آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

فوج اور آئی ایس آئی کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کے تین مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان بھی نامزد

راولپنڈی پولیس نے نو مئی کو جی ایچ کیو کا گیٹ اور شیشے توڑنے اور حمزہ کیمپ میں آرمی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت پہلے سے درج دو مختلف مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نامزد کر دیا ہے۔ دوسری جانب گوجرانوالہ کے کینٹ تھانہ میں چیئرمین عمران خان کو چھاؤنی کے مرکزی دروازے پر توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں ملزم نامزد کر دیا گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. وڈھ میں مینگل قبیلے کے دو گروہوں کے درمیان جھڑپوں میں پھر تیزی، آخر یہ تنازع ہے کیا؟

  2. اسرائیل کا غیر قانونی سفر کرنے والے پاکستانی ملزمان کے چند رشتہ دار بھی وہاں جا چکے ہیں، ایف آئی اے کا دعوی

  3. یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا

    یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا مزید تفصیلات کے لیے ہمارے لائیو پیج پر آئیں۔

  4. لاہور میں ریکارڈ بارش اور 11 سالہ اکلوتے بھائی کی ہلاکت: ’ولی کھیلتے کھیلتے اچانک پانی میں غائب ہو گیا‘

  5. پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے میں تقریباً 40 کروڑ ڈالر کا اضافہ, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 39 کروڑ تیس لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ذخائر میں اضافے کی وجہ گورنمنٹ کو بیرون ذرائع سے حاصل ہونے والی فنانسنگ ہے جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر چار ارب 46 کروڑ کی سطح تک پہنچ گئےگ

    پاکستان کے کمرشل بینکوں کے پاس پانچ ارب 28 کروڑ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔ ملک کے پاس مجموعی طور پر نو ارب 74 کروڑ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں ۔

  6. شانگلہ میں پہاڑی تودہ گرنے سے کم از کم 5 افراد ہلاک, محمد بلال، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

    شانگلہ کے علاقے مارتونگ میں پہاڑی تودہ گر گیا جس کی زد میں آ کر کھیل میں مصروف بچے بھی دب گئے۔

    ریسکیو1122 شانگلہ کے مطابق اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

    ریسکیو1122 نے اب تک ملبے تلے سے 5 جسد خاکی نکال لیے۔ مقامی افراد کے مطابق اب بھی متعدد بچے ملبے تلے لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

  7. ریڈ زون میں فائرنگ کرنے پر عہدے سے برطرف ایڈیشنل سیشن جج عہدے پر بحال, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد

    ریڈ زون میں فائرنگ کرنے پر عہدے سے برطرف ایڈیشنل سیشن جج کو عہدے پر بحال کر دیا گیا ہے۔

    ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کو ہائیکورٹ کے جوڈیشل ٹربیونل نے بحال کیا۔ ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کی عہدے پر بحالی کی درخواست پر فیصلہ جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سنایا۔

    ایڈیشنل سیشن جج نے ریڈ زون میں سابق ایم پی اے عابدہ راجہ کے شوہر پر فائرنگ کی تھی جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوٹس لیا تھا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کو عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کیا تھا جس کے خلاف جج جہانگیر اعوان نے جوڈیشل اپیل دائر کر رکھی تھی۔

  8. وزیر اعظم شہباز شریف کی سوئیڈن میں قران کو نذر آتش کرنے کی شدید مذمت: ’سوئیڈن اپنی پوزیشن واضح کرے کہ اس نے ایسا واقعہ ہونے ہی کیوں دیا‘

    وزیراعظم شہباز شریف نے سوئیڈن میں قران کو نذر آتش کرنے کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا ہے ’پوری دنیا کو اس پر بھرپور آواز بلند کرنا ہو گی ، سوئیڈن کی حکومت اپنی پوزیشن واضخ کرے کہ اس نے ایسا واقعہ ہونے ہی کیوں دیا۔‘

    پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایوان سوئیڈن کی پولیس کی اس حرکت کی مذمت کرے اور پوری دنیا کو بتائے کہ اس کو ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔‘

    شہباز شریف نے کہا کہ ’ہم آزادی اظہار کے خلاف نہیں لیکن اس کی آڑ میں کسی کے مذہب پر بات کرنے یا پروپیگنڈا کا کسی کو حق نہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’قران کریم کی بے حرمتی پر دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل دکھ سے بھرے ہوئے ہیں اور عالم اسلام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سوئیڈن کے قبیح فعل کی پوری قوت سے مذمت کی جائے۔ چند ماہ پہلے بھی سوئیڈن میں ایسا ہی واقعہ ہوا تھا۔‘

    ان کے مطابق’اسلامو فوبیا اور اسلام کے خلاف آگ بڑھتی جا رہی ہے اور جان بوجھ کر یہ آگ پھیلائی جا رہی ہے۔ ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔ ہمیں ایک آواز ہو کر اس کی مزمت کرنا ہے ۔ پوری دنیا کو بتایا جائے کہ آئندہ ایسی حرکتوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

    شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کر کے کہا کہ ’اس واقعے کی مذمت پوپ فرانسس نے بھی کی اور لاتعلقی کا اعلان کیا ،ان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی سابق وؤیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے مسلمانوں کا بھرپور ساتھ دیا تھا ان کو آج پوری دنیا یاد کرتی ہے۔‘

    شہباز شریف کے مطابق ’ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل فوری طور پر اجلاس بلائیں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سوئیڈن واقعہ کے خلاف قرارداد منظور کروائیں۔ ‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’کل جمعہ ہے اور جمعے کے دن نماز کے بعد ملک بھر میں بھرپور احتجاجی ریلیاں نکالی جائئں تاکہ دنیا دیکھے کہ آئندہ اگر یہ حرکت کسی نے کی تو ہم سے کوئی گلہ نہ کرے۔‘

  9. نو مئی کو گوجرانوالہ کینٹ میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ کی ضمنی میں عمران خان ملزم نامزد, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد

    گوجرانوالہ کینٹ کے مرکزی دروازے پر نو مئی کو ہونے والے توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات پر تھانہ کینٹ میں درج مقدمہ میں چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ملزم نامزد کر دیا گیا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مقدمہ کی ضمنی میں نامزد کیا ہے۔

    مقدمہ میں چیئرمین پی ٹی آئی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے ملزمان کو کینٹ پر حملے کے لیے اکسایا تھا۔ پولیس نے دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

    مقدمہ میں گرفتار 10 ملزمان کو آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کے لیے پولیس نے آرمی کے حوالے کیا تھا۔

  10. لاہور میں ریکارڈ بارش کے نتیجے میں 11 ہلاکتیں: ’جو لاہور میں ہوا وہ مستقبل میں باقی شہروں میں بھی ہو گا‘

  11. پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر ترین اپنے گھر میں مردہ پائے گئے

    استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین لاہور میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ عالمگیر ترین پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک بھی ہیں۔

    خاندانی اور پولیس ذرائع کے مطابق عالمگیر ترین نے گولی مار کر مبینہ طور پر خود کشی کی ہے تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

    استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں کے مطابق جہانگیر ترین کو بھائی کی موت کی خبر پارٹی اجلاس کے دوران ملی، جس کے بعد وہ اجلاس چھوڑ کر روانہ ہو گئے۔

  12. توشہ خانہ کیس: اسلام آباد مقامی عدالت نے عمران خان کو جمعہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

    اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشنز جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو جمعہ کے روز ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جمعرات کی صبح 8 بجے اپنی عدالت میں طلب کر رکھا تھا، تاہم عمران خان مقررہ وقت پر عدالت نہیں پہنچ سکے جس کے بعد تحریک انصاف کے وکلا کی درخواست پر عدالتی کارروائی میں ساڑھے گیارہ بجے تک کا وقفہ کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ عدالتی کارروائی اسلام آباد ہائیکورٹ کے اُن احکامات کے تناظر میں دوبارہ شروع کی گئی ہے جن میں چیف جسٹس عامر فاروق نے سیشنز عدالت کے اُس فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا جس کے تحت سیشنز عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس کو ناقابل سماعت قرار دینے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیشنز کورٹ کو حکم دیا تھا کہ وہ سابق وزیر اعظم کی درخواست کو زیر التوا سمجھے اور سات دن کے اندر اس پر نئے سرے سے فیصلہ کرے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے یہ فیصلہ 3 جولائی کو سنایا گیا تھا۔

    یہ فیصلہ سامنے آنے کے بعد اب سیشنز کورٹ نے دوبارہ کارروائی کا آغاز کیا ہے۔

    جمعرات کو ہونے والی سماعت کے دوران عدالت کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اس مقدمے کا فیصلہ دس جولائی تک سُنا دیا جائے گا۔

    عمران خان کی طرف سے گوہرعلی خان ایڈووکیٹ جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز عدالت پیش ہوئے۔ عمران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیشنز عدالت میں کیس 8 جولائی کے لیے مقرر تھا جبکہ اُن کے موکل نے آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے۔

    عدالت نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو سات دنوں میں کیس کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے، جس پر عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم نہیں تھا کہ کیس پر سماعت آج کے لیے مقرر ہے اور یہ کہ ان کے علم میں یہ معاملہ رات کو وٹس ایپ کے ذریعے آیا۔

    انھوں نے عدالت سے استدعا کی کہ دس جولائی کے بعد کی کوئی بھی تاریخ دے دیں۔

    اس موقع پر جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جب اس مقدمے کی جمعرات کی صبح کارروائی شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل شیر افضل نے کہا تھا کہ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہو جائیں گے لیکن وہ نہیں آئے جس پر بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ حارث کی جگہ آج وہ عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔

    اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کی آپس میں رابطہ کاری بہتر ہی نہیں ہے۔ عدالت نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سات جولائی کی تاریخ دے رہا ہوں کیونکہ دس جولائی کو عدالت اس مقدمے کا فیصلہ سنا دے گی۔

    عمران خان کے وکیل نے اس موقع پر کہا کہ وہ تاخیری حربے نہیں استعمال کر رہے۔

    الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے اس کیس میں ملنے والا ڈیڑھ ماہ کا سٹے چیئرمین پی ٹی آئی نے انجوائے کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس مقدمے کی عدالتی کارروائی کے حوالے سے جہاں سات ماہ پہلے تھے آج بھی وہیں کھڑے ہوئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ سات ماہ میں ایک بار بھی چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

    اس موقع پر عدالت نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کی ضمانت دیں کہ آئندہ سماعت پر اُن کے مؤکل عدالت میں پیش ہوں گے۔

    اس کے بعد عدالت نے اس مقدمے کی سماعت سات جولائی تک ملتوی کر دی۔

    دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے توشہ خانہ کا معاملہ دوبارہ مقامی عدالت میں بھیجنے اور سات روز میں اس مقدمے کا فیصلہ کرنے سے متعلق جاری حکمنامے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

  13. استحکام پاکستان پارٹی کا تحریک انصاف کو تحلیل کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع

    حال ہی میں معرض وجود میں آنے والی استحکام پاکستان پارٹی نے پاکستان تحریک انصاف کو تحلیل کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کروا دی ہے۔

    یہ درخواست استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ عون چوہدری ماضی میں عمران خان کے چیف آف سٹاف بھی رہ چکے ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے متعدد مواقع پر عدلیہ اور دیگر اداروں کے مخالف اور نفرت انگیز تقاریر کیں جس کے ذریعے وہ آئین پاکستان کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

    درخواست گزار کے مطابق انھوں نے اپنی درخواست کے ہمراہ دستیاب تمام تر ثبوت اور بیانات بھی لف کیے ہیں۔

  14. ضلع خیبر میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں آرمی کے میجر ہلاک

