روس سے خام تیل کا پہلا کارگو پاکستان پہنچ گیا

روس سے درآمد کیے جانے والے خام تیل کا پہلا کارگو پاکستان میں کراچی کی بندرگاہ پر اتوار کو پہنچ گیا ہے جس میں 45 ہزار ٹن خام تیل ہے۔ روسی خام تیل کے جہاز کی آمد سے متعلق خبر کی تصدیق کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی ٹویٹ میں اس پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا

    پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر بی بی سی کی نئی لائیو کوریج کے لیے یہاں کلک کریں۔۔۔

  2. بریکنگ, روس سے خام تیل کا پہلا کارگو پاکستان پہنچ گیا, تنویر ملک - صحافی

    تیل کا جہاز

    ،تصویر کا ذریعہGovt of Pakistan

    روس سے درآمد کیے جانے والے خام تیل کا پہلا کارگو پاکستان میں کراچی بندرگاہ پر اتوار کو پہنچ گیا ہے جس میں 45 ہزار ٹن خام تیل ہے۔

    پاکستان نے اس سال اپریل میں ایک لاکھ ٹن خام تیل روس سے منگوانے کے لیے آرڈر دیا تھا جس کے تحت ایک لاکھ ٹن خام تیل روس سے پاکستان کے لیے روانہ ہوا تھا۔

    ایک لاکھ ٹن روسی خام تیل کا جہاز کچھ دنوں پہلے عمان کی بندرگاہ پر پہنچا تھا جسے دو چھوٹے جہازوں کے ذریعے پاکستان پہنچانے کا انتظام کیا گیا تھا۔

    پاکستان ریفائنری لمٹیڈ روسی خام تیل کا پہلا کارگو حاصل کرے گی۔

    کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اعلامیے کے مطابق روسی خام تیل کے جہاز پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔

    تیل کا جہاز لنگر انداز

    ،تصویر کا ذریعہGOP

    دوسری جانب روسی خام تیل کے جہاز کی آمد سے متعلق خبر کی تصدیق کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی ٹویٹ میں خوشی کا اظہار کیا۔

    شہباز شریف نے لکھا ’ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہوئی کہ روس کا پہلا رعایتی خام تیل کا کارگو کراچی پہنچ گیا ہے۔ ہم خوشحالی، اقتصادی ترقی اور توانائی کی حفاظت اور سستی کی طرف ایک ایک قدم آگے بڑھ رہے ہیں۔‘

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

    شہباز شریف نے اپنے بیان میں مزید کہا ’یہ پاکستان کے لیے روسی تیل کا پہلا کارگو ہے اور پاکستان اور روسی فیڈریشن کے درمیان نئے تعلقات کا آغاز ہے۔‘

    شہباز شریف نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو ان کے مطابق اس قومی کوشش میں شامل رہے اور روسی تیل کی درآمد کے وعدے کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا حصہ ڈالا۔

  3. فوج کے خلاف بغاوت کے لیے نکلے تھے، آج ان ہی سے ملاقات کی بھیک مانگ رہے ہیں: مریم نواز

    مریم نواز کا حطاب

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک شخص کو اقتدار جانے کا اتنا صدمہ ہوا کہ اس نے ملک جلا دیا۔ جو ملک کو بناتا ہے کیا وہ ملک کو جلا سکتا ہے۔

    جنوبی پنجاب کے شہر شجاع آباد میں یوتھ کنوینشن سے خطاب میں مریم نواز نےعمران خان کا نام لیے بغیر ان پر سخت تنقید کی۔

    مریم نواز نے کہا ’انھوں نے سوچا کہ نو مئی کو افواج پاکستان کو اپنے آگے جھکا لیں گے لیکن چال الٹی پڑ گئی۔‘

    مریم نواز کے مطابق’جن کے خلاف بغاوت کی تھی، اب یو ٹیوب پر بیٹھ کر انہی سے مزاکرات کی بھیک مانگ رہے ہیں۔‘

    مریم نواز نے کہا ’نو مئی کے واقعات سے تکلیف تو بہت ہوئی مگر اچھا ہوا کہ ملک دشمن پہچانا گیا۔ 26 سال میں بننے والی جماعت 26 منٹ میں کرچی کرچی ہو گئی۔‘

