لائیو , سعودی عرب میں دفاعی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے پاکستانی فوجی دستے تعینات: آئی ایس پی آر

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب روانہ ہونے والے پاکستانی فوجی دستوں کے لیے الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے شرکت کی۔ بیان کے مطابق یہ دستے سعودی عرب میں طے شدہ دفاعی تعاون کے تحت ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. عالمی توانائی کی مارکیٹ ایران جنگ کے بعد کبھی پہلے جیسی نہیں رہے گی: آئی ای اے سربراہ

    EPA/Shutterstock
    ،تصویر کا کیپشنبین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے سربراہ فاتح بیرول

    بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے سربراہ فاتح بیرول نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایران جنگ نے عالمی توانائی کی مارکیٹ کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا ہے اور جنگ سے پہلے کی صورتحال بحال ہونا ’ناممکن‘ ہے۔‘

    بی بی سی کے پروگرام ’سنڈے ود لورا کوئنزبرگ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فاتح بیرول نے کہا کہ یہ تصور کرنا بھی ناممکن ہے کہ توانائی کی صورتحال ایران جنگ سے پہلے جیسی ہو جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ ’جو پانی ندی سے گزر چکا ہو، اسے واپس نہیں لایا جا سکتا۔ جب کوئی چیز ٹوٹ جائے تو اسے پہلے جیسا نہیں بنایا جا سکتا۔‘

    فاتح بیرول کے مطابق ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں اور اس کے بعد آبنائے ہرمز کی بندش سے پیدا ہونے والا بحران شدت اور حجم کے لحاظ سے سنہ 1970 کی دہائی میں سامنے آنے والے توانائی بحرانوں اور روس کے یوکرین پر حملے کے بعد پیدا ہونے والے بحران سے کہیں زیادہ بڑا ہے۔

    ایران جنگ مارچ میں شروع ہونے کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں برطانیہ میں لاکھوں گھرانوں کے توانائی کے بل جنوری میں 26 فیصد بڑھنے کی توقع ہے۔

    بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر یورپ کو شدید سرد موسم کا سامنا کرنا پڑا تو توانائی کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔

    فاتح بیرول نے اس تنازع کو تاریخ میں توانائی کی سلامتی کے لیے ’سب سے بڑا خطرہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر جنگ ختم نہ ہوئی تو قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ تیل، گیس، قدرتی گیس اور کیمیائی کھادوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

  2. سعودی عرب میں دفاعی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے پاکستانی فوجی دستے تعینات: آئی ایس پی آر

    ISPR

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب روانہ ہونے والے پاکستانی فوجی دستوں کے لیے سنیچر کو الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح التمیمی البغامی، چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور لاہور کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی موجود تھے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب میں فوجی دستوں کی تعیناتی دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ سٹریٹجیک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات کے تحت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار ہے۔‘

    ISPR

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان حرمین شریفین کے تقدس اور سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوجی دستے سعودی عرب کی سرزمین پر طے شدہ ذمہ داریاں، باہمی اتفاق اور دفاعی تعاون کے موجودہ فریم ورک کے تحت انجام دیں گے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اس تعیناتی سے خطے میں ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے تناظر میں سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تزویراتی تعاون کی عکاس ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

    ISPR
  3. امریکی ڈرون نے آبنائے ہرمز میں ماہی گیروں کی ایک چھوٹی کشتی پر حملہ کیا ہے: ایرانی میڈیا کا دعویٰ

    ایرانی سرکاری میڈیا نے فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اتوار 29 دسمبر کی صبح ساڑھے تین بجے خلیج فارس میں آبنائے ہرمز کے علاقے سریک کے قریب تین افراد پر مشتمل ماہی گیروں کی ایک چھوٹی کشتی کو امریکی ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کشتی میں سوار دو افراد کو تلاش کر لیا گیا ہے اور انھیں سریک کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، تاہم کشتی کے مالک کی تلاش جاری ہے، جن کا نام بھی جاری کیا گیا ہے۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) اور دیگر امریکی حکام نے تاحال اس خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

    ایران اور امریکہ کے درمیان آبنائے ہرمز کے معاملے پر کشیدگی جاری ہے۔ یہ آبی گزرگاہ عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل کے لیے اہم ہے۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس راستے سے گزرنے والے جہازوں کو حفاظتی حصار فراہم کرے گی، جسے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کرنے کی کوششوں کے خلاف اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

    گذشتہ مارچ میں ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں بھی تعطل کا شکار ہیں۔ خاص طور پر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے ناکام ہونے کے بعد مذاکراتی پیش رفت رک گئی ہے۔ اس یادداشت میں مستقل معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک فریم ورک اور طریقۂ کار طے کیا گیا تھا۔

  4. بیلجیم میں غیر قانونی تعمیر کے الزام پر گوگل کے اے آئی ڈیٹا سینٹر کا کام روک دیا گیا

    AFP via Getty Images

    بیلجیم کے حکام نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ڈیٹا سینٹر کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کام رکوا دیا ہے۔

