آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

برطانوی انتخابات: کب کیا ہوا

برطانیہ میں جمعرات کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد 650 میں سے 640 سے زیادہ نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں اور کوئی بھی جماعت حکومت سازی کے لیے درکار سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, ’کنزرویٹو اور ڈی یو پی مل کر کام کریں گے‘

    برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کا کہنا ہے کہ کنزرویٹو اور ڈی یو پی مل کر کام کریں گے اور کئی سالوں سے دونوں جماعتوں کے خاص تعلقات ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ بریگزٹ کے پرانے ٹائم ٹیبل پر بات چیت جاری رہے گی۔

    ٹریزا مے نے وعدہ کیا کہ وہ دس روز میں شروع ہونے والے بریگزٹ مذاکرات میں ملک کے مفادات کا تحفظ کریں گی اور برطانوی عوام کی رائے کا احترام کرتے ہوئے برطانیہ کو یورپی یونین سے نکالیں گی۔

  2. بریکنگ, میں حکومت بنا رہی ہوں: ٹریزا مے

    ٹریزا مے نے کہا ہے کہ وہ حکومت سازی کر رہی ہیں اور ان کی حکومت بے یقینی کو ختم کرے گی اور ملک کو محفوظ بنانے کے لیے کام کرے گی۔

  3. بریکنگ, ٹریزا مے محل سے ڈاؤننگ سٹریٹ روانہ

    برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کی بکنگھم پیلس میں ملکہ کے ساتھ ملاقات 20 منٹ جاری رہی۔ ملاقات کے بعد وہ واپس ڈاؤننگ سٹریٹ روانہ ہو گئی ہیں جہاں پرپریس بریفنگ کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

  4. بریکنگ, 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر پریس بریفنگ کے لیے تیاریاں

    برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کو بکنگھم پیلس آئے ہوئے 20 منٹ ہو گئے ہیں جبکہ ان کی ملکہ سے ملاقات زیادہ سے زیادہ 30 منٹ تک ہونی ہے۔

    دوسری جانب 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر پریس بریفنگ کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

  5. بریکنگ, ٹریزا مے کی بکنگھم پیلس آمد

    وزیراعظم ٹریزا مے ملکہِ برطانیہ سے حکومت سازی کی اجازت مانگنے کے لیے بکنگھم پیلس پہنچ گئی ہیں۔

  6. حتمی نتائج، کنزرویٹو ایوان کی سب سے بڑی جماعت

  7. جیریمی کوربین نے ٹریزا مے سے کہا ہے کہ وہ حکومت سازی سے دستبردار ہو جائیں

    وزیراعظم ٹریزا مے برطانوی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے ملکہِ برطانیہ سے ملاقات کریں جس میں وہ اکثریت نہ ہونے کے باوجود حکومت سازی کی اجازت مانگیں گی۔

    ان کو امید ہے کہ شمالی آئر لینڈ کے ڈیموکریٹک یونینسٹ ان کی حمایت کریں گے۔

    اس وقت صرف ایک نشست کا نتیجے کا اعلان ہونا باقی رہ گیا ہے۔ کنزرویٹو جماعت 326 نشستوں سے آٹھ کم ہیں۔

    لیبر جماعت کے سربراہ جیریمی کوربین نے ٹریزا مے سے کہا ہے کہ وہ حکومت سازی سے دستبردار ہو جائیں اور لیبر جماعت حکومت سازی کے لیے تیار ہے۔

  8. کیا اس بار حکومتی اتحاد بنے گا؟

    اقلیتی حکومت کو قابلِ عمل بنانے کے لیے کتنی نشستیں درکار ہوں گی؟

    کوئی جماعت اکثریت حاصل کیے بغیر بھی اقلیتی حکومت چلا سکتی ہے۔

    اسے ایک منقسم اپوزیشن کا سامنا ہوگا۔ اگر لیبر یا کنزرویٹو جماعت اقلیتی حکومت بناتی ہے تو کسی قانون کو روکنے کے لیے لبرل ڈیموکریٹس، ایس این پی، یوکیپ، پلیڈ سیمرو، گرینز اور ڈی یو پی، سب کو مل کر اس کے خلاف ووٹ ڈالنے پڑیں گے۔

    ایسا عملاً کرنا مشکل ہوتا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے پاس صرف حکومت سے زیادہ سیٹیں ہونا کاقی نہیں ہے۔ ان کا ایک واضح متبادل اتحاد ہونا بھی لازمی ہے۔

  9. حکومتی اتحاد کیا چیز ہے؟

    پارلیمنٹ میں حکومتی اتحاد کا مطلب یہ ہے کہ دو یا اس سے زیادہ سیاسی جماعتیں مل کر بطور ایک یونٹ حکومت کریں۔

    اتحاد میں چھوٹی پارٹیوں کو بھی وزارتیں دی جاتی ہیں اور ایک مشترکہ پروگرام پیش کیا جاتا ہے۔

  10. ملکہ کا کردار کیا ہے؟

    کسی جماعت کا/کی سربراہ ملکہ کو مطلع کر سکتا/سکتی ہے کہ ان کے پاس دارالعوام میں اکثریت ہے جس پر ملکہ انھیں حکومت سازی کی اجازت دیتی ہیں۔

    روایتی طور پر ملکۂ برطانیہ جماعتی سیاست میں مداخلت نہیں کرتیں اس لیے ایسا کوئی امکان نہیں کہ وہ وزیراعظم کا انتخاب کریں۔

    یہ امکان ضرور ہے کہ وہ حکومت نہ بننے کی صورت میں ایوان سے خطاب نہ کریں۔

  11. کتنا عرصہ لگے گا؟

    اس کے لیے کوئی خاص وقت مقرر نہیں ہے کہ اتنے دن میں طے کرنا ضروری ہے۔ 2010 میں اس عمل میں پانچ دن کا وقت لگا تھا لیکن اس بار اس بات کا امکان ہے کہ اس میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

    فی الوقت پہلی ڈیڈ لائن تیرہ جون ہے جب نئی پارلیمان کا پہلا اجلاس منعقد ہو گا۔ ٹریزا مے کے پاس اس تاریخ تک حکومت سازی کے لیے اتحاد کرنے یا پھر مستعفی ہونے کے لیے وقت ہے۔

    تاہم مستعفی ہونے کے لیے ضروری ہے کہ وزیراعظم پر واضح ہو کہ کوربن حکومت بنا سکتے ہیں اور وہ ایسا نہیں کر سکتیں۔ وہ حق رکھتی ہیں کہ دارالعوام میں اعتماد کا وووٹ لینے کی کوشش کریں۔

  12. حکومت سازی کا موقع سب سے پہلے کسے مل سکتا ہے؟

    کنزرویٹو پارٹی کی رہنما ٹریزا مے کو، جن کی جماعت کو تقریباً 318 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔ دوسری جماعتوں کی مدد سے اکثریت حاصل کرنے تک وہ وزیراعظم کے عہدے پر برقرار بھی رہ سکتی ہیں۔

    اگر یہ واضح ہو جائے کہ وہ اپنی ان کوششوں میں ناکام رہی ہیں اور جیریمی کوربن کو کامیابی مل سکتی ہے تو پھر ٹریزا مے مستعفی ہوسکتی ہیں اور کوربن وزیراعظم بن سکتے ہیں۔

    دونوں رہنماؤں کو ایسا کرنے کے لیے اس بات کا انتظار نہیں کرنا ہے کہ پہلے ٹریزا مے اپنی تمام کوششیں مکمل کر لیں پھر کوربن اپنی کوشش شروع کریں گے بلکہ دونوں ہی اپنی اپنی کوششیں ایک ساتھ ہی شروع کر سکتے ہیں۔

    یہ دونوں ہی جس جماعت سے چاہیں اتحاد کے لیے بات کر سکتے ہیں۔

  13. اب کیا ہوگا؟

    معلق پارلیمان کی صورت میں بھی کنزرویٹو پارٹی کی حکومت قائم رہ سکتی ہے اور ٹریزا مے وزیراعظم کی رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں اس وقت تک رہ سکتی ہیں جب تک یہ فیصلہ نہیں ہو جاتا کہ نئی حکومت کون تشکیل دے گا یا جب تک وہ خود ہی مستعفی نہیں ہوجاتیں۔

    اس دوران ایک مخلوط حکومت کے قیام کے لیے مختلف جماعتوں کے رہنماؤں اور ان کی ٹیموں کے درمیان بات چیت کا دور شروع ہو سکتا ہے جس میں اس بات پر غور و فکر ہو سکتا ہے کہ ٹریزا مے کو موقع دیا جائے یا پھر دوسر نمبر پر آنے والی جماعت لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربن کو۔

    واضح رہے کہ موجودہ صورت حال میں یہی دو رہنما وزارت عظمی کے عہدے کے دعویدار کہلائے جا سکتے ہیں۔

    یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ان دونوں جماعتوں کے رہنماؤں میں کوئی ایک خود اپنا راستہ اختیار کرے اور دوسری چھوٹی جماعتوں کی مدد سے ایک اقلیتی حکومت قائم کرنے کی کوشش کرے۔

  14. معلق پارلیمان کیا ہے؟

    جب کوئی بھی جماعت اتنی نشستیں حاصل نہیں کر پاتی کہ وہ اپنے بل بوتے اکثریتی حکومت قائم کر سکے تو کہا جاتا ہے کہ معلق پارلیمان ہے۔ یہی صورت حال 2010 کے عام انتخابات کے بعد بھی پیدا ہوئی تھی۔

  15. انتخابات کیسے جیتے جاتے ہیں؟

    وزیراعظم بننے کا آسان طریقہ تو یہ ہے کہ پارلیمان کے ایوان زیر یں یعنی دارالعوام میں اکثریت حاصل کی جائے۔ اکثریت حاصل کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے ارکان کی تعداد دیگر تمام جماعتوں کے مجموعی ارکان پارلیمان کی تعداد سے زیادہ ہو۔

    ظاہر ہے 650 میں سے اس کے لیے 326 ارکان کا تعلق آپ کی جماعت سے ہونا ضروری ہے۔

    کسی بھی حکومت کے لیے ایوان میں قانون سازی کرنے اور حزب اختلاف کے ہاتھوں شکست سے بچنے کے لیے یہ تعداد کافی ہے۔ لیکن اگر اتنی تعداد میں کسی بھی ایک جماعت کو نشستیں حاصل نہیں ہوئیں تو پھر کہا جاتا ہے کہ پارلیمان معلق ہے۔

  16. کیا سب سے زیادہ ارکانِ پارلیمان والی جماعت حکومت بنائے گی؟

    یہ ضروری نہیں کہ جسے سب سے زیادہ نشستیں ملی ہوں وہی پارٹی حکومت تشکیل دے۔

    تاہم عام طور پر یہی ہوتا ہے کہ 650 نشستوں والی پارلیمان میں جس جماعت کو سب سے زیادہ نشستیں حاصل ہوتی ہیں اسی کو فاتح مانا جاتا ہے اور اسی جماعت کا رہنما عموما اگلا وزیراعظم بھی ہوتا ہے۔

    لیکن شاید اس بار معلق پارلیمان کی صورت میں ایسا نہ ہو۔ یہ بہت ممکن ہے کہ جو جماعت دوسرے نمبر پر ہے وہ دیگر پارٹیوں کی مدد سے حکومت تشکیل دے پائے۔

  17. بریکنگ, خواتین ممبر پارلیمنٹ منتخب ہونے کا نیا ریکارڈ

    برطانیہ کے ہاؤس آف کومنز یعنی دارالعوام میں اس بار 207 خواتین ممبران منتخب ہوئی ہیں۔ اس سے قبل اتنی زیادہ تعداد میں خواتین ممبران کبھی منتخب نہیں ہوئیں۔ انتخابات سے قبل 197 خواتین ممبران تھیں۔

    اس بار انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں میں 30 فیصد خواتین تھیں جبکہ 2015 کے انتخابات میں یہ شرح 26 فیصد تھی۔

  18. ’ایسا لگتا ہے کہ ٹریزا مے نے اپنی پوزیشن بہتر کر لی ہے‘

    بی بی سی کی مدیر برائے سیاسی امور لارا کوئنسبرگ ڈاؤننگ سٹریٹ میں موجود ہیں اور وہ کنزویٹو جماعت کے ارکان سے بات چیت کر رہی ہیں۔

    ’ایسا لگتا ہے کہ ٹریزا مے نے اپنی پوزیشن بہتر کر لی ہے۔‘

    ’کنزرویٹو جماعت کے کئی ارکان نے صاف الفاظ میں کہا ہے کہ وہ ٹریزا مے کو وزیراعظم کی بجائے نگراں وزیراعظم تصور کریں گے۔‘

  19. بریکنگ, ٹریزا مے حکومت سازی کی اجازت مانگیں گی

    بی بی سی کی مدیر برائے سیاسی امور لارا کوئنسبرگ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ٹریزا مے برطانوی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے ملکہِ برطانیہ سے ملاقات کریں جس میں وہ اکثریت نہ ہونے کے باوجود حکومت سازی کی اجازت مانگیں گی۔