کرکٹ کا بخار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مجھے آج کل بخار ہے۔ شدید بخار۔ دل قابو میں نہیں رہتا اور طبیعت ہے کہ بوجھل رہتی ہے۔ ہر وقت تھکاوٹ سی چھائی رہتی ہے جیسے کہ ایک لمبا میچ کھیل کر آیا ہوں۔ دوست احباب اسے باری (پنجابی میں واری) کا بخار کہہ رہے ہیں اور ڈاکٹر خاموش ہیں۔ میں سوچتا ہوں کہ اگر میرے دوست سچے بھی ہیں تو یہ کس کی باری کا بخار ہے۔ میری کہ کسی اور کی۔ اور کیا میں اکیلا ہی اس بخار میں مبتلا ہوں۔ مان لیجیئے کہ میں ہی اوپنر ہوں اور اننگز کی شروعات مجھ سے ہی ہوئی ہے۔ اب میں کیا کروں۔ میں جتنے سیف ’گارڈز‘ کر سکتا تھا میں نے کیے۔ سر پر ٹوپی (ہیلمٹ) پہنی، منہ پر سفید کریم لگائی اور آنکھ پر چشمہ۔ پھر بھی آؤٹ ہو گیا۔ کیا یہ میری فیلڈ نہیں؟ یا میں اس ’پچ‘ سے ہی نہیں کھیل رہا جتنا اس سے بچنے کے لیئے ضروری ہے۔ میں نے لیفٹ بھی دیکھا اور رائٹ بھی۔ ادھر اُدھر بھی یہ پتہ کرنے کے لیئے نظر دوڑائی کہ کیا کوئی اس تاک میں تو نہیں کہ جب میں محتاط نہ ہوں مجھے آؤٹ کر دے۔ مدِ مقابل بھی سب نو دو گیارہ تھے۔ پھر بھی ایسا ہو گیا۔ یہ کیا۔ ایک اور مریض کو لایا جا رہا ہے۔ ارے یہ کوئی اور نہیں میرے اپنے ہی ایڈیٹر ہیں۔ تو میں اکیلا اس بخار میں مبتلا نہیں۔ اب مجھے پتہ چلا ہے کہ میں اوپنر نہیں ون ڈاؤن ہوں۔ میرے بعد بھی ایک پوری ٹیم ہو سکتی ہے۔ میں نے یہ بخار کس طرح کیچ کیا یہ بھی ایک معمہ ہے۔ میں تو بس گلی میں کھڑا تھا، کوئی اوپن فیلڈ بھی نہیں تھی۔ یکدم ایک ایسا رن پڑا کہ ہر کوئی تیز بھاگنے لگا۔ ’یہ سب کیا سکور کرنا چاہتے ہیں‘ میں نے سوچا۔ پھر میں بھی ان کے ساتھ ہو لیا۔ یہی میری غلطی تھی کہ میں نے ہوا میں نمی جاننے میں درست اندازہ نہیں لگایا۔ اگرچہ ایک باؤنسر سے تو بچ گیا جو کلب کی طرف دوڑ رہا تھا لیکن اس سپن کا کیا کروں جو میرے پاؤں میں لگی ہوئی ہے۔ وہی مجھے کلین بولڈ کر گئی اور کسی کو کیا کہوں میں ہی اپنی ’وکٹ کیپ‘ نہیں کر سکا۔ اب میں اپنے آپ کو پویلین میں پاتا ہوں۔ جہاں میرے ساتھ آؤٹ ہونے والے دوسرے بہت سے بیٹھے ہوئے ہیں۔ سب پشیمان ہیں کہ کیوں وہ وقت کی گگلی کو سمجھ نہیں سکے۔ کاش اس وقت انہیں اندازہ ہو جاتا کہ ’ٹیمپر‘ کی گئی چیزوں کو ’فیس‘ کرنا کوئی بہادری نہیں۔ اور جب مدِ مقابل تجربہ کار کھلاڑی ہوں تو گارڈز بھی مدد نہیں کرتے۔ میں کوئی اپیل نہیں کروں گا۔ میں ہی اپنا ایمپائر ہوں اور میں ہی اپنا کپتان۔ کاش میں یہ کھیل سیکھ لیتا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||