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بدھ کی رات سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے شکاس میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشن کیا اور اس کارروائی کے دوران فوج کے میجر عبداللہ ہلاک ہوئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عبداللہ اس آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔ شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران کی جانے والی ناکہ بندی کے دوران میجر عبداللہ نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کے ایک گروہ کو سپاٹ کیا، جس کے بعد ہونے والی شدید فائرنگ کے نتیجے میں کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ میجر میاں عبداللہ شاہ ہلاک ہو گئے۔

    اس کارروائی کے نتیجے میں تین دہشت گردوں اور اُن کے سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

  15. اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر مقامی عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس پر دوبارہ سماعت کا آغاز کر دیا

    اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت جاری ہے۔

    اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج ہمایوں دلاور کی عدالت نے بدھ کی سہ پہر چیئرمین پی ٹی آئی کو صبح 8 بجے اپنی عدالت میں طلب کیا تھا، تاہم عمران خان مقررہ وقت پر عدالت نہیں پہنچ سکے جس کے بعد تحریک انصاف کے وکلا کی درخواست پر اب عدالتی کارروائی میں ساڑھے گیارہ بجے تک کا وقفہ کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ عدالتی کارروائی اسلام آباد ہائیکورٹ کے اُن احکامات کے تناظر میں دوبارہ شروع کی گئی ہے جن میں چیف جسٹس عامر فاروق نے سیشنز عدالت کے اُس فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا جس کے تحت سیشنز عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس کو ناقابل سماعت قرار دینے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیشنز کورٹ کو حکم دیا تھا کہ وہ سابق وزیر اعظم کی درخواست کو زیر التوا سمجھے اور سات دن کے اندر اس پر نئے سرے سے فیصلہ کرے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے یہ فیصلہ 3 جولائی کو سنایا گیا تھا۔

    یہ فیصلہ سامنے آنے کے بعد اب سیشنز کورٹ نے دوبارہ کارروائی کا آغاز کیا ہے۔

  16. فوج اور آئی ایس آئی دفاتر میں توڑ پھوڑ کے دو مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نامزد کر دیا گیا, شہزاد ملک، بی بی سی اُردو ڈاٹ کام

    راولپنڈی پولیس نے نو مئی کو پاکستانی فوج کے ہیڈکوارٹرز یعنی جی ایچ کیو کا گیٹ اور شیشے توڑنے اور شہر میں آرمی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت پہلے سے درج دو مختلف مقدمات میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو بھی نامزد کر دیا ہے۔

    یاد رہے کہ راولپنڈی شہر میں نو مئی کو پیش آنے والے واقعات کے تناظر میں تھانہ نیوٹاؤن اور تھانہ آر اے بازار میں دو ایف آئی آرز درج کی گئی تھیں۔

    جی ایچ کیو میں توڑ تھوڑ کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے جبکہ حمزہ کیمپ (اوجڑی کیمپ) کے مقام پر توڑ پھوڑ کا مقدمہ تھانہ نیوٹاؤن میں درج ہے۔

    جی ایچ کیو حملے کے مقدمے میں سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت سمیت پندرہ افراد پہلے ہی نامزد ہیں جبکہ دیگر ملزمان نامعلوم ہیں۔

    راولپنڈی پولیس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ عمران خان کو ان درج مقدمات میں گرفتار ہونے والے افراد سے کی جانے والی تفتیش کے نتیجے میں نامزد کیا گیا ہے۔

    یہ دونوں مقدمات انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں اور ان مقدمات میں گرفتار ہونے والے متعدد افراد کو ضلعی عدالتوں نے فوج کے حوالے کیا ہے تاکہ ان کا ٹرائل وہاں چلایا جا سکے۔

    سپریم کورٹ میں پیش کیے گئے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک 102 افراد کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھجوائے جا چکے ہیں جن میں جی ایچ کیو میں توڑ پھوڑ کرنے والے ملزمان بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ عمران خان نے عام پاکستانی شہریوں (سویلینز) کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں چلانے کے حکومتی فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

