سپریم کورٹ کا نیب ریفرنسز کا ریکارڈ محفوظ بنانے کا حکم، الیکشن کمشنر کی برطرفی کے لیے ریفرنس دائر

سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ وہ تمام نیب ریفرنسز جو واپس کر دیے گئے ہیں، ان کا ریکارڈ محفوظ بنایا جائے۔ پی ٹی آئی کے ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر مبینہ طور پر جانب دار ہیں چنانچہ وہ اس عہدے کے اہل نہیں ہیں، اس لیے اُنھیں عہدے سے ہٹایا جائے۔

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا

    تاہم بی بی سی اردو کی لائیو کوریج جاری ہے۔ تازہ ترین خبروں کے لیے ہمارا ہوم پیج وزٹ کریں۔

  2. ملک کے تجارتی خسارے میں 30 فیصد سے زائد کی کمی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان کے تجارتی خسارے میں ستمبر کے مہینے میں 30 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ ملکی درآمدات میں رواں مہینے میں ساڑھے 18 فیصد کی کمی تھی۔

    دوسری طرف برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہیں دیکھا گیا اور یہ اضافہ صرف ڈیڑھ فیصد رہا۔ ستمبر کے مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات اور کوئلے کی درآمدات میں تقریبآ 80 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ ان کی عالمی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ان کی ملک کے اندر کھپت میں کمی بھی تھی۔

  3. ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ، اوپن مارکیٹ میں 1.75 روپے مہنگا, تنویر ملک، صحافی

    ڈالر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل پانچویں روز اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب منگل کے روز ایک ڈالر کی قیمت اوپن مارکیٹ میں ایک روپے 75 پیسے مزید بڑھ گئی۔

    ایک ڈالر کی قیمت منگل کو اوپن مارکیٹ میں 226.25 روپے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ انٹر بینک میں بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا اور ایک ڈالر کی قیمت میں 82 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ منگل کے روز انٹر بینک میں ایک ڈالر 219.71 کی سطح پر بند ہوا۔

  4. سپریم کورٹ کا واپس ہونے والے نیب مقدمات کا ریکارڈ محفوظ بنانے کا حکم

    نیب، سپریم کورٹ

    سپریم کورٹ میں آج نیب ترامیم کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں سپریم کورٹ نے واپس ہونے والے نیب ریفرنسز کا تمام ریکارڈ محفوظ بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

    عدالت نے کہا ہے کہ تمام ریکارڈز کو ڈیجیٹائز بھی کیا جائے، ساتھ ہی ساتھ عدالت نے واپس ہونے والے تمام ریفرنسز کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اس کیس کی سماعت کی۔

    پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث احمد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب قانون میں ترمیم کے ذریعے رینٹل پاور کیس سمیت بڑے مقدمات ختم کر دیے گئے اور تیسرے فریق کے مالیاتی فائدے کو نیب دسترس سے باہر کر دیا گیا ہے۔

    اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت اب بھی نیب قانون کو جانچنے کے لیے ایک ’کسوٹی‘ کی کھوج میں ہے۔

    جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ عدالت قانون ڈیزائن کر کے پارلیمنٹ کو کیسے بھیج سکتی ہے، کل کوئی شہری آجائے گا کہ 10 روپے کرپشن پر بھی نیب تحقیقات کرے یہ سلسلہ کہیں تو رکنا چاہیے۔

    اُنھوں نے کہا کہ ’ہم پارلیمان کے امور میں کیوں اور کیسے مداخلت کر سکتے ہیں، نیب قانون کیا ہونا چاہیے؟ یہ سپریم کورٹ کیسے تعین کر سکتی ہے۔‘

  5. الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیے

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کی وجہ سے دوبارہ ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے ایک اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے کمیشن کو آگاہ کیا ہے کہ ان کے پاس 16 ہزار 785 پولیس اہلکاروں کی کمی ہے چنانچہ یا تو انتخابات ملتوی کی جائیں یا پھر فوج اور رینجرز کے اہلکاروں میں سے 16 ہزار 785 اہلکاروں کی کمی کو پورا کیا جائے۔

    کمیشن نے بتایا کہ وزارتِ داخلہ نے بھی کمیشن کو بتایا ہے کہ پاکستانی فوج اور رینجرز پولنگ سٹیشنز پر سٹیٹک ڈیوٹی سرانجام نہیں دے سکتی تاہم کسی بھی گڑبڑ کی صورت میں کوئک رسپانس فورس کے طور پر دستیاب ہو سکتی ہیں۔

    اس لیے کمیشن کے مطابق فی الوقت بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جا رہے ہیں اور ان کی نئی تاریخ کا فیصلہ 15 دن بعد ایک اور اجلاس میں کیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ ضلع کرم کے حلقہ این اے 45 میں پولنگ 30 اکتوبر کو ہو گی۔

    واضح رہے کہ ضمنی انتخابات کے اتوار کے راؤنڈ میں این اے 45 میں پولنگ نہیں ہوئی تھی۔

  6. چیف الیکشن کمشنر کی برطرفی کے لیے ریفرنس دائر

    الیکشن کمشنر

    ،تصویر کا ذریعہPakistan Railways

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی برطرفی کے لیے ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کر دیا ہے۔

    ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر مبینہ طور پر جانب دار ہیں، چنانچہ وہ اس عہدے کے اہل نہیں ہیں، اس لیے اُنھیں عہدے سے ہٹایا جائے۔

    واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ آئینی عہدہ ہے اور اُنھیں ہٹانے کا طریقہ کار آئین کے تحت وہی ہے جو کسی جج کو ہٹانے کے لیے ہے اور اس کی منظوری صرف سپریم جوڈیشل کونسل دے سکتی ہے۔

  7. ہماری سندھ میں پوزیشن مضبوط ہے اس لیے ہم انتخابات سے نہیں بھاگ رہے: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری سندھ اور کراچی میں پوزیشن مضبوط ہے اس لیے ہم انتخابات سے نہیں بھاگ رہے ہیں۔

    ملیر ٹاؤن نے میں نتائج دیکھیں کے ہم جیتے یا نہیں۔ ہم مطمئن ہیں کہ ہم اس شہر اور صوبے میں اپنے فائدے کے لیے امن و امان کو خطرے کی صورتحال نہیں پیدا کریں گے۔ حالانکہ ہماری یہاں پوزیشن مضبوط ہے۔

    پولنگ کے دوران صورتحال کافی کشیدہ ہوتی ہے اس لیے ایک علاقے کی سکیورٹی فورسز دوسری جگہ لے جائی جاتی ہے۔ سیلاب کی وجہ سے ہم نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ہمارے پاس نفری نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا کہ الیکشن سے خوفزدہ نہیں۔

    وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ’عمران خان نے تسلیم کیا تھا کہ وہ کٹھ پتلی ہیں اور ان کی ڈوریں کسی اور کے ہاتھ میں تھیں۔ ’اس نے بلاول بھٹو کی جانب سے سلیکٹڈ کہنے پر خود تالیاں بجائی تھیں۔ ‘

  8. ’اسلام اور عالمی قوانین میں خود سے صنف کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں‘

    ٹرانسجینڈر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    وفاقی شرعی عدالت میں خواجہ سراؤں کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران قائم مقام چیف جسٹس سید محمد انور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سماعت کر رہا ہے۔

    ٹرانسجینڈر ایکٹ 2018 کے خلاف مقدمات سینیٹر مشتاق احمد خان و دیگر نے دائر کر رکھے ہیں۔کالم نگار اوریا مقبول جان، سینیٹر فرحت اللہ بابر بھی درخواست گزاروں میں شامل ہیں۔

    عدالت نے وزارت انسانی حقوق سے خواجہ سراؤں کو دی گئی ملازمتوں کا ڈیٹا طلب کر رکھا ہے۔

    وفاقی شرعی عدالت میں ٹرانسجینڈر ایکٹ 2018 کیسی سماعت کے دوران وزرات انسانی حقوق کے وکیل کا کہنا تھا کہ 39 وزراتوں کو شریعت کورٹ کا آڈر بھیج دیا گیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’پانچ سے چھ وزراتوں کا جواب آیا ہے جن کے مطابق وزرات انسانی حقوق میں کوئی ٹرانسجینڈر ملازم نہیں ہے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سب اداروں کو ہم نےجواب کیلئے ریمائنڈر بھیجے ہیں۔‘

