کورونا: برطانیہ کا ویکسین کے لیے 84 ملین پاؤنڈز دینے کا اعلان، بلوچستان میں 148 نئے متاثرین
کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں اب تک 46 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر اور تین لاکھ سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان میں متاثرین کی کل تعداد 41 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں پیر سے 26 صنعتیں کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ادھر برطانیہ نے ویکسین کے لیے 84 ملین پاؤنڈز دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ چین کے شہر بیجنگ میں عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔
لائیو کوریج
بریکنگ, پاکستان میں اموات 900 سے زیادہ، پنجاب میں مریضوں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر گئیں
پنجاب کی جانب سے رات گئے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے بعد پاکستان میں 17 مئی کو تقریباً 2000 نئے متاثرین کی تشخیص ہوئی ہے۔
پنجاب میں 762 نئے مریض سامنے آنے کے بعد اب کل تعداد 15346 متاثرین کی ہو چکی ہے جس میں سے 260 افراد کی موت ہو گئی ہے اور 4917 افراد مکمل طور پر صحتیاب ہو گئے ہیں۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
بریکنگ, برطانیہ کا کورونا ویکسین کے لیے 84 ملین پاؤنڈذ کے فنڈز کا وعدہ
،تصویر کا ذریعہReuters
برطانیہ کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی ویکسین بنانے کے لیے سائسندانوں کو 84 ملین پاؤنڈز کے فنڈز فراہم کریں گی۔
برطانوی حکومت کی کورونا سے متعلق روزانہ کی بریفنگ میں وزیر تجارت آلوک شرما نے کہا تھا کہ حکومت کی مدد سے آکسفورڈ یونیورسٹی نے آسٹرا زینکا نامی کمپنی کے ساتھ ویکسین کی تیاری اور کمرشل بنیادوں پر تقسیم کے لیے عالمی لائسنس حاصل کر لیا ہے۔
اگر ویکسین کامیاب ہو گئی تو برطانیہ اس کو سب سے پہلے حاصل کرے گا اور اس ویکسین کی مجموعی طور دس کروڑ تیار کی جانے والی دوائی میں سے برطانیہ کو تین کروڑ ویکسین ملیں گے۔
نیو یارک کے گورنر نے ٹی وی پر براہ راست اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا
،تصویر کا ذریعہNYGovCuomo
امریکی ریاست نیو یارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے کورونا کے متعلق دی جانے والی روزانہ کی بریفنگ کے دوران ٹی وی پر براہ راست اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا ہے۔
ٹیسٹ کے لیے ان کے ناک سے سویب لیتے براہ راست دکھایا گیا۔
ٹیسٹ کے عمل سے پہلے ان کا کہنا تھا کہ ’میں ڈاکٹروں کو معائنہ کروانے میں اچھا نہیں ہوں خصوصاً انھیں پسند نہیں ہے کہ ان کے گلے یا ناک میں کچھ مارا جائے۔‘
ان کا کہنا تھا اس ٹیسٹ کو براہ راست دکھانے کا مقصد یہ ہے کہ عوام کو بتایا جائے کہ یہ ٹیسٹ کروانا آسان ہے اور اگر کسی میں کورونا کی علامات ہوں تو ان کو ٹیسٹ کروانے کی ترغیب دی جا سکے۔
نیویارک میں سنیچر کو ہلاکتوں کی تعداد 139 تھی جو جمعہ کے مقابلے میں کم تھی۔
26 مارچ سے اب تک نیویارک میں روزانہ کورونا کے باعث اموات ہو رہی ہیں۔
بریکنگ, بلوچستان میں کورونا کے 148 نئے کیسز
بلوچستان میں کورونا کے 148 نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2692 ہوگئی ہے۔
کورونا سے مزید ایک 60 سالہ شخص کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق صوبے میں مقامی منتقلی کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے جن کا تناسب 94 فیصد تک ہے۔
محکمہ صحت حکومت بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق 17مئی 2020 کو کورونا کے 358 ٹیسٹ کیے گئے۔
بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر18021 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 15329 نتائج منفی آئے۔
بلوچستان میں مجموعی طوپر پر45512 افراد کی سکریننگ کی گئی۔ مشتبہ مریضوں کی تعداد 18801ہے۔