    گوگل نے تصدیق کی ہے کہ اس نے بیلجیم کے علاقے فارسیئن میں جاری تعمیراتی کام ’مزید ہدایات ملنے تک‘ معطل کر دیا ہے۔

    کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے ڈیٹا سینٹر کی تعمیر کے لیے ضروری منصوبہ بندی کی اجازت حاصل نہیں کی تھی۔ والونیا کی حکومت کے ترجمان نکولس یرنو کے مطابق یہ ایک سنگین خلاف ورزی ہے۔

    گوگل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ 15 سال سے زیادہ عرصے سے بیلجیم میں کام کر رہی ہے اور مقامی قوانین کی پابندی کے لیے پُرعزم ہے۔

    یہ منصوبہ کئی ماہ سے قانونی تنازع کا شکار ہے۔ گوگل نے اس سے قبل تعمیراتی اجازت نامے کی شرائط میں تبدیلی کی درخواست دی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق کمپنی اپنے مجوزہ کولنگ سسٹم کو تبدیل کرنا چاہتی تھی۔

    ابتدائی منصوبے میں ڈیٹا سینٹر کو ہوا کے ذریعے ٹھنڈا کیا جانا تھا، تاہم گوگل نے قریبی دریائے سامبرے سے پانی لے کر کولنگ کا نظام استعمال کرنے کی تجویز دی تھی۔

    علاقائی حکام نے یہ درخواست مسترد کر دی، تاہم اس کے باوجود تعمیراتی کام جاری رہا، جس پر قریبی آبادی اور ماحولیاتی تنظیموں نے تشویش ظاہر کی۔

    گرین پیس بیلجیم کے جوئری تھیس نے کہا کہ اجازت نامے کے بغیر گوگل کی جانب سے تعمیر جاری رکھنا ماحول، مقامی آبادی اور قانون کی بے توقیری ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی بحران کے اثرات میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایسے حالات میں توانائی کی بہت زیادہ کھپت کرنے والے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

    اس معاملے کی عدالتی سماعت نئے سال میں متوقع ہے۔

    ڈیٹا سینٹر میپ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 13 ہزار 500 ڈیٹا سینٹرز موجود ہیں، جن میں سے 54 بیلجیم میں واقع ہیں۔ یہ ادارہ فعال اور زیرِ تعمیر ڈیٹا سینٹرز کا ریکارڈ رکھتا ہے۔

    امریکہ میں دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ، یعنی پانچ ہزار 200 سے زائد ڈیٹا سینٹرز ہیں۔ ان کی بڑھتی ہوئی تعداد حالیہ وسط مدتی انتخابات کے دوران بھی موضوعِ بحث رہی، جہاں تین ریاستوں میں ڈیموکریٹ سینیٹرز اور گورنرز منتخب ہوئے جنھوں نے ڈیٹا سینٹرز کے لیے سخت ضابطوں کی حمایت کی تھی۔

  5. حوثی جنگجوؤں کا ریاض کی جانب بیلسٹک میزائل حملہ، سعودی اتحاد کا میزائل مار گرانے کا دعویٰ

    SPA

    سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے اتوار کی صبح ریاض کی جانب حوثی جنگجوؤں کی طرف سے داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔

    اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایکس پر لکھا کہ فضائی دفاعی نظام نے ’حوثی دہشت گرد ملیشیا‘ کی جانب سے مملکت کے دارالحکومت ریاض کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل روک کر تباہ کر دیا۔

    اس سے چند گھنٹے قبل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ اتحاد نے یمن میں حوثی جنگجوؤں کے زیرِ استعمال ’اہم تنصیبات‘ کو نشانہ بنانے کے لیے ’فوجی جوابی کارروائی‘ کی ہے۔ ان کے مطابق یہ تنصیبات سعودی عرب اور یمن میں حملے کرنے اور بحیرۂ احمر کے جنوبی حصے اور آبنائے باب المندب میں بحری آمدورفت کو خطرے میں ڈالنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ ان میں خاص طور پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے متعلق تنصیبات شامل ہیں۔

    اتحاد نے سنیچر کو بھی کہا تھا کہ سعودی فضائی دفاع نے ملک کی جانب داغے گئے متعدد میزائلوں اور دیگر حملوں کو ناکام بنایا۔ ان میں رات گئے ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے داغا گیا ایک کروز میزائل بھی شامل تھا، جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

    ترجمان کے مطابق سعودی فضائی دفاع نے جازان کے علاقے کے ساحلی شہر الشقیق کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل بھی روک کر تباہ کیا۔ اس شہر میں پانی صاف کرنے اور بجلی پیدا کرنے کے بڑے مراکز موجود ہیں، جو مملکت کے جنوبی علاقوں کو پانی اور بجلی فراہم کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان واقعات میں کوئی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

    دوسری جانب سعودی حکام نے جازان اور مملکت کے دیگر علاقوں، بشمول مشرقی صوبے، میں سکیورٹی الرٹس جاری کیے۔ بعد ازاں سعودی شہری دفاع نے تصدیق کی کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔

  6. بریکنگ, آبنائے ہرمز کے مشرق میں بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد تیل بردار جہاز میں آگ لگ گئی: ایرانی بحریہ کا دعویٰ

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ایرانی بحریہ کا کہنا ہے کہ تین تیل بردار جہازوں نے اپنے شناختی اور نیویگیشن نظام بند کر کے آبنائے ہرمز کے مشرق میں ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کے دوران ان میں سے ایک جہاز بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

    ایرانی بحریہ کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد جہاز حرکت کرنے کے قابل نہیں رہا، جبکہ باقی دو جہازوں نے اپنا راستہ تبدیل کیا اور واپس خلیج فارس کی جانب روانہ ہو گئے۔

    ایرانی بحریہ کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے یہ بھی کہا ہے کہ جب تک ایران کے مقاصد اور مطالبات پورے نہیں ہوتے، آبنائے ہرمز کبھی نہیں کھلے گی۔

    ایران اور امریکہ دونوں آبنائے ہرمز پر کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ایرانی بحریہ اور فوج باقاعدگی سے ایسے واقعات کی اطلاعات دیتی ہیں جن میں ان کے بقول جہازوں نے رابطہ کاری کے بغیر آبنائے سے گزرنے کی کوشش کی۔

    دوسری جانب امریکہ کا کہنا ہے کہ اس نے کامیابی سے جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزارا ہے۔

  7. ایران نے امریکہ کے خلاف فوجی کارروائیوں میں سٹارلنک کا استعمال کیا: واشنگٹن پوسٹ

    Getty Images

    امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ایران نے گذشتہ مارچ میں امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے آغاز کے بعد جوابی کارروائیوں میں سٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ استعمال کیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اس موسمِ گرما میں وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو پیش کی گئی ایک خفیہ رپورٹ میں ایرانی حکومت کی جانب سے سٹارلنک کے استعمال کا ذکر کیا تھا۔

    ذرایع کے مطابق ایران نے اس کے ذریعے اپنی فورسز کو ہدایات دینے، ان کے درمیان رابطہ برقرار رکھنے اور یکطرفہ حملوں میں ڈرون آپریشنز کی نگرانی کرنے کی کوشش کی۔

    واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج کی جانب سے ایران کے روایتی مواصلاتی نظام کو کمزور کرنے کی کوششوں کے دوران سٹارلنک ایران کے لیے رابطے کا متبادل ذریعہ بن گیا تھا۔

    یکم مارچ کو کویت کے پورٹ شعیبہ میں امریکی فوجی تنصیب پر ایرانی ڈرون حملے میں چھ امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ سینٹکام نے اس حملے سمیت ایران کی جانب سے سٹارلنک کے استعمال سے متعلق سوالات پر اخبار کو جواب نہیں دیا۔

    پینٹاگون نے بھی اس حملے کی تحقیقات کے نتائج جاری نہیں کیے ہیں۔

  8. اسرائیل میں آج حکومت سازی پر مذاکرات، نیتن یاہو کی آئزنکوٹ کو وزیراعظم بنانے کی پیش کش

    Getty Images

    اسرائیل میں قومی اتحاد کی ممکنہ حکومت کی تشکیل کے لیے اہم مذاکرات آج ہوں گے۔ عبوری وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے اپنے سیاسی حریف گاڈی آئزنکوٹ کی قیادت میں حکومت میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے۔

    نیتن یاہو نے قومی اتحاد کی حکومت میں وزارتِ عظمیٰ کے عہدے پر باری باری ذمہ داری سنبھالنے کی تجویز پیش کی ہے، جس کے تحت آئزنکوٹ کو اُن کی جانب سے پہلے وزیراعظم بننے کی پیش کش کی گئی ہے۔

    نیتن یاہو نے ایکس پر کہا کہ ’ایک رہنما کی حیثیت سے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام معاملات ایک طرف رکھیں اور وہ اس بات پر متفق ہیں کہ آئزنکوٹ ابتدا میں وزیراعظم کا منصب سنبھالیں جبکہ وہ بعد میں یہ ذمہ داری ادا کریں۔

    اس تجویز کے بعد آئزنکوٹ نے نیتن یاہو کی جماعت لیکود کی سنجیدگی جانچنے کا عندیہ دیا اور مذاکرات فوری شروع کرنے پر زور دیا۔ لیکود کے مطابق دونوں رہنما اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے ہرزلیہ میں ملاقات کریں گے۔

    آئزنکوٹ کی جماعت یشار نے کہا ہے کہ ’حکومت سازی کے تمام ممکنہ راستوں پر غور کیا جائے گا اور مذاکرات کے لیے دونوں جماعتوں کی ٹیمیں طویل نشستیں کریں گی۔‘ آئزنکوٹ کے پاس آئندہ ماہ تک حکومت بنانے کا وقت ہے، تاہم اکتوبر کے اواخر میں ہونے والے انتخابات میں کسی بھی اتحاد کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔

    آئزنکوٹ کے اتحاد کے پاس کنیسٹ کی 48 نشستیں ہیں جبکہ حکومت بنانے کے لیے 61 نشستیں درکار ہیں۔ ان کے سامنے مذہبی جماعتوں، عرب جماعتوں یا نیتن یاہو کی لیکود کے ساتھ قومی اتحاد کی حکومت بنانے کے مختلف راستے موجود ہیں۔

    لیکود نے قومی اتحاد کی حکومت کے لیے عرب جماعتوں کو شامل نہ کرنے، فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت اور دیگر سیاسی و سکیورٹی شرائط پیش کی ہیں، جبکہ آئزنکوٹ اس سے قبل نیتن یاہو کی سربراہی میں حکومت میں شامل ہونے سے انکار کر چکے ہیں۔

  9. خلیجِ عدن میں کارگو جہاز کو ہائی جیک کرنے والے مسلح افراد جہاز چھوڑ کر چلے گئے ہیں: یو کے ایم ٹی او

    برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کا کہنا ہے کہ وہ مسلح افراد جنھوں یمن کے ساحل کے قریب خلیجِ عدن میں ایک کارگو جہاز پر سوار ہو کر اس کا کنٹرول سنبھال لیا تھا، ہوئے تھے، اب جہاز چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔

    ادارے کے مطابق جہاز کے تمام عملے کے ارکان محفوظ ہیں اور خیریت سے ہیں۔

    یو کے ایم ٹی او کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے یمن کے علاقے بلحاف سے تقریباً 120 کلومیٹر جنوب مغرب میں اس کارگو جہاز پر سوار ہونے کی کوشش کی تھی۔

    ادارے نے علاقے میں موجود دیگر جہازوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

    فروری کے اواخر میں ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں اور اس کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے آغاز کے بعد جزیرہ نمائے عرب اور اس کے اطراف میں بحری جہاز بارہا حملوں، جوابی حملوں اور فائرنگ کے تبادلوں کی زد میں آتے رہے ہیں۔

  10. عراقی قومی سلامتی کے مشیر کی محسن رضائی سے ملاقات، تہران اور بغداد کا ’سکیورٹی معاہدے‘ پر عمل درآمد پر زور

    Mohsen Rezaei

    تہران کے دورے پر موجود عراق کے قومی سلامتی کے مشیر قاسم عبودی نے ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی سے ملاقات کی ہے۔

    قاسم عبودی عراقی سکیورٹی حکام کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تہران پہنچے تھے۔

    ملاقات کے دوران محسن رضائی نے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے ’سکیورٹی معاہدے‘ پر مکمل عمل درآمد اور سرحدوں پر سکیورٹی کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔

    انھوں نے ایران اور عراق کے درمیان اقتصادی تعاون میں توسیع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’بیرونی عناصر کو اس تعاون پر منفی اثر ڈالنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔‘

    اس موقع پر قاسم عبودی نے بھی تمام ’سکیورٹی معاہدوں‘ پر عمل درآمد کے لیے عراق کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ان کا ملک ’اپنی فضائی اور زمینی حدود کو ایران یا دیگر ہمسایہ ممالک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔‘

    اس سے قبل ایران کے رہبرِ اعلیٰ کے مشیر محمد مخبر نے بغداد کو خبردار کیا تھا کہ وہ ’ٹرمپ کے ہاتھوں میں آلہ کار‘ نہ بنے۔

    محمد مخبر کا یہ انتباہ ان خبروں کے بعد سامنے آیا تھا جن میں کہا گیا تھا کہ امریکہ کی جانب سے ایران کی زمینی سرحدیں بند کرنے کی کوششوں کے تناظر میں ایران اور عراق کے درمیان کئی سرحدی گزرگاہیں بند کر دی گئی ہیں۔

    دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ روز عراق کے وزیرِ اعظم کی ان کوششوں کو سراہا جن کا مقصد ’عراقی تیل کی سمگلنگ روکنا، بدعنوانی کا خاتمہ کرنا اور تمام ہتھیاروں کو حکومت کے واحد کنٹرول میں لانا‘ ہے۔

  11. ایرانی فوج کا دشمن کا جاسوس ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    Irna

    ایرانی فوج نے ابنائے ہرمز اور خلیج فارس کے اوپر پرواز کرنے والے دشمن کے ایک جاسوس ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    سنیچر کے روز ایرانی خبر رساں اداروں ارنا اور فارس نیوز کے مطابق ایرانی فوج کے فضائی دفاعی دستے نے مقامی طور پر تیار کردہ دفاعی نظام کی مدد سے آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کے اوپر پرواز کرنے والے دشمن کے ایک نگرانی کرنے والے ڈرون کا سراغ لگایا تھای۔

    ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق ملک کے متحدہ فضائی دفاعی نیٹ ورک کی ہدایت پر گضائی دستے نے اسے مار گرایا۔

  12. ’عراق کو بدعنوانی اور ملیشیا سرگرمیوں سے پاک کیا جائے‘: مقتدیٰ الصدر کی ملک گیر اپیل

