بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی: رہائش کی کوئی سہولت نہیں، سپیشل برانچ کی رپورٹ بے بنیاد ہے
اتوار کی شام کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایک وضاحت کی تھی کہ اعظم سواتی نے کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے ججز ریسٹ ہاؤس میں قیام نہیں کیا تھا بلکہ ’سپیشل برانچ‘ کے مطابق یہ قیام بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی میں کیا گیا تھا۔
اب بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی نے جواباً سپیشل برانچ کی رپورٹ کو ’گمراہ کن اور بے بنیاد‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی ستمبر 2019 سے کوئٹہ میں انسکمب روڈ پر ایک پرانی عمارت میں کام کررہی ہے اور یہ اکیڈمی صرف تعلیمی مقاصد کے لیے ہے۔
بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل راشد محمود کے دستخط سے جاری اس بیان میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل اکیڈمی میں کوئی رہائشی سہولت نہیں۔ اور اس سے قبل جب یہ اکیڈمی بلوچستان یونیورسٹی لا کالج کی عمارت میں تھی، تب بھی اس میں کوئی رہائشی سہولت نہیں تھی، چنانچہ بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی سے متعلق سپیشل برانچ کی رپورٹ بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔














