میرپور زلزلہ: کب کیا ہوا؟

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے کئی علاقوں سمیت ملک کے بالائی حصوں میں زلزلے کے بعد حکام نے اب تک 20 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ 300 لوگ زخمی ہیں۔ زلزلے سے میرپور، بھمبر اور جاتلاں کے علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. میر پور زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 ہوگئی، امدادی کارروائیاں جاری, یہ صفحہ مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے۔

    BBC

    پاکستان کی قومی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق میرپور زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کی طرف سے جاری ہونے والی مجموعی معلومات کے مطابق 300 سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔

    دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ایک اہلکار بھی زلزلے کے باعث ہلاک ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جاتلاں میں تین متاثرہ پُلوں اور جاتلاں-منگلا روڈ پر امدادی کام رات بھر جاری رہے گا۔

  2. پنجاب، خیبر پختونخوا سے امدادی ٹیمیں میرپور روانہ

    پنجاب اور خیبر پختونخوا نے میرپور زلزلے میں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے امدادی ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔

    وزیراعلی کے دفتر کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق پنجاب سے 7 ایمبولینسز، 6 ریسکیو گاڑیاں اور 90 اہلکار پاکستان کے زیر انتظام کشمیر روانہ کر دیے گئے ہیں۔

    ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کے مطابق مردان اور ایبٹ آباد سے تین ایمبولینسز، ایک ریسکیو گاڑی اور 20 میڈیکل ٹیکنشنز کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر بھیجا گیا ہے۔

  3. لاہور میں گھر کی چھت گرنے سے 9 سالہ بچی ہلاک

    زلزلہ

    لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں منگل کی شام آنے والے زلزلے سے ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک 9 سالہ بچی ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

    زخمی ہونے والوں میں دو بچے اور ایک 19 سالہ لڑکی شامل ہیں۔

  4. انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کسی بڑی تباہی سے بچ گیا

    انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے شہر سرینگر کے مجسٹریٹ شاہد چوہدری کے مطابق زلزلے سے وادی کے گرمائی دارالحکومت میں کوئی جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں موصول ہوئی۔

    تاہم اوڑی، گریز اور کرناہ جیسے دور دراز علاقوں کے حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں آئیں۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  5. زلزلے پر فردوس عاشق اعوان کا متنازع بیان

    پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں آنے والے زلزلے کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے متنازع بیان پر سوشل میڈیا پر صارفین انھیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

    انھوں نے منگل کو ایک تقریب سے خطاب کے دوران اس زلزلے کو تبدیلی سے جوڑ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ نشانی ہے کہ جب کوئی تبدیلی آتی ہے تو نیچے بےتابی ہوتی ہے۔ تو یہ تبدیلی کی نشانی ہے کہ زمین نے بھی کروٹ لی ہے۔ اس کو بھی اتنی جلدی قبول نہیں ہے۔‘

  6. بھمبر جانے والی سڑک میں شگاف

    بی بی سی اردو کی نامہ نگار فرحت جاوید کے مطابق زلزلے سے بھمبر جانے والا راستہ مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے بعد بند کر دیا گیا ہے۔

    متاثرہ سڑک
    بھبمر
    بھمبر
  7. فیس بک نے میرپور زلزلے کے حوالے سے ’سیفٹی آپشن‘ متعارف کروا دیا

    دنیا بھر میں مختلف حادثات اور پرتشدد واقعات کے موقع پر فیس بک اپنا ’سیفٹی آپشن‘ متعارف کرواتا ہے جس کا استعمال کر کے اس متعلقہ علاقے میں لوگ اپنے آپ کو محفوظ قرار دے سکتے ہیں۔

    اس طرح ان کے عزیزواقارب کو یہ پتا چل جاتا ہے کہ وہ خیریت سے ہیں۔

    فیس بک نے یہ آپشن اب میرپور میں آنے والے زلزلے کے لیے بھی متعارف کروا دیا ہے۔

    Facebook

    ،تصویر کا ذریعہFacebook

  8. بریکنگ, چیئرمین این ڈی ایم اے: ’اتنا بڑا بحران نہیں کہ لوگ دوڑ پڑیں‘

    این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ ابھی تک اتنا بڑا بحران نہیں ہے کہ عام لوگ اس جگہ تک دوڑ پڑیں۔ انھوں نے کہا کہ میں گزارش کروں گا کہ اس وقت وہاں جانے کی ضرورت نہیں۔

    این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے پاس کافی وسائل موجود ہیں۔ جو نقصانات ہوگئے ہیں وہ ہوگئے ہیں مگر حالات ہمارے قابو میں ہیں۔

    اس وقت تک رضاکاروں کی ضرورت نہیں ہے، کل فیلڈ میں جا کر حالات کا جائزہ لوں گا اور اگر ضرورت ہوگی تو رضاکاروں کو طلب کیا جائے گا۔

  9. بریکنگ, چیئرمین این ڈی ایم اے کی 10 ہلاکتوں کی تصدیق

    BBC

    ،تصویر کا ذریعہScreengrab

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں منگل کی شام آنے والے زلزلے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

    پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ وہ فی الوقت زلزلے سے صرف 10 ہلاکتوں کی تصدیق کر سکتے ہیں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس زلزلے سے 100 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    اس سے قبل میرپور کے ڈی آئی جی راجہ گلفراز خان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے 19 افراد کی ہلاکت اور 300 کے زخمی ہونے کی بات کی تھی۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب کی 100 رضاکاروں پر مشتمل 20 ٹیمیں اور 6 گاڑیاں متاثرہ علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں۔