    مریم نواز نے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف واپس آ جائیں گے تو ملک ٹیک آف کرے گا۔‘

  4. آئی ایم ایف کی جانب سے اس ماہ معاہدے میں تاخیر ہوئی تو آپ سے پھر خطاب کروں گا: شہباز شریف

    شہباز شریف

    ،تصویر کا ذریعہAAMIR QURESHI/GETTY IMAGES

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرنے میں اب کوئی دقت نہیں۔ ان کی تمام شرائط ایمانداری اور خلوص سے پوری کیں تاکہ قرضے کی بقایا اقساط مل جائیں۔ امید ہے اسی ماہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو گا اور ہمیں اقساط ملیں گی۔‘

    لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ ’اگر اس کے باوجود بھی آئی ایم ایف کی جانب سے کوئی تاخیر ہوئی تو آپ سے دوبارہ خطاب کر کے آگاہ کروں گا۔‘

    شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ ’جب تک سیاسی استحکام نہیں ائے گا اس وقت تک معاشی استحکام نہیں آئے گا۔ نواز شریف کی قیادیت میں ملک میں استحکام لائیں گے۔‘

    شہباز شریف نے نو مئی کے واقعات کے حوالے سے ایک بار پھر کہا کہنو مئی کے واقعات دشمن کی دشمنی سے کم نہیں تھے۔‘

    انھوں نے گزشتہ حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’گزشتہ حکمران صرف ہمیں جیلوں میں ڈالنے کا سوچتے رہے، اگر اس سے آدھا وقت بھی پاکستان پر لگاتے تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔‘

  5. ٹھٹہ سجاول بدین میں سمندری طوفان سے نقصان کا ذیادہ خطرہ ہے، تقریبا نوہزار خاندانوں کو منتقل کرنا پڑے گا: مراد علی شاہ

    سمندری طوفان

    ،تصویر کا ذریعہPMD

    وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس وقت سمندری طوفان آنے کا خطرہ ہے۔ ٹھٹہ سجاول بدین میں ذیادہ خطرہے کے پیش نظر کمشنرز اور حکام کو وہاں بھیج دیا ہے۔

    پوسٹ بجٹ کانفرنس سے خطاب کے آغاز میں مراد علی شاہ نے کہا کہ ’پاکستانی افواج سے بات کی ہے کہ جہاں آبادیاں خالی کروانے کی ضرورت ہے اس کو دیکھیں۔ تقریبا آٹھ سے نو ہزار خاندانوں کو پکی جگہ منتقل کرنا پڑے گا ان مقامات کی نشاندہی کر رہے ہیں۔‘

    مراد علی شاہ کے مطابق ’کراچی میں بھی کمشنر کو ہدایات کی ہیں کہ بل بورڈز اور کمزور سٹرکچرزکو سکیور کریں۔ جب یہ طوفان ساحل سے ٹکرائے گا تو لوگوں سے درخواست ہے کہ اس دن گھروں سے بلا ضرورت نا نکلیں بلکہ گھروں میں رہیں تاکہ درخت یا بل بورڈز گرنے سے کوئی نقصان نہ ہو۔

    وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ ’ہم افواج پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ مل کر کم سے کم نقصان کی حکمت عملی تیار ہو۔ کور کمانڈر کراچی جی اور سی حیدرآباد اور ڈی جی رینجرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ طوفان کے پیش نظر اقدامات کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔‘

  6. شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ، تین فوجی اہلکار ہلاک

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں تین فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

    انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ جھڑپ نو اور 10 جون کی رات ہوئی جس میں تین شدت پسند ہلاک ہوئے اور چار زخمی ہوئے۔

    بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 40 سالہ صوبیدار اصغر علی (سکنہ لکی مروت)، 26 سالہ سپاہی نسیم خان (سکنہ لکی مروت ضلع) اور 22 سالہ سپاہی محمد زمان (سکنہ ایبٹ آباد) ہلاک ہو گئے۔

  7. ’سیاستدانوں سے بات سیاستدان اور جمہوری شخص کرتا ہے‘

    عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ’سیاستدانوں سے بات سیاستدان اور جمہوری شخص کرتا ہے۔

    ’اصل میں تلاش ’کاندھے‘ اور ’بیساکھی‘ کے سہارے کی ہے جو اب میسر نہیں۔‘

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  8. نو مئی کے منصوبہ ساز کے خلاف دو، تین ہفتوں میں کارروائی شروع ہوسکتی ہے: رانا ثنا اللہ

    رانا ثنا اللہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ دو سے تین ہفتوں میں نو مئی کے حملوں کے منصوبہ ساز کے خلاف فوجی ایکٹ کے تحت کارروائی شروع ہوسکتی ہے۔

    جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کا نام لیے بغیر انھوں نے کہا کہ ’ملٹری ایکٹ اسی لیے بنا ہے کہ جب اس علاقے میں کوئی آدمی داخل ہو کر کوئی جرم کرے گا، بھلے اس نے یونیفارم پہنی ہو یہ سویلین ہو، تو اس کا ٹرائل آرمی ایکٹ کے تحت ہی ہونا ہے۔‘

    ان کا کہنا ہے کہ ’اگر وہ لوگ یہ کہتے ہیں کہ ہم جس کی منصوبہ بندی، جس کے کہنے پر ہم نے یہ کیا ہے، تو وہ جو بھی ہے اس میں آئے گا۔۔۔ ابھی سارے عمل کو 20، 25 روز ہوئے ہیں۔ میرا خیال ہے اس میں دو، تین ہفتے اور لگیں گے۔‘

    رانا ثنا اللہ کہتے ہیں کہ ’پاکستان کی سیاست میں جو نفرت، افراتفری، معاشی پالیسی کی بدحالی اور عدم استحکام ایک ہی بندہ ہے۔‘

    ’ان کی سو فیصد پلاننگ تھی۔‘

    نو مئی کو فوجی املاک اور تنصیبات پر حملوں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جناح ہاؤس پر لوٹ مار سے قبل گولی چلانے یا قانونی کارروائی کا حکم نہیں دیا گیا تھا۔

    وہ کہتے ہیں کہ ’ملزمان نے بتایا کہ انھیں کیسے اور کس نے موٹیویٹ کیا۔‘

  9. اللہ کو معلوم ہے کہ کون ڈیڈ آن آرائیول ہے اور کس کا دی اینڈ ہے، علیم خان

    پاکستان استحکام پارٹی کے رہنما علیم خان نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی جانب سے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’اللہ کو معلوم ہے کہ کون ڈیڈ آن آرائیول ہے اور کس کا دی اینڈ ہے۔‘

    واضح رہے کہ گذشتہ روز تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان استحکام پارٹی کے بارے میں کہا تھا کہ ’اس نئی پارٹی کی لانچنگ ایسی ہی ہے جیسے ایمرجنسی میں ڈیتھ آن آرئیول۔‘

    شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا تھا کہ 12 اگست کو موجودہ پارلیمنٹ کی مدت پوری ہو رہی ہے اور الیکشن ہونا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’اگر آئین سے ماورا کوئی کام ہو تو میں کیا کہہ سکتا ہوں۔‘

    شاہ محمود قریشی کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے علیم خان نے سوشل میڈیا پر مختصر بیان میں کہا کہ ’محترم قریشی صاحب، عزت ذلت تو صرف اللہ کے پاس ہے اور اسی کو معلوم ہے کہ کون Dead on Arrival ہے اور کس کا دی اینڈ ہے۔‘

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  10. بریکنگ, میں اپنی اسٹیبلشمنٹ سے یا آرمی چیف سے کہتا ہوں مجھ سے بات کرو تو کوئی بات نہیں کرتا: عمران خان

    عمران خان کا خطاب

    ،تصویر کا ذریعہPTI

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ’اسٹیبلشمنٹ سے کہتا ہوں نظرثانی کریں ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے۔‘

    سوشل میڈیا پر اپنے خطاب کے دوران چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ’مجھے کوئی ریلیف یا مدد نہیں چاہیے مگر میں اپنی اسٹیبلشمنٹ سے یا آرمی چیف سے کہتا ہوں مجھ سے بات کرو تو کوئی بات نہیں کرتا۔ میں اپنی ذات کے لیے بات نہیں کرنا چاہتا۔ میں چور دروازے سے نہیں آنا چاہتا۔ اگر قوم مجھے ووٹ دے گی تو ہی میں آؤں گا۔‘

    عمران خان کے مطابق ’جو آدمی 27 سال سے ایک تحریک پر لگا ہوا ہے تو کیا وہ ڈیل کرے گا۔ بتائیں کہ میرے ضمیر کی کیا قیمت ہے میں وزیر اعظم بن چکا ہوں۔ میں طاقتور کو قانون کے نیچے لانا چاہتا ہوں میں نے اس لیے بار بار کہا کہ میں نے غلطی کی مجھے شروع میں انتخابات کروا دینا چاہیے تھے۔‘

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ہر روز نیا کیس آ جاتا ہے لیکن مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا میں ہر کیس میں جاتا ہوں یہ بتانے کے لیے کہ میں اس سے خوف ذدہ نہیں۔‘

    عمران خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ڈھونڈ رہے ہیں کہ کوئی کہہ دے کہ کور کمانڈر کا گھر جلانے کا عمران خان نے کہا تھا۔ مجھے ملٹری کورٹ میں لے جائیں گے، سزا ہو جائے گی۔ کسی کا خیال ہے کہ 27 سال کی جدوجہد کے بعد میں جیل جانے سے ڈر جاؤں گا جو قاتلانے حملے سے نہیں ڈرتا وہ اور کس سے ڈرے گا۔‘

    X پوسٹ نظرانداز کریں, 1
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام, 1

    عمران خان کے مطابق ’میڈیا میں چل رہا ہے کہ شاہ محمود مائنس ون کی تجویز لے کر آئے ہیں۔ بتانا چاہتا ہوں کہ شاہ محمود ایسا پروپوزل لے کر نہیں آئے ان سے جیل کی تفصیلات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات ہوئی۔‘

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میری تحریک انصاف اور آزادی کی تحریک تھی۔ جب تک میں زندہ ہوں تب تک یہ جاری رہے گی۔‘

    عمران خان نے دعوی کیا کہ ’جو تحریک انصاف کا ہے اور وہ پارٹی چھوڑنے کو تیار نہیں اس کو پکڑ لیتے ہیں اس کے گھروالوں کو تنگ کرتے ہیں۔ میرے نظریاتی لوگ سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ جو نظریاتی نہیں تھے وہ چلے گئے تو مجھے فائدہ ہوا کہ یہ اب نظریاتی پارٹی ہے۔‘

    انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی تک کے گیم پلان میں نئی جماعت بنا دی گئی۔ ہم نے بڑے بڑے لوگ وہاں بھیج دیے اور حکم کریں ہم اور بھی بھیج دیں گے۔‘

    X پوسٹ نظرانداز کریں, 2
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام, 2

    عمران خان نے بجٹ کے حوالے سے کہا کہ ’یہ قرضے چڑھائے جا رہے ہیں۔ کوئی تو روڈ میپ ہو گا؟ سمندر پار پاکستانی ہمیں ان قرضوں سے نکال سکتے ہیں۔ اگر وہ کسی طرح یہاں سرمایہ کاری کریں تو ملک قرضوں سے نکل سکتا ہے۔‘

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ’القادر یونیورسٹی ایک ٹرسٹ ہے جہاں غریب بچوں کو مفت تعلیم مل رہی ہے۔ ہر روز نیا کیس آ جاتا ہے لیکن مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا میں ہر کیس میں جاتا ہوں یہ بتانے کے لیے کہ میں اس سے خوف ذدہ نہیں۔‘

  11. ’آندھی کی پیش گوئی موجود تھی، کچے اور کمزور انفراسٹرکچر نقصان کا باعث بنے‘, آسیہ انصر، بی بی سی اردوڈاٹ کام، اسلام آباد

    خیبرپختونخوا

    ،تصویر کا ذریعہRescue1122

    محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ظہیر بابر نے بنوں سمیت خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں شدید آندھی اور بارش کے حوالے سے بتایا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی موجود تھی تاہم بعض دفعہ محدود علاقے میں موسمی صورت حال شدت احتیار کر جاتی ہے جس کو پہلے سے شناخت نہیں کیا جا سکتا۔‘

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ظہیر بابرنے بی بی سی کو بتایا ’کافی دنوں سے درجہ حرارت بڑھے ہوئے تھے جس کے باعث یہ پیش گوئی موجود تھی کہ پنجاب ، خطہ پوٹھوہار ،اسلام آباد،خیبر پختونحوا اور بلوچستان میں بعض مقاماتپر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور چند مقا مات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔‘

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ظہیر بابر کے مطابق ’عام طور پر مون سون سے پہلے ڈسٹ سٹارم(آندھی) کے امکانات ذیادہ ہوتے ہیں کیونکہ درجہ حرارت بڑھا ہوا ہوتا ہے اس دوران آندھی کتنی شدت اختیار کر جائے گی، یہ پیش گوئی کرنا مشکل ہوتا ہے۔

    ان کے مطابق ’آندھی کی وجہ سے کچے اور کمزور انفراسٹرکچر نقصان کا باعث بن جاتے ہیں اور یہی کچھ آج ہوا۔‘

    بارشوں سے تباہی

    ،تصویر کا ذریعہFarhat Ullah

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق ’آنے والے چند دنوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گاجس سے دن کے اوقات میں شدید گرمی پڑے گی جبکہ خیبرپختونحوا، اسلام آباد اور پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں شام اور رات کے وقت آندھی اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔‘

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں ان دنوں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے ذیادہ تھا اور اس کے تناظر میں پیش گوئی موجود تھی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق جس وقت بنوں میں آندھی آئی اس وقت ہوا کی رفتار 40 ناٹ یا تقریبا 75 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی جبکہ وہاں 27 ملی میٹر بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔

  12. بریکنگ, خیبرپختونخوا میں آندھی، طوفانی بارشوں کے باعث کم از کم 28 افراد ہلاک، 60 زخمی, عزیز اللہ خان، محمد زبیر خان

    kp

    ،تصویر کا ذریعہRescue 1122

    صوبہ خیبر پختونخواہ میں سنیچر کے روز کی آندھی، طوفانی بارش اور ژالہ باری سے کم از کم 28 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور 60 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

    ریسیکو 1122 نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

    بنوں میں ریسکیو کے ترجمان ابرار طارق نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ صرف بنوں میں اب تک 23 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    ریسیکو 1122 کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق لکی مروت میں تین اور کرک میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    سب سے زیادہ ہلاکتیں ابھی تک بنوں میں ہوئی ہیں اور ریسیکو 1122 کے مطابق اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق اس طوفان میں بیشتر ہلاکتیں دیواریں اور چھتیں گرنے سے ہوئی ہے۔

    اس وقت متعدد اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور زخمیوں کی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

  13. بائپر جوائے کراچی سے 910 کلومیٹر دوری پر، ساحلی علاقے تیز آندھی، سمندری طوفان اور سیلاب کے زد میں آ سکتے ہیں‘

    سائیکلون

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان ’بائپر جوائے‘ شدت اختیار کر گیا ہے اور اس وقت کراچی سے 910 کلومیٹر دور ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق ’بائپر جوائےاس وقت کراچی کے جنوب میں 910 کلومیٹر ، ٹھٹہ کے جنوب میں 890 کلومیٹر اور اورماڑہ کے جنوب مشرق میں 990 کلومیٹر دور ہے۔‘

    محکمہ موسمیات کے مطابق ’اس دوران 120 سے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت بھی 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔‘

    سمندری طوفان

    ،تصویر کا ذریعہPMD

    محکمہ موسمیات کی جانب سے ماہی گیروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ 11 جون کے بعد سے کھلے سمندر کا رخ نہ کریں اور اس سسٹم کے خاتمے تک سفر سے گریز کریں کیونکہ بحیرہ عرب میں سمندر صورتحال مزید خراب ہو جائے گی اور اونچی لہریں بلند ہوں گی۔

    دوسری جانب قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے نے بھی الرٹ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’این ای او سی میں بائپر جوائے کی پیش رفت پر مسلسل نگرانی جاری ہے۔‘

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

    محکمہ موسمیات کے مطابق ’سمندری طوفان کی ممکنہ پیش قدمی کے پیش نظر سندھ اور مکران کے ساحل پر 13 جون کی شام سے شدید بارشوں کی توقع ہے۔‘

    ادارے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں چلنے سے ناقص اور کمزور عمارتوں کے ڈھانچوں اور بل بورڈز وغیرہ کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

  14. میاں صاحب کو ہتھکڑیاں لگیں تو اس کے بھی خلاف تھا، اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں: علی محمد خان, عزیز اللہ خان، بی بی بی اردو ڈاٹ کام، پشاور