    عراق

    عراق کے بااثر شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر نے اپنے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ جمعے بغداد کے تحریر سکوائر میں ہونے والی مشترکہ نمازِ جمعہ میں شرکت کریں۔

    سنیچر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں مقتدیٰ الصدر نے کہا کہ اس اجتماع کا مقصد ان کے اصلاحاتی پروگرام کی حمایت اور ملک میں بدعنوانی اور سمگلنگ کے خاتمے کا مطالبہ کرنا ہے۔

    انھوں نے عراق کو ’قبضے، ملیشیا سرگرمیوں اور بدعنوانی‘ سے پاک کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی اور شفاف طرزِ حکمرانی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

    مقتدیٰ الصدر کی یہ اپیل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عراقی حکومت تیل کی سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے۔ تاہم ان اقدامات کو عراقی کردستان کے بعض حکام اور ایران نواز ملیشیا گروپ کتائب حزب اللہ کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔

  13. تین سال میں جنوبی پنجاب میں اتنا کام ہوا جتنا 80 سال میں نہیں ہوا، تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا اعلان: مریم نواز

    MNS

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ گذشتہ تین سال کے دوران جنوبی پنجاب میں اتنے ترقیاتی کام ہوئے جتنے گذشتہ 80 برس میں بھی نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور جنوبی پنجاب کے درمیان ترقیاتی منصوبوں میں کوئی تفریق نہیں کی گئی اور جو سڑکیں لاہور میں تعمیر ہوئیں، ویسی ہی جنوبی پنجاب میں بھی بنائی گئیں۔

    ملتان یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چند سال قبل یہ تصور بھی مشکل تھا کہ ایک خاتون پنجاب کی قیادت کرے گی، تاہم آج صوبے میں سفارشی کلچر اور صنفی تعصب کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔

    وزیرِ اعلیٰ نے خواتین کے خلاف تشدد کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے سندھ میں ایک خاتون پر تشدد کی مبینہ ویڈیو کا حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگوں نے کہا کہ اگر ایسا واقعہ پنجاب میں پیش آتا تو وہ فوری کارروائی کرتیں۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ترغیب نہیں دیتیں، تاہم جہاں شہریوں کو تکلیف پہنچے گی وہاں حکومت ضرور کارروائی کرے گی۔

    دریں اثنا مریم نواز نے تلہ گنگ کا دورہ بھی کیا، جہاں انھوں نے تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دو برسوں میں علاقے میں مزید ترقیاتی کام ہوں گے اور وہ تلہ گنگ کی تقدیر بدلنے کے وعدے کو پورا کریں گی۔

  14. ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں مسلح حملے میں سنی عالمِ دین قتل

    ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر سرباز سے تعلق رکھنے والے سنی عالمِ دین مولوی بشیر صلاح زہی مسلح حملے میں زخمی ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

    سرباز کے گورنر محمد اسلم کریم زئی نے کہا کہ یہ واقعہ سرباز-ایرانشہر شاہراہ پر پیش آیا۔

    سرباز کاؤنٹی کے پولیس کمانڈر نے بھی بتایا کہ ’موٹر سائیکلوں پر سوار دو نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی اور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔‘

    اب تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

    حالیہ مہینوں میں صوبہ سیستان و بلوچستان میں مسلح جھڑپوں اور حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

    صوبہ سیستان و بلوچستان کی سرحدیں پاکستان اور افغانستان سے متصل ہیں اور یہ علاقہ طویل عرصے سے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، جن میں شدت پسند گروہوں کے حملے اور منشیات و دیگر اشیا کی سمگلنگ میں ملوث افراد کے ساتھ جھڑپیں شامل ہیں۔

  15. بغداد کا اعلیٰ سکیورٹی وفد تہران پہنچ گیا، اہم امور پر بات چیت متوقع

    ایران میں عراق کے سفیر نے اعلان کیا ہے کہ عراق کا ایک اعلیٰ سطح کا سکیورٹی وفد تہران کا دورہ کر رہا ہے۔

    یاسر عبد الزہرہ حجاج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں وفد کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا: ’آنے والے چند گھنٹوں میں سب کی نظریں تہران پر ہوں گی، جہاں عراق کا ایک اعلیٰ سطح کا سکیورٹی وفد سٹریٹجک اہمیت اور انتہائی حساس نوعیت کے مسائل پر مذاکرات کر رہا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ مذاکرات کے اہم موضوعات میں ’دہشت گردی اور سمگلنگ کے خلاف جنگ، سرحدی کنٹرول، نیز باہمی دلچسپی کے دیگر امور اور بغداد و تہران کے درمیان سکیورٹی تعاون کے امکانات‘ شامل ہیں۔

    حجاج نے اپنے پیغام میں اس بات پر بھی زور دیا کہ اس ’ملاقات میں ایک سے زیادہ پیغامات پوشیدہ ہو سکتے ہیں۔‘

    اس سے قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے بغداد کو خبردار کیا تھا کہ وہ ’ٹرمپ کے ہاتھوں میں ایک آلہ کار‘ نہ بنے۔

    یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو عراقی وزیرِ اعظم کی ان کوششوں کو سراہا تھا جن کا مقصد ’عراقی تیل کی سمگلنگ روکنا، بدعنوانی کا خاتمہ کرنا اور تمام ہتھیاروں کو مکمل طور پر ریاستی کنٹرول میں لانا‘ ہے۔

  16. یمن میں کشیدگی میں اضافہ: مال بردار جہاز ہائی جیک، سعودی عرب کا حوثیوں کے دو میزائل ناکام بنانے کا دعویٰ

    Yeman

    یمن اور سعودی عرب کے درمیان جاری کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔ ایک جانب یمن کے جنوبی ساحل کے قریب ایک مال بردار جہاز کو مسلح افراد نے ہائی جیک کر لیا ہے، جبکہ دوسری جانب سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گذشتہ دو روز کے دوران ریاض اور ملک کے جنوبی علاقوں کو نشانہ بنانے والے دو حوثی میزائلوں کو تباہ کر دیا ہے۔

    برطانیہ کی سمندری نگرانی کی ایجنسی یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق یمن کے ساحلی شہر بلحاف سے تقریباً 120 کلومیٹر دور ’غیر مجاز افراد‘ ایک مال بردار جہاز پر سوار ہوئے اور اس کا کنٹرول سنبھال لیا۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ہارن آف افریقہ اور خلیج عدن کے اطراف سمندری قزاقی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب سعودی زیر قیادت اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل فضائی دفاعی نظام نے راستے میں ہی تباہ کر دیا۔

    اس سے ایک روز قبل سعودی حکام نے اعلان کیا تھا کہ ریاض کی طرف داغا گیا ایک کروز میزائل بھی مار گرایا گیا ہے۔ حوثیوں سے وابستہ ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ کارروائی سعودی فضائی حملوں کے جواب میں کی گئی۔

    Yeman

    حوثیوں کے زیر انتظام یمنی خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی اتحاد نے دارالحکومت صنعا سمیت مختلف علاقوں میں فضائی حملے کیے ہیں۔ حوثی ٹی وی چینل المسیرہ نے دعویٰ کیا کہ صنعا کے ایک رہائشی علاقے پر حملے میں 13 افراد زخمی ہوئے جبکہ متعدد گھروں اور دکانوں کو نقصان پہنچا۔

    ادھر حوثیوں سے وابستہ یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی افواج نے صنعا سمیت یمن کی نو گورنریوں پر 104 فضائی اور میزائل حملے کیے۔ ان کے مطابق حملوں میں الجوف، تعز، عمران، حجہ، صعدہ، الحدیدہ، لحج، البیضاء اور الضالع کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    یمنی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے تعز، اب اور صنعا میں بجلی گھروں، گیس کی تنصیبات اور ایندھن ذخیرہ کرنے والے مراکز پر بھی حملے کیے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق موچا پاور سٹیشن کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا جبکہ گیس کی ترسیل اور تقسیم سے متعلق تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔

  17. باب المندب سے ہرمز تک: کیا ایران کے اتحادی اہم بحری راستوں پر اثر انداز ہو رہے ہیں؟, بیری سدید، بی بی سی نیوز

    Yeman

    یمن میں حوثی فورسز کی حالیہ پیش قدمی اور باب المندب کے اطراف اہم علاقوں پر ان کے بڑھتے ہوئے کنٹرول نے مشرقِ وسطیٰ کی تزویراتی صورتحال کے بارے میں نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ایک طرف یہ پیش رفت ایران اور اس کے اتحادیوں کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے، تو دوسری جانب یہ بھی واضح نہیں کہ حوثیوں کی بڑھتی ہوئی طاقت مستقبل میں تہران کے لیے مکمل طور پر قابلِ کنٹرول رہے گی یا نہیں۔

    باب المندب پر حوثیوں کا بڑھتا اثر

    حوثی فورسز نے حالیہ مہینوں میں جنوبی یمن میں اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے اور حکومتی افواج کے بعض علاقوں سے انخلا کے بعد انہیں بحیرہ احمر سے متصل ساحلی پٹی پر زیادہ اثر و رسوخ حاصل ہوا ہے۔

    باب المندب دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی تجارت کا ایک بڑا حصہ گزرتا ہے۔ یہ راستہ نہ صرف یورپ اور ایشیا کے درمیان تجارتی رابطوں کے لیے اہم ہے بلکہ خلیجی ممالک کی تیل برآمدات کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

    ایران کا محتاط ردعمل

    اگرچہ ایرانی ذرائع ابلاغ نے حوثیوں کی کامیابیوں کو سراہا ہے، تاہم ایرانی قیادت نے نسبتاً محتاط مؤقف اختیار کیا ہے۔

