ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جمعہ 29 اکتوبر کو دو میچز کھیلے گئے اور دونوں ہی نہایت دلچسپ رہے۔
دن کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنے 143 رنز پر مشتمل قلیل مجموعے کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو گئے اور تین رنز سے میچ جیت لیا۔
اس جیت میں ان کے لیے سب سے اہم کردار فاسٹ بولر اور آل راؤنڈر آندرے رسل نے ادا کیا جنھوں نے آخری اوور13 رنز کا کامیابی سے دفاع کر لیا۔
یہ ویسٹ انڈیز کی ٹورنامنٹ میں پہلی جیت تھی اور اب ان کا نیٹ رن ریٹ منفی 1.59 ہے۔ ویسٹ انڈیز کا اگلا میچ چار نومبر کو سری لنکا کے خلاف ہوگا۔
بنگلہ دیش کی ٹیم کی یہ مسلسل تیسری شکست تھی اور اب وہ ممکنہ طور پر سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہو چکی ہے۔ ان کا اگلا میچ اب نو نومبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہے۔
آج کے میچ سے پہلے پاکستان اور افغانستان اپنے گروپ میں پہلے اور دوسرے نمبر پر تھے اور پاکستان کی جیت کے بعد بھی صورتحال ویسی ہی ہے، ماسوائے ان کے پوائنٹس کی تعداد اور نیٹ رن ریٹ میں تبدیلی کے۔
پاکستان اب تینوں میچوں میں جیت حاصل کر کے چھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور ان کا نیٹ رن ریٹ مثبت 0.638 ہے۔ پاکستان کا اگلا میچ اب دو نومبر کو ہوگا جہاں ان کا سامنا نمیبیا سے ہوگا۔
افغانستان کی ٹیم اب 31 اکتوبر کو نمیبیا کے سامنے میدان میں اترے گی اور اس میچ میں شکست کے بعد ان کا نیٹ رن ریٹ کم ہو کر مثبت 3.092 ہو چکا ہے۔