ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاکت کی تحقیقات شروع، ایران کے نئے صدر کا انتخاب آٹھ جولائی کو

ایران میں حکام نے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرِ خارجہ حسین امیر سمیت نو افراد کی ہلاکت کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابراہیم رئیسی 19 مئی کو ایرانی صوبے مشرقی آذربائیجان کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے تھے۔

خلاصہ

  • ابراہیم رئیسی ایران کے صوبہ مشرقی آذربائیجان کے پہاڑی علاقے میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہوئے۔ وہ آذربائیجان کی سرحد پر ایک ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپسی پر تبریز جا رہے تھے۔
  • اس حادثے میں ابراہیم رئیسی کے علاوہ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور عملے سمیت سات دیگر افراد بھی مارے گئے۔
  • ایرانی حکام کے مطابق حادثہ بظاہر شدید دھند اور خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا تاہم ایران کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری نے اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
  • ابراہیم رئیسی کی ہلاکت پر ایران میں پانچ روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ہمسایہ ملک پاکستان میں بھی ایک دن کا سرکاری سوگ منایا گیا ہے۔
  • ایران کے رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ اے نے ملک کے اول نائب صدر محمد مخبر کو دو ماہ کے لیے قائم مقام صدر جبکہ نائب وزیر خارجہ علی باقری کنی کو عبوری وزیر خارجہ مقرر کر دیا ہے۔
  • ملک میں نئے صدارتی انتخاب کے لیے آٹھ جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

لائیو کوریج

  1. ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاکت: اب تک ہم کیا جانتے ہیں

    ابراہیم رئیسی کی ہلاکت

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاکت پر بی بی سی اردو کی خصوصی کوریج اختتام پذیر ہوئی۔ اس حادثے اور اس کے ایران کے سیاسی منظر نامے پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں مزید جاننے کے لیے بی بی سی اردو کی ویب سائٹ پر جائیں۔

    اب تک ہم کیا جانتے ہیں:

    • ابراہیم رئیسی ایران کے صوبہ مشرقی آذربائیجان کے پہاڑی علاقے میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہوئے۔ وہ آذربائیجان کی سرحد پر ایک ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپسی پر تبریز جا رہے تھے۔
    • اس حادثے میں ابراہیم رئیسی کے علاوہ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور عملے سمیت سات دیگر افراد بھی مارے گئے۔
    • ایرانی حکام کے مطابق حادثہ بظاہر شدید دھند اور خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا تاہم ایران کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری نے اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
    • ابراہیم رئیسی کی ہلاکت پر ایران میں پانچ روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ہمسایہ ملک پاکستان میں بھی ایک دن کا سرکاری سوگ منایا گیا ہے۔
    • ایران کے رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ اے نے ملک کے اول نائب صدر محمد مخبر کو دو ماہ کے لیے قائم مقام صدر جبکہ نائب وزیر خارجہ علی باقری کنی کو عبوری وزیر خارجہ مقرر کر دیا ہے۔
    • ملک میں نئے صدارتی انتخاب کے لیے آٹھ جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
  2. ابراہیم رئیسی کی ہلاکت پر عالمی رہنماؤں کی تعزیت کا سلسلہ جاری

    عالمی ردعمل

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر حکومتی شخصیات کی موت پر آج ملک بھر میں سوگ کا اعلان کیا ہے۔ ملک بھر میں سوگ کے اظہار کے لیے قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔

    روسی صدر ولادیمیر پوتن نے رئیسی کو ’روس کا سچا دوست‘ قرار دیتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا، جب کہ چین نے ان کی موت کو ’ایرانی عوام کے لیے بہت بڑا نقصان‘ قرار دیا۔

    امریکہ نے شمال مغربی ایران میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے وفد کے دیگر ارکان کی موت پر سرکاری طور پر تعزیت کی ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’یو این ایس جی انتونیو گوتریس نے ابراہیم رئیسی، حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ساتھیوں کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔‘

    فرانس کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

    یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریلنے ہیلی کاپٹر حادثے میں رئیسی اور دیگر ایرانی عہدیداروں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔

    بین الاقوامی جوہری توانائی کے ادارے کے ڈائریکٹر رافیل گروسینے ویانا میں ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کے دوران ایرانی صدر رئیسی کی ہلاکت کی خبر سامنے آنے کے چند ہی لمحات کے بعد ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

    پولینڈ کے صدر آندریج دودانے کہا کہ انھیں ایران کے صدر کی المناک موت کی خبر سن کر انتہائی افسوس ہوا۔

    نیٹو کے ترجمان نے ایکس پر فارسی زبان میں ایک پوسٹ میں رئیسی اور امیر عبداللہیان کی ہلاکت پر ایرانی قوم سے تعزیت کی۔

  3. ابراہیم رئیسی کی موت ایران کے سیاسی منظرنامے پر کیا اثرات مرتب کرے گی؟

  4. ترکی کے ڈرون نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ کیسے تلاش کیا؟

    ڈرون

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    یہ ترکی کا بیراکتر اکنسی ڈرون تھا جس نے کئی گھنٹے کی تلاش کے بعد پیر کی صبح ایران کے شمال مغرب میں ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے ملبے کی نشاندہی کی۔ یہ ڈرون 40 ہزار فٹ کی بلندی تک پرواز کی صلاحیت موجود ہے۔

  5. ایران نے ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات شروع کر دیں

    ہیلی کاپٹر حادثہ

    ،تصویر کا ذریعہMOJ NEWS/EPA-EFE/REX/SHUTTERSTOCK

    ایران کی جانب سے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق بریگیڈیئر علی عبداللہ کی سربراہی میں تحقیقاتی وفد جائے حادثہ پر روانہ ہو گیا ہے۔

    ارنا کے مطابق تحقیقات کے نتائج کا اعلان مشن مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ ایرانی صدر رئیسی اتوار کے روز آذربائیجان سے متصل ایران کی سرحد پر ایک ڈیم کھولنے کی تقریب سے واپس آ رہے تھے جب ان کا ہیلی کاپٹر شمال مغربی ایران کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔

    ہیلی کاپٹر میں صدر رئیسی کے ساتھ وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور دیگر اعلیٰ صوبائی حکام بھی موجود تھے۔

  6. ایران نے امریکہ سے مدد مانگی مگر ہم مدد نہیں کر سکتے تھے: ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ

    امریکہ نے شمال مغربی ایران میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے وفد کے دیگر ارکان کی موت پر سرکاری طور پر تعزیت کی ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کی جانب سے جاری کردہ تعزیتی بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس حادثے کے بعد ایرانی حکومت نے تلاش کے عمل میں مدد کی درخواست کی تھی اور امریکا نے بھی اپنی تیاری کا اظہار کیا تھا لیکن لاجسٹک وجوہات کی بنا پر مدد فراہم نہیں کی جا سکی۔

    میتھیو ملر نے کہا: ’ایرانی حکومت نے ہم سے مدد کی درخواست کی اور ہم نے انہیں سمجھایا کہ ایسی صورت حال میں کسی غیرملکی حکومت کی درخواست کے جواب میں ہم ایران کی بھی مدد کریں گے، لیکن ہم لاجسٹک مسائل کی وجہ سے ایسا نہیں کر سکے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ایران اپنے نئے صدر کا انتخاب کرنے جا رہا ہے اور امریکہ ایرانی عوام کی انسانی حقوق اور بنیادی حقوق کی آزادی کی جدوجہد کے لیے حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

  7. ایرانی صدر کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت پر پاکستان میں آج قومی سوگ کا اعلان

    ایران کے صدر ابراہیم رئیسی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    وزیر اعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر حکومتی شخصیات کی موت پر آج ملک بھر میں سوگ کا اعلان کیا ہے۔

    خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق منگل کے روز ملک بھر میں سوگ کے اظہار کے لیے قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔

    کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر ایرانی حکام کی موت پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

    واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ امیر عبداللہیان اور دیگر افراد کے ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو نے کی تصدیق سوموار کو کی گئی تھی۔

    ایرانی حکام کے مطابق یہ حادثہ اتوار کو صوبہ مشرقی آذربائیجان کے علاقے جلفا میں اس وقت پیش آیا تھا جب صدر رئیسی آذربائیجان اور ایران کی سرحد پرایک ڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد تبریز واپس جا رہے تھے۔

  8. اب تک کی خبروں کا خلاصہ

    • ابراہیم رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ ہیلی کاپٹر آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپسی کے بعد تبریز شہر کی جانب جا رہا تھا۔
    • حادثے میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ساتھ سفر کرنے والے چھ افراد ہلاک ہو گئے۔
    • حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
    • صدر ابراہیم رئیسی اور ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے دیگر افراد کی آخری رسومات کل تبریز میں مقامی وقت کے مطابق صبح 9.30 بجے شروع ہوں گی۔
    • ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے پانچ روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
    • محمد مخبر کو قائم مقام صدر جبکہ علی باقری کنی جو نائب وزیر خارجہ تھے، کو عبوری وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔
    • ایران میں حکام کی جانب سے صدر ابراہیم رئیسی کی ہلاکت کی تصدیق کے چند گھنٹوں کے اندر ہی ایرانی عوام اپنے صدر کی تصاویر لے کر تہران کے چوراہوں پر سوگ منانے کے لیے جمع ہونا شروع ہو گئے۔
    • روسی صدر ولادیمیر پوتن نے رئیسی کو ’روس کا سچا دوست‘ قرار دیتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا، جب کہ چین نے ان کی موت کو ’ایرانی عوام کے لیے بہت بڑا نقصان‘ قرار دیا۔
  9. ایران میں نئے صدر کا انتخاب آٹھ جولائی کو

    ایران میں نئے صدارتی انتخاب کے لیے آٹھ جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی کی موت کے بعد ملک میں 14ویں صدارتی انتخاب کا انعقاد آٹھ جولائی کو ہو گا۔

    اسنا نیوز ایجنسی کے مطابق امیدواروں کی رجسٹریشن کا عمل 10 سے 14 جون کے درمیان مکمل ہو گا جبکہ انتخابی مہم 23 جون سے سات جولائی تک چلائی جا سکے گی۔

    یہ فیصلہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس میں ملک کے قائم مقام صدر محمد مخبر، اول نائب صدر محسنی علی، عدلیہ کے سربراہ محمد باقر غالیباف اور اسلامک کونسل کے سربراہ سمیت اعلیٰ حکام شریک تھے۔ محمد مخبر اب ملک میں صدارتی انتخاب تک عہدۂ صدارت کے ضامن ہوں گے۔

    یاد رہے اس سے قبل ہم آپ کو بتا چکے ہیں کہ ایران کے آئین کے مطابق 50 دن میں نئے صدر کا انتخاب لازم ہے۔

  10. ایرانی حکومت کے مخالفین کے لیے صدمہ اور عدم اعتماد جشن میں بدل گیا, بہمن کلباسی، بی بی سی فارسی

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایرانیوں نے جس وسیع پیمانے پر جذبات اور رد عمل کا مظاہرہ کیا ہے وہ ملک کے گہرے سیاسی منظر نامے کی عکاسی کرتا ہے۔

    جب پہلی بار ہیلی کاپٹر کے حادثے کی خبر سامنے آئی تو ابتدائی طور پر فضا سوگوار ہوئی اور عدم اعتماد کی ایک لہر دوڑ گئی۔

    جب ایران کا سرکاری میڈیا اس حادثے کے بارے میں اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے محدود اور محتاط انداز میں اطلاعات عوام تک پہنچا رہا تھا تو ایسے میں سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں زوروں پر تھیں۔

