ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری، کب کیا ہوا

امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے 45 صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے جبکہ اس موقع پر ان کے حامیوں اور مخالفین کی جانب سے امریکہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

لائیو کوریج

  1. پوپ کا ٹرمپ کو مشورہ

    پوپ فرانسس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر بننے کے بعد مشورہ دیا ہے کہ وہ غریبوں کا خیال رکھیں اور اخلاقی اقدار سے رہنمائی حاصل کریں۔

    انھوں نے لکھا: (میری دعا ہے کہ) ’آپ کی قیادت میں امریکہ غریبوں، محتاجوں اور مدد کے طالب افراد کے لیے تشویش کے لیے جانا جائے۔‘

    فروری 2016 میں ٹرمپ نے پوپ کو ’شرمناک‘ قرار دیا تھا۔ وہ پوپ کی اس تنقید کا جواب دے رہے تھے جس میں پوپ نے کہا تھا کہ دیواریں بنانا ’غیرمسیحی‘ قدم ہے۔

    Pope Francis

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  2. 95 مظاہرین گرفتار، دو پولیس اہلکار زخمی

    واشنگٹن ڈی سی کی پولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ اب تک تقریباۙ 95 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    اس دوران دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنھیں ’غیر جان لیوا چوٹیں‘ آئی ہیں۔

    ان اہلکاروں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  3. نائجیریا میں ٹرمپ کے حمایتی جلوس میں ’ہلاکتیں‘

    پولیس نے نائجیریا میں ٹرمپ کی حمایت میں نکالے جانے والے ایک جلوس میں آنسو گیس پھینکی ہے۔

    ایک علیحدگی پسند تنظیم کے مطابق اس واقعے میں 11 افراد مارے گئے ہیں تاہم پولیس نے ہلاکتوں کی تردید کی ہے۔

    یہ جلوس جنوبی ریورز ریاست میں ان مظاہرین نے نکالا تھا جو چاہتے ہیں کہ صدر ٹرمپ ان کے الگ ملک کی حمایت کریں۔

    Nigeria rally

    ،تصویر کا ذریعہNwokoleme Samuel

  4. اوباما کا جہادیوں کو الوداع

    عہدۂ صدارت چھوڑنے سے قبل سابق امریکی صدر اوباما نے انسدادِ دہشت گردی کی دو بڑی کارروائیوں کا حکم دیا ہے۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری شروع ہونے سے کچھ ہی دیر پہلے ایک بی 52 بمبار نے شام میں القاعدہ کے ایک تربیتی مرکز پر حملہ کر کے ایک سو سے زیادہ افراد کو ہلاک کر دیا۔

    ایک دفاعی عہدے دار نے مارے جانے والوں کو ’مرکزی‘ ارکان قرار دیا جو پچھلے سال وہاں اپنے قدم جمانے کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔

    اس سے قبل پینٹاگون کے ترجمان پیٹر کک کے مطابق بی 2 سٹیلتھ بمبار طیاروں اور ڈرونز نے لیبیا میں دو فوجی کیمپوں پر حملہ کر کے 90 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔

    B-2

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  5. ٹرمپ نے ہلیری کلنٹن کا شکریہ ادا کیا

    بعض لوگوں نے شکایت کی ہے کہ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں اپنی انتخابی حریف ہلیری کلنٹن کا شکریہ ادا نہیں کیا حالانکہ وہ تمام تر اختلافات کے باوجود اپنے خاوند بل کلنٹن کے ساتھ ان کی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوئی ہیں۔

    تاہم واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ لنچ کی تقریب کے موقعے پر کلنٹن کی میز کی طرف چل کر گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔

    اطلاعات کے مطابق انھوں نے کہا: ’یہاں آنے کا شکریہ۔‘

    Hillary Clinton

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنہلیری کلٹن
  6. ٹرمپ کے پہلے احکامات

    ٹرمپ کانگریس میں اپنے اعزاز میں دیے گئے لنچ میں شرکت کر رہے ہیں، لیکن اس سے قبل انھوں نے بطورِ صدر پہلے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    ٹرمپ کے ترجمان نے کہا کہ انھوں نے قانون میں چھوٹ دیتے ہوئے وزیرِ دفاع کے عہدے کے امیدوار جیمز میٹس کو عہدہ سنبھالنے کرنے کی اجازت دی ہے۔

    قانون کی تحت سابق فوجیوں کے لیے کوئی حکومتی عہدہ سنبھالنے سے قبل نوکری چھوڑے ہوئے سات برس کا عرصہ گزرنا لازمی ہے۔

    اس کے علاوہ ٹرمپ نے اپنی کابینہ کے ارکان کے نام سینیٹ کو بھیج دیے، اور ساتھ ہی انھوں نے حب الوطنی کا قومی دن منانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

