نیوزی لینڈ کی شاندار کارکردگی، انڈیا کو باآسانی آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا
کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دن کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے انڈیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور انڈیا کو صرف 110 رنز کے سکور تک محدود رکھا اور 15ویں اوور میں یہ ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ اور سودھی کی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔
لائیو کوریج
یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں ہوگا
آج کے دن کے دونوں میچوں کی کوریج مکمل ہونے کے بعد اب یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے بی بی سی اردو کی مزید کوریج، مضامین اور تجزیہ پڑھنے کے لیے قارئین ہمارے خصوصی سیکشن پر کلک کریں۔
اتوار کے میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال اور کل کا میچ
،تصویر کا ذریعہICC
اتوار کے روز گروپ ٹو کے دونوں میچ کھیلے گئے جہاں دن کے پہلے میچ میں افغانستان ن نے نمیبیا کو 62 رنز سے شکست دے دی اور اب چھ میچوں کے بعد ان کے چار پوائنٹس ہو گئے ہیں جبکہ ان کا نیٹ رن ریٹ مثبت 3.097 ہے اور اس طرح وہ گروپ میں پاکستان کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔
ان کا اگلا میچ تین نومبر کو انڈیا کے خلاف ہے۔
دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے انڈیا کو آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا اور اب ان کے دو میچوں کے بعد دو پوائنٹس ہو گئے ہیں اور ان کا نیٹ رن ریٹ مثبت 0.765 ہو گیا ہے جس کے بعد وہ گروپ میں تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
ان کا اگلا میچ تین نومبر کو سکاٹ لینڈ کے خلاف ہے۔
گروپ میں چوتھے نمبر پر نمیبیا ہیں جنھوں نے دو میچوں میں دو پوائنٹس لیے ہیں لیکن ان کا نیٹ رن ریٹ منفی 1.287 ہے۔
ان کا اگلا میچ دو نومبر کو پاکستان کے خلاف ہے۔
انڈیا کی ٹیم کے لیے اب معاملہ بگڑتا جا رہا ہے اور اپنے پہلے دونوں میچ ہارنے کے بعد وہ گروپ میں پانچویں پوزیشن پر ہیں اور ان کا نیٹ رن ریٹ بھی منفی 1.609 ہے۔ ان کا اگلا میچ تین نومبر کو افغانستان کے خلاف ہے۔
پیر یکم نومبر کو صرف ایک میچ کھیلا جائے گا جہاں گروپ ون کی سرفہرست اور ناقابل شکست ٹیم انگلینڈ کا سامنا شارجہ کے میدان میں چوتھے نمبر کی سری لنکا سے ہوگا۔
دونوں ٹیموں نے تین تین میچ کھیل لیے ہیں لیکن انگلینڈ کے چھ پوائنٹس ہیں جبکہ سری لنکا کے صرف دو پوائنٹس ہیں۔
’ہمارے اٹیک میں توازن ہمارے دو سپنرز نے دیا ہے‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ وہ اپنے میچوں کے لیے منصوبہ بندی کرتے رہتے ہیں لیکن اس میچ میں ان کی ٹیم نے بالخصوص آل راؤنڈ کھیل کا مظاہرہ پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ انڈیا کی ٹیم پر دباؤ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے اور اس کے بعد ان کے اپنے اوپنرز نے جیت کے لیے پلیٹ فارم دیا۔
’ہمارے اٹیک میں توازن ہمارے دو سپنرز نے دیا ہے اور مجموعی طور پر سب نے بہت اچھا کھیلا۔ ہم نے پہلے میچ میں بھی دیکھا کہ اچھا کھیل پیش کیا گیا تھا اور ہم نے اسی میں مزید بہتری لائی۔‘
’ہم نے بیٹ اور بال کے ساتھ بہادری نہیں دکھائی‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کے شکست خوردہ کپتان وراٹ کوہلی نے میچ کے بعد کہا کہ ان کی ٹیم نے بیٹ اور بال کے ساتھ زیادہ ’بہادری‘ نہیں دکھائی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ زیادہ سکور دفاع کرنے کے لیے نہیں تھا لیکن جب ان کی ٹیم میدان میں اتری تو وہ بہادری سے نہیں اترے تھے۔
’جب آپ انڈیا کے لیے کھیلتے ہیں تو آپ سے بہت توقعات وابستہ ہوتی ہیں۔ نہ صرف شائقین سے بلکہ کھلاڑیوں کی خود سے بھی۔ تو ہم پر دباؤ ہوتا ہے لیکن ہم اب اس کے عادی ہو چکے ہیں۔‘
کوہلی کا کہنا تھا کہ ابھی بھی ٹورنامنٹ میں بہت کرکٹ باقی ہے اور وہ ٹھیک ہیں۔
بریکنگ, اش سودھی کے لیے میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز
،تصویر کا ذریعہGetty Images
نیوزی لینڈ کے سپنر اش سودھی نے انڈیا کی اننگز کو درمیانی حصے میں روک کے رکھا اور اپنی نپی تلی بولنگ اور روہت شرما اور کوہلی کی اہم ترین وکٹیں حاصل کیں جس کے عوض انھوں نے صرف 17 رنز دیے۔
اس کارکردگی پر انھیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔
سودھی کا کہنا تھا کہ کووڈ کے باعث ببل کی وجہ سے وہ دبئی کے میدان سے زیادہ واقف نہ تھے لیکن ان کی ٹیم کو اندازہ تھا کہ اس میدان سے جلد واقفیت حاصل کرنی ہے۔
انھوں نے ساؤتھی کی جانب سے لوکیش راہل کی وکٹ حاصل کرنے کو اہم لمحہ قرار دیا اور کہا کہ اس کے باعث کیوی ٹیم سپنرز پر انحصار کر سکی۔
بریکنگ, نیوزی لینڈ نے 111 کا ہدف آٹھ وکٹوں پر پورا کر لیا، انڈیا کو لگاتار دوسری شکست!
