پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: بی بی سی اردو کی لائیو کوریج اختتام کو پہنچی
پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلے جانے والے ورلڈ کپ 2019 کے میچ پر بی بی سی اردو کی لائیو کوریج اختتام کو پہنچی۔
آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں پیر کو ناٹنگھم میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 14 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ جیت لیا ہے۔
ذیشان حیدر، وقاص علی
پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلے جانے والے ورلڈ کپ 2019 کے میچ پر بی بی سی اردو کی لائیو کوریج اختتام کو پہنچی۔
پاکستان کے محمد حفیظ کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراد دیا گیا۔ انھوں نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 84 رنز بنانے کے علاوہ سات اوورز میں 43 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مسلسل 11 ایک روزہ میچوں میں شکست کے بعد یہ پہلی فتح ہے۔
پاکستان نے ناٹنگھم میں انگلینڈ کو ایک لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال والے میچ میں ایک سخت مقابلے کے بعد 14 رنز سے شکست دے دی ہے۔
349 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کو آخری اوور میں 25 رنز درکار تھے لیکن انگلش ٹیم 334 رنز ہی بنا سکی۔
انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ اور جاس بٹلر کی سنچریاں بھی ٹیم کے کام نہ آ سکیں۔
پاکستان کی جانب سے اگرچہ ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا لیکن بولروں کی عمدہ کارکردگی نے ٹیم کو دو پوائنٹس دلوا دیے۔
محمد عامر نے اپنا سپیل مکمل کر لیا ہے اور 67 رنز دینے کے باوجود انھوں نے دو اہم وکٹیں لی ہیں۔
49ویں اوور میں محمد عامر نے جوفرا آرچر کو وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ کروا کے پاکستان کو فتح سے ایک وکٹ دور لا کھڑا کیا ہے۔ یہ اس میچ میں عامر کی دوسری اور ٹورنامنٹ میں پانچویں وکٹ ہے۔
وہاب ریاض نے انگلش اننگز کے 48ویں اوور میں پہلے معین علی اور پھر کرس ووکس کو کیچ کروا کے پاکستان کو ساتویں اور آٹھویں وکٹ دلوا دی ہے
کرس ووکس نے وہاب ریاض کو چھکا لگا کر میچ کو مزید سنسنی خیز بنا دیا ہے
انگلینڈ کی اننگز کے 48 ویں اوور میں آصف علی نے وہاب ریاض کی گیند پر ووکس کا کیچ ڈراپ کر دیا
انگلینڈ نے اننگز کے 47ویں اوور میں 15 رنز بنائے ہیں جن میں کرس ووکس اور معین علی کے دو چوکے بھی شامل ہیں۔
انگلش اننگز کے 46 اوور مکمل ہو چکے ہیں اور بقیہ چار اوورز میں اسے 52 رنز درکار ہیں۔ بڑھتا ہوا رن ریٹ انگلش بلے بازوں کے اعصاب پر اثرانداز ہو رہا ہے۔
پاکستان کو جس وکٹ کا انتظار تھا وہ محمد عامر نے اسے دلوا دی ہے۔ انھوں نے سنچری بنانے والے جاس بٹلر کو 103 کے سکور پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ کروا دیا ہے۔
انگلینڈ کے جوس بٹلر نے پاکستان کے خلاف 75 گیندوں پر نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے شاندار سنچری بنائی ہے۔یہ اس ورلڈ کپ میں دوسری سنچری ہے جو پاکستان کے خلاف بنی ہے۔
یہ بٹلر کے کریئر کی نویں اور پاکستان کے خلاف تیسری سنچری ہے۔ یہ انگلینڈ کی جانب سے ورلڈ کپ میں بنائی گئی تیز ترین سنچری بھی ہے۔
انگلینڈ کے سابق کرکٹر گریم سوان نے اپنے کھلاڈیوں کے محتاط انداز میں بیٹنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ یہ باؤنڈریاں کہاں غائب ہوگئی ہیں؟
پاکستانی کپتان سرفراز احمد کی جانب سے معین علی کی سٹمپنگ میں ناکامی کے بعد انگلیڈ کے سابق کرکٹر گریم سوان نے تبصرہ کیا ہے کہ ’یہاں سے میچ اب ہمارے ہاتھوں میں آ گیا ہے۔‘
ہر گزرتے اوور کے ساتھ پاکستانی ٹیم پر دباؤ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جاس بٹلر کی وکٹ ہی ممکنہ طور پر وہ موڑ ہو سکتا ہے جو پاکستان کو میچ میں واپس لا سکے۔
پاکستان کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر رمیض راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنی بولنگ کی حکمت عملی بدلنی ہوگی- ان کے مطابق وہاب ریاض کی یارکرز اس موقع پر کارآمد ثابت ہو سکتی ہیں۔
پاکستانی وکٹ کیپر سرفراز احمد نے شاداب خان کی گیند پر معین علی کو سٹمپ کرنے کا آسان موقع ضائع کر دیا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ یہ غلطی پاکستان کو کتنی بھاری پڑتی ہے۔
شاداب خان نے آخرکار پاکستان کو وہ وکٹ دلوا دی ہے جس کی اسے 15 اوورز سے تلاش تھی۔ ان کی گیند پر محمد حفیظ نے جو روٹ کا کیچ لے کر پاکستان کو بریک تھرو دلوا دیا ہے۔
روٹ نے 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 104 گیندوں پر 107 رنز کی اننگز کھیلی
انگلینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑا ہدف عبور کرنے والی ٹیم بننے کی راہ پر ہے۔
انگلینڈ کو اننگّز کے بقیہ 12 اوورز میں 103 رنز درکار ہیں اور بٹلر اور روٹ کی موجودگی میں یہ ہدف مشکل دکھائی نہیں دے رہا۔
پاکستانی ٹیم وکٹوں کی تلاش میں ہے کیونکہ اب وکٹ ہی ایک ایسی چیز ہے جو اس صورتحال کو پاکستان کے حق میں موڑ سکتی ہے۔