یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا
آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سوئٹزر لینڈ کے شراب خانے میں آتشزدگی سے قریب 40 افراد ہلاک، 115 زخمی: پولیس
سوئٹزر لینڈ کے صدر گائے پرملن کا کہنا ہے کہ نئے سال کے موقع پر سکی ریزورٹ کے شراب خانے میں آتشزدگی کا واقعہ ملکی تاریخ کے ’بدترین سانحوں میں سے ایک ہے۔‘ جبکہ کینٹن والے میں پولیس کمانڈر کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں قریب 40 افراد ہلاک جبکہ 115 زخمی ہوئے ہیں۔
خلاصہ
- سوئٹزر لینڈ میں حکام کے مطابق نئے سال کے موقع پر سکی ریزورٹ کے شراب خانے میں آتشزدگی سے قریب 40 افراد ہلاک جبکہ 115 زخمی ہوئے ہیں۔ سوئٹزر لینڈ کے صدر گائے پرملن کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ملکی تاریخ کے ’بدترین سانحوں میں سے ایک ہے‘
- ایران میں چار روز سے مہنگائی کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران تصادم میں پاسدران انقلاب کے ایک اہلکار کی ہلاکت ہوئی ہے
- پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات میں کم از کم چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے ہیں
- مغربی افریقہ کے ممالک مالی اور برکینا فاسو نے امریکی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کی ہے
- افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کے دفاعی اہلکاروں کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار سے بڑھ گئی ہے
لائیو کوریج
سوئٹزر لینڈ کے شراب خانے میں آتشزدگی ’کوئی حملہ نہیں تھا‘
سوئٹزر لینڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ تاحال آتشزدگی کی ممکنہ وجوہات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں تاہم اب تک کی معلومات کے مطابق سکی ریزورٹ کے شراب خانے میں کسی حملے یا دھماکے کے نتیجے میں آگ نہیں لگی تھی۔
اب تک حکام کو یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ بار میں کتنے لوگ موجود تھے جب آتشزدگی ہوئی۔
اٹارنی جنرل بیٹرس پیلوڈ سے پریس کانفرنس کے دوران ان قیاس آرائیوں کے بارے میں بھی پوچھا گیا کہ آیا آتشزدگی شیمپین کی بوتلوں پر آگ لگانے سے ہوئی۔ بعض عینی شاہدین نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ شیمپین کی بوتلوں پر سالگرہ کی موم بتیاں جلائی گئی تھیں جس سے چھت پر آگ لگنا شروع ہوئی۔
جبکہ بعض نے دعویٰ کیا ہے کہ شراب خانے کی سیڑھیاں بہت تنگ تھی جس کی وجہ سے وہاں سے نکلنے میں مشکلات ہوئیں۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ چونکہ تحقیقات جاری ہے لہذا وہ کسی افواہ کی تصدیق نہیں کر سکتیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں یہ علم نہیں کہ شراب خانے کے مالکان کا تعلق کس ملک سے تھا۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ شراب خانے کی سیڑھیاں بظاہر تنگ ہیں لیکن تفتیش کار یہ جائزہ لیں گے کہ آیا یہ عمارت قواعد و ضوابط کے مطابق تھی۔
سوئٹزر لینڈ کے شراب خانے میں آتشزدگی سے قریب 40 افراد ہلاک، 115 زخمی: پولیس
سوئٹزر لینڈ میں کینٹن والے کے پولیس کمانڈر کا کہنا ہے کہ سکی ریزورٹ کے بار میں آتشزدگی سے قریب 40 افراد ہلاک جبکہ 115 زخمی ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں لاشوں کی شناخت ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی تاکہ انھیں لواحقین کے حوالے کیا جا سکے۔
سوئٹزر لینڈ کے صدر گائے پرملن کا کہنا ہے کہ ایک سکی ریزورٹ کے شراب خانے میں آتشزدگی کا واقعہ ملکی تاریخ کے ’بدترین سانحوں میں سے ایک ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ اس واقعے میں کئی جانوں کا ضیاع ہوا ہے جبکہ قریب ایک سو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سوئس صدر کا کہنا تھا کہ اس واقعے سے کئی لوگوں کی زندگیاں ’ہمیشہ کے لیے رُک گئی ہیں‘ اور کئی لوگوں کو تاحیات نقصان جھیلنا پڑے گا۔ انھوں نے متاثرین اور خاندانوں سے ہمدردی ظاہر کی ہے۔