،تصویر کا ذریعہGetty Images
نیوزی لینڈ نے ڈیرل مچل اور کین ولیمسن کے مابین 72 رنز کی شاندار شراکت کی مدد سے کیویز کو انڈیا کے خلاف آٹھ وکٹوں سے ہمکنار کر دیا۔
نیوزی لینڈ نے انڈین بیٹنگ کو قطعی چلنے نہیں دیا اور ان کو صرف 110 تک محدود رکھا۔ اپنے تعاقب میں ان کو 24 کے سکور پر گپٹل کا نقصان اٹھانا پڑا لیکن انھوں نے ولیمسن اور مچل کی شراکت کی مدد سے اپنا ہدف باآسانی 15ویں اوور میں پورا کر لیا۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کی جانب سے بمراہ وکٹ لینے والے واحد بولر تھے اور انھوں نے اپنے چار اوورز میں صرف 19 رنز دے کر دونوں اوپنرز کو آؤٹ کیا۔
البتہ ان کے ساتھ دیگر بولرز کوئی وکٹ لینے میں ناکام رہے اور ڈیرل مچل کی جارحانہ بیٹنگ اور قلیل سکور کے باعث میچ انڈیا کے ہاتھ سے جلد نکل گیا۔ انڈیا نے اب دو میچوں میں صرف دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے بیٹنگ میں ڈیرل مچل 49 اور کین ولیمسن ناقابل شکست 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ادھر کیویز کی بولنگ میں بولٹ کی تین وکٹیں اور سودھی کی دو وکٹوں نے انڈیا کو صرف 110 تک محدود رکھا۔
نیوزی لینڈ جیت کے دہانے پر, نیوزی لینڈ کا سکور: 108/2، 14 اوور مکمل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
نیوزی لینڈ کی جانب سے شاندار کھیل نے انڈیا کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے اور اب وہ ہاردک پانڈیا کے دوسرے اوور کے بعد جیت سے صرف ایک شاٹ دور ہیں۔
اس اوور میں ولیمسن نے انتہائی دلکش انداز میں دو چوکے لگائے اور انڈیا کی باڈی لینگویج سے لگ رہا ہے کہ وہ بس اب میچ کے خاتمے کا انتظار کر رہے ہیں۔
جپسریت بمراہ کی دوسری وکٹ، مچل 49 رنز بنا کر آؤٹ, نیوزی لینڈ کا سکور: 96/2، 13 اوور مکمل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
اتنے کم سکور کے دفاع کی خاطر انڈیا نے اپنے بہترین بولر جسپریت بمراہ کا سپیل پورا کروا دیا جنھوں نے اپنے تئیں پوری کوشش کی اور چار اوورز میں دونوں اوپنرز کو آؤٹ کیا۔
ڈیرل مچل کی بدقسمتی رہی کہ وہ اچھی بیٹنگ کر کے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور ایک رن سے محروم رہ گئے۔
ہارک پانڈیا کی بولنگ میں عرصے کے بعد واپسی!, نیوزی لینڈ کا سکور: 94/1، 12 اوور مکمل
انڈیا کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا جو عرصے سے انجری کے باعث بولنگ کرنے سے قاصر تھے، بالآخر گیند کرانے آئے اور انھوں نے اپنے پہلے اوور میں پانچ رنز دیے۔
کوہلی نے ترپ کا پتہ پیش کر دیا، بمراہ بولنگ کے لیے واپس!, نیوزی لینڈ کا سکور: 89/1، 11 اوور مکمل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈین کپتان وراٹ کوہلی کے ہاتھ سے میچ نکل رہا ہے اور انھوں نے اس بارے میں کوشش کرتے ہوئے اپنے سب سے اہم بولر جسپریت بمراہ کو دوبارہ بولنگ کے لیے لیا۔
لیکن نیوزی لینڈ کو اب جیتنے کے لیے اتنے کم رن درکار ہیں کہ وہ بغیر کوئی خطرہ لیے آرام سے کھیل سکتے ہیں اور ایسا ہی ہوا جب چھ گیندوں پر انھوں نے چھ رنز حاصل کر لیے۔
بریکنگ, ڈیرل مچل کا ایک اور چھکا!, نیوزی لینڈ کا سکور: 83/1، دس اوور مکمل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
کیوی اوپنر ڈیرل مچل نے اپنی شاندار بیٹنگ جاری رکھی اور نئے بولر شردل ٹھاکر کے پہلے اوور میں ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے بڑی آسانی کے ساتھ 14 رنز حاصل کر لیے۔