    کیا سرکاری حکام اُس سب سے زیادہ جانتے تھے جو وہ اپنے لوگوں کو بتا رہے تھے؟ جیسے جیسے رات ڈھل رہی تھی ایرانی لوگوں میں اس بات کی وجہ سے اضطراب پایا جاتا تھا کہ آخر کیو اب تک حادثے کی جگہ اور اس میں پھنسے لوگوں کے بارے میں کُچھ کیوں معلوم نہیں ہو رہا۔

    یہ وہ لمحہ تھا جب شکوک و شبہات نے اس بات کو یقینی بنایا کہ صورتحال ویسی نہیں جیسی بتائی جا رہی ہے۔

    اسلامی جمہوریہ کی مخالفت کرنے والے ایرانیوں کی جانب سے خوشی منانے کا سلسلہ شروع ہوا۔ سوشل میڈیا پر بھی مذاق اور طنزیہ تبصروں کا ایک سونامی تھا جو اب بھی جاری ہے۔

    بہت سے لوگ ’اچھی خبر‘ کا جشن منا رہے ہیں اور ایران میں حکومتی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے مظاہرین کی تصاویر پوسٹ کر رہے ہیں جو رئیسی حکومت کی وراثت کی یاد دلاتا ہے۔

    تصاویر میں تہران کے کئی مقامات پر آتش بازی دکھائی دے رہی ہے اور ویڈیوز میں لوگوں کو خوشی کے جذبات کے ساتھ بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ایکس پر شائع ہونے والے ایک پوسٹر میں لکھا گیا ہے کہ ’یہاں کا ماحول اتنا خوشگوار ہے کہ حکومت 3 دن کے سوگ کے بجائے 3 دن کے فوجی کرفیو کا اعلان کرنے پر غور کر سکتی ہے۔‘

  11. رئیسی اور امیر عبداللہیان نے افغانستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا: طالبان وزیر خارجہ

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہM.F.A

    افغانستان میں طالبان کی موجودہ حکومت کے وزیرِ خارجہ عامر خان متقی نے کہا کہ ابراہیم رئیسی اور حسین امیر عبد اللہیان نے علاقائی تعاون بالخصوص افغانستان کے ساتھ تعاون کی ترقی میں ’قابل قدر‘ کردار ادا کیا ہے۔

    عامر خان متقی نے کابل میں سابق صدر رئیسی کے خصوصی نمائندے اور ایران کے ناظم الامور حسن کاظمی سے ملاقات میں ایرانی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

    طالبان کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق کاظمی نے یہ بھی کہا کہ حکومت جنازوں اور تدفین سے متعلق تازہ ترین فیصلوں سے طالبان کو آگاہ کرے گی۔

  12. رئیسی صدر کی حیثیت سے اپنے مقاصد اور عوام سے کیے وعدے پورے نہیں کر سکے, جیار گول، بی بی سی فارسی

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایران کے سرکاری میڈیا اور رئیسی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ابراہیم رئیسی نے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان دی اور انھیں غریبوں اور محروموں کا صدر قرار دیا۔

    سنہ 2021 میں ایران کی عدلیہ کے سربراہ اور صدارتی امیدوار کی حیثیت سے انھوں نے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ صدر منتخب ہوئے تو وہ بدعنوانی کے خلاف لڑیں گے، مہنگائی سے نمٹیں گے اور غریب ایرانیوں کے لیے لاکھوں سستے گھر تعمیر کریں گے۔

    انھیں رہبر اعلٰی کی حمایت حاصل تھی اور انھوں نے سابق پاسداران انقلاب کو وزارتِ خارجہ اور داخلہ سمیت اہم وزارتوں کا سربراہ مقرر کیا تھا۔

    صدر کی حیثیت سے صرف ایک ہزار دن تک خدمات انجام دینے کے بعد وہ اپنی زندگی کے ہآخری دن تک اپنی صدارتی مہم کے دوران کیے جانے والے وعدے پورے نہیں کر سکے۔

    ایرانی تین سال پہلے کے مقابلے میں آج زیادہ غریب ہیں۔ امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی کرنسی کی قدر میں شدید کمی واقع ہوئی ہے۔