گائے پرملن نے مدد کی پیشکش پر فرانس، جرمنی اور اٹلی سمیت دیگر ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ غیر ملکی متاثرین کے خاندانوں سے رابطوں کے لیے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے پر تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ سکی ریزورٹ کے بار میں آگ کیسے لگی تھی۔
مقامی حکومت کے سربراہ میتھائس رینارڈ کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ’کئی درجن افراد‘ ہلاک ہوئے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ حکام اب بھی معلومات کے منتظر ہیں مگر ان کے مطابق زخمیوں اور لاشوں کی شناخت میں وقت لگ سکتا ہے۔
بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات میں چار افراد ہلاک، پانچ زخمی, محمد کاظم، بی بی سی اُردو کوئٹہ
بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات میں کم از کم چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے ہیں۔
ایس ایچ او پولیس سٹیشن سبی غلام علی ابڑو نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے چینکی چوک کے علاقے میں دستی بم پھینکا جس میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔
انھوں نے بتایا کہ زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
تشدد کا دوسرا واقعہ ایران سے متصل ضلع پنجگور میں پیش آیا جہاں فائرنگ کے ایک واقعے میں تین افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
پنجگور میں انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے یہ حملہ ایک گھر پر کیا۔
اہلکار کے مطابق حملہ گوارگو میں کاٹا گری کے علاقے میں زاہد نامی شخص کے گھر پر کیا گیا جس میں زاہد سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے دو دیگر افراد کی شناخت جاسم اور محمد یوسف اور زخمی شخص کی شناخت عبدالقدوس کے نام سے ہوئی ہے۔
حملہ آوروں نے ان افراد کو نشانہ بنانے کے علاوہ گھر اور ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم انھوں نے اس حوالے سے ٹارگٹ کلنگ کے امکان کو مسترد نہیں کیا کیونکہ ان کے بقول مارے جانے والے افراد کا شمار حکومت کے حامی لوگوں میں ہوتا تھا۔
تاحال دونوں واقعات کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔
سوئٹزر لینڈ کے شراب خانے میں آتشزدگی: ’ہم نے سوچا کہ شاید ہوٹل کے داخلی دروازے پر کسی نے پٹاخے پھوڑے ہیں‘
جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ کے علاقے والیس میں سکی ریزورٹ کے شراب خانے میں لگنے والی آگ کی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔ عینی شاہدین کے آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شراب خانے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اولیہ پاسکا نامی شخص اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ شراب خانے سے 50 میٹر دُور ایک ہوٹل میں مقیم تھے۔
اولیہ نے بی بی سی کو بتایا کہ اُنھوں نے اپنے خاندان کے ساتھ نئے سال کا جشن منایا اور اس دوران اُنھوں نے سلسلہ وار دھماکوں کی آوازیں سنیں۔
’ہم نے سوچا کہ شاید ہوٹل کے داخلی دروازے پر کسی نے پٹاخے پھوڑے ہیں۔ یہ شور محض ایک عام جشن جیسا تھا، جو نئے سال کی آمد پر ہوتا ہے۔‘
اولیہ کے بقول بعدازاں اُنھوں نے لوگوں کے چیخنے چلانے کی آوازیں سنیں اور اُنھیں لگا کہ شاید شراب خانے میں لڑائی ہوئی ہے۔
لیکن کچھ دیر بعد ہی ریسکیو گاڑیوں کے سائرن بجنا شروع ہو گئے۔ ایمبولینسز، پولیس اور فائر فائترز بھی ہوٹل کے قریب پہنچ گئے۔
ایک خاتون جو اپنی والدہ کے ہمراہ سیون ہسپتال میں موجود تھیں نے آتشزدگی سے جھلسنے والے مریضوں کی ہسپتال آمد کی روداد بیان کی ہے۔
اُنھوں نے ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ جب زخمیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا توایک نرس نے انتظار گاہ میں موجود تمام افراد کووہاں سے جانے کا حکم دیا۔
اُنھوں نے بتایا کہ میں ایمرجنسی وارڈ تک کا راستہ صاف کرنے کے لیے باہر نکلی تو وہاں افراتفری تھِی۔ ’ہر طرف سے لوگ آ رہے تھے، گاڑیوں میں لوگ شدید زخمی تھے، جلنے کی بو آ رہی تھی۔‘
ایران میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے جاری، تصادم کے دوران پاسدرانِ انقلاب کے اہلکار کی ہلاکت
ایران میں چار روز سے مہنگائی کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران تصادم میں پاسدران انقلاب کے ایک اہلکار کی ہلاکت ہوئی ہے۔
نیم سرکاری خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ایران کے پاسدران انقلاب سے منسلک گروپ بسیج کے ایک اہلکار کوہدشت شہر میں ایک تصادم کے دوران ہلاک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق واقعے میں 13 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ایران میں چار روز سے کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی کی وجہ سے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
ایران کی عدلیہ سے وابستہ میزان نیوز ایجنسی نے علاقائی چیف جسٹس سعید شاہواری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امیر حسام خدااری فرد کو جمعرات کو مغربی صوبہ لرستان کے شہر کوہدشت میں قتل کیا گیا۔
سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ سکیورٹی فورسز کے متعدد ارکان زخمی بھی ہوئے ہیں۔
بی بی سی فارسی سے تصدیق شدہ فوٹیج میں اسی دن سکیورٹی فورسز کو شہر میں مظاہرین پر فائرنگ کرتے دکھایا گیا ہے۔
جمعرات کو جنوبی صوبے فارس اور مغربی صوبوں ہمدان اور لرستان میں بھی تصادم کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
دارالحکومت تہران کے حکام نے اتوار کو دارالحکومت میں شروع ہونے والی بدامنی پر قابو پانے کی بظاہر کوشش میں بدھ کو بینک کی چھٹی کا اعلان کیا تھا۔
ان مظاہروں کو 2022 میں نوجوان خاتون مہسا امینی کی حراست میں ہلاکت کے بعد ہونے والے مظاہروں کے بعد سے سے بڑے مظاہرے قرار دیا جا رہا ہے۔
’ادلے کا بدلہ:‘ افریقی ممالک مالی اور برکینا فاسو نے بھی امریکی شہریوں پر سفری پابندی عائد کر دی
مغربی افریقہ کے ممالک مالی اور برکینا فاسو نے امریکی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ان ممالک کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صدر ٹرمپ کی جانب سے دونوں ممالک کے شہریوں کے امریکہ داخلے پر پابندی کے جواب میں کیا گیا ہے۔
برکینا فاسو کے خارجہ امور کے وزیر نے کہا کہ ان کی حکومت ’باہمی تعاون کے اصول‘ پر عمل کر رہی ہے۔
مالی کی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ باہمی احترام اور خودمختاری کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اُنھیں امریکہ کے اس یکطرفہ فیصلے پر افسوس ہے، جو بغیر کسی مشاورت کے کیا گیا۔
مالی اور برکینا فاسو کا یہ فیصلہ نائجر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے چند دن بعد سامنے آیا ہے کہ نائجر نے امریکی شہریوں پر اسی طرح کی سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔
تینوں ممالک میں فوج کی حکومت ہے جس نے بغاوت کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کیا۔
گذشتہ ماہ کے آغاز پر وائٹ ہاؤس نے مالی، برکینا فاسو اور نائجر کے علاوہ سوڈان، شام اور فلسطینی اتھارٹی کے پاسپورٹ ہولڈرز پر امریکہ داخلہ پر پابندی عائد کرتے ہوئے یکم جنوری سے اس فیصلے کے اطلاق کا اعلان کیا تھا۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ امریکی قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔
سوئٹزرلینڈ کے سکی ریزورٹ کے شراب خانے میں آتشزدگی، حکام نے تصاویر جاری کر دیں
جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ کے علاقے والیس میں سکی ریزورٹ کے شراب خانے میں لگنے والی آگ کے بعد حکام نے شراب خانے کی کچھ تصاویر بھی جاری کی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں درجنوں افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان حالات کی نشاندہی کے لیے تحقیقات جاری ہیں کہ آگ کیوں لگی۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نئے سال کی رات سوئٹزرلینڈ کے سکی ریزورٹ میں آتشزدگی کے المناک واقعے کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے دل ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنھوں نے اپنی جانیں گنوائیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ ہم اس مشکل وقت میں سوئس حکومت اور سوئٹزرلینڈ کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
افغان طالبان کا اپنی دفاعی قوت میں اضافے کا دعویٰ، ہمارے اہلکاروں کی تعداد ایک لاکھ 81 ہزار سے بڑھ گئی ہے، ذبیح اللہ مجاہد
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کے دفاعی اہلکاروں کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغان طالبان انتظامیہ کی وزارتِ دفاع نے گذشتہ سال اپنی تربیت یافتہ سکیورٹی فورسز کی تعداد میں اضافہ کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس عرصے کے دوران ایک لاکھ سے زائد پولیس اہلکاروں نے بھی سکیورٹی، جرائم کی روک تھام، لاجسٹکس اور دیگر شعبوں میں تربیت مکمل کی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ طالبان انتظامیہ نے سفارت کاری اور خارجہ تعلقات میں بھی ’اچھی‘ پیش رفت کی ہے، روس کی جانب سے طالبان انتظامیہ کو 2025 میں افغانستان کی قانونی اتھارٹی تسلیم کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے اُنھوں نے مزید کہا کہ طالبان کابینہ کے ارکان، بشمول نائب وزرائے اعظم اور وزراء نے اقتصادی، تجارتی اور سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اس سال 99 غیر ملکی دورے کیے۔
ترجمان نے بجلی، پیٹرولیم مصنوعات، صنعتی شعبے، تجارت، تعلیم، اعلیٰ تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، زراعت، کان کنی، ثقافتی شعبے، تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ، علاقائی رابطے، اور منشیات کے عادی افراد کے علاج سمیت مختلف شعبوں میں حاصل کردہ کامیابیوں کا بھی دعویٰ کیا۔
سوئٹزرلینڈ کرانز-مونٹانا بار میں آتشزدگی سے متعدد ہلاکتوں کا خدشہ: اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟
سوئٹزرلینڈ میں حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ کے علاقے والیس میں سوئس سکی ریزورٹ کرانز-مونٹانا کی بار میں آتشزدگی سے کئی افراد ہلاک اور 100 کے قریب افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
اٹلی کی وزارت خارجہ نے سوئس پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے میں 40 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
جمعرات کو ریاستی کونسلر اور کونسل آف اسٹیٹ آف دی کینٹن والیس کے حکام نے نیوز کانفرنس میں اس خوفناک آتشزدگی کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کا تعلق مختلف ممالک سے ہے، جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ جو افراد زخمی ہوئے ہیں اُن میں سے متعدد بری طرح سے جھلس گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو کارروائیوں میں 10 ہیلی کاپٹرز، 40 ایمبولینسز اور 150 ریسکیو ورکرز نے حصہ لیا۔ جبکہ ریسکیو آپریشن آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔
والیس ہستپال کا انتہائی نگہداشت کا وارڈ زخمیوں سے بھر چکا ہے، جس کی وجہ سے جھلسنے والے افراد کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق یہ دہشت گردی کا واقعہ نہیں تھا، تاہم فی الحال یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ آگ کیوں لگی۔
انڈیا اور پاکستان کے مابین نئے سال کے آغاز پر جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ
انڈیا اور پاکستان نے نئے سال کے آغاز پر بیک وقت سفارتی ذرائع کے ذریعے جوہری تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ کیا ہے۔
