آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
آشوب چشم کی علامات کیا ہیں اور اس سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں آنکھوں کے انفیکشن ’پنک آئی‘ یعنی آشوب چشم کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبہ بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو جمعرات سے اتوار تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں آشوب چشم انفیکشن کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں لیکن آشوب چشم کی علامات کیا ہیں اور اس سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق آشوب چشم قابل علاج مرض ہے اور چند احتیاطی تدابیر اپنا کر اس کے پھیلاؤ کو روکنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق آشوب چشم کی علامات میں آنکھوں میں سرخی، جلن، خارش، چبھن، سوزش اور متاثرہ آنکھ سے پانی نکنا شامل ہیں۔ اگر آپ کو ان میں سے کسی بھی علامت کا سامنا ہو تو آنکھوں کو رگڑنے سے گریز کریں اور پہلی فرصت میں ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں تاکہ انفیکشن پھیلنے کا کم سے کم خطرہ ہو۔
حکومت پنجاب نے آشوب چشم کی وبا کے پیش نظر چند حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، جن کے مطابق:
- آشوب چشم کے مریض دھوپ میں ہرگز نہ جائیں
- گھر کا کوئی فرد آشوب چشم میں مبتلا ہو جائے تو متاثرہ شخص کے زیر استعمال کپڑے، تولیہ اور چادریں علیحدہ رکھیں
- مریض کے استعمال شدہ ٹشو پیپرز اور روئی کو جلا دیں یا زمین میں دبا دیں
- متاثرہ افراد سکول، دفاتر، پرہجوم مقامات اور گھر سے باہر جانے سے گریز کریں اور مکمل علاج کروائیں
- آشوب چشم سے متاثرہ افراد صرف ڈاکٹر کے مشورے سے ہی آنکھوں کے ڈراپس (قطرے) استعمال کریں
- آنکھوں کو چھونے سے پرہیز کریں اور اگر آنکھوں کو ہاتھ لگ جائے تو فوری صابن سے دھو لیں
- اگر باہرنکلنا انتہائی ضروری ہو تو باہر جاتے وقت کالا چشمہ پہنیں اور سر کو ڈھانپ لیںدوسری جانب محکمہ صحت نے آشوب چشم کے وبا کے پیش نظر ماحول کو صاف رکھنے اور ذاتی صفائی کی عادات برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ہے جس کے مطابق وبا کے دنوں میں ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔
- آنکھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھتے ہوئے انھیں تیز دھوپ ، دھوئیں اور گرد و غبار سے محفوظ رکھا جائے
- ہاتھ صابن سے اچھی طرح دھونے کی عادت ڈالیں
- ماحول کو صاف رکھ کر انھیں مکھیوں اور مچھروں کی پناہ گاہیں نہ بننے دیں
- صاف اور خشک کپڑے پہنیں، ذاتی صفائی کا خیال رکھیں اور روزآنہ نہانے کی عادت اپنائیں
- محکمہ صحت کے اعلامیے کے مطابق آشوب چشم کا مرض آٹھ سے 10 روز میں خود ٹھیک ہو جاتا ہے، اس لیے تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے۔