ملک میں سکیورٹی کے سنجیدہ چیلنجز ہیں، امید ہے انتخابات وقت پر ہوں گے: نگراں وزیراعظم
پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ’ملک میں دہشتگردی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم میں اس کو بنیاد بنا کر کسی سیاسی عمل سے جوڑنا نہیں چاہتا۔‘
لائیو کوریج
یہ صفحہ اب مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا
یہ صفحہ اب مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔ پاکستان کے حوالے سے تازہ ترین اپڈیٹس کے لیے یہاں کلک کیجیے۔
اس وقت ملک میں سکیورٹی کے سنجیدہ چیلنجز ہیں، امید ہے انتخابات وقت پر ہوں گے: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ
پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کو سنجیدہ چیلنجز درپیش ہیں۔
8 فروری میں عام انتخابات سے متلعلق پوچھے گئے سوال پر انھوں نے کہا کہ ’امید کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن ’سیکیور‘ اور ’ٹرانسپیرنٹ‘ طریقے سے انتخابات کرا سکے گا۔‘
نگراں وزیراعظم نے وضاحت کی کہ ’ملک میں دہشتگردی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم میں اس کو بنیاد بنا کر کسی سیاسی عمل سے جوڑنا نہیں چاہتا ہوں۔‘
انھوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو درپیش ’سنجیدہ چیلنجز ہیں، مغربی سرحد پر بدقسمتی سے جو صورتحال بنتی جا رہی ہے وہ لگتا ہے آنے والے دنوں میں مزید خراب ہو گی۔‘
عمران خان پر 30 نومبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی: الیکشن کمیشن نے کاز لسٹ جاری کر دی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم عمران خان کو 30 نومبر کو پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کر دیا ہے۔
کاز لسٹ کے مطابق الیکشن کمیشن 30 نومبر کو عمران خان پر چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ’توہین آمیز‘ بیانات دینے پر فرد جرم عائد کرے گا۔
عمران خان کے علاوہ تحریک انصاف کے دیگر سابق رہنماؤں اسد عمر اور فواد چوہدری کو بھی اسی مقدمے میں 30 نومبر کو پیشی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
’صبح میں وزیراعظم تھا اور شام کو ہائی جیکر بن گیا‘: نواز شریف
سابق وزیراعظم نواز شریف نے سیالکوٹ چیمبر میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک دفعہ 14 ماہ اور دوسری بار ایک سال جیل میں ہے۔
ان کے مطابق ابھی تک سمجھ نہیں سکا کہ کیوں جیل دیکھنی پڑی۔
نواز شریف نے سنہ 1999 میں پرویز مشرف کے مارشل لا کے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’صبح میں وزیراعظم تھا اور شام کو میں ہائی جیکر بن گیا۔‘
ان کے مطابق ’مجھے عمر قید دے دی گئی۔ اور پھر کوشش کی گئی کہ سندھ ہائی کورٹ سے مجھے سزائے موت دے دی جائے۔‘
نواز شریف کے مطابق ان کی بیٹی سمیت ان کی جماعت کے متعدد رہنماؤں کو بھی جیل کی سزا سنائی گئی۔
نواز شریف نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ’اسے لایا گیا اور ہمیں گرایا گیا ہے۔‘ ان کے مطابق اگر جب کسی کی مدت کو پوری نہیں کرنے دیں گے تو پھر ملک کو کیسے آگے لے کر جائیں گے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے مطابق جب گھر میں پھوٹ پڑ جائیں اور لڑائی ہو جائے تو گھر آگے نہیں چل سکتے، ملک تو دور کی بات ہے۔
ان کے مطابق جن ممالک سے ہم بہت آگے تھے اب ہمیں ان سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ نواز شریف کے مطابق پاکستان کے وزرائے اعظم کو کبھی جیل دیکھنی پڑتی ہے، کبھی پھانسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور سمجھ نہیں آتی کہ ایسا کیوں ہے؟
نواز شریف نے کہا کہ 2018 میں ہم جیت گئے تھے مگر اس کے بعد ادھر سے ادھر جہاز اڑائے گئے اور پھر تحریک انصاف کی حکومت بنانے کے لیے چوں چوں کا مربہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق اس کے باوجود اس وزیراعظم کو چار ووٹوں کی اکثریت سے وزیراعظم بنایا گیا، جس میں ایم کیو ایم اور باپ پارٹی کے ووٹ بھی شامل تھے۔
ان کے مطابق آر ٹی ایس بٹھا کر انھیں جتوایا گیا۔ نواز شریف کے مطابق ’اُدھر الیکشن ہو رہا تھا اور دوسری طرف میں اور مریم نواز جیل میں تھیں۔‘
آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نو مئی کے واقعات میں گرفتار بے گناہ کارکنوں کو رہا کرائیں: شیخ رشید

سابق وزیراطلاعات شیخ رشید نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی ندیم انجم سے درخواست کی ہے کہ وہ نو مئی کے واقعات میں ملوث کیے جانے والے بے گناہ کارکنان سے متعلق کوئی بورڈ تشکیل دے کر ان کی جلد رہائی ممکن بنائیں۔
انھوں نے بتایا کہ جن بے گناہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان کے گھروں کے حالات اچھے نہیں ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ وہ خود 12 اپریل سے 12 مئی تک ملک سے باہر تھے مگر اس کے باوجود ان کے خلاف 60 سے زائد مقدمات قائم کیے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وہ راولپنڈی کے عوام کے درمیان پانچ دن سے ہیں اور اس عرصے میں انھوں نے یہ محسوس کیا ہے کہ لوگوں کا اصل مسئلہ بچوں کی فیس، بجلی کا بل، آٹا اور مہنگائی ہے۔
ان کے مطابق معیشت کی طرف توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ ان کی رائے میں جلد الیکشن ہونے چاہیں شاید اس سے معیشت بہتر ہو کیونکہ لوگوں کا مسئلہ گھر چلانا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ایک طرف عوام مشکل میں ہیں تو دوسری طرف مری میں چہل قدمی کرنے والے اکثریت حاصل کرنے کے دعوے کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ’مجھے شک ہے کہ دو تہائی تو ایک طرف یہ 172 کی سادہ اکثریت بھی حاصل نہیں کر سکیں گے۔‘
شیخ رشید کے مطابق الیکشن کے دن ’غش‘ اور ’عش‘ کے درمیان مقابلہ ہو گا۔
اشتعال انگیز گفتگو کے مقدمے میں مریم اورنگزیب کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز گفتگو کرنے کے ایک کیس میں سابق وزیر اطلاعات اور ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کی عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت میں جج عبہر گل نے اس مقدمے کی سماعت کی مگر مریم اورنگزیب عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، جس پر عدالت نے ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
مسلم لیگ ایک سینیئر رہنما میاں جاوید لطیف کے پیش ہونے پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے اور جاوید لطیف سمیت دیگر کو 9 دسمبر کو دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔
یاد رہے کہ تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے مریم اورنگزیب، جاوید لطیف سمیت دیگر کے خلاف ستمبر 2022 میں لاہور کے گرین ٹاؤن پولیس سٹیشن میں مقامی مسجد کے امام کی مدعیت میں مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کے خلاف سیکشن 9 (فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دینے کا جرم) اور 11 ایکس-3 (شہری انتشار پیدا کرنے کی ذمہ داری) کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے میں پاکستان ٹیلی ویژن کے منیجنگ ڈائریکٹر سہیل خان اور کنٹرولر پروگرام راشد بیگ کو بھی نامزد کیا گیا تھا اور ان کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ پریس کانفرنس قومی ٹیلی ویژن پر دکھائی گئی۔
اسلام آباد میں سکول کے بچوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے ایک بچہ ہلاک، متعد زخمی

،تصویر کا ذریعہVideo grab
اسلام آباد میں شاہدرہ پکنک پوائنٹ کے قریب سکول کے بچوں کی گاڑی کھائی میں گر گئی۔
پولیس کی بھاری نفری، امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ حادثے میں ایک بچہ ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
پنجاب سے سکول کے بچے سیروتفریح کے لیے اسلام آباد آئے ہوئے تھے۔
سوات میں سیاحوں کی کوسٹر گہری کھائی میں جا گری، 16 افراد زخمی، تین ہلاک