    اس موقعے پر نادرا کے وکیل کا کہنا تھا کہ ’ نادرہ ایک ماہ تک جنس کی تبدیلی کے رول 13 ون ختم کر رہے ہیں۔ 13 ون کے خاتمے پر چئیرمین نادرہ کے دستخط ہو چکے ہیں، معاملے کی آئندہ بورڈ اجلاس میں منظوری ہو جائے گی۔ کوشش کریں گے کہ ایک ماہ میں بورڈ مینٹنگ سے منظوری حاصل کرلی جائے۔‘

    وکیل کامران مرتضی کا کہنا تھا کہ ’صوبوں کو بھی نوٹس کر دیں تاکہ صوبے بھی آپ کے سامنے ہوں۔‘

    اس پر قائم مقام چیف جسٹس شریعت کورٹ کا کہنا تھا کہ ’ٹرانسجینڈر ایکٹ وفاق کا ہے ابھی صوبوں کی ضرورت نہیں۔‘

    ’کوئی قانون خود سے صنف کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں دیتا‘

    سینیٹر مشتاق کے وکیل عمران شفیق کا کہنا تھا ’ایکٹ میں ٹرانسجینڈر کا لفظ ہے مگر اس کی کوئی تشریح نہیں کی گئی۔

    ٹرانسجینڈر فرد کی صرف تعریف کی گئی ہے،ٹرانسجینڈر وہ ہے جو دونوں صنف کا مالک ہو۔‘

    وکیل عمران شفیق کا کہنا تھ کہ ’ایکٹ کے تحت کسی بھی ٹرانسجینڈر کو اختیار ہو گا کہ وہ خود سے اپنے صنف کا فیصلہ کر سکے۔ قران و سنت میں خود سے صنف کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اسلام میں انٹر سیکس کا تعین کیا گیا ہے، اسلام صنف کی واضح علامات کی بیناد پر مرد اور عورت کی کیٹگری میں رکھتا ہےخود سے صنف کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے۔ عالمی قانون بھی خود سے صنف کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں دیتا۔ ‘

    اس موقعے پر سینیٹر مشتاق کا کہنا تپا کہ ’پہلی ترمیم میں نے بل میں لائی تھی، ترمیم کے بعد نیا بل سینٹ میں پیش کیا ہے۔‘

    اس پر عدالت نے کہا کہ ’آپ نئے بل کی کاپی بھی دے دیں۔‘

    اس موقعے پر ٹرانسجینڈر شانہ عباس نے کہا ’2017 کے بعد ہم حج پر نہیں جا سکتے، میرا پہلے کارڈ مرد کی بیناد پر بنا تھا، اب میرا آئی ڈی کارڈ پر ’ایکس‘ لکھا ہے جس کے باعث حج پر نہیں جا سکتے۔ ایکٹ کے بعد ہم کسی عرب ممالک میں نہیںں جا پا رہے۔

    کیس کی سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی گئی

  9. تحریک انصاف نے این اے237 کےنتائج کوسندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا

    پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما علی زیدی نے حکیم بلوچ کی کامیابی کو چینلج کردیا ہے۔

    انھوں نےسندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جو ڈاکٹر شہاب امام ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ این اے 237 میں بدترین دھاندلی کی گئی ہے اور حلقے میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جعلی ووٹ ڈالے۔‘

    درخواست میں کہا گیا کہ ’حلقے میں دھاندلی سے متعلق الیکشن کمیشن کو شکایات بھی کیں، دھاندلی اور دیگر شکایات پر شفاف تحقیقات کا حکم دیا جائے۔ ‘

    درخواست میں الیکشن کمیشن، سندھ حکومت اور حکیم بلوچ درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔

  10. آرمی چیف کو نشانہ بنانے کا مقصد بلیک میلنگ ہے: حکومتی اتحادی جماعتوں کا مشترکہ بیان

    شہباز، زرداری، مولانا فضل

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    حکومت کی اتحادی جماعتوں نے اپنے مشترکہ اعلامیے میں سابق وزیر اعظم عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آرمی چیف، حساس اداروں کی قیادت، افسران، چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر کو نشانہ بنانے کا مقصد ’بلیک میلنگ‘ ہے جو قطعا سیاسی رویہ نہیں بلکہ سازش کا حصہ ہے جسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔‘

    پیر کو جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزیراعظم پاکستان قانون کے مطابق آرمی چیف کی تقرری کا فیصلہ کریں گے، فارن فنڈڈ فتنے کی دھونس، دھمکی اور ڈکٹیشن پر نہیں ہوگی۔‘

    ’آئین اور قانون میں واضح ہے کہ آرمی چیف سمیت دیگر عہدوں پر تقرری وزریراعظم کا دستوری اختیار ہے۔‘

    حکومت کی اتحادی جماعتوں نے مشترکہ طور پر عمران خان کا الیکشن جلد کرانے کا مطالبہ ’دوٹوک طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات کب ہونے ہیں، اس کا فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتیں کریں گی۔ کسی جتھے کو طاقت کی بنیاد پر فیصلہ مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    ’قانون ہاتھ میں لینے والوں کو آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے۔‘

    اس بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری، پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف بیان اور الزامات کی میں مذمت کی گئی ہے۔

    حکومتی اتحاد کا کہنا ہے کہ ’اقتدار سے محروم شخص قومی اداروں کو ایک سوچے سمجھے ایجنڈے کے تحت نشانہ بنا رہا ہے۔ پاک فوج کے شہدا کے خلاف غلیظ مہم، فوج میں بغاوت کے بیانات اور حوصلہ افزائی جیسے اقدامات ملک دشمنی کے مترادف ہیں جن سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

    ’غنڈہ گردی اور دھونس کی بنیاد پر آئین، جمہوریت اور نظام کو غلام نہیں بننے دیا جائے گا۔‘

    بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ’ملک کی معیشت اور سیلاب متاثرین کی بحالی اس وقت اولین قومی ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ حکومت، اداروں اور عوام کا اتفاق ہے کہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ معیشت کو پٹڑی سے اتارنے اور وسائل کی متاثرین سیلاب تک رسائی کے عمل کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔‘

    ’فتنے کے تکبر کی وجہ سے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی 8 نشستیں کم ہوگئی ہیں۔‘

  11. ’اسلام آباد کے شہریوں، کاروباری افراد کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھائیں گے‘

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

    وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے ’شہریوں اور کاروباری افراد کے تحفظ کے لیے تمام قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔‘

    رانا ثنا اللہ کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اسلام آباد میں لانگ مارچ اور دھرنوں کے معاملے میں ’تاجر برادری نے اسلام آباد لانگ مارچ کی مخالفت کی ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے وفاقی وزیر داخلہ کو اسلام آباد کو ’احتجاج فری شہر‘ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔‘

    اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تاجر برادری نے ’اسلام آباد میں کنٹینرز فوری ہٹانے کا مطالبہ‘ کیا ہے۔

  12. بنی گالہ کے اردگرد مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاعات ہیں: اسلام آباد پولیس

    اسلام آباد پولیس

    ،تصویر کا ذریعہICT

    اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ممکنہ دھرنے سے نمٹنے کے لیے وفاقی دارالحکومت کے پولیس افسران کی میٹنگ ہوئی ہے۔

    انھوں نے پیغام میں کہا ہے کہ ’سکیورٹی اینڈ امن عامہ کے پیش نظر بنی گالہ ماڈل پولیس سٹیشن میں اے ایس پی تعینات کیا گیا ہے۔

    ’اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی سکیورٹی تعینات۔ بنی گالہ کے اردگرد مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاعات ہیں۔

    ’غیر قانونی اقدامات کرنے والوں اور مددگاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے جانے کے احکامات جاری کیے گئے۔‘

