محسن نقوی کی تعیناتی کے خلاف منگل (آج) سے پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں احتجاج کیا جائے گا: رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری

،تصویر کا ذریعہEPA
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے نگران وزیر اعلی پنجاب کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محسن نقوی کی تعیناتی بدترین فیصلہ ہے، الیکشن کو چوری کرنے کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔
اے آر وائے نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے پانچ بڑے شہروں میں احتجاج کیا جائے گا۔ تحریک انصاف لاہور، راولپنڈی ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں احجاج کرے گی ان کے مطابق آج(منگل) کو احتجاج لاہور میں کیا جائے گا جبکہ بدھ کو راولپنڈی میں پھر فیصل آباد گوجرانوالہ اور ملتان میں احتجاج ہو گا۔ ان کے مطابق اس کے بعد احتجاج کو مزید آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
فواد چوہدری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ احتجاج کی ساری تحریک کو عمران خان نے لیڈ کرنا ہے وہ صحت یاب ہونے کے قریب ہیں ان کا آخری ایکس رے ہونا ہے جس کے بعد وہ احتاج کی قیادت خود کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختون خوا کے گورنروں نے آرٹیکل 105 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ ان کے مطابق آئین کے آرٹیکل میں واضح لکھا ہے کہ گورنر اسمبلی کی تحلیل کے وقت انتخابات کی تاریخ دیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی نے گورنر پنجاب کو خط بھی لکھا ہے کہ آپ آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں تاہم ابھی تک تاریخ کا اعلان نہیں کیا جس کے خلاف ہم سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔










