دبئی میں کھیلے جا رہے چیمیئنز ٹرافی کے اہم میچ میں پاکستان روایتی حریف
انڈیا کے خلاف ناقص بیٹنگ کے باعث بڑا سکور کرنے میں ناکام رہا ہے۔
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 49.4 اوورز میں 241 رنز بنائے ہیں اور انڈیا کو
جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز پر اعتماد طریقے سے نہیں کیا اور پہلے پاور پلے
میں نویں اوور میں ہاردک پانڈیا بابر اعظم کو 23 رنز پر آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے
تھے۔
اس کے بعد اگلے ہی اوور میں امام الحق بھی ایک غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں
47 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان محمد رضوان اور سعود شکیل نے محتاط مگر
انتہائی سست بیٹنگ کرتے ہوئے سکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔
محمد رضوان 46 کی انفرادی سکور پر اکشر پٹیل کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔
ان کے بعد سیٹ بیٹسمین سعود شکیل بھی اگلے ہی اوور میں ہاردک پانڈیا کا شکار
بن گئے انھوں نے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔
تاہم ان کے بعد کوئی بلے باز بھی وکٹ پر کھڑا نہیں ہو سکا اور غیر ذمہ دارانہ
انداز اپناتے ہوئے وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔
طیب طاہر کے بعد سلمان آغا بھی تیز کھیلنے کی کوشش میں
ایک غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے ہیں۔ ان کے بعد آنے والے شاہین
آفریدی بھی پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
پاکستان
کا مڈل آرڈر بھی اوپنرز کی طرح کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں رہا ہے۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ بھی 222 رنز پر گر گئی جب نسیم شاہ نے کیچ آوٹ ہو کر پویلین
کی راہ لی۔ انھوں نے 16 گیندوں پر 14 رنز بنائے اور کلدیپ کی گیند پر وراٹ کوہلی
کو اپنا کیچ پکڑوا بیٹھے۔
اسی طرح حارث رؤف آؤٹ ہونے والے نویں کھلاڑی تھے جو 241 رنز پر رن آؤٹ ہوئے
اور آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی خوشدل شاہ تھے۔
انڈیا کی جانب سے سب سے کامیاب بولر کلدیپ یادیو رہے جنھوں نے نو اوورز میں 40
رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