24 اکتوبر کو برصغیر کی ٹیموں کا آمنا سامنا, شارجہ میں سری لنکا اور بنگلہ دیش مدمقابل، دبئی میں روایتی حریف انڈیا اور پاکستان کا ٹاکرا

کوالی فائنگ راؤنڈ میں ہونے والے اپ سیٹ کے نتیجے میں اب 24 اکتوبر کے روز ورلڈ کپ کے ہونے والے دونوں مقابلوں میں جنوبی ایشیائی ٹیمیں ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔
دن کے پہلے میچ میں شارجہ کے تاریخی میدان میں سری لنکا کا سامنا بنگلہ دیش سے ہوگا اور یہ میچ پاکستان وقت کے مطابق دوپہر تین بجے کھیلا جائے گا۔
اس میچ کے بعد انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں دبئی کے کرکٹ گراؤنڈ میں اتریں گی اور یہ 2019 کے عالمی ورلڈ کپ کے بعد پہلا موقع ہوگا جب یہ روایتی حریف مد مقابل ہوں گے۔
یہ بات تو سب کو ہی معلوم ہے کہ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کبھی بھی انڈیا کو ہرا نہیں سکا ہے اور مجموعی طور پر ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستان کا انڈیا کے خلاف ریکارڈ انتہائی برا ہے اور وہ صرف ایک بار کامیابی حاصل کر سکا ہے جبکہ انڈیا نے چھ میچ جیتے ہیں۔