  7. سابق صدر بش سینیئر نے ہسپتال سے تقریب دیکھی

    سابق امریکی صدر بش سینیئر کے ترجمان نے کہا ہے کہ انھوں نے اپنی اہلیہ باربرا بش کے ہمراہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب ریاست ٹیکسس کے شہر ہیوسٹن کے ہیوسٹن میتھوڈسٹ ہسپتال سے ٹیلی ویژن پر دیکھی۔ 

    92 سالہ بش کو اس ہفتے چکر آنے اور سانس کی تکلیف کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

  8.  صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وقت ضائع کیے بغیر چھ ایگزیکٹیو آرڈرز پر دستخط کیے ہیں۔

    trump

    ،تصویر کا ذریعہAP

  9. جو بائیڈن ٹرین کے ذریعے اپنے آبائی گھر روانہ

    سابق نائب امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ جل بائیڈن ٹرین کے ذریعے اپنی آبائی ریاست ڈیلاویئر روانہ ہوگئے ہیں۔

    جو بائیڈن کئی دہائیاں سینیٹر رہے اور وہ دارالحکومت میں رہنے کی بجائے روزانہ ڈی سی کے لیے صبح کے وقت ٹرین کا سفر کرنے کے لیے معروف تھے۔

     یہ سفر دو گھنٹے پر محیط ہے۔ 

  10. اوباما کی حلف برداری کی تقریب کی تصویر ٹرمپ کے ٹوئٹر پر

     نیو یارک میگزین کے مدیر کائل بکینن کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سرکاری صدارتی ٹویٹر اکاؤنٹ پر نئی تصویر لگائی ہے جس میں کیپیٹل ہل کے سامنے لوگ امریکی پرچم لہرا رہے ہیں۔ اصل میں یہ تصویر 2009 میں براک اوباما کی حلف برداری کی تصویر ہے۔

    کچھ لوگوں نے یہ نوٹ کیا کہ اوباما کی تقریب میں لوگوں کا ہجوم زیادہ تھا جبکہ ٹرمپ کی تقریب میں لوگ کم آئے تھے۔ 

  11. اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ کا استعمال

    حلف اٹھانے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر کے آفیشنل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے بجائے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ کا استعمال کرتے ہوئے اپنی تقریر کی کچھ حصے ٹویٹ کیے ہیں۔ 

  12. امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی صحافی کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر اوباما انتظامیہ کے پالیسی صفحات پر سے مواد ہٹا دیا گیا ہے۔

  13. تصویر: ڈونلڈ ٹرمپ حلف اٹھاتے ہوئے

    ڈونلڈ ٹرمپ حلف اٹھا رہے ہیں جبکہ خاتون اول میلانیا اور ان کا بیٹا بیرن ان کے پہلو میں موجود ہیں۔ 

    trump

    ،تصویر کا ذریعہReuters

  14.  صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھانے کے ساتھ ہی امریکی خاتون اول کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی ملانیا ٹرمپ کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

    trump

    ،تصویر کا ذریعہtwitter

  15. صدر ڈونلڈ ٹرمپ سابق صدر براک اوباما اور مشیل اوباما کو ایگزیکٹیو ثن ہیلی کاپٹر تک لے جا رہے ہیں۔ سابق صدر اس ہیلی کاپٹر کے ذریعے میری لینڈ روانہ ہوں گے۔ 

  16. بریکنگ, ’بہت اچھا، بہت اچھا‘

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تقریر کا اختتام ان الفاظ میں کیا: ’یہ الفاظ سنیں۔ آپ کو دوبارہ کبھی نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔‘ اور اس کے ساتھ ہی انھوں‌ نے اپنا نعرہ دہرایا ’امریکہ کو دوبارہ عظیم بنائیں۔‘

     اس دوران اوباما کو ’بہت اچھا، بہت اچھا‘ کہتے دیکھا گیا۔ 

    trump

    ،تصویر کا ذریعہAFP

  17. ’سب سے پہلے امریکہ‘

    ٹرمپ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کی انتظامیہ ملازمت اور تعلیم کو فروغ دے گی۔

     ان کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیانے طبقے سے ان کے گھر چھینے گئے اور دنیا بھر میں تقسیم کیے گئے۔ ’آج کے بعد سے سب سے پہلے صرف امریکہ ہوگا، صرف امریکہ‘ 

  18. ’امریکی خریدیں اور امریکیوں کو ملازمت دیں‘

    ٹرمپ کا کہنا تھا وہ اپنے لوگوں کو کام فراہم کریں گے۔ ’ہم صرف دو اصولوں پر چلیں گے۔

    ’امریکی خریدیں اور امریکیوں کو ملازمت دیں۔‘ 

  19. ’شدت پسندی کا خاتمہ‘

     ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم اسلامی شدت پسندانہ دہشت گردی کے خلاف مہذب دنیا کو متحد کریں گے، جو ارض زمین سے اس کا مکمل خاتمہ کر دیں گے۔‘ 

  20. ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی منتقل

    حلف اٹھانے کے ساتھ ہی امریکی صدر کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ 

    trump