انڈیا ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف تاحال ناقابلِ تسخیر، احمد آباد میں سات وکٹوں سے شکست دے دی

احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں ورلڈ کپ میں اپنے تیسرے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو سات وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دے دی ہے اور پاکستان کی جانب سے دیا گیا 192 رنز کا ہدف 31ویں اوور میں پورا کر لیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. پاکستان اب اپنا اگلا میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا, یہ صفحہ اب اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے

    babar

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان اب اپنا اگلا میچ آسٹریلیا کے خلاف اگلے جمعے کو بنگلورو میں کھیلے گا۔ اس دوران انڈیا اپنا اگلا میچ پونے میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔

    آج میچ کے اختتام پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’بیٹنگ میں اچانک ڈھیر ہونے کے باعث ہم بڑے ٹوٹل تک پہنچنے میں ناکام رہے۔ یہ ہمارے اچھا نہیں ہے ہم نے جس طرح کی شروعات کی تھیں اس اعتبار سے ہمیں 280 سے 290 رنز بنانے چاہیے تھے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان کو آغاز میں بہتر بولنگ نہ کرنے کا مسئلہ بھی ہے۔۔۔ روہت شرما نے بہت اچھی اننگز کھیلی۔‘

    اس کے ساتھ یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جائے گا۔

  2. پاکستان پر فتح کے بعد انڈیا پوائنٹس ٹیبل پر سرِ فہرست

    Pakistan

    ،تصویر کا ذریعہICC

  3. بریکنگ, انڈیا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی

    india

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں ورلڈ کپ میں اپنے تیسرے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو سات وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دے دی ہے اور پاکستان کی جانب سے دیا گیا 192 رنز کا ہدف 31ویں اوور میں پورا کر لیا ہے۔

    انڈیا کی جانب سے روہت شرما نے 86 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ شریئس ایئر نے بھی نصف سنچری کی اور تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔

    انڈین فاسٹ بولر جسپریت بمرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ انھوں نے اپنے سات اوورز میں صرف 19 رنز دیے تھے اور شاداب خان اور محمد رضوان کی وکٹیں حاصل کی تھیں۔

  4. روہت شرما آؤٹ، لیکن انڈیا کو جیت کے لیے 31 رنز درکار

    انڈین کپتان روہت شرما ورلڈ کپ میں ایک اور سنچری بنانے میں ناکام رہے ہیں اور 86 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی بولنگ پر آؤٹ ہوئے ہیں۔

    انھوں نے اپنی دھواں دار اننگز میں چھ چھکے اور چھ چوکے لگائے تھے۔

  5. بریکنگ, انڈیا کے 150 رنز مکمل، ورلڈ کپ میں اپنی تیسری فتح کے قریب, 21 اوورز کے اختتام پر انڈیا کا سکور، 154/2

    انڈین کپتان روہت شرما اور بلے باز شریئس ایئر کی عمدہ شراکت جاری ہے اور اب تک پاکستانی سپنرز کی جانب سے انھیں کچھ زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔

    روہت شرما اس 85 رنز جبکہ ایئر 35 رنز پر کریز پر موجود ہیں اور انڈیا اس ورلڈ کپ میں اپنی تیسری بڑی فتح کے قریب ہے۔

  6. بریکنگ, انڈیا کے 100 رنز صرف 14 اوورز میں مکمل, روہت شرما کی نصف سنچری بھی مکمل

    پاکستان کے 192 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انڈیا نے صرف 14 اوورز میں 100 رنز بنا لیے ہیں اور اس کے صرف دو کھلاڑی آؤٹ ہیں۔

    دوسری جانب، روہت شرما کی نصف سنچری بھی مکمل ہو گئی ہے اور انڈیا اس میچ میں پاکستان کو بڑی شکست دینے کے قریب ہے۔

  7. بریکنگ, حسن علی کی گیند پر وراٹ کوہلی آؤٹ, 10 اوورز کے اختتام پر انڈیا کا سکور 79/2

    وراٹ کوہلی آج جارحانہ انداز اپنائے ہوئے تھے اور انھوں نے اپنی اننگز میں تین چوکے بھی لگائے لیکن حسن علی کو جارحانہ شاٹ مارتے ہوئے وہ مڈ آن پر کیچ آوٹ ہو گئے۔

  8. شبمن گِل کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی انڈیا کی جارحانہ بیٹنگ جاری, سات اوورز کے اختتام پر انڈیا کا سکور 54/1

    shaheen

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انڈیا کی جانب سے کپتان روہت شرما اور وراٹ کوہلی مثبت بیٹنگ کرتے ہوئے انڈیا کو سات اوورز کے اختتام پر 54 رنز تک لے گئے ہیں۔

    انڈیا نے اب تک ان اوورز میں 10 چوکے اور ایک چھکا لگا لیا ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ بابر اعظم کو بولنگ پر محمد نواز کو لانا پڑا ہے۔

  9. بریکنگ, انڈیا کی پہلی وکٹ گر گئی، شاہین آفریدی نے شبمن گل کو آؤٹ کر دیا

    shaheen

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان نے 191 رنز کے دفاع میں آغاز میں متعدد چوکوں کے بعد انڈیا کی پہلی وکٹ گرا دی ہے اور شبمن گل آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے ہیں۔

    شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ پر ان کا کیچ شاداب خان نے پکڑا، انھوں نے چار چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے تھے۔