کورونا وائرس سے اب تک 454 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
مزید ایک شخص کی ہلاکت کے بعد بلوچستان میں ہلاک مریضوں کی تعداد 37ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس: متحدہ عرب امارات کی یمن کے لیے امداد
،تصویر کا ذریعہGetty Images
متحدہ عرب امارات نے 43 ٹن خوراک کی امداد یمن کے مشرقی صوبے حدراموت کے لیے بھیجی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اپنے خیراتی ادارے ایمریٹس ریڈ کریسنٹ کے ذریعے یمن کے لوگوں کے لیے ایک ہزار پارسل بھیجے ہیں جس سے پانچ ہزار لوگ مستفید ہو سکتے ہیں۔
یمن کے مشرقی صوبے میں لاک ڈاؤن اور کرفیو سے معاشی حالات خراب ہو گئے تھے۔
سکاٹ لینڈ: کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کر گئی
سکاٹ لینڈ میں کووڈ-19 متاثرین کی تعداد میں 2،103 متاثرین کا اضافہ ہوا ہے۔
سکاٹ لینڈ کی حکومت کے مطابق کل 14،537 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں اس وقت کورونا وائرس کے 59 مریض داخل ہیں۔
اس وقت کورونا وائرس کے 1،308 مصدقہ یا مشتبہ مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔سکاٹ لینڈ میں کل 122،365 ٹسیٹ کیے جا چکے ہیں۔
بیجنگ کے شہریوں کے لیے ماسک پہننے کی پابندی ختم
،تصویر کا ذریعہGetty Images
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ماسک پہننے سے متعلق ہدایات واپس لے لی گئی ہیں۔ کورونا وائرس کے دنوں میں یہ چین کا پہلا شہر ہے جہاں اس پابندی کو اٹھایا گیا ہے شاید بیجنگ دنیا کا بھی پہلا شہر ہے جہاں اب گھر سے باہر ماسک نہ پہننے جیسی پابندی نہیں ہے۔
بیجنگ میں ماسک نہ پہننے کی اجازت اس طرف اشارہ کرتی ہے کہ چین میں کورونا وائرس اب قابو میں ہے۔
ریاستی اخبار چائنہ ڈیلی کے مطابق ماسک پہننے کے کئی ماہ بعد اب بیجنگ میں لوگ کھلی فضا میں سانس لے سکتے ہیں۔
بیماریوں سے بچاو سے متعلق ادارے نے ماسک نہ پہننے سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ اب بیجنگ میں لوگوں کا ماسک پہننا ضروری نہیں ہے۔
بیجنگ کی عوام سے کہا گیا ہے کہ جب موسم اچھا ہو تو وہ باہر نکل کر صحت مند رہنے کے لیے ورزش کر سکتے ہیں۔
بلوچستان: تاجروں کا عدم تعاون، حکومت کی دوبارہ سخت لاک ڈاون کی دھمکی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ تاجروں نے لاک ڈاﺅن میں نرمی کے حوالے سے جو یقین دہانیاں کرائی تھی ان پر وہ عملدرآمد نہیں کررہے ہیں۔
کوئٹہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تاجروں نے لاک ڈاﺅن میں نرمی کے لیے نہ صرف طے شدہ احتیاطی تدابیر پر خود عملدرآمد کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی بلکہ یہ بھی یقین دہانی کرائی تھی وہ گاہکوں سے بھی ان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
ان کا کہنا تھا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ احتیاطی تدابیر کا خیال نہیں رکھا جارہا ہے جس سے کورونا کے بڑھنے کا اندیشہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگر ایس او پیز کو نہیں مانا گیا تو حکومت دوبارہ سخت لاک ڈاؤن کرسکتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 500 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کی جانب سے یقین دہانیوں پر عملدرآمد نہ کرنے کی وجہ سے ابھی تک ہم نے پبلک ٹرانسپورٹ کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
انھوں نے بتایا کہ ہم ٹرانسپورٹروں سے رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام سے گزارش ہے کہ ایس او پیز پر عمل کریں۔
کیا ویڈیو گیم کھیلنا مراقبہ کرنے میں مدد دے سکتا ہے؟
بریکنگ, گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے متاثرین 540 ہو گئے, محمد زبیر خان صحافی
گلگت بلتستان محکمہ صحت کے مطابق مصدقہ متاثرین کی تعداد 540 ہوگئی ہے۔
