشل میڈیا پر نشر کیا جائے گا۔ مصر نے احتیاطی تدابیر کے طور پر مارچ 21 سے ہر قسم کے مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی تھی۔
گذشتہ ہفتے جعمے کی نماز کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور قاہرہ کی السیدہ نفیسہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی گئی۔
مصر کی وزارت صحت کے مطابق 1,152 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جبکہ 38 اموات بھی ہوئیں۔ اس وقت مصر میں متاثرین کی تعاد 29,767 ہے اور کل ہلاکتیں 1,126 ہوگئی ہیں۔
’ہمارے ملک میں دس لاکھوں لوگوں نے خود کو رجسٹر کرایا جس میں سے پونے دو لاکھ نے کام کیا‘
’آپ کا سب سے اہم مقصد لوگوں کو ایس او پی کے بارے میں بتانا ہے اور ان پر عمل کرانا ہے۔ ایسا کریں گے تو کام آسان ہوگا۔
مستقبل میں آپ کے فرائض کیا ہوں گے۔
- ایس او پیز پر عمل کرانا، اور آپ کو اس کے لیے کارڈز بھی دیے جائیں گے۔
- بیروزگار ہونے والے افراد کی معلومات جمع کرنی ہوگی۔
- آپ سے ہم ٹڈی دل کے حملے کے حوالے سے بھی مدد لیں گے۔
- ماحولیاتی تبدیلی کے لیے بھی آپ سے درخت لگانے کے ہمارنے منصوبے میں آپ کا استعمال کیا جائے گا۔
- انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزں کے بارے میں آگاہ کرنا ہوگا۔
- سب سے اہم بات ہماری عوام، ہمارے غریبوں کا خیال کرنا ہوگا۔
میں آپ سب کا بے حد مشکور ہوں۔ پاکستان کی طرح دیگر ممالک نے بھی رضاکاروں کی مدد لی ہے۔ ہمارے ملک میں دس لاکھوں لوگوں نے خود کو رجسٹر کرایا جس میں سے پونے دو لاکھ نے کام کیا۔
اٹلی میں 60 ہزار رضاکار نکلے ۔ برطانیہ، انڈیا میں بھی رضاکاروں کی خدمات لی گئیں مگر ہمارے ملک میں جذبے اور جنون کی کوئی کمی نہیں ہے۔
اصل کام آگے آئے گا، سب سے پہلے ایس او پی پر عمل کرانا ہے۔‘
بریکنگ, ’اب ہم پاکستان میں مزید لاک ڈاؤن نہیں کر سکتے‘
’ہمارا احساس پروگرام تھا۔ میں اپنی ٹیم کی تعریف کرنا چاہوں گا جنھوں نے امداد تقسیم کی اور اس کی وجہ سے ہم بہت بڑے عذاب سے بچ گئے۔ ہم نے ایک کروڑ 60 لاکھ افراد کو امداد دی ہے۔
اگر ہم یہ اقدامات نہیں اٹھاتے تو پاکستان میں بہت برا حال ہونا تھا۔ اب ہم مزید لاک ڈاؤن نہیں کر سکتے۔
ہمارے ڈاکٹرز پر دباؤ ضرور بڑھے گا اور ساری دنیا میں بھی یہی حال ہے۔ اگر ہم اس پھیلاؤ کو ایس او پی پر عمل کروا کر آہستہ کر دیں تو ہمارے ہسپتالوں پر دباؤ نہیں ہوگا۔
دنیا بھر میں لاک ڈاؤن سے اتنی تباہی ہوئی ہے، کاروبار دیوالیہ ہو گئے، وہ ملک جو دوسروں کو قرضے دیتے تھے وہ خود مقروض ہو گئے۔
پاکستان وہ ملک تھا جو مشکل میں تھا۔ آپ سمجھیں کہ انڈیا میں سخت ترین لاک ڈاؤن تھا لیکن انھیں بھی کھولنا پڑا لیکن پھر بھی ان کے کیسز بڑھتے گئے۔
لاک ڈاؤن صرف حل نہیں ہے۔ ہم نے سمارٹ لاک ڈاؤن کیا ، ہمارے ٹیکس میں آٹھ سو ارب کی کمی آئی ہے۔‘