انڈین وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تبادلہ انڈیا اور پاکستان کے مابین دہائیوں سے جاری معاہدے کے تحت ہوا ہے۔
انڈیا اور پاکستان کے درمیان 31 دسمبر 1988 کو ایک دوسرے کی جوہری تنصیبات پر حملہ نہ کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے اور 27 جنوری 1991 کو اس معاہدے کی توثیق کی گئی تھی۔
اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک ہر سال کے پہلے دن ایک دوسرے کو اپنی جوہری تنصیبات کے متعلق آگاہ کرتے ہیں۔ فہرستوں کا یہ تبادلہ یکم جنوری 1992 سے جاری ہے۔
جوہری ہتھیاروں پر نظر رکھنے والے تھنک ٹینک سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سیپری) کی 2022 کی رپورٹ کے مطابق سال 2022 کی شروعات میں نو ممالک امریکہ، روس، برطانیہ، فرانس، چین، انڈیا، پاکستان، اسرائیل اور عوامی جمہوری کوریا (شمالی کوریا) کے پاس تقریباً 12 ہزار 705 جوہری ہتیھار ہیں جن میں سے نو ہزار 440 ممکنہ استعمال کے لیے فوجی اسلحہ خانوں میں موجود ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق انڈیا اور پاکستان اپنے جوہری ہتھیاروں میں اضافہ کرتے نظر آ رہے ہیں اور حالانکہ دونوں ممالک کی حکومتیں اپنے کچھ میزائل ٹیسٹس کے بارے میں بیانات جاری کرتی ہیں مگر اپنے اسلحے کے حجم اور اس کی حالت کے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کرتیں۔
واضح رہے کہ سیپری کی سنہ 2020 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پاس جوہری ہتھیاروں کی تعداد 160 اور انڈیا کے پاس 150 تھی جبکہ سنہ 2021 میں یہ تعداد پاکستان کے لیے 165 اور انڈیا کے پاس 156 ہو گئی تھی۔
اسی بنا پر اس تھنک ٹینک کا خیال ہے کہ پاکستان اور انڈیا اپنے جوہری اسلحے میں اضافہ کر رہے ہیں۔
انڈیا اور پاکستان کے درمیان اس معاہدے پر پاکستان کی جانب سے وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو اور انڈیا کی جانب سے وزیرِ اعظم راجیو گاندھی نے دستخط کیے تھے.
نئے سال کے پہلے دن پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 1950 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ, تنویر ملک، صحافی
نئے سال کے پہلے کاروباری روز میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے اور کاروبار کے دوران مارکیٹ میں 1954 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آج مارکیٹ نے 176000 پوائنٹس کی سطح عبور کر لی۔ کاروباری سیشن کے دوران یہ انڈیکس کی بلند ترین سطح ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز مارکیٹ کے آخری دو گھنٹوں میں پرافٹ سیلنگ ہوئی تھی جس کہ وجہ سے انڈیکس میں کمی ہوئی تھی تاہم جمعرات کے روز مارکیٹ میں کافی تیزی دیکھی گئی ہے جس کی وجہ مارکیٹ میں فریش ایکوٹی کا فلو رہا۔
تجزیہ کار شہر یار بٹ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے آج مارکیٹ میں فنڈز کے فلو میں کافی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس نے انڈیکس کو بڑھایا۔
انھوں نے کہا ’اس کے ساتھ وزیر اعظم کی جانب سے آئی ایم ایف کے پروگرام کے تحت اصلاحات ایجنڈے کو بڑھانے کے بیان نے حکومت کی معاشی پالیسی میں سنجیدگی کو ظاہر کیا جس نے مارکیٹ میں مثبت رجحان کو فروغ دیا۔‘
’اس کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی میں کمی آئے گی جو معاشی شعبے میں مثبت پیشرفت ہے اور مارکیٹ میں کاروبار پر اس کا مثبت اثر ہوا۔‘
بریکنگ, سوئس سکی ریزورٹ میں دھماکے کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاع
پولیس کا کہنا ہے کہ سوئس سکی ریزورٹ کرانز-مونٹانا کی ایک بار میں دھماکے کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک اور بیشتر زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس نے بی بی سی کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ ’دھماکہ مقامی وقت کے مطابق ڈیڑھ بجے ہوا۔ ‘
