لائیو, مسلسل ساتویں رات بھی امریکی حملوں کے بعد ایران کا امن کی مکمل بحالی تک جوابی کارروائیاں جاری رکھنے کا عندیہ

امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کی افواج کی جانب سے جمعے کو مسلسل ساتویں رات ایران پر حملوں کا جو سلسلہ شروع کیا تھا اُسے مکمل کر لیا گیا ہے۔ اسی دوران ایرانی فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل مجید موسوی کے مطابق ’دشمن‘ کے خلاف ایران کے حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک ملک کے جنوبی ساحلی علاقوں اور آبنائے ہرمز میں دوبارہ امن بحال نہیں ہو جاتا۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. امریکی فوج کا ایران پر مسلسل ساتویں شب ہونے والے حملوں کے اختتام کا اعلان

    CENTCOM

    ،تصویر کا ذریعہCENTCOM

    امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ ’17 جولائی کو رات کے وقت ایران کے خلاف مسلسل ساتویں رات ہونے والی فضائی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔‘

    اس سے قبل جمعے کی شب امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا تھا کہ ’اس کی افواج نے ایران پر حملوں کا ایک نیا دور شروع کیا ہے۔‘ سینٹ کام نے ایکس پر ایک پیغام میں کہا تھا کہ ’یہ امریکی حملوں کی مسلسل ساتویں رات ہے۔‘

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق ’کارروائیوں کے دوران نگرانی کے مراکز، فوجی لاجسٹک انفراسٹرکچر، زیرِ زمین اسلحہ گوداموں اور بحری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔‘

    بیان میں کہا گیا کہ ’ان حملوں میں لڑاکا طیاروں، ڈرونز، جنگی بحری جہازوں اور دیگر فوجی وسائل کا استعمال کیا گیا۔‘

    سینٹکام نے مزید کہا کہ ’صدر کے احکامات کے مطابق ایران کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرانے کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ایرانی بندرگاہوں پر بحری ناکہ بندی پر بھی مکمل طور پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔‘

    بیان کے مطابق اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں 50 ہزار سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں، جو ہر وقت جنگی کارروائی کے لیے تیار اور مکمل طور پر آپریشنل ہیں۔

  2. ایران کے جوابی حملے جنوبی ساحلی علاقوں میں امن کی بحالی تک جاری رہیں گے: ایرانی فوج

    Tasnim

    ،تصویر کا ذریعہTasnim

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل مجید موسوی نے کہا ہے کہ ’دشمن کے خلاف ایران کے حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک ملک کے جنوبی ساحلی علاقوں اور آبنائے ہرمز میں دوبارہ امن بحال نہیں ہو جاتا۔‘

    ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق بریگیڈیئر جنرل موسوی نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ ’پورا ایران اس وقت ایک ساتھ دشمن کے خلاف کھڑا ہے۔ تہران سے لے کر جنوب تک ملک کا ہر حصہ یکساں اہمیت رکھتا ہے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’ایران کے مختلف علاقوں سے دشمن کے خلاف ہمارے مؤثر اور انتہائی درست حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک جنوبی ساحلی پٹی اور آبنائے ہرمز میں سکون بحال نہیں ہو جاتا۔‘

    ایرانی خبر رساں ادارے پر یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب پاسدارانِ انقلاب نے ’آپریشن نصر 2‘ کے پندرہویں مرحلے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس کی ایرو سپیس فورس نے قطر میں واقع امریکی العدید ایئر بیس پر بھرپور جوابی حملہ کیا ہے۔‘

    پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اس کارروائی میں ایک طویل فاصلے تک نگرانی کرنے والا ریڈار سسٹم، امریکی فضائی ایندھن بردار متعدد طیارے اور دیگر سٹریٹجک فوجی اثاثے بڑے پیمانی پر نقصان کا شکار ہوئے۔‘