    علی محمد خان

    ،تصویر کا ذریعہsocial media

    تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

    علی محمد خان کے وکیل ندیم شاہ ایڈوکیٹ کے مطابق ’عدالت نے محکمہ اینٹی کرپشن کی ایف آئی آر پر علی محمد خان کو جوڈیشل کر دیا ہے اورانھیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ اب پیر کے روز علی محمد کی ضمانت دائر کریں گے۔‘

    اس موقع پر علی محمد کی جانب سے ایک وڈیو پیغام بھی سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے عمران خان کے ساتھ ہونے کا عزم دہراتے ہوئے کہا ’ ہر سیاسی لیڈر کے ساتھ جو ہوتا رہا ہے میں اس کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں، آج تو میرے ہاتھ میں ہتھکڑیاں ہیں لیکن جب میاں صاحب کو ہتھکڑیاں پہنائی گئیں تو میں اس کے بھی خلاف تھا اور میرا اس پر بیان ہے۔ ‘

    علی محمد خان نے کہا ’ہمارا ان سے کتنا بھی سیاسی اختلاف ہو، وہ سابق وزیر اعظم تھے ان کو ہتھکڑی نہیں ڈالنی چاہیے تھی۔ یہ ہتھکڑی ایک وزیر اعظم کو نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کو ڈالی جاتی ہے۔‘

    انھوں نے مزید کہا ’ جب عمران خان کو کالر سے پکڑ کر اٹھایا گیا تھا وہ ان کی نہیں 22 کروڑعوام کی بے عزتی تھی۔‘

    واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی محمد خان کو جمعے کے روز اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

    علی محمد کے وکیل ندیم شاہ ایڈووکیٹ نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے 10 مئی کو علی محمد خان کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کی تھی، جس مقدمے میں ان کی آج گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

  15. نئی پارٹی کی لانچنگ ایسی ہی ہے جیسے ایمرجنسی میں ’ڈیتھ آن آرئیول‘: شاہ محمود قریشی

    شاہ محمود قریشی

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ’جن لوگوں نے نئی پارٹی میں جانے کا فیصلہ کیا ہے اس میں بڑے بڑے نام ہیں۔ تاہم اس کے لیے یہی کہوں گا کہ نئی پارٹی کی لانچنگ ایسی ہی ہے جیسے ایمرجنسی میں ڈیتھ آن آرئیول۔‘

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں نئے مالی سال کے بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’میں نے بجٹ کا جو سرسری مطالعہ کیا ہے اس کے مطابق یہ بجٹ جھوٹ کا پلندہ ہے، جو آئی ایم ایف کا فریم ورک سے مطابقت نہیں رکھتا۔‘

    انھوں نے دعوی کیا کہ ’آئی ایم ایف شاید اس بجٹ کے ٹارگٹ کو قبول کرنے میں دقت محسوس کرے۔ بجٹ کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے۔‘

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ ’وہ حکومت جس کے 42 دن بقیہ رہ گئے ہیں انھوں نے 12 ماہ کا بجٹ دے دیا ہے۔ نگران حکومت جب بھی آئے گی اس کو نظر ثانی کرنا ہو گی اور پھر آنے والی حکومت بھی اس میں ترمیم کرے گی۔ یہ وہ بجٹ ہے جس کی ترمیم مسلسل ہو گی۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’اسحاق ڈار پاکستان کی معیشت کے ہٹ مین ہیں، بجٹ میں الیکشن کے لیے پیسا رکھا ہے،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی شنید خوش آئند ہے، مگر ڈار صاحب سے پوچھتا ہوں کہ اس کے لیے پیسہ کہاں سے آئے گا۔‘

    جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شاہ محمود کا کہنا تھا ’جن لوگوں نے نئی پارٹی میں جانے کا فیصلہ کیا اس میں بڑے بڑے نام ہیں۔ نئی پارٹی کی لانچنگ ایسی ہی ہے جیسے ایمرجنسی میں ڈیتھ آن آرئیول۔‘

    پی ٹی آئی کے مستقبل کے حوالے سے پوثھے گئے سوال کے جواب میں شاہ محمود نے دعوی کیا کہ ’تحریک انصاف ایک وفاقی جماعت ہے جس کی پہنچ شہر شہر گاوں گاوں ہے۔ پی ٹی آئی ایک وفاقی سوچ کی جماعت ہے اور اس کا مستقبل روشن دکھائی دیتا ہے۔‘