  13. ’اداروں کو کہتا ہوں جتنی دیر آپ ان کو بیٹھنے دیں گے، ہمارا ملک نیچے جائے گا‘

    عمران خان

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ آج سارے اداروں سے کہنا چاہتے ہیں کہ جتنی دیر آپ ان کو بیٹھنے دیں گے ہمارا ملک مزید نیچے جائے گا۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ’یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم ہے، ووٹرز کو پتا تھا کہ ہم نے اسمبلی میں نہیں بیٹھنا۔ ہنگو کے الیکشن میں بھی امیدوار کہہ کر بیٹھا تھا کہ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا۔ ثابت ہوتا ہے کہ قوم اس وقت الیکشن چاہتی ہے، امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتی۔ 17 جولائی کو پنجاب کے ضمنی الیکشن میں بھی انھیں مسترد کیا گیا۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’جو بھی اس ملک میں قوتیں ہیں، جو ملک کا سوچ رہی ہیں، ایشو ان اداروں کا ہے کیونکہ ان کا سٹیک (مفاد) پاکستان میں ہے۔ ساڑھے تین سال کہتا رہا کہ انھیں این آر او چاہیے۔۔۔ پہلے جنرل مشرف نے این آر او دے کر نقصان پہنچایا، پھر انھیں دوبارہ این آر او دلوایا گیا۔‘

    ’قوم نے ریفرنڈم دے دیا ہے، لہذا میں یہ آج سارے پاکستان کے اداروں کو کہنا چاہتا ہوں کہ جتنی دیر آپ ان کو بیٹھنے دیں گے، ہمارا ملک نیچے جائے گا۔۔۔ جنرل باجوہ سے پوچھیں کہ کیا کبھی کسی پاکستانی وزیر اعظم کو امریکہ میں اتنی عزت دی گئی۔‘

    ’انھیں وقت دے رہا ہوں، میرا مارچ اکتوبر سے آگے نہیں جائے گا‘

    عمران خان نے کہا کہ ’جو بائیڈن کے بیان سے واضح ہوگیا کہ پاکستان کی سفارتکاری کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ پاکستان کے خلاف پرانا پروپیگنڈا چل رہا ہے۔‘

    سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’اگر اعظم سواتی نے جذبات میں آ کر کوئی بات کہی تو اس کے لیے قانون بنے ہوئے ہیں۔۔۔ فوج اور آرمی چیف کی بدنامی ہوئی کہ وہ قانون سے اوپر ہیں۔‘

    تحریک انصاف کے سربراہ نے الزام لگایا کہ ’جب سے ایک آدمی کی اسلام آباد میں پوسٹنگ ہوئی ہے ایسی چیزیں شروع ہوگئی ہیں۔ یہ آدمی ملک کی بدنامی کر رہا ہے، قانون توڑ رہا ہے اور یہ آدمی اداروں کو بدنام کر رہا ہے۔ اس پر کارروائی کا مطالبہ کرتا ہوں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ مارچ کی تیاری مکمل ہے اور اس کی تاریخ اکتوبر سے آگے نہیں جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کچھ وقت دے رہا ہوں مگر تحریک انصاف کا لانگ مارچ اکتوبر سے آگے نہیں جائے گا۔

    ’چند دنوں کے بعد کسی بھی وقت مارچ کا اعلان کر دوں گا۔‘

  14. اعظم سواتی کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری پر جواب طلب

    سپیشل جج سنٹرل راجہ آصف محمود نے تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی ہے۔

    عدالت نے اعظم سواتی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔ اعظم سواتی کی جانب سے وکیل سہیل خان سواتی عدالت پیش ہوئے۔

    عدالت نے تفتیشی کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے سماعت 19 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔

  15. ڈالر کی قیمت میں مسلسل چوتھے روز اضافہ، سٹاک مارکیٹ میں مندی, تنویر ملک، صحافی

    ڈالر

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل چو تھے روز بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور جمعے کو انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں تقریباً پچاس پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔

    انٹر بینک میں پیر کو ایک ڈالر کی قیمت 46 پیسے اضافے کے بعد 218.89 روپے کی سطح پر بند ہوئی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت پچاس پیسے اضافے کے بعد 224.50 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

    دوسری طرف سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کا رجحان غالب رہا اور کاروباری ہفتے کے پہلے روز سٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں 180 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

  16. ’ضمنی الیکشن کی بنیاد پر لانگ مارچ کا فیصلہ کیا گیا تو پوری طاقت سے روکیں گے‘

    رانا ثنا اللہ

    ،تصویر کا ذریعہAPP

    وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو متنبہ کیا ہے کہ ’ضمنی الیکشن جیتنے سے یہ مراد نہیں کہ آپ کو غیر قانونی عمل کا لائسنس مل گیا ہے۔‘