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ فوٹیج میں ایک بار میں آگ لگی دکھائی دے رہی ہے جہاں نئے سال کی شام کی تقریبات ہو رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق متاثرہ افراد کے خاندانوں کے لیے ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔
کرانز-مونٹانا ایک لگژری سکی ریزورٹ ٹاؤن ہے جو سوئس الپس کے دل میں واقع ہے، اور سوئس دارالحکومت برن سے تقریبا دو گھنٹے کی دوری پر ہے۔
کرانز-مونٹانا برطانوی سیاحوں میں مقبول ہے۔
جنوری کے آخر میں ریزورٹ میں ایک سپیڈ سکیئنگ ایونٹ ’ ایف آئی ایس ورلڈ کپ‘ بھی منعقد ہونے والا ہے۔
دھماکے کی نوعیت اور ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق تفصیلات ابھی موصول ہو رہی ہیں۔
اسرائیل کا غزہ میں 37 امدادی تنظیموں کے لائسنس منسوخ کرنے کا اعلان،’زندگی بچانے والی امداد کی رسائی روکنا ناقابل قبول ہے‘
اسرائیل نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں کام کرنے والی 37 بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے لائسنس منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یہ تنظیمیں نئی رجسٹریشن کے قواعد کے تحت تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
بی بی سی عربی کے مطابق ان تنظیموں میں ایکشن ایڈ، انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی، ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز اور نارویجن ریفیوجی کونسل سمیت دیگر تنظیمیں شامل ہیں جن کے لائسنس یکم جنوری سے معطل کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ان کی سرگرمیاں 60 دن کے اندر ختم کر دی جائیں گی۔
اسرائیل کا الزام ہے کہ ان تنظیموں نے اپنے ملازمین کے بارے میں ’مکمل‘ ذاتی معلومات فراہم نہیں کیں، جبکہ بین الاقوامی این جی اوز کا کہنا ہے کہ اس طرح کے تقاضے ان کے عملے کی زندگی کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
اسرائیل کے اس فیصلے کی 10 ممالک نے مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ قواعد بنیادی سہولتوں تک رسائی کو شدید متاثر کریں گے۔
ایک مشترکہ بیان میں برطانیہ، فرانس، کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، آئس لینڈ، جاپان، ناروے، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیمیں غزہ میں انسانی امداد کا لازمی حصہ ہیں اور ان کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش ’ناقابلِ قبول‘ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اس کے بغیر تمام فوری ضروریات کو مطلوبہ پیمانے پر پورا کرنا ناممکن ہوگا۔
یورپی یونین کی انسانی ہمدردی کی کوآرڈینیٹر حاجا حبیب نے اسرائیل کے اقدام کی مزت کرتے ہوئے کہا کہ ’اسرائیل کے منصوبے، جن کے تحت بین الاقوامی این جی اوز کو غزہ میں داخل ہونے سے روکا جائے گا، زندگی بچانے والی امداد تک رسائی کو روکنے کے مترادف ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی انسانی ہمدردی کا قانون ’کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں چھوڑتا، امداد ضرور ان لوگوں تک پہنچنی چاہیے جنھیں اس کی شدید ضرورت ہے۔‘
شام کے شہر حلب میں خودکش حملے میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک، دو زخمی
شام کے شہر حلب میں خودکش حملے میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔
شامی حکومت کے ترجمان کے مطابق بدھ کی شام ایک خودکش بمبار نے حلب میں ایک پولیس سکیورٹی کو نشانہ بنایا جس میں ایک سیکورٹی اہلکار ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ مبینہ طور پر داعش سے تعلق رکھنے والے خودکش بمبار نے نئے سال کے موقع پر شمالی شام کے شہر حلب میں ایک چرچ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی اور اس دوران پھر اس نے سکیورٹی پوسٹ کے قریب دھماکہ کر دیا۔
شامی خبر رساں ایجنسی نے وزارت داخلہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حلب کے باب الفراج محلے میں وہ ایک چوکی پر تلاشی لے رہے تھے کہ انھیں حملہ آور پر شبہ ہوا تاہم اس دوران اس نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نورالدین البابا کے مطابق یہ خیال کیا جاتا ہے کہ جس شخص نے حلب میں دھماکہ خیز بیلٹ سے دھماکہ کیا اس کا تعلق مبینہ طور پر شدت پسند تنظیم نام نہاد دولت اسلامیہ سے ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ حملہ آور کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ایران: مہنگائی کے خلاف مظاہرے مسلسل چوتھے روز بھی جاری، متعدد گرفتاریوں کی اطلاعات
ایران میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف مظاہرے ملک کے کئی شہروں میں مسلسل چوتھے روز بھی جاری رہے۔
بی بی سی فارسی کے مطابق ایران کے مختلف شہروں میں رات بھر جاری رہنے والے مظاہروں کے دوران کوہ دشت میں سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے تشدد کا سہارا لیا۔ کوہ دشت سےملنے والی ویڈیوز میں مظاہرین پر گولیاں چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
لورستان کے حکام کا کہنا ہے کہ کوہ دشت میں ایک شخص ہلاک اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ تاجروں اور دکانداروں کا احتجاج تین روز قبل شروع ہوا تھا، جب کئی دکانیں تہران اور دیگر شہروں میں بند کر دی گئیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے کے بعد کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہا، کیونکہ فروخت کے بعد انھیں وہی سامان زیادہ قیمت پر دوبارہ خریدنا پڑتا ہے۔
دوسری جانب صوبہ فارس کے شہر فاسا میں گورنر کے دفتر کے سامنے بدھ کے روز متعدد رہائشیوں نے احتجاج کیا۔
تہران کی بہشتی یونیورسٹی میں لڑکیوں کے ہاسٹل کے سامنے سے ایک طالبہ کی گرفتاری کی تصاویر بھی منظر عام پر آئیں۔بی بی سی فارسی کے مطابق بدھ کی شب تہران کی بہشتی یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے دفتر کی عمارت کے سامنے سے متعدد طلبہ کی گرفتاری کی تصاویر اور رپورٹس بھی موصول ہوئیں۔
بدھ کی رات سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد کو ایک نوجوان کو پکڑ کر لے جاتے بھی دکھایا گیا۔ ان ویڈیوز میں لڑکیوں کو چیختے ہوئے سنا جا سکتا ہے،جو نوجوان کو رہا کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں اور ساتھ ہی اس احتجاج کی تصاویر بھی بنا رہی ہیں۔
بی بی سی فارسی سروس کے مطابق بدھ کو شام کے قریب آتے ہی ایران کے کچھ شہروں میں مظاہروں کی اطلاع ملی۔ ہمدان، کوہ دشت، جنیوا، دورود اور علی گودرز میں مظاہرین کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل ایران میں کرنسی کی قدر میں کمی کے خلاف تاجروں اور دکانداروں کے احتجاج کے دوران تہران کا تاجروں کے لیے ٹیکسز میں چھوٹ دینے کا اعلان سامنے آیا تھا۔
ٹیکس ادارے کے سربراہ نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ تین اہم فیصلے سرانِ قوا کی منظوری سے نافذ کیے گئے ہیں تاکہ تاجروں کو ٹیکس میں رعایت دی جا سکے۔
ان اقدامات میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نوٹسز پر نظرِ ثانی، کارڈ مشین کی رسید کو بطور الیکٹرانک انوائس قبول کرنے کی مدت میں توسیع، اور ٹیکس جرمانوں کی معافی شامل ہے۔
سال 2026: دنیا کے مختلف ممالک میں سال نو کے استقبال کی تصویری جھلکیاں
پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں سال 2026 کے آغاز پر آتش بازی کا انقعاد کیا گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد 2026 کے استقبال کی تیاروں کو دیکھنے کے لیے مختلف مقامات پر جمع ہوئے۔
یوکرین میں روس کے حملے کے باعث ان دنوں کافی سرگرمیاں معطل ہیں تاہم کرفیو سے پہلے پُررونق اور جشن کے منظر کو کیمرے نے مقید کیا۔
بیجنگ میں 2026 کے آغاز میں ڈھول کی تھاپ پر رقص اور اور دلکش پرفارمنس کی گئی ۔
سال 2026 میں خوش آمدید اور اب تک کی اہم خبروں کا خلاصہ
سال 2026 کے آغاز پر آپ سب کو بی بی سی اردو کی جانب سے نیک تمنائیں اور خوش آمدید!