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے زور دیا ہے کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ جنگ میں شامل نہیں اور حوثیوں کی فوجی کارروائیاں ان کے اپنے فیصلوں کا نتیجہ ہیں۔ تہران مسلسل اس بات کی تردید کرتا رہا ہے کہ وہ حوثیوں کو براہِ راست ہدایات یا عسکری معاونت فراہم کرتا ہے۔

    تہران کو کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟

    مبصرین کے مطابق باب المندب کے قریب حوثیوں کی مضبوط موجودگی ایران کے لیے ایک اہم تزویراتی فائدہ ثابت ہو سکتی ہے۔

    ایران پہلے ہی آبنائے ہرمز میں اثر و رسوخ رکھتا ہے، جبکہ باب المندب پر اس کے قریبی اتحادیوں کی موجودگی سے ایسے خدشات پیدا ہوئے ہیں کہ ’محورِ مزاحمت‘ خطے کے دو اہم بحری راستوں پر بالواسطہ اثر انداز ہونے کی صلاحیت حاصل کر سکتا ہے۔

    اس صورتحال نے سعودی عرب کے لیے بھی مشکلات پیدا کی ہیں، کیونکہ بحیرہ احمر کے راستے تیل برآمد کرنے کا متبادل راستہ سکیورٹی خدشات کے باعث کم پرکشش ہوتا جا رہا ہے۔

    کیا حوثی ایران کے کنٹرول میں ہیں؟

    حوثیوں اور ایران کے تعلقات پر ایک اہم سوال یہ بھی ہے کہ تہران کا اس گروپ پر کتنا اثر و رسوخ ہے۔

    اگرچہ حوثیوں کو ایران کے ’محورِ مزاحمت‘ کا حصہ سمجھا جاتا ہے، لیکن ماضی میں وہ بعض مواقع پر ایرانی مشوروں سے ہٹ کر فیصلے بھی کر چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق حوثی تحریک اب اس حد تک مضبوط ہو چکی ہے کہ وہ اپنے مقامی مفادات اور ترجیحات کو بھی سامنے رکھتی ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب سمیت بعض علاقائی قوتیں اب بھی سمجھتی ہیں کہ ایران حوثیوں پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کی وجہ سے ریاض اور دیگر ممالک نے حالیہ عرصے میں تہران کے ساتھ سفارتی رابطے بڑھائے ہیں۔

    خطے کے لیے اس کے کیا معنی ہیں؟

    حوثیوں کی پیش قدمی سے ایران کو بظاہر ایک اہم تزویراتی فائدہ حاصل ہوتا دکھائی دیتا ہے، تاہم اس کے ساتھ خطرات بھی وابستہ ہیں۔

    اگر حوثیوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی دوبارہ بڑھتی ہے تو تہران کو سفارتی اور علاقائی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اسی طرح اگر حوثی مزید خودمختار ہوتے گئے تو ایران کے لیے ان پر اثر و رسوخ برقرار رکھنا بھی مشکل ہو سکتا ہے۔

    یوں باب المندب کے اطراف حوثیوں کی کامیابیاں بیک وقت ایران کی علاقائی پوزیشن کو مضبوط بھی کر سکتی ہیں اور تہران کے اثر و رسوخ کی حدود کو بھی نمایاں کر سکتی ہیں۔

  18. ’ایک دوسرے کی حکومتیں نہ گرائی جائیں‘: بلاول بھٹو کا سیاسی مفاہمت پر زور

    Bilawal Bhutto

    چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کے بجائے قومی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔

    رحیم یار خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر مسائل کا مقابلہ کریں تو ایسا کوئی مسئلہ نہیں جس کا حل نہ نکالا جا سکے۔

    انھوں نے کہا کہ سیاسی کھینچا تانی کا نقصان بالآخر عوام کو اٹھانا پڑتا ہے، جبکہ انتقامی سیاست عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوامی مسائل کے حل پر توجہ دی جانی چاہیے اور حکومتی معاملات باہمی رضامندی سے آگے بڑھائے جائیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں سیاسی قیادتوں سے غلطیاں ہوئیں، تاہم ان سے سبق بھی سیکھا گیا۔ ان کے مطابق میثاقِ جمہوریت کے بعد سیاسی قوتوں نے ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کی سیاست سے گریز کیا ہے اور اسی روایت کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ایس آئی یو ٹی کا منصوبہ جاری رکھنا ایک مثبت مثال ہے۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں کی تبدیلی کے ساتھ مخالف جماعتوں کے منصوبے بھی بند کر دیے جاتے تھے، تاہم اس بار ایسا نہیں ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے منصوبوں اور حکومتوں کو نقصان پہنچانے کے بجائے تعاون کا راستہ اختیار کریں تو عوام کی بہتر خدمت کی جا سکتی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومتیں گرانے کے بجائے عوامی مفاد کے منصوبوں کے تسلسل کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

  19. پاکستان کے پہلے خلا باز سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی گفتگو: ’400 کلومیٹر بلندی پر قومی پرچم کے ساتھ ملک کی نمائندگی کر رہا ہوں‘