16 مئی کو مزید 13 افردا میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس میں 1 کا تعلق استور, 2گانچھے، 1نگر،1 ہنزہ, 8 کا تعلق ضلع گلگت سے ہے۔
گلگت بلتستان میں مزید 20 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جن سے 8 کا تعلق استور، 10 ضلع گلگت، 2 کا تعلق شگر سے ہے۔ اب تک اس علاقے میں مجموعی طور پر 368 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
اس وقت گلگت بلستان میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 168 ہے جبکہ اب تک صرف چار ہلاک ہوئے ہیں۔
گلگت سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے جہاں پر اس وقت 81 مریض زیر علاج ہیں۔
انڈیا: ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کا 31 مئی تک لاک ڈاؤن میں توسیع کا مشورہ
انڈیا کی نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ریاستی اور وفاقی وزارتوں کو لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کی ہدایات کی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے حکومت سے کہا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کے لیے اس لاک ڈاؤن میں متعلقہ قانون کے تحت توسیع کی جائے۔
این ڈی ایم اے نے نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کو لاک ڈاؤن میں بہتری کی ہدایات بھی دی ہیں تاکہ معاشی سرگرمیوں کو بھی بحال کیا جا سکے۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق اس حوالے سے نئی ہدایات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
بلوچستان: عید الفطر پر میلوں اور دیگر تفریحی اجتماعات پر پابندی
کورونا کے باعث بلوچستان میں عید الفطر پر حکومت نے میلوں اور اس نوعیت کے دیگر تفریحی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ بات حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کوئٹہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔
انھوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے لوگ ایک مشکل صورتحال سے دوچار ہیں اور موجودہ حالات میں حکومت کی طرح لوگوں کو بھی عید سادگی سے منانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو چاہیے کہ عید پر زیادہ اخراجات کرنے کی بجائے رقم اپنے راشن کے لیے بچا کر رکھیں اور ان لوگوں کی مدد کریں جو کورونا کی وجہ سے مشکل سے دوچار ہیں ۔
بریکنگ, پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دو ہفتے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ
،تصویر کا ذریعہM A JARRAL
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے خطے میں کورونا کے بڑھتے کیسز کی بنا پر پیر کی رات سے دو ہفتے تک مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک میں لاک ڈاؤن میں دی جانے والی نرمی کے باعث متعدد افراد نے پاکستان کے دیگر صوبوں سے اس خطے کی جانب رخ کیا اور تمام اضلاع میں کھولے جانے والی دکانیں یا کاروباری مراکز کی وجہ سے صرف بیس دنوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ گزشتہ ماہ سے کہیں زیادہ رہا۔
ان کے مطابق اب تک اس خطے میں 112 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جن میں اکثریت نے بیرون ریاست سے اس خطے کی جانب سفر کیا ہے۔
صحافی ایم اے جرال کے مطابق انھوں نے بتایا لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے کورونا وائرس مزید پھیلنے کا خدشہ ہے جس بنا پر حکومت نے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے سخت فیصلہ کیا ہے جس کے تحت لاک ڈاون میں دی جانے والی نرمی کو ختم کرتے ہوئے دو ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاون کیا جائے گا۔
ان کے مطابق اس لاک ڈاؤن میں میڈیکل اسٹورز کے علاوہ اشیا خورد و نوش کی دکانیں مقررہ وقت تک کھلی رہیں گی جبکہ دیگر تمام دکانیں یا کاروباری مراکز بند رہیں گے۔