  16. سپریم کورٹ فوجی عدالتوں میں سویلین کے مقدمات چلانے کے عمل کو غیر آئینی قرار دے، سول سوسائٹی کی درخواست, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    سول سوسائٹی کی جانب سے سپریم کورٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ عدالت فوجی عدالتوں میں سویلین کے مقدمات چلانے کے عمل کو غیر آئینی قرار دے۔

    آئین کے آرٹیکل 184 تین کے تحت سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے ٹرائل فوجی عدالتوں میں چلانا آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملٹری کورٹس میں سویلینز کے مقدمات چلانے کے لیے گائیڈ لائن بننے تک ٹرائل روکنے کا حکم دیا جائے۔

    ’جب تک ملٹری کورٹس میں فیئر ٹرائل اور کسی آزاد عدالت میں اپیل کا حق دینے کے لیے قانون سازی نہیں ہو جاتی ملٹری کورٹس میں کاروائی روکنے کا حکم دیا جائے۔‘

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیئر ٹرائل کے اصول کے تحت ملٹری کورٹس میں میں چلائے والے مقدمات فوجداری عدالتوں میں بھیجنے کے حکم دیا جائے۔

    درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت آرٹیکل 245 کے تحت وفاق، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فوج طلب کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے اور احاطہ عدالت سے خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے سیاسی ورکرز کی گرفتاریوں کو غیر آئینی قرار دے۔

    اس درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، وزارت دفاع کے علاوہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان حکومتوں کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

  17. نو مئی: مردان کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے 125 کارکنوں کی ضمانت کی توثیق کر دی, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

    مردان کی ایک مقامی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے واقعات کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے 125 کارکنوں کی ضمانت کی توثیق کر دی ہے۔

    اس مقدمے میں 129 کارکنوں کی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

    جمعے کے دن کیس کی سماعت ہوئی تو عدالت نے چار کارکنوں کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 125 کارکنوں کی ضمانت کی توثیق کی۔

  18. بجٹ میں الیکشن کے لیے رقم رکھ دی ہے، الیکشن میں تاخیر کی باتیں غیر آئینی نہیں: اسحاق ڈار

    اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ حکومت اور کابینہ کی حد تک ملک میں انتخابات کروانے کے لیے رقم بجٹ میں رکھ دی گئی ہے جس کا مطلب ہے کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہییں۔

    انھوں نے کہا کہ ’کوئی ایسا بیان حکومت نے نہیں دیا کہ الیکشن میں تاخیر ہوگی۔ ہم نے مذاکرات کر کے بجٹ میں الیکشن کمیشن کے لیے عام انتخابات کے پیسے رکھ دیے ہیں۔‘

    ’ہمارے اتحادیوں کا بات کرنے کا حق ہے، انھوں نے کوئی غیر آئینی بات نہیں کی۔۔۔ اگر دو پارٹیوں کے رہنماؤں نے ایسا کہا ہے تو ہم نے اس بات کریں گے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں تاخیر کی باتیں غیر آئینی نہیں اور آئین میں اس کی گنجائش ہے۔

    ’اتحادیوں کا حق ہے، ہم انھیں ڈکٹیٹ نہیں کر سکتے۔ انھوں نے کوئی غیر آئینی بات نہیں کی۔ آپ کے آئین میں ہے۔ اگر خدانخواستہ متعلقہ شق لاگو ہوتی ہے، میں کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتے۔‘

  19. پلان بی پر عوامی سطح پر بات نہیں ہوسکتی، پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا: اسحاق ڈار

    اسحاق ڈار

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے لیے سبسڈی نہ دینے پر بات چیت ہوئی تھی اور رواں بجٹ میں 1074 ارب روپے کی سبسڈی رکھی گئی ہے جس میں پاور سیکٹر کے لیے 900 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    انھوں نے بجٹ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ دفاعی بجٹ جی ڈی پی کا 1.7 فیصد حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خوردنی تیل کی درآمد پر سیلز ٹیکس ختم کرنے کی اطلاعات درست نہیں۔

    وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ آمدن پر سپر ٹیکس سوچ سمجھ کر لائے ہیں جبکہ بچت سکیم یکم جولائی سے لاگو ہوگی۔