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ’اگر لانگ مارچ اور اسلام آباد پر چڑھائی کا فیصلہ کیا گیا تو پوری طاقت سے منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    ’اگر جھتہ کلچر کے ذریعے حکومت ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو پھر الیکشن نہیں جتھے کی تیاری ہوگی۔ اسلام آباد میں آپ کو بھی ایک جتھے کا سامنا ہوگا۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’الیکشن حاصل کرنے ہیں تو ٹیبل اور پارلیمان میں آئیں۔۔۔ لانگ مارچ کو پوری طاقت سے روکا جائے گا۔‘

    ’یہ 24، 25، 26 یا 28 کو آئیں ان کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہوجائے گا۔‘

    ’اگلے الیکشن نواز شریف کی قیادت میں لڑے جائیں گے‘

    دریں اثنا رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے نیوٹرل اور غیر جانبدار ہو کر ضمنی انتخابات کرائے، یہ عمران خان کے جھوٹے ہونے کا ثبوت ہے۔

    ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی شکست کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ گذشتہ روز کے انتخابات میں ’مسلم لیگ ن کے ووٹ بڑھے ہیں۔ جب اپنے وقت پر عام انتخابات ہوں گے تو آپ (تحریک انصاف) کو اپنی حکومتوں کی حمایت حاصل نہیں ہوگی۔

    ’15 سے 20 ہزار ووٹ آپ کو واپڈا کے بلوں کی وجہ سے ملا ہے۔ بجلی کے بلوں نے لوگوں کو ناراض اور پریشان کیا ہے۔ صوبائی حکومتوں سے آپ کو مدد ملی ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف دے کر یہ فرق ختم کریں گے۔ ’ہم بھی چاہتے تو آر ٹی ایس بیٹھ سکتا تھا۔‘

    رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگلے الیکشن کی مہم مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ’لیڈ کریں گے۔

  17. رانا ثنااللہ کے خلاف مقدمے کے اخراج کی درخواست، سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی

    لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے وزیرِ داخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف محکمہ انسدادِ بدعنوانی پنجاب کے درج کردہ مقدمے کے اخراج کی درخواست کی سماعت کی۔

    لیگی رہنما نے وارنٹ گرفتاری اور درج مقدمے کے اخراج کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے۔

    محکمے کی جانب سے ایڈیشنل ڈی جی اینٹی کرپشن عدالت میں پیش ہوئے۔

    لاہور ہائی کورٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن سے کہا کہ ان پر یہ ثابت کرنے کی ذمہ داری ہے کہ رانا ثنااللہ نے کس سے رشوت لی ہے۔ عدالت نے بعد میں یہ سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

    بعد میں رانا ثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ محکمہ انسدادِ بدعنوانی یہ سب حکومتِ پنجاب کی ایما پر کر رہا ہے۔

  18. عمران خان چار بجے عوام سے خطاب کریں گے

    پی ٹی آئی سربراہ اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان آج چار بجے قوم سے خطاب کریں گے۔ یہ اعلان پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

  19. ممنوعہ فنڈنگ کیس: عمران خان کی ضمانت 31 اکتوبر تک منظور

    اسلام آباد کے سپیشل جج سینٹرل راجہ محمود نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض 31 اکتوبر تک ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔

    اس سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ نے 18 اکتوبر تک ان کی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔

  20. رہنما تحریکِ انصاف اعظم سواتی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

    اعظم سواتی

    ،تصویر کا ذریعہSocial Media

    دفاعی اداروں کے خلاف متنازع ٹویٹ کرنے پر پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو آج جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا۔

    واضح رہے کہ ایف آئی اے نے متنازع ٹویٹ کرنے پر اعظم سواتی کو گرفتار کیا تھا۔

    اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی ایف آئی اے کی درخواست مسترد کی جائے۔

    اُنھوں نے کہ کہ ایف آئی اے کی جانب سے ابھی تک یہی استدعا ہے کہ ٹویٹ برآمد کرنی ہے۔

    سرکاری وکیل نے عدالت سے کہا کہ ابھی تک اعظم سواتی نے ٹوئٹر اکاؤنٹ سرینڈر نہیں کیا ہے۔

    بعد میں عدالت نے اُن کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کے بجائے اُنھیں جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا۔