آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کی منظوری دے دی

آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ ادھر پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات نے بھی ایک ارب ڈالر سٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں جمع کروائے ہیں جس کے بعد غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں تین ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کی منظوری دے دی, تنویر ملک، صحافی

    آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔

    آئی ایم ایف فوری طور پر 1.2 ارب ڈالر ریلیز کرے گا اور باقی رقم دو سہ ماہی میں نظر ثانی کے بعد جاری کی جائے گی۔

    آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نو مہینوں پر محیط اس پروگرام کا مقصد پاکستان میں اقتصادی استحکام کو فروغ دینا ہے۔

    آئی ایم ایف نے کہا ہے پاکستان کے لیے یہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشکل بیرونی ماحول، تباہ کن سیلاب اور پالیسیوں میں نقائص کی وجہ سے پاکستان کا مالیاتی اور بیرونی خسارہ اور مہنگائی بڑھی ہے اور مالی سال 23-2022 میں مالیاتی ذخائر کم ہوئے ہیں۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  2. بریکنگ, متحدہ عرب امارات نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں ایک ارب ڈالر جمع کروا دیے

    وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو آج متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر کا ڈیپازٹ مل گیا ہے۔ جس کے بعد سٹیٹ بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ کل سعودی عرب کی جانب سے دو ارب ڈالر اور آج یو اے ای سے ایک ارب ڈالر آنے کے بعد سٹیٹ بینک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں تین ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  3. بریکنگ, پاکستان تحریکِ انصاف نے پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کر دی

    FACEBOOK/PERVEZ KHATTAK OFFICIAL

    ،تصویر کا ذریعہFACEBOOK/PERVEZ KHATTAK OFFICIAL

    پاکستان تحریکِ انصاف نے سابق وزیردفاع اور سینئیر عہدیدار پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کردی ہے۔

    اس حوالے سے پرویز خٹک کو پی ٹی آئی کی جانب سے 21 جون کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

    پرویز خٹک کی جانب سے شوکاز کا جواب نہ دیا گیا، جس پر رکنیت ختم کردی گئی ہے۔

    پی ٹی آئی

    ،تصویر کا ذریعہPTI

  4. بریکنگ, ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف

    RadioPakistan

    ،تصویر کا ذریعہRadioPakistan

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی، اس کے بعد جب بھی الیکشن ہوتے ہیں۔۔ اکتوبر، نومبر میں جب بھی ہوتے ہیں، الیکشن کمیشن نے اس کا اعلان کرنا ہے۔

    اسلام آباد میں ’پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ‘ اور قومی نصاب میں اصلاحات کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کے ووٹوں سے جو بھی حکومت آئے، میری دعا ہے وہ تعلیم کو پہلی ترجیح دے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کے بعد جو بھی حکومت آئے، میری خواہش ہے 14 ارب نہیں بلکہ 140 ارب روپے مختص ہوں جو ہم اپنے بچے بچیوں کے حوالے کریں تاکہ کوئی ڈاکٹر بنے، کوئی انجینئر بنے اور کوئی زراعت میں ملک کی خدمت کرے۔

  5. بریکنگ, ڈالر کی قیمت میں مزید کمی، سٹاک مارکیٹ میں تیزی, تنویر ملک ، صحافی

    ڈالر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی ایگزیکٹو بورڈ سے جلد منظوری کے امکان کی وجہ سے بدھ کے روز ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 1.09 روپے کمی کے بعد ڈالر کی قیمت 277.48 تک گر گئی۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت دو روپے کمی کے بعد 280 روپے کی سطح تک آگئی۔

    ادھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز تیزی کا رجحان غالب رہا اور انڈیکس میں 360 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پورے کاروباری سیشن میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا اور سرمایہ کاروں کی کی جانب سے حصص کی خریداری میں اضافہ دیکھا گیا۔

  6. بریکنگ, ژوب میں دہشت گردوں کے حملے میں چار فوجی اور تین مسلح دہشت گرد ہلاک، دو دہشت گردوں کی تلاش جاری

    ژوب

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع ژوب کے کینٹ کے علاقے میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک اور پانچ شدید زخمی ہو گئے ہیں جبکہ سکیورٹی کلیئرنس کے نتیجے میں تین مسلح دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

    پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ’دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک اور پانچ شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ جبکہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد مارے گئے ہیں۔‘

    محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون سمیت چار شہری بھی زخمی ہوئے ہیں جنھیں ژوب سول ہسپتال میں طبی امداد دے کر کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ژوب گیریژن میں گھسنے کی کوشش کی جہاں ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے دہشتگردوں کی اس کوشش کو روکا۔

    آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ’دہشت گردوں نے علی الصبح ژوب چھاونی میں شدید فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں کی تنصیبات میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی۔‘

    آئی ایس پی آر کے مطابق ’سکیورٹی کلیئرنس آپریشن کے دوران چار سکیورٹی ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کا بقیہ دو دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔‘

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن حراب کرنے کی ہر کوشش ناممکن بنا دی جائے گی۔‘

    اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

    سول ہسپتال ژوب کے ایم ایس ڈاکٹر نور الحق کا کہنا تھا کہ اس حملے میں زخمی ہونے والی خاتون سمیت چار شہریوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال لایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ خاتون اور ایک 17 سالہ نوجوان بس مسافر تھے جو دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کی زد میں آنے سے زخمی ہوئے۔

    ڈاکٹر نورالحق کا کہنا تھا کہ 35سالہ خاتون کی سر میں ایک گولی تھی جبکہ نوجوان ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے دو بچے بھی زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک کے پاؤں کو زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

  7. توشہ خانہ کیس میں عمران خان کا حاضری سے استثنیٰ منظور ’کل سے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی‘, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    عمران خان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جاری ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل نیازاللہ نیازی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ جج ہمایوں دلاور کے استفسار پر عمران خان کی حاضری سے استثنا سے متعلق درخواست کرتے ہوئے وکیل نیازاللہ نیازی نے استدعا کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، دو دن سماعت ملتوی کی جائے۔

    جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیے کہ ’آپ کریمینل وکیل ہیں، سات ماہ سے کیس التوا کا شکار ہے، کبھی ایسا دیکھا ہے سات ماہ سے کیس چل رہا ہو اور ملزم ایک بات صرف عدالت آیا ہو؟‘

    الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے عدالت کو بتایا کہ توشہ خانہ کیس کے دونوں گواہان عدالت میں شہادت کے لیے پہنچ چکے ہیں۔

    جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی بنیاد پر آج حاضری سے استثنا منظور کررہا ہوں۔ کل سے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

    عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست کا فیصلہ عدالت جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت میں وقفہ کر دیا۔

    توشہ خانہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنموجودہ حکومت کی جانب سے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ سے گھڑیاں اور بیرون ممالک سے ملنے والے دیگر تحائف فروخت کرنے کا معاملہ اٹھایا گیا تھا

    عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس ہے کیا؟

    موجودہ حکومت کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کا توشہ خانہ سے گھڑیاں اور بیرون ممالک سے ملنے والے دیگر تحائف فروخت کرنے کا معاملہ سامنے آیا تو حکمران اتحاد کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ کی طرف سے عمران خان کی نااہلی سے متعلق معاملہ سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیا۔

    سپیکر نے یہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیج دیا اور الیکشن کمیشن نے اس ریفرنس پر فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو نااہل قرار دیا۔

    عمران خان کی نااہلی میانوالی حلقے سے منتخب ہونے پر ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے اس کے ساتھ ساتھ عمران خان کے خلاف غلط بیانی کرنے پر اورگوشواروں میں اثاثے چھپانے پر فوجداری کارروائی کے لیے یہ معاملہ اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں بھجوا دیا تھ۔

    سات ماہ سے زیادہ عرصے سے یہ مقدمہ زیر سماعت ہے اور ملزم عمران خان ایک مرتبہ بھی اس سلسلے میں عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

    نو مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے دوران ہی متعقلہ جج نے عمران خان پر توشہ خانہ کے مقدمے میں فرد جرم عائد کردی تاہم عمران خان کی سپریم کورٹ کے حکم پر رہائی کے بعد اسلام آباد ہائی کورات نے عمران خان کی درخواست پر متعقلہ عدالت کو توشہ خانہ پر مزید کارروائی سے روک دیا تھا۔

    دو ماہ سے زیادہ عرصے پر محیط حکم امتناع کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے یہ مقدمہ ری ریمانڈ کردیا اور متعقلہ جج کو حکم دیا کہ وہ عمران خان کے وکلا کو سن کر ایک ہفتے میں اس مقدمے کا۔ فیصلہ سنا دیں۔

    متعلقہ عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے عدالتی حکم کی روشنی میں اس مقدمے کی تین سماعتیں کیں لیکن عمران خان کے وکلا کی جانب سے دلائل نہیں دیے گئے جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو سن کر عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی سے متعلق الیکشن کمیشن کی درخواست کو قابل سماعت قرار دیا اور متعقلہ عدالت نے اس ضمن میں گواہ ان کو بھی 12 جولائی کو طلب کر رکھا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے اس مقدمے کو ری ریمانڈ کرنے اور متعقلہ عدالت کی طرف سے عمران خان کے خلاف درخواست کو قابل سماعت دینے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

  8. نو مئی کے بعد مجھ پر مقدمات کی بارش ہو گئی ہے: عمران خان

    عمران خان

    ،تصویر کا ذریعہPTI

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ’کور کمانڈر کے گھر پر جو کچھ ہوا اس کی آذادانہ تحقیقات کروائی جائیں مگر ہماری کوئی سننے کو تیار نہیں۔‘

    سوشل میڈیا پر خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ ’ میں چیلینج کرتا ہوں کہ کور کمانڈر کے گھر پر حملے کی آذادانہ تحقیقات کروائی جائیں تو پتہ چلے گا کتنی بڑی سازش ہوئی ہے۔ سب سے پہلے آئی جی پنجاب سے پوچھا جائے لیکن ان سے کیوں نہیں پوچھا جا رہا۔‘

    عمران خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’نو مئی کا انھوں نے پہلے سے پلان بنایا ہوا تھا اور ان کے اپنے بندے پہلے سے موجود تھے۔ان کی پوری کوشش ہے کہ ملک کی بڑی جماعت کو ختم کیا جائے۔‘

    عمران خان کے مطابق ’میرے اوپر اب ذیادہ تر کیسز دہشت گردی کی عدالتوں میں ہیں۔ تحریک انصاف کا کہیں کوئی مظاہرہ ہوتا ہے اس میں عمران حان کے اوپر دہشت گردی کا مقدمہ لگا دیا جاتا ہے۔

    انھوں نے کہا ’پاکستان کی سپریم کورٹ نے کہا کہ نو مئی کو عمران خان کو غیر قانونی طورپر اغوا کیا گیا۔ کمانڈو ایکشن کر کے مجھے اٹھایا گیا۔ کون سے پاکستانی لیڈر کو اس طرح تشدد کر کے اٹھایا گیا۔ مجھے ذلیل کیا گیا جس پر پورے پاکستان سے ری ایکشن آیا ۔ لوگوں نے میرے ساتھ ناانصافی کو جو دیکھا اس پر رد عمل آنا ہی تھا۔‘

    عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ’انھوں نے کم از کم 25 لوگوں کو اس پر امن احتجاج میں مار کر قتل کر دیا۔ ہم نے جب 126 دن کا دھرنا دیا اس میں کیا کسی کو مارا گیا لوگ آتے تھے پر امن احتجاج کر کے چلے جاتے تھے تو یہ جو کچھ ہوا اس کی آذادانہ تحقیقات کروائی جائیں مگر ہماری کوئی سن ہی نہیں رہا۔‘

    چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق ’۔ جب بھی ہم کوئی ریلی، کوئی سیاسی سرگرمی کرنا چاہیں، دفعہ 144 نافذ اور عمران خان پر مقدمہ درج ہوجاتا ہے۔ دفعہ 144 لگتی ہی صرف پی ٹی آئی کے لیے ہے، فضل الرحمٰن نے 144 کے دوران ریڈ زون میں سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دیا تھا۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

    عمران خان نے اپنے اوپر موجود کیسز کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ ’آج اوپر جوطاقتور بیٹھے ہوئے ہیں ان کے اربوں روپے کے کیسز معاف ہوئے ہیں۔ مجھ پر الزام ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے چیزیں سستی ملیں تو اس وقت کے کیبنٹ سیکریٹری اور ایف بی ار کے لوگ بھی موجود ہیں آپ ان کو بلا کر پوچھیں کہ کیا کبھی کسی سے کہا کہ مجھے یہ تحائف سستی قیمت پر دو۔‘

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’توشہ خانہ کیس میں اگر کسی کو پکڑنا ہے تو مریم نواز ، نواز شریف اور آصف زرداری کو پکڑیں۔ توشہ خانہ میں قانون کے مطابق آپ گاڑی نہیں لے سکتے تو انھوں نے قانون توڑا ہوا ہے مگر ان کو نہیں پکڑنا۔ ‘

    عمران خان کے مطابق ’توشہ خانہ پر نیب کا بھی کیس ہے اور الیکشن کمیشن میں بھی کیس ہے اور اس پر ایف آئی آر بھی کٹی ہوئی ہے۔ صرف اس لیے کہ عمران خان کو پکڑوانا ہے۔ شہباز شریف نے الزام لگایا کہ میں آرمی چیف کا قتل کروانا چاہتا ہوں۔ جھوٹے الزام لگانے میں یہ ماسٹر ہیں۔‘

  9. پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ خوش آئند ہے: امریکی دفتر خارجہ

    امریکی دفتر خارجہ

    ،تصویر کا ذریعہUS STATE DEPT

    امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ خوش آئند ہے اور ملک کی معاشی بحالی و خوشحالی کے لیے امریکہ اس کے ساتھ کھڑا ہے۔

    منگل کی پریس بریفننگ کے دوران امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے پوچھا گیا تھا کہ آیا آئی ایم ایف کے تین ارب ڈالر کے قرض معاہدے کے لیے امریکہ نے پاکستان کی مدد کی تھی۔

    میتھیو ملر نے جواب دیا کہ ’میں یہ کہوں گا کہ ہم اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اس پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان سٹاف لیول معاہدے طے ہوا۔

    ’ملک کی معاشی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے۔ اور ہم تکنیکی تعاون کے ذریعے پاکستان کے ساتھ رابطے جاری رکھیں گے اور اپنے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط کرتے رہیں گے، یہ سب ہمارے دو طرفہ تعلقات کی ترجیحات ہیں۔‘

    امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ’معاشی بحالی اور خوشحالی کے طویل المدتی پائیدار راستے پر گامزن ہونے کے لیے پاکستان کو بہت زیادہ محنت کرنی ہے، لیکن ہم اس عمل میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔‘

    ایک دوسرے سوال پر میتھیو ملر نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان سے یہ مطالبہ کبھی نہیں کیا کہ اسے امریکہ یا چین میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

    ’پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات عوامی سطح پر رابطوں پر مبنی ہیں۔ ہم اپنی شراکت داری اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے طریقے تلاش کرتے رہیں گے۔ پاکستان کے ساتھ ہمارا اقتصادی تعاون اس خطے کے لیے ہمارے وژن کی عکاسی کرتا ہے جو کہ آزاد، مضبوط اور خوشحال قوموں پر مشتمل ہے۔ اور ہمارے تعلقات احترام اور شراکت داری کے جذبے پر مبنی ہیں۔‘

  10. بریکنگ, 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل: نیب راولپنڈی نے عمران خان کو 13 جولائی کو طلب کر لیا

    نیب راولپنڈی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو این سی اے کے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کی تحقیقات کے حوالے سے 13 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اس حوالے سے نیب کی جانب سے بھیجا گیا نوٹس عمران خان کے وکیل علی اعجاز بٹر نے وصول کیا ہے۔

    نیب راولپنڈی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تفتیش کے لیے 13 جولائی دن دو بجے طلب کیا ہے اور کیس سے متعلقہ دستاویزات بھی ساتھ لانے کو کہا ہے۔

    نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پاکستان اور بیرون ملکوں میں جائیدادوں کی تفصیلات، بنی گالہ اور زمان پارک کی ریونیو دستاویز اور شوکت خانم ٹرسٹ کی رجسٹریشن و متعلقہ دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایات کی ہے۔

  11. نو مئی ہنگامے: عمران خان دہشت گردی کے تین مزید مقدمات میں نامزد

    AFP

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    نو مئی کے ہنگاموں کے تناظر میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو دہشت گردی کے تین مزید مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف سات مقدمات دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج تھے جن کی تعداد اب دس ہو گئی ہے۔

    پنجاب کے دیگر اضلاع میں نو مئی کے واقعات کے حوالے سے دہشت گردی کے 19 مقدمات میں چیئرمین تحریک انصاف کو نامزد کیا گیا ہے۔

    عمران خان کو انویسٹی گیشن اور گرفتار ملزمان کے بیانات کی روشنی میں نامزد کیا گیا ہے۔

    ملتان میں تین، راولپنڈی میں دو، فیصل آباد میں دو اور گجرانوالہ میں ایک دہشت گردی کے مقدمے میں چیئرمین تحریک انصاف کو نامزد کیا گیا ہے۔

  12. دو ارب سعودی ڈیپازٹ آنے کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی، سونے کی قیمت بھی 3000 روپے فی تولہ گر گئی, تنویر ملک، صحافی

    GETTY IMAGES

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں ہونے والا اضافہ منگل کو برقرار نہ رہ سکا جب سعودی عرب سے دو ارب ڈالر ڈیپازٹ آنے کے بعد ڈالر کی قیمت میں 1.23 روپے کم ہو گئی۔

    منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قیمت میں 1.70 روپے کا اضافہ ہوا تاہم سعودی ڈیپازٹ کی خبر آنے کے بعد ڈالر کی قیمت 1.23 روپے کمی کے بعد 278.57 روپے پر بند ہوئی۔

    اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت ایک روپے کمی کے بعد 282 روپے پر بند ہوئی۔

    منگل کے روز سونے کی قیمت میں 3100 روپے فی تولہ کی کمی ریکارڈ کی گئی اور ایک تولہ سونے کی قیمت 205900 پر بند ہوئی جو گذشتہ روز 209000 پر بند ہوئی تھی۔

  13. دو ارب ڈالر کا سعودی ڈیپازٹ آنے کے بعد سٹاک مارکیٹ 45000 پوائنٹس کی حد عبور کر گئی, تنویر ملک، صحافی

    GETTY IMAGES

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز تیز ی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے اور کے ایس ای 100 انڈیکس 45000 پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔

    مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے لے کر اب تک 463 پوائنٹس کا اضافہ ہو ہ ہو چکا ہے اور اس وقت مارکیٹ کا انڈیکس 45049 پوائنٹس کی سطح پر موجود ہےجو 14 مہیینے کی بلند ترین سطح ہے۔

    سٹاک بروکرز کےمطابق مارکیٹ میں صبح سے کاروبار کا آغاز مثبت تھا تاہم سعودی عرب کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں دو ارب ڈالر کی رقم جمع ہونے کی خبر کے بعد مارکیٹ میں مزید تیزی آئی۔

    سعودی دو ارب ڈالر کے ڈیپازٹ کے بعد پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری کا امکان مزید بڑھ گیا ہے۔

  14. مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات اور میاں نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں کے لیے متحرک

    مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں تنظیمی عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا ہے۔

    پنجاب بھر سے تنظیمی عہدیداروں ڈویژنل صدور اور جنرل سیکرٹریز کو اجلاس میں شرکت کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    صدر پنجاب رانا ثنا اللہ تنظیمی عہدیداروں کی مشاورت سے انتخابات کے لیے مضبوط امیدواروں کے چناؤ پر مشاورت کریں گے۔

    اجلاس میں پنجاب کے تمام اضلاع میں جلسوں کی تیاریوں اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

  15. چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی دو ہفتے کے لیے سات مقدمات میں حفاظتی ضمانتیں منظور, ترہب اصغر، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    عمران خان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے واقعات میں 7 مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت‏ لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کی۔

    عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سات مقدمات میں حفاظتی ضمانتیں دو ہفتوں تک منظور کرلی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں پر آفس اعتراض برقرار رکھنے کے بعد عمران خان کی لیگل ٹیم نے ان مقدمات میں حفاظتی ضمانتیں دائر کی تھیں۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 9 مئی کے حوالے سے 8 مقدمات میں عبوری ضمانت کے لیے آج صبح لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

    عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ انھیں راولپنڈی، میانوالی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں درج مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے اور وہ ان مقدمات میں ‏شامل تفتیش ہوکر حقائق سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں تاہم سکیورٹی مسائل درپیش ہیں۔

    عدالت نے چئیرمن پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں کی درخواست کا ناقابل سماعت قرار دے دیا تھا۔

  16. عمران خان نے 8 مقدمات میں عبوری ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا, ترہب اصغر، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

    سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 9 مئی کے حوالے سے 8 مقدمات میں عبوری ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

    عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے ضمانت کی درخواستیں دائر کیں۔

    ‏ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انھیں راولپنڈی، میانوالی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں درج مقدمات میں نامزد کر دیا گیا ہے اور وہ ان مقدمات میں ‏شامل تفتیش ہوکر حقائق سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں تاہم سکیورٹی مسائل درپیش ہیں۔

    درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے درخواست ضمانت پر سماعت کرنے کی استدعا میں کہا ہے کہ ‏اس سے قبل اینٹی کرپشن کے مقدمے میں بھی لاہور ہائی کورٹ نے براہ راست درخواست ضمانت پر سماعت کی ہے لہذا ‏لاہور ہائی کورٹ آٹھوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرے اور پولیس کو ان مقدمات میں گرفتاری سے روکے۔

  17. بریکنگ, دوست ملک سعودی عرب نے سٹیٹ بینک میں دو ارب ڈالر ڈپازٹ کروا دیے: اسحاق ڈار

    اسحاق ڈار

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ دوست ملک سعودی عرب نے سٹیٹ بینک میں دو ارب ڈالر ڈیپازٹ کروا دیے ہیں۔

    اسحاق ڈار کے مطابق ’پاکستان کی معیشت پہلے سے بہت بہتر ہے اور اب جلد مزید استحکام پیدا ہو گا۔‘

    اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’میں وزیر اعظم اور آرمی چیف کی جانب سے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

    اسحاق ڈار کے مطابق ’آنے والے دنوں میں مزید اچھی ڈویلپمنٹ ہو گی اور مستقبل میں معاشی معاملات مزید بہتری کی جانب جائیں گے۔‘

  18. عمران خان اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری،اسد عمر کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور: الیکشن کمیشن, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    توہین الیکشن کمیشن کیس

    ،تصویر کا ذریعہANADOLU AGENCY

    الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کے مقدمے میں سابق وزیر اعظم عمران خان فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے جبکہ پی ٹی آئی کے سابق رہنما اسد عمر کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی۔

    چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان ، فواد چوہدری ، اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے کی۔

    عمران خان اور فواد چوہدری کی طرف سے معاون وکیل نوید انجم اور اسد عمر کی طرف سے معاون وکیل عمائمہ منصور پیش ہوئے۔

    عمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری کو الیکشن کمیشن نے ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا تاہم وہ آج عدالت کے روبرو ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہوئے جس پر الیکشن کمیشن نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔

    اسد عمر کی جانب سے معاون وکیل عمائمہ منصور نے بتایا کہ اسد عمر کی پیشی تھی اور آج ان کا ایک پروسیجر بھی ہے۔ ان کے مطابق انور منصور کے میڈیکل چیک اپ ہیں، وہ چھٹی پر ہیں اس لیے ان کی خاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی ہے۔

    معاون وکیل نے استدعا کی کہ اسد عمر ہر دفعہ پیش ہوتے ہیں تاہم وہ صرف آخری مرتبہ پیش نہیں ہوئے تھے۔ اسد عمر کی طرف سے حاضری سے استثنا کی درخواست الیکشن کمیشن نے منظور کرلی۔

    چار رکنی بینچ کا کہنا تھا کہ اسد عمر چونکہ پیش ہوتے رہے ہیں اس لیے ان کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کی جاتی ہے جبکہ عمران خان اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رہیں گے۔

    الیکشن کمیشن نے تینوں رہنماؤں کو آئندہ سماعت پر ذاتی حثیت میں طلب کرلیا اور سماعت 25جولائی تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر ان کے خلاف توہین عدالت میں فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔

  19. اسمبلیاں 11 اگست کو بھی تحلیل ہوسکتی ہیں: رانا ثنا اللہ

    رانا ثنا اللہ

    ،تصویر کا ذریعہ@RanaSanaullahPK

    وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے تاہم اسمبلیاں 13 اگست کے بجائے 11 اگست کو بھی تحلیل ہوسکتی ہیں۔

    جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘ سوالات کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’’الیکشن کمیشن کو سہولت اور وقت دینے کے لیے اگر یہ اسمبلیاں 13 اگست کے بجائے 11 اگست کو معطل ہوجائیں گی تو انھیں 90 روز مل جائیں گے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ انھیں 90 دن کے اندر ہی انتخابات کروانے ہیں بلکہ انتخابات 64 دنوں یا 74 دنوں میں بھی ہوسکتے ہیں۔‘

    رانا ثنا اللہ کے مطابق ’عدم اعتماد تحریک کامیاب ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کا واضح موقف تھا کہ ہمیں الیکشن کی جانب جانا چاہیے۔ پارٹی بھی اور پارٹی کے قائد نواز شریف اس بات پر پوری طرح متفق ہیں کہ وقت پر انتخابات ہوں گے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’ہم دوسرے اتحادیوں کے مؤقف کے ساتھ متفق ہو کر راضی ہوئے کہ ملک کو پہلے ڈیفالٹ کی صورت حال سے محفوظ کیا جائے اور حکومت جاری رکھی جائے۔‘

    رانا ثنا اللہ کے مطابق ’20 یا 30 دن سے کوئی خاص فرق پڑے گا، ہم نے معاملات آئینی تقاضوں کے مطابق پورے کیے ہیں اور کر رہے ہیں۔‘

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’جب انتخابی مہم شروع ہو گی تو میاں صاحب یہاں موجود ہوں گے۔ ٹکٹوں کی تقسیم کو بھی سپروائز کریں گے اور مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کو لیڈ کریں گے۔‘

    دبئی میں نواز شریف کے ساتھ آصف ذرداری کی ملاقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایک معمول کی ملاقات ہوئی ہے، آصف زرداری اور بلاول بھٹو وہاں موجود تھے اور اس میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’جب سیاست دان بیٹھتے ہیں تو اس وقت کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوتا ہے لیکن وہاں نہ تو کوئی شیڈول ملاقات تھی اور نہ کوئی ایسے فیصلے ہوئے ہیں اور انتخابات کے حوالے سے مکمل وضاحت ہے کہ انتخابات آئین کے مطابق ہوں گے۔‘