راجہ فاروق حیدر کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ عیدالفطر تک بند رہے گی جس کے بعد اس کے کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ حالات کے مطابق کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان یا دیگر صوبوں سے اس خطے کے درمیان یا اندرون ریاست ٹرانسپورٹ معطل رہے گی جبکہ تمام داخلی و خارجی راستوں پر متعلقہ حکام کو مزید سختی کرنے کا حکم دیا ہے۔
ان کے مطابق اندرون ریاست پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل پر بھی سختی ہوگی بلاوجہ کسی کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
راجہ فاروق حیدر خان نے بتایا اگر پاکستان کی حکومت نے اپنے تمام صوبوں میں لاک ڈاون پر پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا تو ریاست کی حکومت اس وقت حالات کے مطابق جاری اس لاک ڈاؤن پر دوبارہ مشاورت کرے گی۔
قرنطینہ میں کیسے رہیں، نظر بند رہنے والے افراد کے مفید مشورے
انگلینڈ، سکاٹ لینڈ اور ویلز میں مزید متاثرین اور ہلاکتیں
انگلینڈ، سکاٹ لینڈ اور ویلز میں مزید متاثرین اور ہلاکتوں کی تفصیلات
انگلینڈ میں مزید 90 افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد یہاں ہسپتالوں میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 24617 ہو گئی ہے۔
سکاٹ لینڈ میں مزید نو افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 2103 ہو گئی۔
ویلز میں بھی مزید 12 افراد جان کی بازی ہار گئے اور یہاں مجموعی ہلاکتیں 1203 ہیں۔
ویلز اور سکاٹ لینڈ میں اکثریتی ہلاکتیں ہسپتالوں میں ہوئیں۔
برطانیہ میں مجموعی طور پر متاثرین اور ہلاکتوں کی تعداد محکمہ صحت کچھ دیر میں جاری کرے گا۔
کورونا وائرس: چین کی تیسری امدادی میڈیکل کھیپ مصر پہنچ گئی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
مصر نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے چین سے میڈیکل سامان کی تیسری امدادی کھیپ وصول کی ہے۔
مصر کی وزارت صحت نے نے اپنے فیس بک پیج پر چین سے کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کے لیے 30 ٹن کی امدادی کھیپ کا چین کا تحفہ ان تک پہنچ چکا ہے۔
وزارت صحت کےترجمان خالد میگھاد کا کہنا ہے کہ اس چینی امدادی کھیپ میں ایک اعشاریہ سات ملین فیس ماسک، 70 ہزار گلوز، 70 ہزار حفاظتی میڈیکل لباس اور 70 ہزار ہی ٹیسٹنگ کٹس شامل ہیں۔
میگھاد کے مطابق قاہرہ ایئرپورٹ پہنچنے پر تمام سامان کو سٹریلائزڈ کیا گیا ہے۔
دس مئی کو مصر نے چین کی طرف سے دوسری امدادی کھیپ وصول کی تھی۔ اپر میں چین نے مصر کے لیے 20 ہزار تک این 95 ماسک، دس ہزار حفاظتی لباس اور دس ہزار ٹسیٹنگ کٹس بھیجی تھیں۔
مصر میں 15 مئی کو کورونا سے 21 افراد ہلاک جبکہ 399 نئے متاثرین سامنے آئے۔ اس وقت مصر میں کل متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہو گئی اور کل اموات 592 ہو گئی۔
کورونا سے بچوں کو کتنا خطرہ ہے؟
،تصویر کا ذریعہPA Media
عالمی ادارہ صحت کی چیف سائنسدان سومیا سوامی
ناتھن نے کہا ہے کہ بچے بظاہر کووِڈ-19 سے شدید بیمار نہیں پڑ رہے لیکن اس حوالے
سے ڈیٹا کی کمی ہے کہ وہ اسے کتنی تیزی سے آگے پھیلاتے ہیں۔
بی بی سی ون کے اینڈریو مار شو میں گفتگو کرتے
ہوئے انھوں نے کہا کہ جن ممالک میں سکول کھلے رہے ہیں، وہاں سکولوں میں وبا کی بڑی
لہر دیکھنے میں نہیں آئی۔
انھوں نے کہا کہ ‘ہم اس وقت جو جانتے ہیں، اس سے لگتا ہے کہ اگر
بچوں کو انفیکشن ہو بھی جائے تو وہ اسے آگے پھیلانے کی صلاحیت کم رکھتے ہیں۔’
سومیا نے بتایا کہ کچھ اطلاعات ہیں کہ بچوں کو
بیماری کی چند علامات کی وجہ سے ہسپتال داخل کیا گیا ہے جو ممکنہ طور پر کورونا سے
منسلک ہو سکتی ہیں، مگر اس حوالے سے مزید ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ سکولوں کو دوبارہ کھولنے کا