سوات کے علاقے کالام پیشمال کے مقام پر سیاحوں سے بھری کوسٹر سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جا گری، جس سے 16 افراد زخمی اور تین ہلاک ہو گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 سوات کے مطابق میڈیکل ٹیم فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور اس ٹیم نے تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے سول ہسپتال مدین منتقل کر دیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 سوات کے مطابق زخمیوں میں اب تک چار افراد کو تشویشناک حالت میں سیدو شریف منتقل کر دیا گیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ملک میں مالیاتی مینجمنٹ کو بہتر بنایا ہے، مہنگائی میں کمی آئے گی: ڈاکٹر شمشاد اختر

،تصویر کا ذریعہAPP
نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ ملک میں مالیاتی مینجمنٹ کو بہتر بنایا گیا ہے اور مہنگائی میں بھی اب کمی آئے گی۔
ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد، سینیٹر دنیش کمار، پلوشہ زئی کے سوالات کے جواب میں نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے بتایا کہ
ان[وں نے بتایا کہ 2022-23 کے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 6 ارب 88 کروڑ روپے سے زائد مختص کیے گئے۔
مسافر کے پیٹ سے 101 عدد آئس بھرے کیپسولز برآمد: اے این ایف

،تصویر کا ذریعہAPP
سنیچر کے روز ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس سے کینیڈا کے لیے بُک کیے گئے پارسل سے دو کلو 834 گرام افیون برآمد کی گئی ہے۔
اسی طرح باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 101 عدد آئس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے ہیں۔ خیبر کا رہائشی ملزم پرواز نمبر کیو آر۔601 کے ذریعے دوحہ کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔
ایک اور کارروائی میں اسلام آباد میں کاک پُل کے قریب ایک گاڑی سے 19 کلو 200 گرام چرس برآمد کر کے خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اے این ایف کے مطابق بلوچستان میں پشین کے سرانان بازار کے قریب سے دو گاڑیوں سے 150 کلو چرس برآمد ہوئی اور ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
لکپاس ٹول پلازہ کوئٹہ کے قریب افغان باشندے کے سامان سے آٹھ کلو چرس اور دو کلو آئس برآمد ہوئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق جی ٹی روڈ پشاور پر گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تین کلو افیون اور ایک کلو آئس برآمد کی گئی اور دورانِ کارروائی پشاور کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں مخصوص مقامات پر مصنوعی بارش کی تیاری جاری

،تصویر کا ذریعہGetty Images
نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے سموگ کنٹرول کے لیے لاہور کے مختلف مقامات پر مصنوعی بارش کے منصوبے کے بارے میں بتایا ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ لاہور میں مخصوص مقامات پر مصنوعی بارش کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ کی تیاری کی جارہی ہے۔
مصنوعی بارش کے لیے استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی نسبتاً کم خرچ ہے۔
انھوں نے کہا کہ کلاوڈ سیڈنگ کے لیے آسمان پر بادلوں کی موجودگی ضروری ہے اور بادلوں سے مشروط ہونے کی وجہ سے کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے کسی حتمی تاریخ کا تعین ممکن نہیں۔
نگران وزیر کا کہنا تھا کہ کلاؤڈ سیڈنگ میں مصنوعی بارش کے لیے بادلوں پر مخصوص سالٹ چھڑکا جاتا ہے، چھڑکاؤ کے لیے جس جہاز کا استعمال کیا جانا ہے اسے آپریٹ کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
نگران وزیر اطلاعات کے مطابق مصنوعی بارش یا کلاؤڈ سیڈنگ جہاز کی بحالی کے بعد ہی ممکن ہو گی۔
وہ آیا نہیں تھا، لایا گیا تھا، لانے والے بھی اتنے ہی ذمہ دار ہیں جتنا وہ خود ذمہ دار ہے

،تصویر کا ذریعہPML-N
سابق وزیراعظم نواز شریف نے سیالکوٹ میں اپنی پارٹی ورکرز کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ’وہ آیا نہیں تھا، لایا گیا تھا، لانے والے بھی اتنے ہی ذمہ دار ہیں جتنا وہ خود ذمہ دار ہے۔‘
نواز شریف نے کہا کہ انھوں نے کبھی ملک کے مفاد کے خلاف کام نہیں کیا ہے۔ ان کے مطابق ہمارا بڑا قیمتی ملک ہے اسے تباہ کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ملک کو ایسے لوگوں کے حوالے نہیں کر سکتے جو ہمارے ملک اور ثقافت کو بگاڑ دیں۔