    سپریم کورٹ میں اس کیس میں ہونے والے آخری سماعت کے موقع پر وفاقی حکومت کے نمائندے یعنی اٹارنی جنرل نے بتایا تھا کہ جن افراد کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجے گئے ہیں ان کا ابھی ٹرائل شروع نہیں ہوا، جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے چند روز قبل ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ان افراد کے خلاف مقدمات کی سماعت فوجی عدالتوں میں شروع ہو چکی ہے۔

  17. ملٹری کورٹس کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار ہوں، عمران خان

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وہ فوجی عدالتوں کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار ہیں۔

    سوشل میڈیا پر نشر ہونے والے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں ملٹری کورٹس کے لیے تیار ہوں، اللہ کرے مجھے موقع ملے، میں اپنا دفاع کروں گا، کوئی وکیل نہیں رکھوں گا۔‘

    ’میں یہ بھی بتاؤں گا مجھے کس طرح مارنے کی کوشش کی گئی۔‘ عمران خان نے دعوی کیا کہ تین نومبر کو وزیر آباد میں حملے سے پہلے بھی ان کو مارنے کی کوشش کی گئی۔

    ’ڈی آئی خان میں سیلاب کے ریلیف کے بعد ہم واپس آ رہے تھے۔ میرے ہیلی کاپٹر میں پیٹرول مکس کیا گیا۔ وہ پہاڑی علاقہ تھا، ہیلی کاپٹر لینڈ ہی نہیں کر سکتا تھا۔ وہ بچتے بچتے پوٹوہار میں جو پہلی جگہ ملی وہاں اتر گیا۔‘

    ’خیبر پختونخوا میں محمود خان نے مجھے بتایا کہ صوابی میں جلسے کے لیے میرا ہیلی کاپٹر لینڈ کرنا تھا۔ وہاں راکٹ لانچر لے کر آدمی کھڑا تھا۔ بال بال بچ گئے۔‘

    ’تین نومبر کے بعد 18 مارچ کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی، جوڈیشل کمپلیکس میں۔‘

    عمران خان نے ایک ویڈیو دکھاتے ہوئے دعوی کیا کہ اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں نامعلوم افراد جمع تھے جب کہ وکیلوں کو نہیں جانے دیا جا رہا تھا۔‘

    عمران خان نے کہا کہ ان کے خیر خواہ ان کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ ملک سے باہر چلے جائیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے باہر نہیں جائیں گے۔

  18. وفاقی حکومت کا قرضہ 59000 ارب روپے ہو گیا, تنویر ملک ، صحافی

    پاکستان کی وفاقی حکومت کے ذمے واجب الادہ قرضہ 58962 ارب ہو گیا۔

    سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 31 مئی 2023 تک وفاقی حکومت کا قرضہ 58962 ارب روپے ہو گیا جو ایک سال کے مجموعی قرضوں سے 32 فیصد زیادہ ہے۔

    گزشتہ سال 31 مئی 2022 کو یہ قرضہ 44644 ارب روپے تھا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق اپریل کے مہینے کے مقابلے میں وفاقی حکومت کے قرضے میں 0.6 فیصد کا اضافہ ہوا۔

    حکومت کے اندرونی قرضوں میں ایک سال کے دوران 27 فیصد کا اضافہ ہوا جو 2900 ارب روپے سے بڑھ کر 37000 ارب روپے ہو گیا۔

    وفاقی حکومت کے بیرونی قرضوں میں 40.5 فیصد کا اضافہ ہوا جو 15500 ارب سے بڑھ کر 22000 ارب ہو گیا۔

  19. پاکستا ن تحریک انصاف کے صوبائی سیکریٹیریٹ پر پارٹی پرچم دوبارہ لہرا دیا جائے گا: قائدین کا دعویٰ, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    پاکستا ن تحریک انصاف کے صوبائی سیکریٹیریٹ سے پارٹی کا جھنڈا اتار دیا گیا ہے تاہم اب تک یہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ یہ پرچم کس نے اتارا ہے۔ جماعت کے قائدین کا دعویٰ ہے کہ پرچم دوبارہ لہرا دیا جائے گا۔

