فائنل جو بھی جیتے، تاریخ ضرور رقم ہو گی, یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جائے گا
ورلڈ کپ کے تمام ایڈیشنز میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ دو ایسی ٹیمیں ہیں جو اب تک کوئی بھی ورلڈ کپ اپنے نام نہیں کر سکیں۔
14 جولائی کو لارڈ ز کے میدان پر ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میں جیت جس بھی ٹیم کا مقدر بنی، تاریخ ضرور رقم ہو گی۔
انگلینڈ اب تک تین ورلڈ کپ کے فائنل کھیل چکا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا یہ لگاتار دوسرا فائنل ہو گا۔
نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو اب تک کھیلے گئے 90 میچوں میں سے 43 میں شکست دے رکھی ہے۔ جبکہ ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی نیوزی لینڈ کا پلڑہ بھاری رہا ہے۔ اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے نو میچوں میں نیوزی لینڈ نے پانچ جبکہ انگلینڈ نے چار میں کامیابی حاصل کی ہے۔
البتہ انگلینڈ نے تین جولائی کو اس ورلڈ کپ کے راؤنڈ روبن مرحلے میں اپنے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف باآسانی 119 رنز سے فتح حاصل کر کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کی تھی۔
اس میچ میں بھی انگلینڈ کے اوپنرز نے انگلینڈ کو شاندار آغاز فراہم کیا تھا اور 123 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ نے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم انڈیا کو ہرا رکھا ہے اس لیے وہ بھی پر اعتماد ہوں گے۔
جو بھی ہو تاریخ ضرور رقم ہو گی۔