نواز شریف نے کہا کہ ’ملک پٹری سے اتارا ہی نہیں گیا بلکہ پٹری ہی اکھاڑ دی گئی۔‘ انھوں نے کہا کہ دوبارہ غلطی نہیں کرنی اور اگر کوئی کرے تو اسے پکڑنا ہے۔
ہمارے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ کچھ عرصے قبل ہی ختم ہوا: نواز شریف
سابق وزیراعظم نواز شریف نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف انتقام کا جو سلسلہ شروع کیا گیا تھا وہ کچھ عرصہ قبل ہی ختم ہوا ہے۔
ان کے مطابق ’ان کی اقتدار میں رہنے کی مدت جیل میں رہنے کی مدت سے زیادہ بنتی ہے مگر ہمت نہیں ہاری۔‘
ان کے مطابق انھوں نے نہ 1993 میں ہمت ہاری، نہ 1999 میں اور نہ سنہ 2017 میں ہمت ہاری۔ انھوں نے کہا کہ ان کے خلاف وہ سلسلہ کچھ ہی عرصہ پہلے ہی ختم ہوا ہے۔
نواز شریف نے کہا سمجھ نہیں آتی کہ ان کے ادوار حکومت کو کیوں ختم کیا گیا حالانکہ پاکستان ان ادوار میں اقتصادی طور پر بہت ترقی کر رہا تھا۔
ان کے مطابق روپیہ مضبوط تھا جبکہ ملک میں مہنگائی زیادہ نہیں تھی۔ نواز شریف نے کہا کہ یکا یک کسی کو کیا ہوتا ہے کہ کلہاڑا چلا دیا اور اچھا خاصا ہنستا بستا ملک اجاڑ دیا۔
نواز شریف نے کہا کہ ججز نے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر کروڑوں کے نمائندے کو پانچ بندوں نے اٹھا کر پھینکا۔
انھوں نے کا کہ ’نواز شریف کو ہٹا کر لایا کس کو جسے گالی کے سوا کچھ اور کرنے نہیں آتا، جب بھی بولتا ہے تو گالیاں دیتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے معاشرے اور کلچر کو تباہ و برباد کیا۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے بکسوں سے ووٹ نکال کر کسی اور کے بکسے میں ڈال دیے اور آر ٹی ایس بٹھا دیا گیا اور نتائج تبدیل کیے گئے۔ ان کے مطابق ہم بار بار ان غلطیوں کو نہیں دہرا سکتے۔
سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست 28 نومبر کو سماعت کے لیے منظور, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد
اسلام آباد ہائیکورٹ نےریٹائرمنٹ کے بعد قانونی رکاوٹ توڑنے اور مختلف ایونٹس کو غلط بیان کرنے کے مقدمہ میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل فیض حمید کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست 28 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کاز لسٹ جاری کردی گئی۔
یاد رہے کہ ایک عام شہری نے جنرل باجوہ ، جنرل فیض حمید و دیگر کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ اندراج کی درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کو مقدمہ اندراج درخواست کے بعد بار بار استدعا کی کوئی ایکشن نہیں ہوا ، ایف آئی اے کو حکم دیا جائے کہ مقدمہ درج کرکے کارروائی کرے۔
مقدمہ اندراج کی درخواست پر ہائیکورٹ نے ایف آئی اے ، جنرل ریٹائر ڈ قمر جاوید باجوہ اور جنرل فیض حمید کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
صحافی جاوید چوھدری ، شاہد میتلا ، پیمرا ، پریس ایسوسی ایشن آف پاکستان کو بھی نوٹس جاری ہیں۔
درخواست کے مطابق صحافی جاوید چوھدری اور شاہد میتلا نے صرف ویورشپ کے لئے دو آرٹیکل لکھے جس کا سوسائٹی پر منفی اثر ہوا۔
درخواست جاوید چوھدری اور شاہد میتلا کے آرٹیکلز کو پٹیشن کا حصہ بنایا گیا ہے۔ جب میں نے آرٹیکلز دیکھے تو حیران رہ گیا کیسے مافیا سوسائٹی کو پرگندا کر رہا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کرمنل رویہ سامنے آیا اس سے مقدمہ اندراج کی درخواست دی۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کرمنل ایکٹ باجوہ اور فیض حمید کی ملی بھگت سے ہوا ایف آئی اے سخت ایکشن لے۔جنرل باجوہ اور جنرل فیض قانونی رکاوٹ عبور کرکے سنگین جرم کے مرتکب ٹھہرے ہیں۔
بلوچ طلبہ کی جبری گمشدگی سے متعلق قائم کمیشن کی سفارشات پرعملدرآمد کیس کا تحریری حکمنامہ جاری
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس محسن اختر کیانی نے بلوچ طلبہ کی جبری گمشدگی سے متعلق قائم کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کیس کا گزشتہ سماعت کا پانچ صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کر دیا جس کے مطابق وزیراعظم، وزیر داخلہ، وزیر دفاع ، وزیر انسانی حقوق، سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری دفاع کو 29 نومبر کو عدالت میں طلب کرلیا گیا ہے۔
اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مختلف یونیورسٹیوں کے 69 بلوچ طلبہ کی نسلی پروفائلنگ، ہراساں اور جبری گمشدہ کیا گیا اور ریکارڈ کے مطابق کچھ لاپتہ طلبہ گھروں کو لوٹ آئے لیکن کم از کم پچاس اب بھی غائب ہیں۔
عدالت نے اپنے حکم میں مزید کہا کہ سابق چیف جسٹس ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے بلوچ طلبہ کے تحفظات کے ازالے کے لیے کمیشن تشکیل دیا تھا اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے تسلیم کیا کہ ریاستی اداروں کی جانب جبری گمشدہ بلوچ طلبہ اب بھی لاپتہ ہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے اپنے حکم میں کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے اس مسئلے پر کوئی مثبت اقدام نہیں اٹھایا اور 21 سماعتوں کے باوجود اس مسئلے پر مثبت بتائج نہ آنا آئین پاکستان کی توہین ہے۔
اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالتیں مظلوم کے لیے امید کی آخری کِرن ہوتی ہیں اور ریاستی عہدیداروں کے اس سُست رویے نے اعلی عدالتوں پر عوامی اعتماد متزلزل کر دیا ہے۔
اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ ریاستی اداروں پر بلوچ طلبہ کی جبری گمشدگی کا الزام ہے اور وہی انکو بازیاب کرانے میں بے بس ہیں۔
اس حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ وفاقی حکومت اس معاملے سے غیرسنجیدگی سے نمٹ رہی ہے اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی ذمہ دار حکومتِ پاکستان انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روک نہیں پا رہی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ عدالت کے پاس وزیراعظم، وزیر دفاع اور داخلہ کو طلب کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔ وزیراعظم، وزراء اور سیکرٹریز پیش ہو کر بتائیں کہ معاملے کو اہمیت کیوں نہیں دے رہے؟
جسٹس محسن کیانی نے اپنے حکم میں اس بات کا بھی زکر کیا کہ کمیشن رپورٹ کے مطابق یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اٹھایا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ’امید ہے وزیراعظم، وزراء اور سیکرٹریز ٹھوس نتائج کے ساتھ عدالت میں پیش ہوں اور یہ بھی امید ہے عدالت کو بتایا جائے گا کہ لاپتہ طلبہ اپنے گھروں میں واپس پہنچ گئے ہیں۔‘
جسٹس محسن اختر کیانی نے اپنے حکم میں کہا کہ اگر کوئی طالبعلم ریاست مخالف سرگرمی میں ملوث ہو تو متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا کہ ناکامی کی صورت میں سمجھا جائے گا کہ مندرجہ بالا افراد ریاستی مفاد کے خلاف کام کر رہے ہیں اور یہ افراد اس سسٹم کا حصہ ہیں جس میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں اور یہ افراد اپنی موجودگی میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش تماشائی تصور ہوں گے۔
کراچی کے شاپنگ مال میں آتشزدگی کے واقعہ میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک، متعدد زخمی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر قائم شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے کے واقعے میں اب تک کم از کم آٹھ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
جناح ہسپتال کراچی کے ترجمان جہانگیر اعجاز نے بی بی سی کو بتایا کہ جناح ہسپتال میں آٹھ افراد مردہ حالت میں لائے گئے جبکہ تین افراد زخمی حالت میں ہیں
ترجمان کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ہسپتال کے ریکارڈ کے مطاب ’آر جے‘ مال میں لگنے والی آگ کے بعد امدادی کارروائیوں میں پہلی لاش آٹھ بج کر 39 منٹ پر ہسپتال منتقل کی گئی۔
ریکارڈ کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی عمریں 22 سے 43 سال کے درمیان ہیں۔
’بھائی کو گرفتار نہیں کیا بلکہ گھر سے اٹھایا گیا‘: کیچ میں سی ٹی ڈی کارروائی میں مارے جانے والے بالاچ بلوچ پر کیا الزام تھا؟
غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی موجودہ مہم کو مکمل کامیابی تک جاری رکھا جائے گا: وزیر داخلہ سرفراز بگٹی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے وطن واپس بھیجنے کی موجودہ مہم کو مکمل کامیابی تک جاری رکھا جائے گا۔
یہ بات انھوں نے نیشنل ایکشن پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے تمام آئی جیز نے بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تارکین پاکستان سے بے دخل کرنے کی موجودہ مہم کو مکمل کامیابی تک جاری رکھا جائے گا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائے گا اوردہشت گرد اور انتہا پسند جماعتوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت انگیز تقاریر اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں نئے قوانین کا نفاذ موثر بنایا جائے گا۔
انھوں نے واضح کیا کہ کالعدم تنظیموں اورفورتھ شیڈول میں شامل افراد کو چندہ دینے پرمکمل پابندی ہے۔ پاکستانی اپنا صدقہ خیرات صرف چیریٹی کیش کے منظور شدہ اداروں کو دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں علیحدگی پسند دہشت گرد جماعتوں کے خلاف موثر آپریشن کیے جائیں گے۔ اور عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا،دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
پاکستان غیرقانونی طور پر مقیم شہریوں سے واپسی پر فی کس 830 ڈالر وصول کر رہا ہے, کیرولین ڈیویز نامہ نگار، بی بی سی نیوز

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ وہ ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم ان شہریوں سے 830 ڈالر فیس کے طور پر وصول کر رہا ہے، جو دیگر ممالک کے ویزے لے کر جانا چاہتے ہیں۔ ملک چھوڑنے کی یہ فیس ان افراد کے لیے ادا کرنا ضروری ہے جو ویزے کے بغیر آئے تھے یا پاکستان میں قانونی مدت سے زیادہ قیام کیا ہے۔
پاکستانی حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ افغانستان واپس جانے والوں پر اس پالیسی کا اطلاق نہیں کیا جا رہا ہے مگر جو دیگر ممالک جا رہے ہیں ان پر اس پالیسی کا اطلاق ہر صورت ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گذشتہ ماہ یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ملک میں مقیم ایسے 17 لاکھ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک سے بے دخل کر دے گا جو یکم نومبر تک خود واپس نہ گئے۔
سنہ 2021 میں کابل پر طالبان کے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد ہزاروں افغان ملک چھوڑ گئے۔
جن شہریوں کے پاس زائدالمعیاد ویزے ہیں ان شہریوں کو زائدالمدت قیام کے حساب سے فیس ادا کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ افغانستان واپس جانے والوں پر اس فیس کا اطلاق نہیں ہوگا یعنی وہ بغیر کسی جرمانے کے اپنے ملک واپس جا سکتے ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنینشل جیسی تنظیموں کا کہنا ہے کہ کابل میں طالبان حکومت سے بچ کر پاکستان آنے والے افغان شہریوں کو دستاویزات کے حصول میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
چونکہ پاکستان نے پناہ گزینوں سے متعلق کنونشن پر دستخط نہیں کیے ہیں اس وجہ سے وہ ملک میں رہنے والے افغانوں کو پناہ گزینوں کا درجہ حاصل نہیں دے رہا ہے۔
ایک سفارتکار نے بی بی سی کو بتایا کہ انسانی بنیادوں پر غیرممالک جانے والے افغانوں کے لیے یہ فیس پریشانی کا سبب ہے۔
ان کے مطابق کئی ممالک میں جب آپ ویزے سے زائد مدت قیام کرتے ہیں تو آپ کو جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے یا پھر آپ کو ملک بدر کر دیا جاتا ہے۔
اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ادارے یو این ایچ سی آر نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر اس معاملے کا حل نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق یہ جرمانے پاکستان کے قانون کے عین مطابق ہیں۔ دفتر خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ برطانیہ سمیت دیگر ممالک بھی زائدالمعیاد مدت کے لیے جرمانے عائد کرتے ہیں۔
