جلالپور پیروالہ میں پریشانی کے عالم میں لوگ سامان لے کر نکل رہے ہیں، حکومت ریسکیو آپریشن تیز کرے: مقامی شہری کی اپیل

جلالپور پیروالہ میں اس وقت سیلابی ریلے کے خطرے کے پیش نظر شہریوں نے انخلا کا عمل شروع کیا ہوا ہے۔
جلالپور پیروالہ سے ایک شہری محمد عباس ایڈوکیٹ نے بی بی سی کو بھیجے گئے ویڈیو پیغام میں شہر کی صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔
انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’ہم اس وقت جلالپور پیر والہ کے فوارہ چوک کے بازارکے میڈیکل سٹور آئے ہوئے ہیں اور دوائیں لے رہے ہیں۔ بہت سے لوگ اس وقت راشن وغیرہ لے رہے ہیں تاکہ سیلاب کی صورتحال میں اپنا اپنا انتظام کر سکیں۔‘
یاد رہے کہ پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملتان کے علاقے جلالپور پیروالا میں انتہائی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔
محمد عباس کے مطابق ’اس وقت اتنا رش ہے لوگ سامان لے کر جا رہے ہیں کوئی کہاں جا رہا ہے کوئی کہیں نکل رہا ہے۔ ہر طرف پریشانی کا عالم ہے۔ ‘

،تصویر کا ذریعہScreenGrab
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بھی اعلانات ہو رہے ہیں کہ تمام شہری محفوظ مقام پر پہنچیں کیونکہ پورے شہر کو سیلاب سے خطرہ ہے۔
انھوں نے حکومت سے اپییل کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت سے بھی درخواست ہے کہ وہ جلال پور پیروالہ میں امدادی کام تیز کرے اور فوج بھی بھیجے تاکہ زیادہ سے زیادہ ریسکیو آپریشن کیا جا سکے اور خطرے سے نمٹا جا سکے۔‘





