    ان کا دعویٰ ہے کہ ’صرف 200 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے گئے۔ 9200 ارب روپے کا ٹیکس ہدف رکھا گیا۔ 200 ارب میں 175 ارب ڈائریکٹ ٹیکس ہیں۔‘

    ’ٹیکس بڑھانے سے مہنگائی میں اضافہ نہیں ہوگا۔‘ اسحاق ڈار نے کہا کہ کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ سے ادائیگی پر پانچ فیصد ٹیکس لگے گا۔

    انھوں نے کہا کہ 11 لاکھ ڈالر لانے کی ایمنسٹی سکیم نہیں دی گئی، یہ سکیم 5 سال پرانی ہے۔ ’کچھ لوگوں نے کہا ہم نے زیادہ سبسڈی دی ہے، پلان بی پر عوامی سطح پر بات نہیں ہوسکتی۔ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’ڈیفالٹ کی رٹ لگانے والے خود ذمہ دار ہیں۔‘

    وہ کہتے ہیں کہ ایئر پورٹس کی نجکاری کے لیے کام ہو رہا ہے، ایڈہاک ریلیف تنخواہوں پر دیا گیا اور اس کا اطلاق الاؤنس پر نہیں ہوتا۔ ’بجٹ کو حتمی شکل دے کر کاروباری طبقے کے تحفظات دور کریں گے۔‘

    اسحاق ڈار نے کہا کہ ’نواز شریف بجٹ سے خوش نہ ہوتے تو کم از کم مجھے فون آ جاتا۔‘

  20. ’اسد عمر نے املاک کو نقصان نہیں پہنچایا‘ پی ٹی آئی رہنما کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

    اسد عمر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف وزری کے مقدمے میں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

    تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران اسد عمر اپنے وکیل سردار مصروف خان کے ہمراہ ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان کی عدالت میں پیش ہوئے۔

    دلائل دیتے ہوئے ان کے وکیل نے کہا کہ ’نہ اسدعمر نے تقریر کی، نہ اسد عمر کی ویڈیو موجود ہے۔

    ’اسد عمر کے خلاف ایف نائن پارک میں پی ٹی آئی ریلی میں موجودگی کا ثبوت نہیں۔ اسدعمر کے خلاف جھوٹ پر مبنی مقدمہ بنایا گیا ہے۔‘

    تاہم پراسیکیورٹر کا کہنا تھا کہ اسد عمر کے خلاف ناقابلِ ضمانت دفعات کے مقدمات درج ہیں۔

    جج سکندر خان نے استفسار کیا کہ ’وقوعہ پر اسدعمر کی موجودگی کو کیسے ثابت کریں گے؟‘ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ ’ماضی میں کوئی واقعہ ہوسکتا ہے جس سے اسد عمر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہوگا۔‘

    جج سکندر خان نے ریمارکس دیے کہ ’آپ دلائل نہیں دے رہے، تقریر کر رہے ہیں۔

    ’ایک عورت سات ماہ جیل میں رہی، فارینزک پر بے گناہ ثابت ہوئی۔ اسد عمر کی بات نہیں کر رہا، عام شہری کی بات کر رہا ہوں۔ مقدمے میں نامزد کرنے کے لیے تو کوئی بھی نام ڈال دیا جاتا ہے۔‘

    جج نے دیمارکس دیے کہ ’کارکنان تو اسد عمر یا چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ سیلفی لینے آسکتے ہیں۔‘

    جج سکندر خان نے استفسار کیا کہ ’اسد عمر کا جرم میں کردار کیا ہے؟‘

    پراسیکیوٹر نے کہا کہ ’اسد عمر کا تقریر میں کوئی کردار نہیں ہے۔‘

    سماعت کے دوران اسد عمر نے کہا کہ ’سیاستدان جگہ پر موجود ہو اور تقریر نہ کرے ایسا ہو نہیں سکتا۔‘

    جج نے پراسیکوٹر سے پوچھا کہ ’کیا اسد عمر کی وجہ سے املاک کو نقصان پہنچا؟ گملے ٹوٹے؟‘

    پراسیکیورٹر نے جواب دیا کہ ’اسد عمر نے املاک کو نقصان نہیں پہنچایا۔‘

    جج سکندر خان نے اسد عمر کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ 19 جون کو سنایا جائے گا۔