بی بی سی کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم آگے بڑھنے سے پہلے ہم آپ کو سال 2025 کے آخری روز کی اہم خبروں کے حوالے سے آگاہ کرتے چلیں۔
- پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی اور دفاعی تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا۔
- بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔
- افغانستان کے مقامی میڈیا کے مطابق ملک کے شمالی صوبہ بلخ میں حجاموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے گاہکوں کو داڑھی منڈوانے کی خدمات پیش کرنا بند کر دیں۔
- یمنی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی افواج نے یمن سے انخلا شروع کر دیا ہےدوسری جانب پاکستان نے یمن میں دوبارہ تشدد بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
- انڈیا کی ڈیفینس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے آج دو پرالے میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔
- پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع جھنگ میں ایک مسافر وین اور طلبا سے بھری یونیورسٹی کی بس میں تصادم سے نو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے
- بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا۔بارشوں کی وجہ سے ضلع نصیر آباد میں کم از کم تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے جبکہ سرحدی شہر چمن میں گھروں کو نقصان پہنچا۔
- پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں حکومت سندھ نے ڈبل ڈیکر بسوں کا آغاز کردیا ہے
- انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں حکومت نے انٹرنیٹ کو متوازی نیٹ ورک سے استعمال کرنے والی ٹیکنالوجی ’وی پی این‘ کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔
- پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز تیزی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا جب انڈیکس میں کاروبار کے دوران 700 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس175181 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا جو اس کی بلند ترین سطح ہے۔
- سال 2025 کے آخری روز سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ سونا 2 ہزار 500 روپے کی کمی سے چار لاکھ 56 ہزار 962 روپے کا ہو گیا۔ تاہم پورے سال 2025 میں فی تولہ سونے کی قیمت مجموعی طور پر ایک لاکھ 84 ہزار 362 روپے بڑھ گئی
پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی, تنویر ملک ، صحافی
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی۔
اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 257 روپے 8 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
2025 میں فی تولہ سونے کی قیمت سالانہ 1 لاکھ 84 ہزار 362 روپے کا اضافہ ہوا, تنویر ملک، صحافی
سال 2025 کے آخری روز سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ سونا 2 ہزار 500 روپے کی کمی سے چار لاکھ 56 ہزار 962 روپے کا ہو گیا۔ تاہم پورے سال 2025 میں فی تولہ سونے کی قیمت مجموعی طور پر ایک لاکھ 84 ہزار 362 روپے بڑھ گئی۔ سال کے اختتام پر فی تولہ سونا چار لاکھ 56 ہزار 962 روپے رہا۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کے روز 10 گرام سونے کی قیمت دو ہزار 143 روپے کم ہو کر تین لاکھ 91 ہزار 771 روپے ہو گئی۔ تاہم 2025 میں 10 گرام سونے کی قیمت سالانہ ایک لاکھ 58 ہزار 60 روپے بڑھ گئی۔ سال کے اختتام پر 10 گرام سونا تین لاکھ 91 ہزار 771 روپے رہا۔
2025 میں عالمی منڈی میں فی اونس سونا سالانہ ایک ہزار 732 ڈالر مہنگا ہوا۔ سال کے اختتام پر عالمی منڈی میں فی اونس سونا چار ہزار 346 ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
سال کے آخری روز چاندی کی فی تولہ قیمت 212 روپے کی کمی سے سات ہزار 718 روپے ہو گئی۔ 2025 میں چاندی کی قیمت سالانہ چار ہزار 368 روپے بڑھی۔ سال کے اختتام پر چاندی کی فی تولہ قیمت سات ہزار 718 روپے رہی۔