    پشاور میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ پرچم پولیس نے نہیں اتارا اور نہ ہی انھوں نے کوئی ایسی کوشش کی ہے۔

    پولیس کے مطابق ’ہو سکتا ہے کہ یہ پرچم پی ٹی آئی کے اپنے لوگوں نے اتارا ہو انھیں اس بارے میں معلومات نہیں ہیں۔‘

    اس بارے میں سینیئر صحافی محمد عرفان کا کہنا ہے کہ ’پاکستان تحریک انصاف کے خلاف جس طرح کارروائیاں جاری ہیں اس کا سیاسی فائدہ پی ٹی آئی کو پہنچے گا۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی کا سیکریٹریٹ جس عمارت میں تھا وہ سابق ایم پی اے ارباب جہانداد کی ملکیت تھی اور ایسی اطلاعات ہیں کہ انھوں نے یہ جھنڈا خود اتارا ہے اگر ایسا نہ ہوتا تو اب تک یہ جھنڈا دوبارہ اپنی جگہ پر لہرایا جا سکتا تھا۔‘

    پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب نے گزشتہ روز اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ پشاور میں پولیس نے پی ٹی آئی کے سیکریٹریٹ پر چھاپہ مارا ہے اور جب کوئی نہیں ملا تو جھنڈا اتار کر ساتھ لے گئے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے جن سات سابق ایم پی ایز اور وزراء کے خلاف اینٹی کرپشن کے محکمے نے ایف آئی درج کی اس بارے میں محمد عرفان کا کہنا تھا کہ ساتھ افراد کے خلاف ایک ہی ایف آئی کا درج کرنا بھی اس الزام پر سوالیہ نشان ہے۔

    پی ٹی آئی کا یہ سیکریٹریٹ سابق رکن صوبائی اسمبلی ارباب جہاںداد کی پراپرٹی میں قائم کیا گیا تھا جہاں پارٹی کے امور پر اکثر اجلاس منعقد ہوتے تھے۔ ارباب جہاں داد بھی حالیہ واقعات میں گرفتار ہوئے تھے اور انھیں چند روز پہلے ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

    دوسری جانب پشاور سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں کے خلاف اینٹی کرپشن نے مقدمات درج کر لیے ہیں۔ گرفتار رہنماؤں میں سابق وزیر صحت ‏تیمور سلیم جھگڑا، محمود جان، کامران بنگش ، اشتیاق ارمڑ، آصف خان، پیر فدا اور فضل الہی شامل ہیں۔

    محکمہ انسداد رشوت ستانی نے اس بارے میں ایف آئی آر درج کر لی ہے لیکن اس بارے میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ ان تمام رہنماؤں پر الزام عائد ہے کہ یہ غیر قانونی بھرتیوں، ترقیاتی فنڈز میں خوردبرد اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث رہے ہیں جس کی شکایات ڈائریکٹر کو موصول ہوئی تھیں۔

    اس سے پہلے سابق رکن قومی اسمبلی علی محمد خان کو مختلف مقدمات میں چھ مرتبہ گرفتار کیا گیا اور انھیں عدالتوں نے ضمانت پر رہا کیا اور آخری مرتبہ محکمہ اینٹی کرپشن نے ایک ایف آئی میں گرفتاری کی ہے۔

  20. توشہ خانہ فوجداری کیس: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طلبی کا نوٹس جاری, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد

    توشہ خانہ فوجداری کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔

    نوٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو جمعرات چھ جولائی صبح آٹھ بجے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

    عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ،خواجہ حارث ،بیرسٹر گوہر اور فیصل فرید چوہدری کو نوٹسز جاری کئے ہیں۔

    واضح رہے اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر عمران خان کو توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس میں طلب کیا ہے۔