
آشٹن کوچر اس فلم میں سٹیو جابز کا کردار ادا کررہے ہیں
دو ہزار تیرہ کے سن ڈانس فلم فیسٹول میں جن تیرہ فلموں کے پریمیئر کا اعلان ہوا ہے اس میں ایپل کے بانی سٹیو جابز کی زندگی پر مبنی فلم بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ اس فیسٹول میں اداکار جوزف گارڈن لیوٹ کی بطور ہدایت کار پہلی فلم ’ایڈکشن‘ کا بھی پریمیئر شامل ہے۔
اداکار ایشٹن کوچر نے سٹیو جابز پر بننے والی فلم میں ان کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم میں انہیں ایک نوجوان، بےپروا اور ہپی شخص سے ایک کرشماتی تاجر بنتے دکھایا گیا ہے۔
یہ فلم سن ڈانس فلم فیسٹول کی اختتامی شام کو دکھائی جائے گی۔ سن ڈانس فلم فیسٹول امریکی ریاست یوٹا کے شہر پارک سٹی میں سترہ سے ستائیس جنوری کو منعقد کیا جائے گا۔
جیمز فرانکو، سٹیو کیریل، اور نیومی واٹس جیسے اداکار اس فلم فیسٹول میں حصہ لیں گے۔
جوزف گارڈن لیوٹ کی پہلی فلم ’ایڈکشن‘ ایک ایسے شخص کی کہانی ہے کہ جو فحاشی کا عادی ہے لیکن اپنی زندگی میں اصلاح کی کوشش کررہا ہے۔
جوزف گارڈن لیوٹ نے ہدایت کاری کے علاوہ فلم کی کہانی بھی خود ہی لکھی ہے۔
پریمیئر کی جانی والی فلموں کی فہرست میں برطانوی ہدایت کار مائیکل ونٹربوٹم کی فحش فلم انڈسٹری پر بنی فلم ’دا لک آف لو‘ بھی شامل ہے۔ اس فلم میں سٹیو کوگن نے برطانوی بالغوں کے جریدے کے پبلشر پال ریمنڈ کا کردار ادا کیا ہے۔
اس کے علاوہ آسکر اعزاز یافتہ فلم ’دا پیانو‘ کے ہدایت کار جین کیمپئن نے ایک بار پھر دا پیانو کی ہیروئن ہولی ہنٹر کے ساتھ چھ گھنٹے طویل فلم ’ ٹاپ آف دی لیک‘ بنائی جو اس فلم فیسٹول میں دکھائی جائے گی۔
یہ فلم آئندہ برس بی بی سی ٹو پر چھ قسطوں پر مشتمل ڈرامے کے طور نشر کی جائے گی۔
ایشٹن کوچر سٹیو جابز جیسی شخصیت کا سنجیدہ کردار ادا کررہے ہیں۔ ان کا یہ کردار حالیہ دنوں میں ان کے مزاحیہ کرداروں سے بالکل جدا ہے۔
سن ڈانس فلم فیسٹول کے ڈائریکٹر جان کوپر کا کہنا ہے کہ یہ فلم اس فیسٹول کی خاص چیز ہے۔ ان کا کہنا ہے ایشٹن کوچر جیسے بہت سے اداکار اپنے ’کمفرٹ زون‘ سے باہر نکلنا چاہتے ہیں اور ہربار کچھ نیا کرنا چاہتے ہیں۔
فیسٹول میں دستاویزی فلموں کی بھی نمائش کی جائے گی اور گیارہ دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی جن میں وکی لیکس اور ڈک چینی کی زندگی پر مبنی فلمیں شامل ہیں۔






