اس سے پہلے وہ ایسا ہی کچھ پاور پلے کے آخری اوور میں جڈیجا کے ساتھ بھی کر چکے ہیں۔
اب وہ تین چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 30 گیندوں پر 46 رنز بنا چکے ہیں اور ان کی کپتان ولیمسن کے ساتھ 59 رنز کی شراکت قائم ہو چکی ہے اور اس کے لیے صرف 38 گیندیں صرف کی ہیں۔
وارون چکراورتھی کے چار اوور مکمل, نیوزی لینڈ کا سکور: 69/1، نو اوور مکمل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کے نئے لیگ سپنر وارون چکراورتھی نے اس میچ میں اچھی بولنگ کی اور اپنے چار اوور کے سپیل میں صرف 23 رنز دیے۔
تاہم ان کی ٹیم کی بدقسمتی کے وہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
نیوزی لینڈ کے لیے ایک اور اچھا اوور!, نیوزی لینڈ کا سکور: 64/1، آٹھ اوور مکمل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
کیوی بلے بازوں نے بغیر کوئی خطرہ مول لیے جڈیجا کے اوور میں ایک چوکے کی مدد سے نو رنز مزید حاصل کیے اور انڈیا کے لیے پریشانیوں میں اضافہ تیزی سے ہوتا جا رہا ہے۔
محمد شامی کو بولنگ میں لایا گیا لیکن مچل کی جارحانہ بیٹنگ جاری!, نیوزی لینڈ کا سکور: 55/1، سات اوور مکمل
،تصویر کا ذریعہghrt
نیوزی لینڈ نے انڈیا کے محمد شامی کے پہلے اوور میں بھی تیز کھیل جاری رکھا اور ڈیرل مچل کے چھکے کی مدد سے 11 رنز حاصل کر لیے۔
بریکنگ, ڈیرل مچل کا جڈیجا کو خوبصورت چھکا!, نیوزی لینڈ کا سکور: 44/1، چھ اوور مکمل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاور پلے کے آخری اوور میں وراٹ کوہلی نے جڈیجا کو گیند دی تو ڈیرل مچل نے اس اوور میں ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 14 رنز حاصل کر لیے۔
وارون چکراورتھی کا ایک اچھا اوور, نیوزی لینڈ کا سکور: 30/0، پانچ اوور مکمل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
سپنر وارون چکراورتھی نے اپنے اوور میں صرف دو رنز دیے اور کین ولیمسن اور ڈیرل مچل کو خاموش رکھا۔
بریکنگ, مارٹن گپٹل کا بمراہ کو باہر نکل کر چوکا، لیکن اگلی گیند پر آؤٹ!, نیوزی لینڈ کا سکور: 28/1، چار اوور مکمل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
مارٹن گپٹل نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے بمراہ کے اوور میں ایک چوکا لگایا لیکن اس کے بعد اگلی ہی گیند پر وہ کیچ آؤٹ ہو گئے۔
گپٹل نے اپنی اننگز میں 17 گیندوں پر 20 رنز بنائے اور اس میں تین چوکے شامل تھے۔
مارٹن گپٹل کے دو چوکے!, نیوزی لینڈ کا سکور: 18/0، تین اوور مکمل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
سپنر وارون چکراورتھی کے اوور میں گپٹل نے اپنے ہاتھ کھولے اور دو چوکوں کی مدد سے اوور میں 12 رنز حاصل کر لیے۔
جسپریت بمراہ کا بہت اچھا اوور، صرف ایک رن دیا, نیوزی لینڈ کا سکور: 6/0، دو اوور مکمل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کے اہم ترین بولر، جسپریت بمراہ نے اپنے پہلے اوور میں کیوی بیٹسمنوں کو پریشان کیے رکھا اور صرف ایک رن بنانے کا موقع دیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے تعاقب کا آغاز, نیوزی لینڈ کا سکور: 5/0، ایک اوور مکمل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کی جانب سے سپنر وارون چکراورتھی نے پہلا اوور کرایا جس میں کیوی بلے بازوں نے سنگل اور ڈبل کی مدد سے پانچ رنز حاصل کیے۔