    ایرانی فورس نے خبردار کیا ہے کہ ’اگر ایرانی شہریوں یا بنیادی ڈھانچے پر مزید حملے کیے گئے تو اس کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔‘

  3. ایرانی میزائلوں اور ڈرونز نے متعدد فوجی مراکز اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا: کویتی فوج

    کویت کی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’سنیچر کی صبح سے ملکی فضائی حدود میں داخل ہونے والے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو سراغ لگانے کے بعد فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔‘

    ترجمان کے مطابق ’ایرانی حملوں کے دوران کویتی فوج کے کئی مراکز اور فوجی کیمپ ڈرون حملوں کا نشانہ بھی بنے، جس کے نتیجے میں زمینی افواج کے متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔‘

    انھوں نے بتایا کہ ’تمام زخمیوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔‘

    کویتی فوج نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’ایک بجلی گھر اور سمندری پانی کو پینے کے قابل بنانے کے پلانٹ یعنی ’ڈی سیلینیشن پلانٹ‘ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے اس کے ایک اہم حصے میں آگ بھڑک اٹھی اور بعض حصوں اور بجلی پیدا کرنے والے یونٹس کو بھی نقصان پہنچا۔‘

    بیان کے مطابق میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ کویت کے مختلف علاقوں میں گرا، جس سے مالی نقصان ہوا ہے تاہم ان واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

  4. ایران نے سعودی عرب میں امریکی اڈے پر بیلسٹک میزائل داغ دیا، امریکی عہدیدار کا دعویٰ: ایگزیوس

    امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے ایک سینئر امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ’ایران نے سعودی عرب میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے پر بیلسٹک میزائل داغا ہے۔‘

    بی بی سی فارسی نے ایگزیوس کی اس رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ ’اگر اس دعوے کی تصدیق ہو جاتے ہے تو یہ تقریباً چار ماہ کے دوران سعودی عرب پر ایران کا پہلا براہِ راست حملہ ہوگا۔‘

    اس سے قبل سنیچر کی صبح سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے الخَرج اور ینبع کے شہروں کے لیے ’ممکنہ خطرے‘ کا انتباہ جاری کیا تھا، تاہم بعد ازاں دونوں علاقوں میں خطرہ ختم ہونے کا اعلان کر دیا گیا۔

    فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا یہ انتباہ میزائل حملے سے براہِ راست متعلق تھا یا نہیں۔

    تاحال امریکی فوجی اڈے کے درست مقام، میزائل کی صورتحال یا ممکنہ نقصان کے بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی، جبکہ ایران اور سعودی عرب کے حکام نے بھی اس دعوے پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

  5. امریکی فوج کی معاونت سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کرنے والے چار جہاز روک دیا گیا: پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’امریکی فوج کی معاونت اور رہنمائی میں آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے چار جہازوں کو میزائل اور ڈرون کارروائی کے دوران روک دیا گیا ہے۔‘

    بی بی سی فارسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا اپنے بیان میں مزید کہنا ہے ’فورس نے جہازوں کے مالکان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس اس علاقے سے گُزرنے کے حوالے سے پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے دی گئی ہدایات پر اور اس حوالے سے ہونے والے اعلان کی پابندی کریں۔‘

    تاہم جہازوں کی شناخت، عملے کی صورتحال یا انھیں کس طریقے سے روکا گیا، اس بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

  6. امریکی حملوں میں صرف ایرانی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا: وائٹ ہاؤس

    ایران کے پلوں اور دیگر شہری انفراسٹرکچر پر حملوں کے حوالے سے ’جنگی جرم‘ کے خدشات پر ردِعمل دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امریکی فوج نے صرف فوجی اہداف، جن میں عسکری لاجسٹک انفراسٹرکچر بھی شامل ہے کو نشانہ بنایا ہے۔‘

    وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی نے کہا کہ ’ایران نے آبنائے ہرمز میں زیادہ تر شہری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے اور ایسے ہمسایہ ممالک پر بھی حملے کیے ہیں جن کا اس تنازع سے کوئی تعلق نہیں۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی سینٹرل کمانڈ کو ہدایت دی ہے کہ ایران کی حملے کرنے کی صلاحیت کو محدود کیا جائے اور ایرانی حکومت کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔‘

  7. بریکنگ, ایران پر امریکی حملوں کا سلسلہ مسلسل ساتویں شب بھی جاری

    امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کی افواج نے جمعے کو ایران پر حملوں کا ایک نیا دور شروع کیا ہے۔

    سینٹ کام نے ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ یہ امریکی حملوں کی یہ مسلسل ساتویں رات ہے۔

    امریکی فوجی حکام کے مطابق ان حملوں کا مقصد، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر ایران کی فوجی صلاحیتوں کو کمزور کرنے کا عمل جاری رکھنا ہے۔

    امریکہ کے تازہ حملوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

    اس سے قبل ایرانی وزارتِ صحت کے حکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا تھا کہ 16 جولائی کو صبح ساڑھے چھ بجے تک امریکی حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 400 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اس دوران 38 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    ادھر ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی بحریہ نے آپریشن لائٹننگ کے 13ویں مرحلے میں شمالی بحرہند میں ایک امریکی بحری جہاز کو ساحل سے ساحل تک مار کرنے والے کروز میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے کی وجہ سے مذکورہ بحری جہاز ایرانی فورسز کے آپریشنل علاقے سے ہٹ گیا۔

    ابھی تک امریکی حکام نے اس دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے اور ممکنہ نقصان کی کوئی تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئی ہیں۔

  8. بریکنگ, امریکی حملے میں ہرمزگان کا پل بھی نشانہ بنا

    ایران کی جانب سے امریکہ پر جمعرات کی شب کیے گئے حملوں میں متعدد پلوں، ریلوے سٹیشن اور ایک ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا گیا۔ بی بی سی ویریفائی نے ایرانی صوبہ ہرمزگان میں ایک پل پر حملے کی تصدیق کی ہے۔

  9. ایرانی مسلح افواج کسی بھی وقت امریکی بحری افواج کے خلاف کارروائی کر سکتی ہیں: پاسدارانِ انقلاب کی دھمکی

    CENTCOM

    ،تصویر کا ذریعہCENTCOM

    ،تصویر کا کیپشن(فائل فوٹو)

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی بحریہ نے ایک امریکی بحری جہاز کی تصویر جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج کی ’نقل و حرکت اور ساز و سامان‘ اسلامی جمہوریہ ایران کی بحری یونٹس کی نگرانی میں ہیں۔

    مختصر بیان میں کہا گیا: ’ایرانی مسلح افواج کسی بھی وقت امریکی بحری افواج کے خلاف کارروائی کر سکتی ہیں۔‘

    جاری کی گئی تصویر کے کیپشن میں لکھا گیا: ’بحیرۂ عرب میں ایک امریکی ہیلی کاپٹر بردار جہاز کو ایندھن بھرتے ہوئے دیکھا گیا۔‘

    اس سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل آئی آر جی سی کی ایرو سپیس فورس کے کمانڈر، میجر جنرل مجید موسوی نے بھی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا: ’ایران بھر سے دشمن پر ہمارے حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک جنوبی ساحلی علاقوں اور آبنائے ہرمز میں دوبارہ سکون بحال نہیں ہو جاتا۔‘

  10. امریکی حملوں میں مزید آٹھ افراد ہلاک اور 19 زخمی، امریکہ کی شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی تردید

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ایران کے صوبہ ہرمزگان کے گورنر کے دفتر کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شب سے ہونے والے امریکی حملوں میں آٹھ افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔

    اس سے قبل ایران کی وزارتِ صحت نے اعلان کیا تھا کہ جولائی میں امریکی حملوں میں 38 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    ایرانی وزارتِ صحت کے حکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ 16 جولائی کو صبح ساڑھے چھ بجے تک امریکی حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 400 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اس دوران 38 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    ان کے مطابق زخمیوں میں 22 خواتین اور 18 برس سے کم عمر کے نو بچے شامل ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں میں بھی ایک 18 برس سے کم عمر نوجوان شامل ہے۔

    حکام کے مطابق 47 افراد اب بھی ایران کے مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

    ایران پر امریکی حملوں کا نیا سلسلہ چھ جولائی کو آبنائے ہرمز میں متعدد جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں شروع ہوا تھا۔ اس کے بعد سے ایران جوابی حملے کر رہا ہے، جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ ان کا ہدف خطے میں امریکی مفادات اور اڈے ہیں۔

    ایران کے سرکاری میڈیا اور صوبائی حکام نے بتایا کہ جمعرات کی شب حملوں سے کئی پل، ایک ٹرین سٹیشن اور ایک ہوائی اڈہ متاثر ہوا۔ بی بی سی ویریفائی نے صوبہ ہرمزگان میں ایک پل پر حملے کی تصدیق کی ہے۔

    تاہم امریکہ نے ایرانی الزامات کی تردید کی ہے کہ اس نے امن مذاکرات کے خاتمے کے بعد فضائی حملوں کی تازہ ترین لہر میں شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ امریکہ نے فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں جن میں فوجی لاجسٹک انفراسٹرکچر بھی شامل تھا۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہوئی ہے تاکہ تہران کو 28 فروری کو امریکی-اسرائیلی حملوں سے شروع ہونے والی جنگ کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات پر واپس آنے پر مجبور کیا جا سکے۔

    بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں یا شہری علاقوں پر حملہ کرنا غیر قانونی ہے۔ تاہم بعض حالات میں، شہری انفراسٹرکچر جیسے پل یا پاور پلانٹ اگر جنگی سرگرمیوں میں مدد کے لیے استعمال کیے جائیں تو وہ نشانہ بنائے جاتے رہے ہیں۔

  11. ایرانی ڈرون حملے میں کئی فوجی زخمی ہوئے ہیں: کویت

    کویت کا کہنا ہے کہ ایرانی ڈرون حملے کے نتیجے میں اس کے کئی فوجی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

    اس سے قبل کویت کی وزارتِ بجلی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ایران کی جانب سے بجلی پیدا کرنے والے ایک پلانٹ اور سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے کی ایک تنصیب کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں تنصیبات میں آگ لگ گئی اور کئی پیداواری یونٹ بند ہو گئے۔

    یاد رہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے ایک اور بیان میں ’آپریشن نصر 2 کی 15ویں لہر‘ میں کویت میں امریکی افواج پر حملے کا دعویٰ کیا تھا۔

  12. ایرانی حملے تب تک جاری رہیں گے جب تک ’جنوبی ساحلی پٹی اور آبنائے ہرمز میں امن بحال نہیں ہو جاتا‘: پاسدارانِ انقلاب

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کے کمانڈر نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک ’جنوبی ساحلی پٹی اور آبنائے ہرمز میں امن بحال نہیں ہو جاتا۔‘

    بی بی سی فارسی کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں مجید موسوی نے ایرانی حملوں کو ’مؤثر اور ہدفی کارروائیاں‘ قرار دیا ہے۔

    اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ گذشتہ رات ہونے والے امریکی حملوں کے جواب میں اس نے عمان، کویت، اردن، قطر اور شام میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔

    یاد رہے کہ ایران پر امریکی حملوں کا نیا سلسلہ چھ جولائی کو آبنائے ہرمز میں متعدد جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں شروع ہوا تھا۔ اس کے بعد سے ایران جوابی حملے کر رہا ہے، جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ ان کا ہدف خطے میں امریکی مفادات اور اڈے ہیں۔

  13. اسحاق ڈار کی شنگھائی میں چینی وزیرِ خارجہ سے ملاقات، امریکہ اور ایران سے حملے روکنے کا مطالبہ