    Pakistan China Zeeshan Ali

    پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن پر موجود پہلے پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کے تاریخی مشن کو پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

    سنیچر کو اسلام آباد میں سپارکو کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ محمد ذیشان علی کی کامیابی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محنت، لگن اور غیر متزلزل عزم نے ذیشان علی کو اس مقام تک پہنچایا اور ان کی کامیابی نوجوان نسل کے لیے ایک مثال ہے۔

    چین کے خلائی سٹیشن سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے کہا کہ ’پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے ایک عظیم اعزاز ہے۔ زمین کے مدار میں 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر کرتے ہوئے اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ وہ نہ صرف پاکستان کے پہلے خلا باز ہیں بلکہ چین کے خلائی سٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے بین الاقوامی خلا باز بھی ہیں۔

    ذیشان علی نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پوری قوم کی نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ چین کے خلائی سٹیشن پر اپنے فرائض اور سائنسی تحقیق کی ذمہ داریاں پوری قوم کی توقعات کے مطابق انجام دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    انھوں نے پاکستانی نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج پاکستان کے بہادر مرد و خواتین زمین، سمندر اور فضا میں ملک کی خدمت کر رہے ہیں جبکہ ایک پاکستانی خلا باز زمین سے 400 کلومیٹر بلندی پر قومی پرچم کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نوجوان تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کو اپنا مقصد بنائیں۔ ’مجھے امید ہے کہ آنے والی نسل کے پاکستانی خلا باز، انجینیئر اور سائنس دان خلا میں مزید آگے جائیں گے اور انسانیت کی بہتری کے لیے کائنات کے مزید راز دریافت کریں گے۔‘

    ذیشان علی نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے حوصلہ افزا کلمات ان کے لیے باعثِ تقویت ہیں اور وہ اپنے چینی ساتھی خلا بازوں کے ساتھ سائنسی تحقیق کے ذریعے پاکستان اور چین کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے علامہ اقبال کے شعر ’محبت مجھے ان جوانوں سے ہے، ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ذیشان علی کا سفر پاکستانی نوجوانوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گا۔

    شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی کو ہمیشہ ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری قرار دیا جاتا رہا ہے، تاہم اب یہ دوستی خلا تک پہنچ چکی ہے۔ انھوں نے مشترکہ خلائی مشن کے لیے چینی قیادت اور خلائی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ چین کے خلائی سٹیشن پر پاکستانی خلا باز کی موجودگی پاکستان اور چین کی دیرینہ تذویراتی شراکت داری کا قابلِ فخر مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج محمد ذیشان علی پر فخر کرتی ہیں اور ان کی کامیابی نوجوانوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔

  20. بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر کروڑوں کا مبینہ فراڈ کرنے والے آٹھ اشتہاری ملزمان گرفتار: ایف آئی اے

    Saqib Sultan

    پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بیرونِ ملک ملازمت اور ورک ویزوں کے نام پر شہریوں سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے بٹورنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آٹھ مختلف مقدمات میں مطلوب تمام آٹھ اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    ایف آئی اے فیصل آباد زون کے مطابق گرفتار افراد پر اٹلی، ملائیشیا، بحرین اور دیگر ممالک میں ملازمت دلوانے کے نام پر شہریوں سے بڑی رقوم وصول کرنے کے الزامات ہیں۔ ادارے کے مطابق مختلف مقدمات میں متاثرہ شہریوں سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 82 لاکھ 32 ہزار روپے سے زیادہ رقم وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایک مقدمے میں ملزم پر بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر 14 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کرنے کا الزام ہے، جبکہ ایک اور مقدمے میں اٹلی کا ویزا دلوانے کے نام پر 18 لاکھ روپے ایڈوانس لینے کا مقدمہ درج ہے۔ حکام کے مطابق اس معاملے میں مجموعی طور پر 60 لاکھ روپے کا معاہدہ طے پایا تھا۔

    ایف آئی اے

    ادارے کے مطابق ایک مقدمے میں تین ملزمان پر ملائیشیا بھجوانے کے نام پر شہریوں اور ان کے ساتھیوں سے 74 لاکھ روپے وصول کرنے کا الزام ہے، جبکہ بحرین میں ملازمت دلوانے کے نام پر درج دو مقدمات میں بھی لاکھوں روپے کے فراڈ کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایک مقدمے میں بیرونِ ملک ملازمت کا وعدہ کر کے 17 لاکھ 52 ہزار روپے وصول کیے گئے، تاہم متاثرہ افراد کو مبینہ طور پر بیرونِ ملک نہیں بھجوایا گیا۔ اسی طرح لیبیا سے ڈی پورٹ کیے جانے والے ایک شہری کو غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے کے معاملے میں بھی متعدد ایجنٹوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے فیصل آباد زون فریال خان کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون ثاقب سلطان ثاقب کی ہدایت پر انسانی سمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور ویزا فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ان کے مطابق بیرونِ ملک ملازمت کے جھوٹے وعدوں کے ذریعے شہریوں کو دھوکا دینے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