فیصلہ کرتے وقت یہ دیکھنا چاہیے کہ آیا اس علاقے میں مرض پر قابو پایا جا چکا ہے
اور کیا کلاسوں کی از سرِ نو ترتیب اور ہاتھ دھونے کی سہولیات مہیا کرنے کے لیے
سکولوں کو کافی وقت فراہم کیا گیا ہے۔
بریکنگ, مصر میں عید تعطیلات کے دوران کرفیو نافذ رہے گا
،تصویر کا ذریعہGetty Images
کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو رکھنے کے لیے مصر نے عید کے چھٹیوں تک لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
مصر کے وزیر اعظم مصطفیٰ مدبولی نے اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرفیو 24 سے 29 مئی تک نافذ رہے گا۔
مصرکے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تمام دوکانیں، شاپنگ سنٹرز، ریستوران، پارکس، ساحل سمندر اور تمام دیگر سینٹرز بھی بند رہیں گے۔ چھ دنوں کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
عید کی نماز ایک مسجد سے ٹی وی پر براہ راست نشر کی جائے گی۔ مسجد میں صرف عملے کو جانے کی اجازت ہو گی۔ دیگر مساجد میں سپیکرز کی اجازت ہو گی۔
عام افراد کو مسجد میں نماز کی اجازت نہیں ہو گی۔
افغانستان میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد چھ ہزار سے بڑھ گئی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
افغانستان کی وزارت صحت نے اتوار کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 349 متاثرین کی تصدیق کی ہے۔ نجی ٹی وی چینل طلوع نیوز کے مطابق اس وقت افغانستان میں متاثرین کی کل تعداد 6،402 بنتی ہے۔
اس وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں افغانستان میں 15 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 32 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق کابل کے میئر داؤد سلطان زوئی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ انھوں نے خود افغان میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی ہے۔
شکریہ ٹرمپ: انڈین وزیر اعظم نریندر مودی وینٹیلیٹرز عطیات پر امریکہ کے شکر گزار
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد کہ امریکہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں انڈیا کو وینٹیلیٹرز عطیہ کرے گا، انڈیا کے وزیر اعظم نریند مودی نے امریکہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انڈیا اور امریکہ کی دوستی کی مزید مضبوطی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اپنے ایک ٹویٹ میں انڈین وزیر اعظم نے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا وہیں انھوں نے کہا کہ اس وبا کے خلاف ہم مشترکہ طور پر لڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمیشہ اہم ہوتا ہے کہ ایسی صورتحال میں کورونا وائرس سے نجات پانے کے لیے جتنا ممکن ہو سکے اقوام ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں کہ امریکہ انڈیا میں اپنے دوستوں کو وینٹیلیٹرز عطیہ کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انڈیا اور امریکہ اس مہلک وائرس کے خاتمے کے لیے مل کر ویکسین بنانے پر بھی کام کر رہے ہیں، جس سے دنیا میں تین لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو گئے اور 45 لاکھ سے زائد اس سے متاثر بھی ہوئے۔
امریکہ نے یہ نہیں بتایا کہ وہ انڈیا کو کتنی تعداد میں وینٹیلیٹرز عطیہ کرے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم انڈیا کو بہت سے وینٹیلیٹرز بھیج رہے ہیں۔ میں نے وزیر اعظم مودی سے بات کی ہے۔ ہمارے پاس وینٹیلیٹرز کی بڑی فراوانی ہے اور ہم انڈیا کے لیے ان میں سے بھیج رہے ہیں۔
جمعے کو صدر ٹرمپ نے انڈین وزیر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے اپنا بہترین دوست قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کچھ عرصے قبل ہی انڈیا کا دورہ کر کے واپس آئے ہیں اور ہم متحد ہیں۔