    اسحاق ڈار

    ،تصویر کا ذریعہx/SpoxCHN_MaoNing

    پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی چین کے شہر شنگھائی میں چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای سے ملاقات ہوئی ہے۔

    چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے ایران کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر کارروائیاں بند کریں، مشکلات پر قابو پائیں، رکاوٹیں دور کر کے مذاکرات کا دوبارہ آغاز کریں۔

    بیان میں امریکہ اور ایران بات چیت کے ذریعے ایک جامع امن معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کریں۔

    چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین نے بین الاقوامی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ ان کوششوں کی مسلسل حمایت جاری رکھے۔

  14. 24 گھنٹوں کے دوران بنوں اور ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 24 شدت پسند ہلاک: آئی ایس پی آر

    پاکستانی فوج

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں پولیس کے خلاف شدت پسندانہ سرگرمیوں میں اضافے اور ضلع بنوں میں گاڑی کے ذریعے خودکش بم حملے کے پس منظر میں سکیورٹی فورسز نے ان حملوں میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے وسیع پیمانے پر مشترکہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں شروع کی ہیں۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے ایکس پر جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع بنوں اور ملحقہ علاقوں میں شدید فائرنگ کے تبادلوں میں 24 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

    بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے شدت پسند دہشتگردانہ سرگرمیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’علاقے میں کارروائیاں جاری رہیں گی اور ان گھناؤنے اور بزدلانہ اقدامات کے مرتکب عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘

  15. پاسدارانِ انقلاب کا قطر کے العدید ایئر بیس پر حملے کا دعویٰ

    امریکی فوج

    ،تصویر کا ذریعہU.S. Air Forces Central Command

    ،تصویر کا کیپشنپاسدارانِ انقلاب نے قطر کے العدید ایئر بیس پر حملے میں امریکی فضائیہ کے کئی سٹریٹجک ایندھن بردار طیارے مکمل طور پر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ فائل فوٹو۔

    ایران کے پاسداران انقلاب نے قطر پر ایک بڑے حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

    ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اس کی فورسز نے قطر کے العدید ایئر بیس پر ایک بڑا حملہ کر کے طویل فاصلے تک نگرانی کرنے والے ایک ریڈار نظام اور امریکی فضائیہ کے کئی سٹریٹجک ایندھن بردار طیارے مکمل طور پر تباہ کر دیے ہیں جبکہ کئی دیگر کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

    اس سے قبل پاسداران انقلاب نے عمان میں دو امریکی ریڈار مراکز کو تباہ کرنے اور اردن میں امریکی جنگی طیاروں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

  16. شامی فوج کی التنف اڈے پر ایرانی حملے کی تردید

    ایرانی میزائل

    ،تصویر کا ذریعہAnadolu Agency via Getty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    شامی فوج کے ایک اہلکار نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے التنف اڈے پر حملوں کی تردید کی ہے۔

    نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے شامی فوجی ذریعے نے کہا کہ ’ہم التنف کے علاقے کو نشانہ بنانے والی کسی بھی ایرانی بمباری کی تردید کرتے ہیں۔‘

    اس سے قبل ایران کی پاسداران انقلاب فورس نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے شام کے علاقے التنف میں امریکی افواج کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا ہے۔

    اعلان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں، پاسدارانِ انقلاب کی فضائی افواج نے ایران شہر میں فوجیوں کی ہلاکت کے جواب میں ’شام کے التنف علاقے میں امریکی سپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا، جس میں ایک ریڈار سسٹم، کئی خصوصی ہیلی کاپٹروں اور متعدد امریکی افواج کو نشانہ بنایا۔‘

  17. ایرانی حملوں میں سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے کے پلانٹ اور بجلی گھر کو نقصان پہنچا ہے: کویت

    کویت کا کہنا ہے کہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے کے پلانٹ اور ایک بجلی گھر کو نقصان پہنچا ہے۔