  10. پی آئی اے کا بیرونِ ملک سے امدادی سامان کی بلا معاوضہ ترسیل کا اعلان

    پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے صدر و چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں آنے والے زلزلے سے قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ایئر مارشل ارشد ملک نے بیرون ملک سے زلزلہ زدگان کے لیے امدادی سامان کی ترسیل اسلام آباد ایئر پورٹ تک بغیر معاوضہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں بیرون ملک پی آئی اے کے تمام دفاتر کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

  11. محکمہ موسمیات: زلزلہ جہلم تھرسٹ فالٹ میں آیا

    پاکستان کے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی تجزیے میں بتایا گیا کہ منگل کو آنے والا زلزلہ جہلم تھرسٹ فالٹ میں آیا ہے، جبکہ زلزلے کے مرکز سے قریب ترین فالٹ دِل جابہ تھرسٹ فالٹ اور روات فالٹ ہیں جو کہ ایک دوسرے کے متوازی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شام 4 بج کر 43 منٹ پر ایک آفٹر شاک بھی آیا جبکہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانی شدت کے مزید آفٹر شاکس بھی متوقع ہیں۔

    PMD

    ،تصویر کا ذریعہPMD

  12. جاتلاں میں 250 سے زائد عمارتوں کو نقصان

    bilal rafiq

    ،تصویر کا ذریعہBilal Rafiq

    این ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر ڈیزاسٹر رسپانس کرنل علاؤ الدین نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جاتلاں میں 250 سے زائد گھر اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ریسکیو اہلکار مقامی افراد کی نشاندہی کردہ جگہوں پر پہنچ رہے ہیں۔

  13. وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار: پنجاب ہر ممکن مدد کرے گا

    بزدار

    ،تصویر کا ذریعہCM Punjab

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے منگل کی شام میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت پاکستان کی زیرِ انتظام کشمیر کی حکومت کی ہر ممکن امداد کرے گی۔

  14. متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ مکمل

    پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی کے ایوی ایشن ہیلی کاپٹروں نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ مکمل کر لیا ہے۔ ان علاقوں میں میر پور، جڑی خاص اور جاتلاں کے علاقے شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ فوج کی ٹیمیں متارہ علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    .

    زلزلہ

    ،تصویر کا ذریعہISPR

    EARTHQUAKE

    ،تصویر کا ذریعہISPR

    EARTH QUAKE

    ،تصویر کا ذریعہISPR

  15. جاتلاں میں ہنگامی امداد پہنچ گئی

    BBC

    بی بی سی کی نامہ نگار فرحت جاوید کے مطابق میرپور سے 15 منٹ کی مسافت پر واقع جاتلاں نامی قصبے میں بظاہر مکانات کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔ یہ قصبہ میر پور سے تقریباً 15 منٹ کی مسافت پر واقع ہے۔ وہاں ہیلی کاپٹر پہنچ چکے ہیں۔ ایمبولینس سروس کے لیے ہسپتالوں میں اعلانات کیے جا رہے ہیں۔

  16. بریکنگ, ڈی آئی جی میرپور: 19 افراد ہلاک، 300 سے زائد زخمی

    ڈی آئی جی میرپور گلفراز خان نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب تک زلزلے کے نتیجے میں 19 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 300 افراد زخمی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مقامی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور وہاں ادویات کی فی الحال کوئی کمی نہیں ہے۔

    ْْْبی بی سی
  17. واپڈا ترجمان: منگلا ڈیم محفوظ

    بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان واپڈا محمد عابد رانا نے بتایا کہ ابتدائی مشاہدات کے مطابق زلزلے سے منگلا ڈیم اور اس کے بجلی گھر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے جبکہ تفصیلی جائزے اور رپورٹ کے لیے ڈیم اور بجلی گھر میں نصب آلات سے ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں چونکہ پانی میں ہلچل پیدا ہوتی ہے اور مٹی جو پانی میں عموماً بیٹھی ہوتی ہے، اس کے پانی میں حل ہونے کے نتیجے میں ٹربائنز متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے، اس لیے انھیں چند گھنٹے کے لیے بند کر کے مٹی کے بیٹھنے کا انتظار کیا جاتا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ مٹی دوبارہ بیٹھنے کی صورت میں جب پانی صاف ہو جائے گا تو ٹربائنز کو دوبارہ چلا دیا جائے گا۔

  18. جہلم میں ایک خاتون کی ہلاکت

    ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ جہلم کی تحصیل دینہ میں چک رانجھا کے مقام پر گھروں کو نقصان پہنچا ہے جس سے ایک خاتون ہلاک اور 22 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

  19. میرپور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کو نقصان

    سابق ڈی جی ریڈیو پاکستان مرتضیٰ سولنگی کے مطابق میرپور میں واقع ریڈیو پاکستان کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے اور ملازمین نشریات کا سلسلہ کھلے آسمان تلے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  20. کشمیر: جاتلاں اور میرپور میں زلزلے کے بعد تباہی کے مناظر

    ،ویڈیو کیپشنکشمیر: جاتلاں اور میرپور میں زلزلے کے بعد تباہی کے مناظر