    افراطِ زر اسلامی جمہوریہ ایران کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے اور وہ سستے گھروں کی تعمیر میں ناکام رہے جن کا انھوں نے اپنے لوگوں سے انتخابی مہم کےدوران وعدہ کیا تھا۔

  13. اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا رئیسی کی وفات پر افسوس کا اظہار

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’یو این ایس جی انتونیو گوتریس نے ابراہیم رئیسی، حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ساتھیوں کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔‘

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا کہ ’سیکرٹری جنرل ہلاک شدگان کے اہل خانہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے بھی ہیلی کاپٹر حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

  14. ایرانی اپنے صدر کی ہلاکت پر افسردہ، ایران سے چند تصاویر

    ایران میں حکام کی جانب سے صدر ابراہیم رئیسی کی ہلاکت کی تصدیق کے چند گھنٹوں کے اندر ہی ایرانی عوام اپنے صدر کی تصاویر لے کر تہران کے چوراہوں پر سوگ منانے کے لیے جمع ہونا شروع ہو گئے۔

    ان اجتماعات سے موصول ہونے والی چند تصاویر:

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہEPA-EFE/REX/Shutterstock

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہEPA-EFE/REX/Shutterstock

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہReuters

  15. ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی آخری رسومات کا آغاز منگل کے روز سے ہوگا

    Iran

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اس سے قبل ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ صدر ابراہیم رئیسی اور ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے دیگر افراد کی آخری رسومات کا آغاز کل یعنی 21 مئی بروز منگل تبریز میں شروع ہوں گی۔

    ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے اب اس بات کی تصدیق کر دی ہے اور کہا ہے کہ ایرانی صدر رئیسی اور ان کے قافلے میں شامل افراد کی آخری رسومات کا آغاز منگل کے روز شمال مغربی شہر سے ہوگا۔

    یہ تقریب مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگی اور رئیسی کی میت کو بعد میں تہران لے جایا جائے گا۔

  16. ایرانی حکومت کا ڈھانچہ: طاقت کا سرچشمہ کون ہے؟

    BBC

    ایرانی حکومت کے ڈھانچے پر ایک نظر ڈالتے ہیں کہ اسے کیسے تشکیل دیا جاتا:

    رہبر اعلٰی، جو 1989 سے آیت اللہ خامنہ ای ہیں، ریاست کے سربراہ ہیں اور پولیس پر اختیار رکھتے ہیں۔ وہ پاسداران انقلاب، جو قومی سلامتی کے لئے ذمہ دار ہے اور اس کے رضاکار ونگ، بسیج مزاحمتی فورس کو بھی کنٹرول کرتے ہیں۔

    صدر اعلیٰ ترین منتخب عہدیدار ہوتا ہے اور حکومت کو روز مرہ چلانے کا ذمہ دار ہوتا ہے اور داخلی پالیسی اور خارجہ امور پر بھی اس کا اثر و رسوخ ہوتا ہے۔

    صدر کی وزارت داخلہ قومی پولیس فورس کی نگران ہوتی ہے، لیکن اس کا کمانڈر مقرر کیا جاتا ہے جو رہبر اعلٰی کو جوابدہ ہوتا ہے، یہی نظام پاسدارانِ انقلاب اور بسیج کے لئے بھی ہے۔

    گارڈین کونسل نئے قوانین کی منظوری دیتی ہے اور انھیں ویٹو یعنی نا منظور کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔

  17. ترک ڈرونز کی جائے حادثہ کی نشاندہی اور چاند ستارے کا نشان

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہAnadolu Agency

    ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی گھنٹوں تلاش کے بعد ترکی سے بھیجے گئے ڈرونز نے اسے صبح سویرے شمال مغربی ایران میں ڈھونڈ لیا تھا۔

    ترکی میں اپنے اڈے پر واپسی کے راستے میں اکینسی ڈرون نے اپنے سفر کا ایک نقشہ کھینچا ہے جس میں ترکی کے جھنڈے پر پایا جانے والا چاند اور ایک ستارہ بنایا۔

    ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارے اے اے کا کہنا ہے کہ لاکھوں افراد نے فلائٹ راڈار 24 ایپلی کیشن پر ڈرون کے روٹ کو براہ راست دیکھا۔ اسی ایجنسی نے ’ڈرائنگ‘ کی ایک ویڈیو جاری کی جس کے ساتھ ایک تصویر بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

    ترکی ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ڈرون کی پیداوار میں ایک خاص مقام رکھتا ہے اور اپنی اس صنعت پر خاصی توجہ دے رہا ہے۔ صدر رجب طیب اردوان کے داماد ڈرونز بنانے والی اس صنعت سے وابستہ ہیں، جو دفاعی شعبے کے لیے کام کرتی ہے۔

  18. ایران کے نئے عبوری صدر کا کہنا ہے کہ حکومتی معاملات میں ’کوئی خلل‘ نہیں پڑے گا

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ایرانی حکومت نے صدر رئیسی کی ہلاکت کے بعد اپنی کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد کیا ہے۔

    ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایران کے نو منتخب عبوری صدر محمد مخبر کابینہ کے ارکان سے خطاب کر رہے ہیں۔ تاہم صدر رئیسی کی کُرسی پر ایک سیاہ چادر پڑی ہے۔

    عبوری صدر محمد مخبر نے ہیلی کاپٹر حادثے کو ’اندوہناک اور سنگین واقعہ‘ قرار دیا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ ’ہمارے کام میں کوئی خلل نہیں پڑے گا۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’اس واقعے کے باوجود ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ المناک واقعہ کسی بھی طرح سے حکومتی معاملات میں خلل کا باعث نہیں ہوگا۔‘

  19. روسی صدر کا ایران کے نئے قائم مقام صدر سے ٹیلیفونک رابطہ

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن نے نو منتخب قائم مقام ایرانی صدر محمد مخبر سے ٹیلی فون پر بات کی ہے اور اپنے پیش رو صدر رئیسی کو ’قابل اعتماد شراکت دار‘ قرار دیا۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کریملن نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کی تصدیق کی اور کہا کہ فریقوں نے روس اور ایران کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے باہمی ارادے پر زور دیا۔

    ماسکو کی جانب سے 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد سے ایران روس کا اہم فوجی اتحادی رہا ہے۔

    قبل ازیں پوتن نے صدر رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کی خبر سامنے آنے کے بعد تعزیت کا اظہار کیا تھا۔ انھوں نے رئیسی کو ’روس کا سچا دوست‘ اور ’شاندار سیاستدان‘ قرار دیا۔

  20. ایرانی صدر کی ہلاکت پر مغربی دُنیا کا ردِ عمل

    ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور امیر عبداللہیان کی ہلاکت پر مغربی دنیا کا ردِ عمل بھی سامنے آرہا ہے:

    فرانس کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

    یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے ہیلی کاپٹر حادثے میں رئیسی اور دیگر ایرانی عہدیداروں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔

    بین الاقوامی جوہری توانائی کے ادارے کے ڈائریکٹر رافیل گروسی نے ویانا میں ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کے دوران ایرانی صدر رئیسی کی ہلاکت کی خبر سامنے آنے کے چند ہی لمحات کے بعد ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

    پولینڈ کے صدر آندریج دودا نے کہا کہ انھیں ایران کے صدر کی المناک موت کی خبر سن کر انتہائی افسوس ہوا۔ 2010 کے طیارہ حادثے کو یاد کرتے ہوئے جس میں پولینڈ کے صدر لیچ کاچنسکی ہلاک ہو گئے تھے، ڈوڈا نے کہا کہ ’ہم کسی بھی ریاست کے سربراہ کی اچانک موت اور لوگوں پر اس کے اثرات کو اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں۔ لہذا ہم متاثرین کے رشتہ داروں اور ایرانی قوم کے ساتھ غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    نیٹو کے ترجمان نے ایکس پر فارسی زبان میں ایک پوسٹ میں رئیسی اور امیر عبداللہیان کی ہلاکت پر ایرانی قوم سے تعزیت کی۔