    کویت کی وزارتِ بجلی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بجلی پیدا کرنے والے ایک پلانٹ اور سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے کی ایک تنصیب کو ایرانی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں تنصیبات میں آگ لگ گئی اور کئی پیداواری یونٹ بند ہو گئے۔

    اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

    وزارت بجلی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ’اس خصوصی دورانیے میں اپنی بجلی کے استعمال کو منظم کریں اور بجلی کی بچت کریں۔‘

  18. پاسدارانِ انقلاب کا اردن میں امریکی جنگی طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اس نے جمعرات کی رات ہونے والے امریکی حملوں کے جواب میں اردن میں امریکی جنگی طیاروں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کی فورسز نے ’آپریشن نصر 2 کی 14ویں لہر میں... اردن میں تعینات امریکی لڑاکا طیاروں اور ایندھن بردار ٹینکرز کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے دو مرحلوں میں نشانہ بنایا۔‘

    بیان کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں کئی امریکی ٹینکرز اور لڑاکا طیارے تباہ ہو گئے جبکہ بڑی تعداد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب نے امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے گذشتہ رات ’اردن میں اپنے اڈوں کو ایک بڑے جنگی جرم کے ارتکاب کے لیے استعمال کرتے ہوئے شہری اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں جنوبی ایران کے شہر بندر عباس میں کئی پل، رہائشی علاقے اور پانی پمپ کرنے کا ایک مرکز شامل ہیں۔‘

    اس بیان کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے ایک اور بیان میں ’آپریشن نصر 2 کی 15ویں لہر‘ میں کویت میں امریکی افواج پر حملے کا اعلان کیا ہے۔

    اعلان میں کہا گیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کی فورسز نے ’جوابی کارروائی کے تسلسل اور گذشتہ رات کے جنگی جرائم کے جواب میں... کویت میں ہائمارس پلیٹ فارم اور میزائلوں کو تباہ کرنے کے علاوہ، ڈرون اور میزائل حملوں کی کارروائی کے دوران کئی ایسے مقامات کو بھی تباہ کیا جہاں امریکی اور اسرائیلی کرائے کے جنگجو اور مخالفِ انقلاب عناصر تعینات تھے۔‘

    اس بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے واضح نہیں کیا کہ ’مخالفِ انقلاب‘ سے اس کی مراد کیا ہے۔

  19. جولائی میں امریکی حملوں میں 38 افراد ہلاک، 400 سے زائد زخمی: ایرانی وزارت صحت

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ایران کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ جولائی میں امریکی حملوں میں 38 افراد ہلاک جبکہ 400 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

    ایرانی وزارتِ صحت کے حکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ 16 جولائی کو صبح ساڑھے چھ بجے تک امریکی حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 400 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اس دوران 38 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    ان کے مطابق زخمیوں میں 22 خواتین اور 18 برس سے کم عمر کے نو بچے شامل ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں میں بھی ایک 18 برس سے کم عمر نوجوان شامل ہے۔

    حکام کے مطابق 47 افراد اب بھی ایران کے مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

  20. پاسداران انقلاب کا عمان میں دو امریکی ریڈار مراکز کو تباہ کرنے دعویٰ:’جوابی کارروائیاں بھرپور طاقت کے ساتھ جاری رہیں گی‘

    پاسداران انقلاب نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے عمان میں دو امریکی ریڈار مراکز کو تباہ کر دیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے آج علی الصبح صلالہ میں بحری کنٹرول ریڈار اور عمان کے علاقے غنم میں واقع امریکی فضائی کنٹرول ریڈار کو تباہ کر دیا ہے۔

    اعلامیے میں زور دیا گیا ہے کہ ایران کی (دشمن کے خلاف) جوابی کارروائیاں طاقت کے ساتھ جاری رہیں گی اور آبنائے ہرمز پاسداران انقلاب نیوی کے کنٹرول میں رہے گا۔‘