  10. بریکنگ, پاکستان کی پوری ٹیم 191 رنز پر آؤٹ، آخری آٹھ وکٹیں صرف 36 رنز پر گر گئیں

    india

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستانی بیٹنگ مڈل اوورز میں بری طرح لڑکھڑا گئی اور ایک موقع پر 155/2 سے ٹیم کی باقی آٹھ وکٹیں صرف 36 رنز پر گر گئیں۔

    پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم سب سے زیادہ 50 رنز بنا سکے جبکہ ان کا ساتھ دینے والے محمد رضوان نے 49 رنز بنائے۔ انڈیا کی جانب سے جسپریت بمرا، محمد سراج، ہارڈک پانڈیا، کلدیپ یادو اور روندرا جڈیجا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

  11. بریکنگ, حسن علی بھی آؤٹ ہو گئے!, پاکستان کا سکور 187/9

    پاکستانی ٹیم نے صرف 32 رنز پر سات وکٹیں گنوا دی ہیں اور اب پاکستان کا 200 رنز کے اندر آؤٹ ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

  12. بریکنگ, ہارڈک پانڈیا نے نواز کو بھی آؤٹ کر دیا، پاکستان کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ, 40 اوورز کے اختتام پر پاکستان 187/8

    پاکستان کی ٹیم اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہے، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 187 رنز پر اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔

    محمد نواز کو ہارڈک پانڈیا نے آؤٹ کیا ہے۔

  13. پاکستان نے گذشتہ سات اوورز میں 22 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا دیں, 36 اوورز کے اختتام پر پاکستان کا سکور 172/7

    bumrah

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے 29 اوورز کے اختتام پر 150 رنز تھے اور صرف دو آؤٹ تھے۔ کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کریز پر موجود تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان ایک بڑا ہدف بنانے میں کامیاب ہو جائے گا۔

    تاہم محمد سراج کی جانب سے بابر اعظم کو بولڈ کیا گیا اور پھر لائن لگ گئی۔ اگلے سات اوورز میں پاکستان نے مزید چار وکٹیں گنوا دیں اور یوں اب پاکستان کے لیے ایک اچھے ٹوٹل تک پہنچانے بھی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔

  14. بریکنگ, بمرا کی گیند پر شاداب خان بھی آؤٹ ہو گئے

    بمرا اور کلدیپ یادو نے مڈل اوورز میں پاکستانی بیٹنگ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے اور اس وقت پاکستان کے سات کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔

    بمرا کا تازہ ترین شکار نائب کپتان شاداب خان بنے جنھوں نے صرف دو رنز بنائے اور بمرا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

  15. بریکنگ, محمد رضوان بھی پویلین لوٹ گئے، پاکستان کے چھ کھلاڑی آؤٹ, 35 اوورز کے اختتام پر پاکستان کا سکور: 170/6

    پاکستانی بلے باز محمد رضوان جسپریت بمرا کی گیند پر بولڈ ہو گئے ہیں۔ انھوں نے 69 گیندوں پر 49 رنز بنائے جس میں سات چوکے شامل تھے۔

    پاکستان کی بیٹنگ اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہے اور شاداب اور محمد نواز کریز پر موجود ہیں۔

  16. بریکنگ, افتخار احمد آتے ہی آؤٹ، پاکستان کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے

    افتخار احمد نے آتے ہی پہلے کلدیپ یادو کو چوکا لگایا لیکن پھر ان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ انھوں نے صرف چار رنز بنائے اور اس وقت پاکستان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار دکھائی دے رہی ہے۔

  17. بریکنگ, سعود شکیل کلدیپ یادو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو, پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی گر گئی

    پاکستان کے لیے نمبر پانچ پر کھیلنے والے بلے باز سعود شکیل بھی آؤٹ ہو گئے ہیں۔ انھیں سپنر کلدیپ یادو نے ایل بی ڈبلیو کیا ہے۔

    انھوں نے دس گیندوں پر چھ رنز بنائے۔

  18. بریکنگ, نصف سنچری بنانے کے بعد بابر اعظم آؤٹ, 30 اوورز کے بعد پاکستان کا سکور: 156/3

    پاکستان کے کپتان بابر اعظم نصف سنچری بنانے کے بعد محمد سراج کی بولنگ پر بولڈ ہو گئے ہیں۔

    بابر نے 58 گیندوں پر 50 رنز بنائے اور ان کی اننگز میں سات چوکے بھی شامل تھے۔

  19. بابر اور رضوان کریز پر موجود، نصف سنچری شراکت قائم, 25 اوورز کا کھیل مکمل، پاکستان کا سکور 125/2

    babar

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان اس وقت کریز پر موجود ہیں اور دونوں نے مل کر نصف سنچری شراکت قائم کر لی ہے۔

    اس وقت پاکستان کا سکور 125 ہے اور اس کے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے ہیں۔ پاکستان کو مڈل اوورز میں ایک طویل شراکت کی ضرورت ہے اور انڈین سپنرز جڈیجا اور کلدیپ یادو اچھی بولنگ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

  20. رضوان کے خلاف ایل بی ڈبلیو کا فیصلہ، ریویو نے بچا لیا

    جڈیجا کی گیند پر رضوان سویپ کرنے گئے اور گیند پیڈ پر لگی جس پر امپائر کی انگلی اُٹھ گئی۔

    تاہم ریویو پر ثابت ہوا کہ گیند لیگ سٹمپ سے باہر جا رہی تھی۔